کراچی : شہر قائد میں کورونا خطرناک صورت اختیار کرگیا ہے، شہر میں مثبت کیسزکی شرح 45 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کی پانچویں لہر ملک بھر میں انتہائی خطرناک ثابت ہورہی ہے اور کراچی مثبت کیسز کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
کراچی میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 45.43 فیصد تک پہنچ گئی ہے، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6ہزار760 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3 ہزار 739 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3289 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کروناکی پانچویں لہرکی سب سےزیادہ اموات آج رپورٹ کی گئی ، 24گھنٹوں میں سندھ میں17مریض انتقال کرگئے جبکہ 306 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 21مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق حیدرآباد میں کوروناکی مثبت شرح 17.27فیصد ہوگئی، شہر میں 1 ہزار 401 افرادکےکورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے 242 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
کراچی میں اب تک صرف500کیسزکی جنیوم سیکیونسنگ کے بعد تصدیق ہوئی ، ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ فروری کےوسط تک یہ لہراپنےعروج پرہوگی، شہری ویکسی نیشن کروائیں اوربوسٹرڈوزلگوائیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر متعدد نجی اسکولوں نے پہلی سے پانچویں تک فزیکل کلاسیں معطل کرکے آن لائن کلاسیں از خود شروع کردی ہیں۔