بدھ, مئی 7, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 11956

تحریک عدم اعتماد : ‘قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا گیا’

0

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے قومی اسمبلی کااجلاس بلانےکا اختیار وزیراعظم کو دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کااجلاس بلانےکا اختیار وزیراعظم کو دیا گیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے اتحادیوں سے معاملات کافی بہتر ہیں، انشااللہ اتحادی ہمارے ساتھ ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا وزیراعظم نے ڈی چوک جلسے میں 10لاکھ لوگ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے سے لوگوں کو ڈی چوک لایا جائے۔

دوسری جانب ڈی چوک پروزیراعظم عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جلسے کے حوالے سے تحریک انصاف اسلام آباد کی ایڈوائزری کونسل نے اہم ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

صدر تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان اجلاس کی صدارت کریں گے ، اجلاس میں ڈی چوک جلسے کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

خیال رہے پاکستان تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد کے روز اسلام آباد میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال کے ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں میں حتمی پروگرام ترتیب دیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے اسلام آباد کی تنظیم کو میزبانی کا ٹاسک سونپ دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد میں10 لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

سعودی عرب میں پہلا روزہ کب ہوگا؟

0
رمضان المبارک کا چاند

ریاض: سعودی عرب میں پہلے روزے کا اعلان کردیا گیا ہے، عید الفطر 2 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایمریٹس سوسائٹی کے چیئرمین اور عرب یونین برائے فلکیات کے رکن ڈاکٹر الابراہیمی الجروان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں رمضان کا چاند یکم اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتے کو ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر الابراہیمی کا کہنا ہے کہ عرب خطے سمیت زیادہ تر اسلامی ممالک میں اسی تاریخ سے رمضان شروع ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان کے آغاز میں روزہ 13 گھنٹے 40 منٹ کا ہوگا لیکن اس کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ جائے گا اور آخر میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 20 منٹ کا ہوگا۔

عید الفطر سے متعلق ڈاکٹر الابراہیمی کا کہنا تھا کہ عید الفطر 2 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔

تحریک انصاف کا ڈی چوک پر جلسہ، اپوزیشن کی بھی کارکنوں کو تیاررہنے کی ہدایت

0

اسلام آباد : تحریک انصاف کے ڈی چوک پر جلسے کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے بھی کارکنوں کو تیاررہنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ڈی چوک پر جلسے کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے بھی ڈی چوک پر جلسے کا فیصلہ کرلیا۔

صدرمسلم لیگ(ن) پنجاب رانا ثنااللہ نے صوبائی ،ڈویژنل اورضلعی عہدیداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ڈی چوک میں عوامی قوت دکھائیں گے۔

رانا ثنااللہ نے پیغام میں کہا کہ جیسے ہی پارٹی کال دے،ڈی چوک کی طرف چل پڑیں، پاکستان مسلم لیگ ن بھی ڈی چوک میں جلسہ کرے گی۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی بھی کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کارکنان کال ک انتظار کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد کے روز اسلام آباد میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال کے ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں میں حتمی پروگرام ترتیب دیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے اسلام آباد کی تنظیم کو میزبانی کا ٹاسک سونپ دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد میں10 لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

شادی کی خوشی میں دلہن کی ہوائی فائرنگ

0

اکثر دلہا اور دلہن اپنی شادیوں میں انوکھے کام کرتے نظر آتے ہیں جن کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوجاتی ہیں، حال ہی میں ایک دلہن کی شادی پر ہوائی فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں ایک دلہن کو اپنی شادی کے موقع پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی دلہن نے اپنی شادی میں گلابی رنگ کا لہنگا پہنا ہوا ہے اور شادی ہال کے باہر وہ پستول سے ہوائی فائرنگ کرتی نظر آرہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن نے پستول لوڈ کی اور 3 فائر کیے، اس دوران وہ مسکراتی ہوئی نظر آرہی ہے، اس کے بعد وہ اپنی پستول کسی اور کو تھما دیتی ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Deepesh Thakur (@deepesh966)

اس ویڈیو کو انسٹا گرام پر کافی پسند کیا جا رہا ہے اور اب تک 67 ہزار سے زیادہ لوگ اسے دیکھ چکے ہیں، جبکہ صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حکومت کی علیم خان کو منانے کی کوشش تیز

0

اسلام آباد : گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بعد وفاقی وزرا نے علیم خان سے رابطہ کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے علیم خان کو منانے کی کوشش تیز کردیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بعد وفاقی وزرا فواد چوہدری، پرویزخٹک اورعامر کیانی نے علیم خان سے رابطہ کیا۔

جس میں وفاقی وزرا نے علیم خان تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

ذرائع کے مطابق علیم خان آج ترین گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کریں گے، جہانگیرترین گروپ کا اہم مشاورتی اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔

اجلاس میں عون چوہدری رہنماؤں کوچوہدری برادران سےملاقات پراعتماد میں لیں گے۔

یاد رہے گذشتہپ ہفتےعبدالعلیم خان نے لندن میں جہانگیر ترین اور نواز شریف سے ملاقاتیں کی تھیں ، جس میں سیاسی صورتحال پر سمیت وزیراعلی پنجاب کو تبدیل کرنے سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

نوازشریف سے ملنے کیلئےعلیم خان عقبی دروازے سے داخل ہوئے، جس میں علیم خان نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بھی ن لیگ کے ٹکٹ دینے کا کہا تھا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچا رکھی ہے، ایک جانب حکومت پارلیمنٹ میں اپنے نمبر پورے کرنے کی فکر میں ہے تو اپوزیشن بھی اپنا پورا زور لگائے ہوئے ہے۔

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ : اسپیکر قومی اسمبلی نے منحرف اراکین کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگ لئے

0

اسلام آباد : اسپیکر اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد پر منحرف اراکین کی ووٹنگ کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگ لئے، جس پر قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی کا کہنا ہے کہ کسی بھی رکن کوووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور اسپیکر اسد قیصر آمنے سامنے آگئے ، ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر نے سوال کیا کیا منحرف اراکین کو ووٹ ڈالنے سے روک سکتا ہوں ، جس پر اسمبلی شعبہ قانون سازی کا کہنا تھا کہ کسی بھی رکن کوووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

ذرائع قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ کوئی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف ہے تو کاروائی ایکٹ کے بعد ہوگی، آئین کا آرٹیکل 63 ون اے بالکل واضح ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر نے سوال کیا وزیراعظم یاپارٹی چیف وہپ مشکوک نام بھجوائےتوکیاہوسکتا ہے؟ جس پر ذرائع کا کہنا تھا کہ آپکا کردار پارٹی چیئرمین کے ڈیکلریشن کے بعد شروع ہوگا۔

اسپیکر اسمبلی نے تیسرا سوال کیا کہ کیا منحرف اراکین پرووٹنگ سے پہلے رولنگ دی جا سکتی ہے تو ذرائع اسمبلی نے کہا رولنگ اسپیکر کااختیارہےتاہم معاملے پر آئین وقانون واضح ہے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل ناکام بنانے پر صادق سنجرانی سے مشاورت کی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکرتحریک عدم اعتماد کو رولنگ کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے رولنگ کو بنیاد بناکر تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے پر بھی مشاورت کی تاہم چیئرمین سینیٹ نے انھیں اس حوالے سے کوئی ایڈوائس نہیں دی، ایڈوائس نہ دینے کی وجہ سینیٹ اور اسمبلی قواعد کا بعض امور پر مختلف ہونا ہے۔

دوسرا ٹیسٹ: تماشائیوں کی طرف سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بریانی کی دعوت

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے جس کے دوران تماشائی نہایت دلچسپ اور رنگا رنگ پوسٹرز پکڑے دکھائی دیے۔

24 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر آسٹریلوی ٹیم کرکٹ سیریز کھیلنے اتری تو کھیل سے محبت کرنے والوں کی خوشی دیدنی تھی اور اس خوشی کا اندازہ تماشائیوں کے ہاتھوں میں موجود پوسٹرز سے لگایا جاسکتا ہے۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی کرکٹ فنیز بھی انجوائے کررہے ہیں۔

ایسے ہی ایک کرکٹ فین کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ایک پوسٹر ہاتھوں میں اٹھائے نظر آئے۔ ہاتھوں میں پکڑے پوسٹر پر کراچی میں واقع محمد علی جناح کا مزاز بنایا گیا تھا اور اس پر لکھا تھا، امی، میں پاکستان منتقل ہورہا ہوں۔ برائے مہربانی کپڑے بھیج دیں۔

کراچی میں شائقین کرکٹ نہ صرف آسٹریلوی کرکٹرز کو اچھی کرکٹ کھیلنے پر داد دے رہے ہیں بلکہ انہیں کھانوں کی دعوتیں بھی دے رہے ہیں اور ان سے فرمائشیں بھی کررہے ہیں۔

اسٹیڈیم میں بیٹھی ایک خاتون کے پوسٹر پر لکھا تھا، ہائے اسٹیو (سمتھ) ڈنر پر آجائیں میری والدہ عمدہ بریانی بناتی ہیں۔

انہی کے برابر میں ایک بچہ پوسٹر پکڑے کھڑا تھا جس پر لکھا تھا کہ وہ اسٹیو اسمتھ، مارنس لابوشین اور پیٹ کمنز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

لاہور قلندرز کے کپتان اور پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا فین کلب کراچی میں بھی دیگر کھلاڑیوں کے پرستاروں پر بھاری رہا، اسٹیڈیم میں جگہ جگہ تماشائی ان کے نام کے پوسٹرز تھامے نظر آئے۔ ایک پوسٹر پر لکھا تھا کہ آسٹریلوی کھلاڑی شاہین آفریدی کو کھیل ہی نہیں سکتے۔

واضح رہے یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ق لیگ کو وزرات اعلیٰ دینے پر لیگی ارکان اسمبلی کو شدید تحفظات

0

لاہور: گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے تُرپ کا پتہ استعمال کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو وزرات اعلیٰ پنجاب دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر اب ن لیگی ارکان اسمبلی کے تحفظات سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے ق لیگ رہنما پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش پر نون لیگ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ایک بار پھر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق (ن) لیگی ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ بناکر ن لیگ کی مشکلات بڑھ جائیں گی، چار سال سے لیگی ارکان صوبائی اسمبلی نےمشکلات دیکھیں مگرپارٹی کا ساتھ نہ چھوڑا۔

ذرائع کے مطابق لیگی ارکان اسمبلی کا شکوہ ہے کہ حمزہ شہباز نے دو سال قید کاٹی مگر ق لیگی اراکین حکومتی بینچ انجوائےکرتے رہے، پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے سے بہتر تھا کہ ایک سال اور اپوزیشن میں بیٹھے رہیں۔

ارکان اسمبلی کے شدید تحفظات کے باعث حمزہ شہباز کی جانب سے آج بلایا جانے والا پارلیمانی اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی ق لیگ کو اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کی پیشکش پر لیگی رکن قومی اسمبلی عابد رضا سمیت 7 ارکان اسمبلی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔

لیگی ارکان اسمبلی پر پابندی عائد

دوسری جانب موجودہ سیاسی صورت حال میں حمزہ شہباز نے پارٹی ارکان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

چیف وہپ ن لیگ خلیل طاہر سندھو نے میڈیا کو بتایا کہ پابندی پارٹی قیادت کے حکم پر لگائی گئی ہے، پارٹی رہنماؤں نے تمام ارکان کو پیغام دیا ہے کہ کوئی رکن سیاسی صورتحال کے پیش نظر بیرون ملک نہ جائے۔

نواز شریف کیوں (ق) لیگ کو وزرات اعلیٰ دینے پر راضی ہوئے؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کو وزرات عظمیٰ پنجاب دینے کے لئے مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری نے نواز شریف کو قائل کیا، آصف زرداری نے نواز شریف کو پیغام دیا کہ بڑے مقصد کیلئے چھوٹی قربانی دیں چند ماہ کی بات ہے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق مذکورہ شرط نہ ماننے پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت نہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

ذرائع فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نون لیگ کا اصرار تھا کہ ق لیگ پنجاب میں ن لیگ کیخلاف کوئی اقدام نہیں کریگی، جس پر مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری نے یقین دہانی کرائی، دونوں رہنماؤں کی ضمانت کےبعد ن لیگ بھی مشروط طور رضامند ہوئی۔

‘عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا، فواد چوہدری کی وارننگ

0

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا عدم اعتماد کے ووٹ پر مخالف صورتحال ہوگی۔

اسلام آباد ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے جلسے کو تحریک عدم اعتماد پر ’’چھوٹا سا ریفرنڈم‘ قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہعدم اعتماد کا ووٹ ڈالنے والوں کو تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جانا ہوگا اور ووٹ ڈالنے کے بعد بھی اسی مجمع سے گزرنا ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کی کال پر 10 لاکھ سے زائد لوگ جلسہ عام میں شرکت کریں گے، یہ جلسہ ڈی چوک پر اسمبلی گیٹ کے سامنے ہوگا اور پوزیشن دیکھے گی کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں۔

موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فواد نے کہا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے کیونکہ اس سے سیاست میں تلخی آئی ہے اور خدشہ ہے بڑھتی ہوئی سیاسی صورتحال ملک کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

سی پیک کے تحت کراچی تا پشاور ریلوے منصوبہ مکمل ہوگا: معاون خصوصی

0

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی خالد منصور کا کہنا ہے کہ سی پیک سے پاک چین زمینی روابط میں اضافہ ہوا، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں 18 سو کلو میٹر کی نئی موٹر وے اور ہائی وے بنائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) خالد منصور کا کہنا ہے کہ سی پیک سے پاک چین زمینی روابط میں اضافہ ہوا، بجلی کی کمی دور کرنے کے لیے چین سے بات کی ہے، اب ملک میں بجلی کا بڑا بحران نہیں ہے۔

خالد منصور کا کہنا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے، اب تک 5 ہزار 3 سو میگا واٹ بجلی کی پیداوار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سے کراچی ریل روابط پر کام کر رہے ہیں، دونوں ممالک میں اقتصادی مضبوطی پہلے سے زیادہ ہے۔ تھر میں کوئلے کے ذخائر ہیں، دونوں ممالک اس پر کام کریں گے۔

خالد منصور کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں 18 سو کلو میٹر کی نئی موٹر وے اور ہائی وے بنائی جائیں گی، کراچی سے پشاور تک ریلوے منصوبے کو مکمل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کوسٹل ڈیولپمنٹ پراجیکٹ سی پیک کی بڑی کامیابی ہے، ملک بھر میں سی پیک سے 4 اکنامک زون لگ رہے ہیں۔