ہوم بلاگ صفحہ 12243

نوازشریف کا پاسپورٹ منسوخ ہوگا توعوام ساتھ ہوں گے، مریم نواز

0

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ ہوگا تو عوام ان کے ساتھ ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر تفصیلی آگاہ کیا، بلاول سے بات کرکے پیپلزپارٹی کا موقف جاننے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی ای سی میں ہماری مشاورت ہوئی ہے اس سلسلے میں پی ڈی ایم میں آگاہ کریں گے، پہلے پیپلزپارٹی کو موقع دیں گے کہ وہ پی ڈی ایم اجلاس میں اپنی تجاویز رکھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا ، مفروضات پر ابھی کچھ نہیں کہیں گے، یہ بات خوش آئند ہے کہ بلاول نے کہا کہ پی ڈی ایم میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حکومت نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کررہی ہے، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے، قبل از وقت قیاس آرائیاں کرنا بہتر نہیں، پی ڈی ایم ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کررہی ہے، سیاسی انتقام سے متعلق عملی ردعمل کے لیے پی ڈی ایم اجلاس میں مشاورت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کی روش کا خاتمہ کریں گے ، پی ڈی ایم کا مستقبل ملک میں جمہوریت ہے، ہم بڑے انقلاب کی طرف جانا چاہتے ہیں۔

حکومت نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کررہی ہے، مولانا فضل الرحمان

0
JUI F

اسلام آباد : جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سیاسی انتقام کا تسلسل ہے، استعفوں سے متعلق پیپلز پارٹی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا کہ آج مریم نوازاور پارٹی قیادت اسلام آباد میں ہے، خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد سوچا تھا کہ مریم نواز کو دعوت دوں۔

فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ رات نواز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی، میں نے ان کو آگاہ کیا کہ کل مریم نواز کے ساتھ ملاقات ہوگی، نوازشریف سے کہا کہ وہ بھی ویڈیو لنک پر ہمارے ساتھ شرکت کریں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ یکم جنوری بروز جمعہ کو پی ڈی ایم کا اجلاس لاہور میں ہوگا، پیپلزپارٹی کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، پی پی کی یہ بات کہ حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سیاسی انتقام کاتسلسل ہے، ماضی میں بھی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، موجودہ حکومت نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کررہی ہے۔

فضل الرحمان نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام سے متعلق عملی ردعمل کیلئےمشاورت کریں گے، پی ڈی ایم کےسربراہی اجلاس میں ردعمل پرمشاورت ہوگی۔

4 جنوری سے تمام اسکول نہیں‌ کھلیں‌ گے، برطانوی وزیر تعلیم کا اعلان

0

لندن: برطانیہ کے وزیرتعلیم نے کہا ہے کہ چار جنوری سے مخصوص علاقوں میں اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔

برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیرتعلیم گیون ولیمسن نے اسکول کھلنے کی تفصیلات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔

گیون ولیمسن نے بتایا کہ ’لاک ڈاؤن کے ٹیر فور علاقوں میں قائم اسکول چار جنوری سے نہیں کھولے جائیں گے‘۔

انہوں نے بتایا کہ سیکنڈری اسکولز کی مخصوص برانچوں کے علاوہ اکثریت کو چار جنوری سے نہیں کھولا جائے گا۔

گیون ولیمسن کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھلنا وقت پر بہت زیادہ مشکل ہے، آئندہ چند روز میں صورت حال کا مزید جائزہ لینے کے بعد اسکول کھولنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کرونا کی نئی قسم قہر برسانے لگی، لندن کے اسپتال بھر گئے

برطانوی وزیر صحت میتھیو ہینکاک نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’برطانیہ کے مزید 23 شہروں میں لاک ڈاؤن ٹیر فور نافذ کیا جارہا ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے تین چوتھائی شہر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

برطانوی وزیر صحت نے وزارت تعلیم کے اسکول نہ کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’کرونا کی نئی قسم بہت زیادہ خطرناک ہے، ہمیں اپنے بچوں کو بھی اس سے محفوظ رکھنا ہوگا، تعلیمی اداروں کے بند ہونے سے بچے گھروں پر محفوظ رہیں گے‘۔

کرونا کی نئی قسم کیا ہے؟

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی شکل یاقسم کو ‘وی یو آئی 202012/01’ کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وی یو آئی کرونا کے مقابلے میں 70 فیصد تیزی سے پھیلتا ہے۔ کرونا کی نئی شکل یا قسم کا پہلا کیس تیرہ دسمبر کو برطانیہ کے جنوبی علاقے کاؤنٹی کینٹ میں رپورٹ ہوا تھا۔

بعد ازاں جنوبی افریقہ میں بھی کرونا وائرس کی  نئی قسم کی تشخیص ہوئی جسے عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین نے وی یو آئی سے مختلف قرار دیا۔

نئی قسم زیادہ مہلک ہے؟

طبی ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کے مقابلے میں وی یو آئی میں 23 نئی تبدیلیاں دیکھی گئیں، جن میں متاثرہ شخص کا پروٹین بڑھنا اور ایک سے دوسرے انسان میں تیزی و آسانی کے ساتھ منتقل ہونا شامل ہے۔

مزید پڑھیں: کیا کورونا کی نئی قسم برطانیہ سے دریافت نہیں ہوئی؟ تحقیق میں اہم انکشاف

برطانوی وزیر صحت میٹ ہان کا کہنا تھا کہ ’وی یو آئی کرونا کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے، مشرقی برطانیہ اور دارالحکومت میں نئے کیسز تیزی سے سامنے آئے ہیں، یہ قسم ویکسین کے خلاف مزاحمت کرسکتا ہے۔

برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر کرس وٹی کا کہنا تھا کہ ’وی یو آئی کی وجہ سے زیادہ اموات کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اس حوالے سے ماہرین نے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں اور اب ہم اس پر تحقیق کررہے ہیں تاکہ اصل صورت حال کو جان سکیں‘۔

نئی قسم کے خلاف کرونا ویکسین کاررآمد ہوگی؟

برطانیہ کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’کرونا ویکسین کے مؤثر ہونے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جس میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں، مگر امید ہے کہ کرونا کی نئی قسم ویکسین کی افادیت کو کم نہیں کرے گی‘۔

بچوں اور بڑی عمر کے افراد کے لیے نئی قسم خطرناک ہے

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین سمجھتے ہیں کہ جس طرح کرونا بچوں اور بڑی عمر کے لوگوں کے لیے خطرناک ثابت ہوا بالکل اُسی طرح نئی قسم بھی انہیں متاثر کرسکتی ہے کیونکہ وی یو آئی کے جو نئے کیسز سامنے آئے اُن میں بچوں اور بڑی عمر کے لوگوں کی تعداد زیادہ تھی۔

سردی کی نئی لہر، سندھ حکومت کا بے گھر افراد کے لیے بڑا اقدام

0
مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بے گھر  افراد کو عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت سردی کے پیش نظر صوبے بھرمیں‌ بے گھر افراد کو عارضی پناہ گاہیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی، مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص گلیوں، سڑکوں ، فٹ پاتھوں پر سردی سے پریشان نہ ہو۔

اس سلسلے میں حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص کے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عارضی پناہ گاہوں کے انتظام تک بے گھر افراد کو کمبل پہنچائے جائیں، تمام ڈپٹی کمشنرز بے گھر افراد کو ضروری اشیا اپنی نگرانی میں فراہم کریں۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سردی میں اضافہ ہورہا ہے، سخت سردی کے باعث بے گھر افراد مشکلات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں سردی کی لہر برقرار ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کا کہناتھا کہ گزشتہ شب سرد ترین رات تھی اور آئندہ دو سے تین روز سردی کی لہر اسی طرح برقرار رہے گی۔

کرونا کی نئی قسم قہر برسانے لگی، لندن کے اسپتال بھر گئے

0

لندن: برطانوی دارالحکومت کے علاقے ایسیکس میں کرونا کی نئی قسم کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریض رکھنے کی جگہ ختم ہوگئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لندن کے علاقے ایسیکس کے اسپتال کرونا مریضوں سے بھر گئے اور مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی۔

مقامی حکومت نے اسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کو خوفناک صورت حال قرار دیتے ہوئے مرکزی  حکومت سے مدد مانگ لی۔

برطانوی این ایچ ایس نے بھی اس حوالے سے پبلک سروس جاری کردیے جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتہائی ایمرجنسی کے علاوہ اسپتال نہ آئیں اور گھروں پر ہی رہیں۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کرونا وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ روکنے میں ناکام، سائنس دان کا حکومت کو انتباہ

نیشنل ہیلتھ سیکیورٹی نے عوام کو ایمرجنسی کے علاوہ 999 پر کال نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب برطانوی وزیر صحت میتھیو ہینکاک نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’برطانیہ کے مزید 23 شہروں میں لاک ڈاؤن ٹیر فور نافذ کیا جارہا ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے تین چوتھائی شہر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

جمال خاشقجی کے واقعے پر مبنی دستاویزی فلم "دی ڈیسڈینٹ” کا ٹریلر جاری

0
جمال خاشقجی

واشنگٹن پوسٹ کے معروف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے پیچھے اصل محرکات سے متعلق برائن فوگل کی آنے والی دستاویزی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

اس حوالے سے برائر کلف انٹرٹینمنٹ نے ایکشن سے بھرپور دستاویزی فلم "دی ڈیسڈینٹ” کی ریلیز کے حقوق بھی حاصل کرلیے ہیں۔

برائن فوگل کی دستاویزی فلم "دی ڈیسڈینٹ” واشنگٹن پوسٹ کے سابق معروف صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق ہے۔ فلم کمپنی نے گذشتہ روز فلم کا ٹریلر جاری کیا ہے۔

اس دستاویزی فلم کا خلاصہ یہ ہے کہ اس میں جمال خاشقجی کے استنبول میں واقع سعودی قونصل خانہ میں ہونے والے قتل کے پیچھے محرکات اور دھوکہ دہی کو بے نقاب کیا گیا ہے۔

خاشقجی ایک اصولی اصلاح پسند صحافی تھے جنہوں نے اپنے وطن میں ایک آزاد معاشرے کی تشکیل کی کوشش کی تھی اور آخرکار حکومت کی مخالفت کے سبب انہیں قتل کر دیا گیا۔

اس فلم کی ریلیز کی کوئی خاص تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے، اس میں نئی فوٹیج اور متعدد معلومات پیش کی گئی ہیں جو پہلے عوام کے لیے دستیاب نہیں تھیں۔

فلم میں جن شخصیات کے انٹرویو شامل کیے گئے ہیں ان میں خاشقجی کی منگیتر ہیٹیس سنجز، اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ ایگنس کالمارڈ جنہوں نے اس قتل کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ نیز، ترک پولیس، استغاثہ، سائبر سیکیورٹی کے ماہرین، عمر عبدالعزیز اور ایک نوجوان کارکن جو جمال خاشقجی کے ساتھ خفیہ طور پر تعاون کررہا تھا شامل ہیں۔

اس حوالے سے فوگل نے ایک بیان میں کہا کہ جمال خاشقجی کی دوسری برسی قریب ہے تو مجھے امید ہے کہ یہ فلم ان کی یادوں کو تقویت بخشے گی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ انسانی حقوق کی ظالمانہ خلاف ورزیوں پر اب آنکھیں بند نہیں کرے گا۔

بھارتی فورسز کا نام نہاد آپریشن، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

0

سری نگر: بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد آپریشن کے نام پر مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے سری نگر کے علاقے لاوے پورہ میں نام نہاد آپریشن کے نام پر مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جن کی شناخت زبیر، اعجاز اور اطہر مشتاق کے نام سے ہوئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید نوجوانوں کا تعلق ضلع شوپیاں اور پلوامہ سے تھا، قابض افواج نے متعدد رہائشی مکانات کو بھی تباہ کردیا۔

سرچ آپریشن کے دوران قابض فورسز نے علاقے کا محاصر کیا اور اس دوران داخلی و خارجہ راستے سیل کردئیے گئے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل رہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کا نام نہاد آپریشن، مزید دو کشمیری شہید

کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ تینوں نوجوان سری نگر میں تعلیم کی غرض سے رہائش پذیر تھے تاہم بھارتی فوج نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو عسکریت پسند ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں بھی قابض بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں نام نہاد آپریشن کے دوران گھر پر فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے مختلف علاقے سیل کرنے کا فیصلہ

0

کراچی: شہر قائد کے ضلع وسطی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا جس کا اطلاق 30 دسمبر کی رات 12 بجے سے ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث ضلع وسطی کے تین سب ڈویژنز کے 17 مختلف علاقوں گلبرگ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کی 12 یوسیز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ضلعی وسطی کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈان آج 30 دسمبر سے ہوگا جو 13 جنوری 2021 تک نافذ العمل رہے گا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ عزیز آباد، علی آباد، کریم آباد، یاسین آباد، دستگیر، ناظم آباد، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، شادمان ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور فردوس کالونی میں کیا گیا ہے جبکہ ضلع وسطی کے 17 علاقوں میں مخصوص گھروں کو سیل بھی کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں شہریوں کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد ہوگی جبکہ ہر گھر سے ایک شخص کو کھانے پینے کی اشیا کی خریداری کی مشروط اجازت دی جائے گی، باہر جانے والے شخص کو اپنا شناختی کارڈ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دکھانا ہوگا۔

مذکورہ علاقوں میں گھر میں کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی،  رہائشی افراد سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو ٹھوس وجہ بتانے پر ہی جانے دیا جائے گا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق متعلقہ علاقوں میں ڈبل سواری،سماجی تقریبات، تجارتی سرگرمیوں، غیرمتعلقہ افراد پر پابندی ہوگی جبکہ کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کو مخصوص اوقات تک کھلا رکھا جاسکے گا علاوہ ازیں  تمام دیگر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’ ان علاقوں میں آنے والےصنعتی یونٹ مکمل طور پر بند رہیں گے، رسٹو رینٹس کو ٹیک آوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت نہیں ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروسز کو بھی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مریض کے ساتھ صرف ایک تیماردار کو گھر سے اسپتال جانے کی اجازت دی جائے گی، اسمارٹ لاک ڈاؤن والی گلیوں اور علاقوں میں حکومت ضرورت مند افراد کوراشن فراہم کرے گی۔

گھر کی چھت پر بال کٹوانے والوں کی شامت آگئی

0

برلن : کورونا لاک ڈاؤن کے دوران حجام سے بال کٹوانا دو نوجوانوں کو مہنگا پڑگیا، پولیس نے حجام کو بھی پکڑ لیا۔

قانون پر عمل درآمد کرنا ہر شہری پر یکساں لاگو ہوتا ہے، یہ بات جرمنی کے رہائشی دو نوجوانوں اور حجام کو پولیس نے اچھی طرح سمجھا دی جو بال کٹوانے کے لیے ایک مکان کی چھت پر جمع تھے اور حجام سمیت پکڑے گئے۔

یہ واقعہ جنوبی جرمن شہر اُلم میں پیش آیا جہاں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے سلسلے میں لگائی گئی قانونی پابندیوں کی ایک ایسی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، جو کافی عجیب ہونے کے ساتھ ساتھ مضحکہ خیز بھی تھی۔

الم شہر میں ایک مکان کی چھت پر تین نوجوان خاموشی سے کسی کام میں مصروف تھے کہ قریب ہی ایک پڑوسی نے یہ منظر دیکھا تو صورت حال کا اندازہ لگا کر پولیس کو اطلاع کر دی، اس پڑوسی کا نام پولیس نے ظاہر نہیں کیا ہے۔

اس پڑوسی کا اندازہ تھا کہ تین میں سے ایک نوجوان حجام تھا اور باقی دو اس کے گاہک جو بال کٹوانے کے لیے مکان کی چھت پر ہی موجود تھے۔

اُلم کی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ اطلاع ملنے پر جب پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو گھر کی چھت پر حجام کی ایک کرسی رکھی ہوئی تھی جس پر بیٹھا ایک نوجوان حجام سے اپنے بال کٹوا رہا تھا۔ قریب ہی ایک صوفے پر ایک تیسرا نوجوان بھی بیٹھاتھا، جو بال کٹوانے کے لیے اپنی باری کے انتظار میں تھا۔

پولیس کے مطابق یہ تنیوں نوجوان جن کی عمریں 24 اور 27 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، اس لیے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے کہ ان تینوں کا تعلق تین مختلف گھرانوں سے تھا جبکہ لاک ڈاؤن کی شرائط کے تحت دو سے زائد گھرانوں کے افراد کا آپس میں نجی طور پر ملنا بھی ممنوع ہے، چاہے ان کی مجموعی تعداد صرف تین ہی کیوں نہ ہو۔

پولیس نے ان تینوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق انہیں گرفتار تو نہیں کیا گیا مگر ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور ان پر عدالت کی جانب سے فی کس سینکڑوں یورو جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔

مفتی منیب الرحمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

0

اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی جگہ مولانا عبدعبدالخبیر آزاد کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو  کردی گئی، رویت ہلال کمیٹی میں 19 ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔

رویت ہلال کمیٹی میں راغب نعیمی، حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر ، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، فیصل احمد ، سید علی قرار نقوی شامل ہیں۔

عبدالخبیر آزاد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مقرر

کمیٹی میں مفتی فضل جمیل، حافظ عبدالغفور، یوسف کشمیری، قاری میر اللہ، حبیب اللہ چشتی، مفتی ضمیر ودیگر ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔

رویت ہلال کمیٹی میں سپارکو، محکمہ موسمیات، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، وزارت مذہبی امور کا ایک، ایک نمائندہ شامل ہیں، مذکورہ نوٹیفکیشن ڈی جی سید مشاہد حسین خالد کی جانب سے جاری کیا گیا۔