جمعرات, جولائی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 12244

لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں کا راج

0

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں کا راج ہوگیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں ریکارڈ 363 وارداتیں ہوئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے دل شہر لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں کا راج ہوگیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 363 وارداتیں ہوئی ہیں، یعنی ہر چار منٹ بعد واردات ہوئی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف چوری کی 252 وارداتیں ہوئی ہیں جب کہ 4 دکانوں، ایک گھر، سڑک پر 34 افراد کو لوٹا گیا ہے۔

گزشتہ ایک روز کے دوران ہی شہر لاہور میں ایک گاڑی چھینی گئی جب کہ 2 گاڑیاں اور 69 موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔

پولیس ان وارداتوں کے کتنے ملزمان کو پکڑ سکی اس حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں مل سکی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی محکمہ پولیس نے لاہور میں سال کے ابتدائی دو ماہ کے جرائم کا ریکارڈ جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: لاہور: ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے 36 ہزار واقعات، درجنوں قتل

پولیس کے جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی دو ماہ 10 دن کے دوران شہر میں 36 ہزار 993 وارداتوں کے مقدمات درج کیے گئے۔

اسی مدت کے دوران 63 افراد کو قتل بھی کیا گیا۔

جنوبی افریقہ میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 300 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

0

جنوبی افریقہ میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے ہزاروں افراد کو بے گھر اور سیکڑوں کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ کے صوبے کاوا زولو نیٹل 24 گھنٹوں کے دوران 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں چوبیس گھنٹوں میں ایک ماہ کے برابر بارش ہوئی ہے۔

شدید طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے سیکڑوں گھر پانی میں بہہ گئے جس کے باعث ہزاروں افراد کے سروں سے چھت چھن گئی ہے۔

سیلاب کی زد میں اکر تین سو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات بھی عام ہورہی ہیں۔

صوبے کے رہائشیوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں اکثر گھر لوہے اور لکڑی کے بنے ہوئے ہیں اور وہ پانی کے بہاؤ کے سامنے ٹھہر نہ سکے۔

جنوبنی افریقی صدر نے اپنے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ آپ اپنی تاریخ کے بدترین آفات میں سے ایک کا سامنا کر رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ایسا صرف موزمبیق اور زمبابوے جیسے ملکوں میں ہوتا ہے۔

سندھ میں بلدیاتی الیکشن، ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر پابندی

0

سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے سلسلے میں 14 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 26 جون کو 14 اضلاع میں الیکشن ہونگے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے جن 14 اضلاع میں الیکشن ہونے ہیں وہاں ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سندھ میں تمام صوبائی محکموں، خودمختار کارپوریشنز، اتھارٹیز میں تبادلوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

الیکشن کے پہلے مرحلے کے حوالے سے ہی الیکشن کمیشن، ریٹرننگ، ڈسڑکٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہفتہ وارتعطیلات بھی ختم کردی گئی ہیں اور 14 اضلاع میں افسران وعملے کی عمومی چھٹیاں الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت سے مشروط کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں 26 جون کو انتخابات ہونگے۔

جن اضلاع میں پہلے مرحلے میں الیکشن ہونگے ان میں خیرپور، سکھر، گھوٹکی، نوشہروفیروز، سانگھڑ، بے نظیرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، لاڑکانہ، کشمور، شکارپور، قمبر اور جیکب آباد اضلاع شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ کی تشکیل: پیپلزپارٹی کی اپنے حصے کی وزارتیں ایم کیو ایم، باپ اور بی این پی کو دینے کی تجویز

0

اسلام آباد : پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو وفاقی کابینہ میں اپنے حصے کی وزارتیں ایم کیوایم، باپ اور بی این پی کو دینے کی تجویز دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کیلئے کابینہ کی تشکیل امتحان بن گئی ، اس حوالے سے گزشتہ رات 1 بجے تک ن لیگ اور پی پی رہنماؤں کے مذاکرات ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں ن لیگ کے ایاز صادق، سعدرفیق اور راناثنااللہ اور پی پی کے یوسف گیلانی، شیری رحمان، راجہ پرویز اور نوید قمر موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے حصے کی وزارتیں ایم کیوایم،باپ ،بی این پی کو دینے کی تجویز دے دی تاہم ن لیگ کے وفد نے پیپلزپارٹی کو کابینہ میں شامل ہونے پر اصرار کیا۔

ذرائع نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کیلئےجےیوآئی کی شاہدہ اختر کےنام پر غورکیاگیا، جےیو آئی چاہےتو ڈپٹی اسپیکر کیلئےکوئی متبادل نام بھی تجویز کرسکتی ہے۔

لیگی وفد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کابینہ چھوٹی رکھنا چاہتے ہیں۔

نیب نے پولیٹیکل انجینئرنگ میں مدد کی: چیئرمین پی اے سی

0

اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں چیئرمین نیب کی پیشی کے موقع پر کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر نے کہا کہ نیب کا پرائم فنکشن لوٹی گئی رقم کی ریکوری تھا، نیب نے پولیٹیکل انجینئرنگ میں مدد کی ہے، تاہم چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی وابستگی صرف پاکستان کے ساتھ ہے، پولیٹیکل انجینئرنگ کا لفظ نیب میں ہے ہی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوئے، جہاں ان سے سخت سوالات کیے گئے۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی چوہدری تنویر نے نیب حکام سے سوال کیا نیب نے جو رقم ریکور کی ہے اس میں تضاد کیوں ہے، کمیٹی میں جو ریکوری دکھائی گئی میڈیا میں مختلف تھی، پریس میں 820 ارب رپورٹ ہوا، یہاں 588 دکھا رہے ہیں، ہمیں بتائیں کہ پبلک فنڈز آفس ہولڈرز کی کرپشن میں کتنی ریکوری ہوئی؟

چیئرمین نیب نے اس پر جواب دیتے ہوئے کمیٹی سے استفسار کیا کہ آپ کے ذہن میں لوٹی گئی رقم کا کیا تصور ہے؟ ہم تو مضاربہ اسکینڈل اور ہاؤسنگ اسکیم کو بھی کرپشن سمجھتے ہیں۔

نیب حکام نے بتایا کہ 444 کیسز میں پلی بارگین ہوئی، پلی بارگین کی منظوری نیب نہیں عدالت دیتی ہے۔ کمیٹی نے پوچھا کہ کوئی افسر پلی بارگین کرتا ہے پھر وہ ڈیوٹی پر چلا جاتا ہے تو اسے کیسے دیکھتے ہیں؟ چیئرمین نیب نے کہا 99 فیصد لوگ واپس ڈیوٹی پر نہیں گئے۔

چیئرمین نیب نے کہا نیب ہدایت کی صوبائی حکومت یا چیف سیکریٹری تعمیل نہ کرے تو ہم کچھ نہیں کر سکتے، رضاکارانہ واپسی اور پلی بارگین کے کیسز میں فرق ہے، رضاکارانہ واپسی میں کسی کو نوکری سے نہیں نکالا جا سکتا تھا، 2016 میں سپریم کورٹ نے رضاکاروانہ واپسی کو روک دیا تھا۔

چیئرمین نیب کے مطابق ہاؤسنگ اسکیم، چھوٹی اسکیموں کے فراڈ میں ایک لاکھ 77 ہزار افراد کو رقوم واپس دلوائی گئیں، ایسے فراڈز میں 25 ارب سے زائد کی ریکوری ہوئی جو عوام کا پیسہ تھا انھیں دیا، ایک ہاؤسنگ سوسائٹی سے بغیر کمپرومائز 5 ارب وصولی کی گئی، ایک اسکیم میں تو میرے بھی 45 لاکھ ڈوبے۔

چیئرمین نیب نے کہا ہم کوشش کرتے ہیں ریکوری کریں، اتنے کام کی تھوڑی ستائش کر دیں، چیئرمین پی اے سی نے جواب میں کہا ہم ستائش کرتے ہیں، چیئرمین نیب نے کہا میڈیا کے سامنے ستائش کر دیں، کمیٹی نے کہا آپ کے اچھے کام مانتے ہیں، اب آپ کی تنخواہیں بڑھا دیں۔

کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ نیب نے پولیٹیکل انجینئرنگ میں مدد کی ہے، نیب چیئرمین نے جواب دیا ایک بھی کیس بتا دیں پھر بات کریں گے، آپ سے آپ کے چیمبر میں ملوں گا، کمیٹی چیئرمین رانا تنویر نے کہا نیب نے احتساب مخصوص زاویے کے ساتھ کیا اس پر بات کریں گے، تاہم چیئرمین نیب نے کہا نیب کے بارے میں غلط تاثرات بنائے گئے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا نیب قوانین میں پارلیمنٹ ترامیم کرے اور انھیں بہتر کرے اور ادارے کو مستحکم کریں، ترامیم کسی کو فائدہ پہنچانے کے لیے نہیں ہونی چاہیئں، براڈ شیٹ سمیت ہر معاملے پر کمیٹی کو وضاحت دیں گے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس کے بعد چیئرمین نیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا نیب کے بارے میں اراکین پارلیمنٹ کو تفصیلی بریفنگ دوں گا، یہ بھول جائیں نیب کی کسی کےساتھ کوئی وابستگی ہوگی، نیب کی وابستگی صرف پاکستان کے ساتھ ہے۔

انھوں نے کہا پولیٹیکل انجینئرنگ کالفظ نیب میں ہے ہی نہیں، شاہد خاقان سابق وزیر اعظم اور میرے لیے قابل احترام ہیں، ان کے بارے میں بات نہ کریں۔ جب سوال کیا گیا کہ عمران خان چلے گئے کیا آپ عہدے سے مستعفی ہوں گے؟ اس پر چیئرمین نیب نے کہا آفس میں آئیں جواب دوں گا، جیسے آپ کہیں گے کرلیں گے۔

پاکستانی معیشت کے حوالے سے بُری خبر

0

اسلام آباد : ورلڈ بینک نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح میں 1 فیصد کی کمی کردی اور 2023 میں ترقی کی شرح مزید گرنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے اپنی اقتصادی رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان کی 2020 میں اقتصادی ترقی کی شرح ایک فیصد کم کر کے چار اعشاریہ تین فیصد تک کر دی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2023 میں یہ ترقی کی شرح مزید گر کر چار فیصد تک رہنے کا خدشہ ہے ، سابق حکومت نےتوانائی میں سبسڈی سے بجٹ پراضافی بوجھ اور آئی ایم ایف کے پروگرام کو بھی خطرہ میں ڈالا ہے ، قیمتوں میں کٹوتی،سبسڈیزکی فنانسنگ بجٹ پراضافی بوجھ پیداکرسکتی ہے۔

ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں تسلیم کیا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سیاسی چیلنجز نے عمران خان کی حکومت کو بجلی اور تیل میں ریلیف دینے پر مجبور کیا تاہم قیمتوں میں ریلیف آگے بڑھتے ہوئے مالیاتی خطرات کو بڑھا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ روس یوکرین تنازع سے جنوبی ایشیا کے ممالک میں اقتصادی ترقی کی شرح مزید سست ہوسکتی ہے۔۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

0
انتخابات

الیکشن کمیشن نے بلوچستان حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی پاس کردہ قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان اسمبلی نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد پاس کی ہے۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخاب میں تاخیر نہیں ہو سکتی، بلوچستان اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں۔

بلوچستان حکومت کے وکیل نے کہا کہ انتخابی فہرستیں بن گئیں ان کےلیے نئی حلقہ بندیاں ضروری ہیں کیوں کہ اب بلوچستان کی آبادی بھی بڑھ گئی ہے، جس پر اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ بلوچستان میں حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم کس قانون کےتحت بلدیاتی انتخابات میں تا خیر کر سکتے ہیں؟ مردم شماری حلقہ بندیوں کامعاملہ سپریم کورٹ میں زیربحث لایا گیا اور سپریم کورٹ نے واضح ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن ہر صورت کرانے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اگر صوبائی حکومت بہانہ بناتی ہے تو ہم سپریم کورٹ سے کہہ دیں گے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات میں مدد نہیں کررہی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا پریشان کن معاشی اعشاریوں پر تشویش کا اظہار

0
شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے پریشان کن معاشی اعشاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت معاشی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، جس میں وزارت خزانہ کی طرف سےمعیشت کی صورتحال پر تفصیلی طور پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں شاہد خاقان ،احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، محمد زبیر، عائشہ غوث پاشا، طارق پاشا سمیت متعلقہ اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

پریشان کن معاشی اعشاریوں پر وزیراعظم شہبازشریف نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا پاکستان کومعاشی طورپرمستحکم بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کررہے ہیں، ہر صورت عام آدمی کےمعاشی حالات بہترکرنے کیلئے اقدامات کئےجائیں۔

شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو معیشت کی بہتری کیلئے جامع حکمت عملی اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کی ہدایت کردی۔

یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے پشاورموڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس سروس منصوبے کا دورہ کیا تھا، اس دوران وزیراعظم نے سوال کیا کہ اسلام آباد میٹرومنصوبہ طویل عرصے سے کیوں التوا کا شکار رہا؟ منصوبے پر التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

شہباز شریف نے اسلام آباد میٹرو بس منصوبے میں تاخیر پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کرنےکی ہدایت کی تھی۔

خام تیل کی قیمتوں کی بلند پرواز جاری

0
روس

بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ مسلسل جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.10 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

روس یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے ساتھ روس پر مغربی اور یورپی ممالک کی پابندیوں سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال سے خام تیل کی قیمتوں میں استحکام نہیں آ پارہا ہے اور خام تیل قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بین الاقوامی ماریٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر 10 سینٹ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد تیل کی فی بیرل قیمت 108.33 ڈالر پر پہنچ گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ڈبلو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں بھی 2 ڈالر36 سینٹ اضافہ ہوا جس کے بعد ڈبول ٹی آئی تیل کی قیمت 103.56 ڈالر پر آگئی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 4.25 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

جبکہ گزشتہ ماہ مارچ کے اوائل میں خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ 10 سال کی بلندی کو چھوگئی تھیں اور خام تیل پہلی بار 119.84 ڈالر فی بیرل ہوگیا تھا۔

پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

0

کراچی: ماہ رمضان کے دوسرے عشر ے کا آغاز ہو گیا ہے لیکن پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوران پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہو چکا ہے جس سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، کیلے کی فی درجن قیمت 120 روپے سے 200 روپے ہوگئی، تربوز کی فی کلو قیمت 80 روپے سے 120 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ منڈی میں 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

سیب کی فی کلو قیمت 150 سے بڑھ کر 400 روپے اور خربوزہ 60 روپے اضافے کے ساتھ 100 روپے فی کلو، چیکو 150 روپے، اسٹرابیری 400 روپے کلو اور کیوی 500 روپے کلو ہوگئی ہے۔

کولڈ اسٹور میں محفوظ کیے گئے امرود 200 روپے کلو اور کینو 400 روپے درجن کر دیے گے ہیں۔

سبزی اور پھل منڈی ایکشن کمیٹی رہنما حاجی شائستہ خان کا کہنا ہے کہ رمضان میں پھلوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ اب ایک عام سی بات بنتی جا رہی ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔

ماہ رمضان میں پھلوں کی قیمتوں میں دوگنے سے بھی زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کے مطابق انتظامیہ اپنی نااہلی اور کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں، انتظامیہ ایک بازار میں کارروائی کرتی ہے تو دوسرے بازاروں میں صورت حال جوں کی توں برقرار رہتی ہے، اس صورت حال میں پھلوں کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں۔