جمعہ, جولائی 4, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 12242

قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا کیس: وفاق، قاسم سوری اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

0
قاسم سوری

اسلام آباد : قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق، قاسم سوری اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر کے قومی اسمبلی اجلاس تاخیر سے بلانے کے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 16 اپریل کوقومی اسمبلی اجلاس بلاکر22اپریل تک ملتوی کردیا گیا، ڈپٹی اسپیکراس وقت قائم مقام اسپیکر ہے، کیونکہ اسپیکر مستعفی ہوچکے۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کیا اس اجلاس کا اہم ایجنڈا اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کرناہے ؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جی اس اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی کومنتخب کرناہے ، 16اپریل کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کو ہٹانے کا کوئی ایجنڈا شامل نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو رول میں نہیں ہے اس میں نہیں جا سکتے، ہم اگرنوٹس کر لیں تو اس وقت تک 22 تاریخ گزر جائے گی، جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ عدالت نے صرف آئین کے تحت کارروائی کرنا ہے۔

وکیل نے مختلف عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ دیا ، جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا تو پھر آئین کے آرٹیکل 69 سے آپ کیسے باہر نکل جائیں گے۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یہ کیس پارلیمان کی اندرونی کاروائی سے متعلق ہے، مگر سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں، سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نےڈپٹی اسپیکرکی رولنگ کومعطل کیا ، اظہر صدیق کیس میں واضح کیا عدالت کہاں مداخلت کرسکتی ہے۔

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کیا ڈپٹی اسپیکر اپنے ہٹانے کا ایجنڈا بھی جاری کرسکتا ہے؟ جسٹس عامر فاروق نے بھی پوچھا کیا آپ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ مزید تاخیر کرسکتا ہے؟

چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ آپ کے پاس کوئی گراؤنڈ نہیں ہے، ہم ایسے کوئی آرڈر نہیں دے سکتے، قومی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل کو بلایا گیا تو اجلاس ہونےدے۔

وکیل درخواست گزار نے سوال کیا اگر 22 اپریل کو بھی قومی اسمبلی کااجلاس نہ بلایا جائے ؟ جس پر عدالت نے کہا 22 اپریل کو اجلاس نہیں بلاتے یہ تو فی الحال مفروضہ ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ کی عزت کا خیال رکھیں اور 22 تاریخ مقرر ہے، جس پر وکیل نے کہا عدالت پیر کے روز کے لئے نوٹس کر لے، آئین میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالت کو ابھی تک مطمئن نہیں کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کی بےتوقیری بہت ہو گئی ہے، مزید بے توقیری نہیں ہونی چاہیے۔

عدالت نے وفاق، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔

سعودی عرب : اشاروں کی زبان میں اطلاع دینے والا دنیا کا پہلا ایئرپورٹ

0
سعودی عرب

ریاض : پروازوں کی تازہ اطلاع اشاروں کی زبان میں دینے والا دنیا کا واحد ایئرپورٹ ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ اس سہولت سے گونگے اور بہرے مسافروں کو بڑی سہولت میسر ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق "مطارات الریاض” کمپنی نے کہا ہے کہ سعودی دارالحکومت کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کا واحد ہوائی اڈہ ہے جہاں گونگے اور بہرے مسافروں کو پروازوں کی تازہ ترین معلومات اشاروں کی زبان میں فراہم کی جارہی ہے۔

کمپنی نے واٹس اپ اور ٹوئٹر کے ذریعے انٹرایکٹیو چیٹ سروس کا تازہ ترین ورژن لانچ کیا ہے۔ جس کی مدد سے مسافروں کو اشاروں کی زبان میں تازہ معلومات دی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کا سہارا بھی لیا جارہا ہے۔

مطارات الریاض کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد المغلوث نے کہا کہ انٹرایکٹیو چیٹ سروس کے ذریعے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کو نیا تجربہ کرایا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ سماجی رابطہ وسائل کے ذریعے بھی نئی سہولت دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ سہولت آئی او ایس اور اینڈرائڈ آپریشنل سسٹم کے صارفین کو حاصل ہے۔

محمد المغلوث نے کہا کہ جو مسافر کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کررہے ہیں اور ان کے پاس آئی او ایس اور اینڈرائڈ موبائل سسٹم مہیا ہیں وہ پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات مختلف سروسز کے پیکیج اور دیگر ضروری معلومات لمحوں میں حاصل کرسکتے ہیں۔

کراچی میں آج شدید گرمی رہے گی

0
این ڈی ایم اے

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج شدید گرمی رہے گی، درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دن کےاوقات میں گرمی کی شدت 40 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے، آج درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کے زیادہ تناسب کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔ جو کہ 63 فیصد ہے۔

شہر میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: حکومتی اتحاد کا 189 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ

0

لاہور : پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے حکومتی اتحاد نے 189 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، حکومتی اتحادی امیدوار چوہدری پرویز الٰہی آج شو آف پاور کریں گے۔

حکومتی امیدوارچوہدری پرویزالٰہی نے رات گئے تک ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں ، ترجمان فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ ن لیگ کے بیشتر ناراض ارکان بھی رابطے میں ہیں۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ لیگی ارکان نے اپنے حلقوں میں منحرف ارکان کی آمد پر رابطے کئے، لیگی ارکان آئندہ انتخابات کیلئے ٹکٹ کا حصول یقینی چاہتے ہیں۔

گذشتہ روز پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت سے ن لیگی ارکان اسمبلی کے ایک گروپ نے رابطہ کیا اور اسمبلی میں تعاون کے بدلے ٹکٹ کی یقین دہانی مانگ لی تھی۔

پی ٹی آئی نے ارکان کو آئندہ ساتھ چلنے کیلئے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ 16اپریل کو مخالفین کو بڑا سرپرائز دیں گے۔

پاک بحریہ نے 10ویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ سنبھال لی

0

اسلام آباد : پاک بحریہ نے 10ویں بار کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ سنبھال لی، اس سے پہلے یہ کمانڈ برادر ملک اردن کے پاس تھی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے دسویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 کی کمانڈ سنبھال لی۔

ترجمان نے بتایا کہ تبدیلی کمانڈ کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی اور پاک بحریہ کے کموڈور احمد حسین کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 کے نئے کمانڈر تعینات کردیئے گئے۔

پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے یہ کمانڈ برادر ملک اردن کے پاس تھی ، کمبائنڈ ٹاسک فورس – 151 میری ٹائم سیکیورٹی، بحری قزاقی اور سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہے۔

کموڈور احمد حسین نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔

ترجمان کے مطابق تقریب میں پاکستان اور اردن کے سفیروں سمیت دیگر ممالک کی سفارتی اور عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں بھرپور نمائندگی دینے کا فیصلہ

0

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں بھرپور نمائندگی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، صدر پاکستان ، اسپیکرقومی اسمبلی، سینیٹ چیئرمین کاعہدہ اتفاق رائے سے پیپلز پارٹی کو دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کل نمازجمعہ کےبعدزرداری ہاؤس میں حتمی مشاورت ہوگی۔

ذرائع ے بتایا کہ پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں بھرپور نمائندگی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، صدر پاکستان ، اسپیکرقومی اسمبلی، سینیٹ چیئرمین کاعہدہ اتفاق رائے سے پیپلز پارٹی کو دیاجائے گا۔

ذرائع نے کہا کہ 9 سے زائد وفاقی وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا اور مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ میں ناموں کا اعلان کیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق راجہ پرویزاشرف اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے متوقع امیدوار ہیں جبکہ سینٹ چیئرمین کیلئے متوقع امیدوار یوسف رضا گیلانی ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کابینہ میں شمولیت کے فیصلے پر پیپلز پارٹی میں تاحال واضح تقسیم ہے، پیپلز پارٹی کے دو مرکزی رہنماؤں نے کابینہ میں شمولیت کی مخالفت کر دی۔

رہنماؤں نے تجویر پیش کی کہ وزارتوں کے بجائے آئینی عہدوں تک محدود رہا جائے، حکومت ناکام ہونے پر ملبہ پیپلز پارٹی پر گرے گا۔

ٹوئٹر کی خریداری : سعودی شہزادے نے ایلن مسک کو صاف جواب دے دیا

0
ٹوئٹر

ریاض : سعودی ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹ خریدنے کی پیش کش مسترد کردی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق شہزادہ الولید بن طلال نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے لیے دی گئی پیش کش اس کی گروتھ کے بعد کی قدر کے مطابق نہیں ہے۔

ٹوئٹر کے ایک بڑے شراکت دار کی حیثیت سے کنگڈم ہولڈنگ اور میں اس پیش کش کو مسترد کرتے ہیں، ارب پتی ایلون مسک نے ٹوئٹر کو41 ارب 39 کروڑ ڈالر میں خریدنے کی پیش کش کی ہے۔

ایلون مسک کی پیش کش 54.20 ڈالر فی حصص بنتی ہے جو کہ یکم اپریل کو ٹوئٹر کے سٹاک کی اختتامی قیمت کے 38 فیصد پریمیئم کی نمائندگی کرتی ہے۔

یاد رہے کہ الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بانی سربراہ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو اکتالیس بلین ڈالر نقد کے عوض خریدنے کی پیشکش کی تھی۔ اس پیشکش کے فوری بعد ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمتوں میں واضح اضافہ ہوگیا تھا۔

ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اپنی اس پیشکش کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر ایک عظیم الجثہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے تاہم اس کے مزید ترقی کرنے اور آزادی اظہار رائے کا مزید مؤثر ذریعہ بننے کے لیے ضروری ہے کہ اسے پرائیویٹ بنا دیا جائے۔

کرونا وائرس: ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 0.50 فیصد ہوگئی

0

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی ہورہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 0.50 فیصد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 362 ہے۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 123 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 26 ہزار 952 ہوگئی۔

ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 87 ہزار 144 ہوچکی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 24 ہزار 239 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 2 کروڑ 78 لاکھ 30 ہزار 633 کووڈ 19 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.50 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 259 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

ویکسی نیشن کی صورتحال

ملک میں اب تک 13 کروڑ 37 لاکھ 54 ہزار 50 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 12 کروڑ 3 لاکھ 56 ہزار 354 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

برطانیہ میں غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کا فیصلہ

0
برطانیہ

لندن : برطانوی حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کا فیصلہ کرلیا،اور درخواست منظور ہونے تک انہیں وہیں رکھا جائے گا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ایک منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں جس کے تحت برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو افریقی ملک روانڈا پہنچا دیا جائے گا۔

اس حوالے سے بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا بھیجے گی، روانڈا جانے والوں کو وہاں کی مستقل رہائش دی جائے گی اور انہیں وہاں سے اپنے ملک واپس جانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

UK asylum seekers sent to Rwanda? That takes punishment of fellow humans to  a new level | Enver Solomon | The Guardian

انہوں نے کہا کہ اس سال 60ہزار مہاجرین کے برطانیہ آنے کا خدشہ ہے، ابتدائی طور پر برطانوی حکومت اس منصوبے پر 120ملین پاؤنڈ خرچ کرے گی۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانیہ روزانہ 5 ملین پاؤنڈز مہاجرین کی رہائش پرخرچ کرتا ہے، دوسری جانب حقوق انسانی کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  روانڈا منصوبہ غیر انسانی، ظالمانہ اور غیراخلاقی ہے۔

UK announces plan to send asylum seekers to Rwanda, draws criticism

واضح رہے کہ بورس جانسن نے اپنے اس مجوزہ منصوبے کا اعلان گزشتہ روز ملک کے جنوب مشرقی شہر کینٹ میں اپنے ایک خطاب میں کیا۔ ان کے اس منصوبے کا مقصد برطانیہ کو درپیش غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔

جانسن کی پارٹی کے بہت سے ارکان کو اس مسئلے پر بہت زیادہ تحفظات ہیں۔ خیال رہے کہ کینٹ ہی وہ شہر ہے جہاں گزشتہ برس رودباد انگلستان یا انگلش چینل کو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے عبور کرکے سب سے زیادہ تعداد میں سیاسی پناہ کے متلاشی پہنچے تھے۔

امریکا نے ترجمان پاک فوج کے بیان کی تائید کردی

0

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، ہم پُرامن جمہوری اصولوں اور انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سازش سے متعلق ہمارا پیغام اور بیان بڑا واضح ہے، ہم پاکستان میں کسی ایک جماعت کے حق میں نہیں اور پرامن جمہوری اصولوں اور انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، پاکستان میں کسی ایک جماعت کی حمایت نہیں بلکہ پرامن جمہوری اصولوں اور انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا لفظ نہیں ہے، ڈیمارش صرف سازش پر نہیں دیے جاتے اور بھی وجوہات ہوتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فوجی اڈوں کا کسی سطح پر مطالبہ نہیں کیا گیا، اگر مطالبہ ہوتا تو جواب انکار میں ہی ہوتا، ملک کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں، ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔