ہوم بلاگ صفحہ 16620

آرٹیکل 370 کی منسوخی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

0
Kashmir

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور کنٹرول لائن کی صورت حال پر غور کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بھارت کی جانب سے مبقوضہ کشمیر سے متعلق خصوصی آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں بھارت کی لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر بات ہوگی جبکہ ممنوع کلسٹر بم کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان تازہ ترین صورت حال سمیت اپنے دورہ امریکا پر اظہار خیال کریں گے، آج ہونے والے اجلاس میں کشمیر سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

اجلاس آج صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ خیال رہے بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔

بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔

چین امریکا تجارتی جنگ، دنیا بھر میں کاٹن کی مارکیٹ متاثر

0
نگراں وزیر اعظم کا مقررہ قیمت سے کم پر کپاس کی خریداری کا نوٹس

کراچی: چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ میں آنے والی غیر معمولی شدت میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی کاٹن مارکیٹس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کے نرخ پچھلے 6 سال کی کم ترین سطح جبکہ پاکستان میں صرف ایک ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں 700 روپے فی من کمی واقع ہوئی۔

چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ چند روز قبل امریکا نے چین سے درآمد ہونے والی اشیاء پر یکم ستمبر سے 10 فیصد اضافی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں گزشتہ روز چین نے تمام امریکی زرعی اجناس و مصنوعات کی درآمد پر مکمل پابندی کا اعلان کر دیا جس سے دنیا بھر کی کاٹن مارکیٹس میں ریکارڈ مندی کا رجحان سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید کمی کا خدشہ ہے، پاکستان میں روئی کی قیمتیں پچھلے ایک ہفتے کے دوران 700 سے 800 روپے فی من مندی کے بعد 8 ہزار سے 8 ہزار 100 روپے فی من تک گر گئیں ہیں۔

سوموار کی سہ پہر تک نیو یارک کاٹن ایکسچینج میں دسمبر وعدہ روئی کے سودے مارچ 2013ء کے بعد کی کم ترین سطح 57.58 سینٹ فی پاﺅنڈ تک گرگئے جس سے کاٹن مارکیٹس میں آنے والے بحران کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

چین امریکا تجارتی جنگ، یورپی کمپنیاں بھی خسارے میں

احسان الحق نے بتایا کہ چین دنیا بھر میں امریکی روئی کا سب سے بڑا خریدار ہے اور چین کی جانب سے امریکا سے روئی سمیت تمام زرعی اجناس و مصنوعات نہ خریدنے کے فیصلے سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی کاٹن مارکیٹس میں غیر معمولی مندی کا رجحان متوقع ہے جس سے پاکستان میں پھٹی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

آرٹیکل 370 کے خاتمے سے کشمیر میں کشیدگی بڑھے گی، برطانوی رکن پارلیمنٹ

0
UK

لیڈز: رکن برطانوی پارلیمنٹ رچرڈ برگن نے کشمیر کی صورت حال پر سیکریٹری خارجہ کو خط لکھ دیا جس میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق رکن پارلیمنٹ رچرڈ برگن کی جانب سے برطانوی سیکریٹری خارجہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے اس اقدام سے کشمیر میں کشیدگی بڑھے گی۔

خط میں کہنا تھا کہ میرے حلقہ انتخاب میں کشمیریوں کی بڑی تعداد آباد ہے، موجودہ صورت حال سے برطانیہ میں مقیم کشمیری پریشان ہیں۔

رچرڈ برگن نے مطالبہ کیا کہ بطور سیکریٹری خارجہ بھارت پر دباؤ بڑھائیں، برطانیہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔

آرٹیکل 370 کے خاتمے سے کشمیر میں کشیدگی بڑھے گی، برطانوی رکن پارلیمنٹ

خط میں مزید کہا گیا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم ہونے سے روکا جائے، خصوصی حیثیت ختم ہونے سے مسئلہ کشمیر سرد خانے کی نذر ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا، ڈھٹائی کی حد کرتے ہوئے مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ہی چھین لی۔ جبکہ علاقے میں فوجی اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

بھارت کی گھناؤنی سازش، او آئی سی رابطہ کمیٹی برائے جموں کشمیر کا ہنگامی اجلاس طلب

0
OIC

جدہ: بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا، مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش پر او آئی سی رابطہ کمیٹی برائے جموں کشمیر نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) کی رابطہ کمیٹی برائے جموں کشمیر کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں بھارت کے حالیہ اقدامات زیرغور آئیں گے۔

بھارتی اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں پیدا صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی پر بھی غور ہوگا۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی، آزربائیجان اور نائیجر کے نمائندے شریک ہوں گے۔ بھارت مذموم مقاصد کے ذریعے کشمیر میں جدوجہدِ آزادی کو دبانا چاہتا ہے۔

بھارت کا گھناؤنا منصوبہ، آرٹیکل 370 کی منسوخی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے پر عالمی رہنماؤں نے شدید تشویش کا اظہا کیا ہے۔

خیال رہے مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کیلئے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کردیئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصورہوکررہ گئے، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کردیا، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

کشمیری رہنما محبوبہ مفتی،عمرعبداللہ اورسجاد لون سمیت دیگر رہنماؤں کوبھی نظربند کردیاگیا ہے اور مقبوضہ وادی میں دفعہ ایک چوالیس نافدکر کےوادی میں تمام تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بنداور لوگو ں کی نقل وحرکت پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

حوثی باغی یمنی عوام کے لیے بھیجے گئے امدادی ٹرکوں پر قبضہ نہیں کریں گے

0
AIDS

صنعا: حوثی باغی اور اقوام متحدہ کے درمیان معاہدہ طے پاگئے جس کے تحت یمن میں امداد کی مد میں خوراک کی ترسیل باآسانی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ یا دیگر عالمی تنظیمیوں کی جانب سے جنگ زدہ یمن میں بھیجے گئے خوراک کے کنٹینرز پر حوثی باغی اکثر قبضہ کرلیتے ہیں، تاہم اب فریقین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے محکمہ خوراک اور یمن کے حوثی باغیوں کے مابین جنگ زدہ علاقوں میں خوراک کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

حوثی باغیوں کے ترجمان محمد علی حوثی نے سماجی روابط کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ عالمی ادارے برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی۔

واضح رہے کہ جنگ زدہ علاقوں میں رواں برس جون سے خوراک کی ترسیل روک دی گئی تھی۔ اس ضمن میں ڈبلیو ایف پی کے ترجمان ہرویو ورہوسل نے کہا کہ اعلیٰ سطح کا معاہدہ ایک مثبت اور انتہائی اہم قدم ہے جس کے تحت یمن میں ہماری انسان دوست سرگرمیوں کو تحفظ ملے گا۔

یمنی شہریوں کے لیے پہنچائی گئی امداد حوثیوں نے لوٹ لی، عبداللہ الربیعہ

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ تکنیکی نوعیت کے مسائل پر آئندہ چند دن میں اتفاق رائے ہوسکے گا۔ خیال رہے کہ ڈبلیو ایف پی نے 20 جون کو اپنی امدادی کارروائی بند کردی تھیں، انہیں تحفظات تھے کہ خوراک متاثرہ خاندانوں کے بجائے کہیں اور منتقل کی جارہی ہے۔

ڈبلیو ایف پی نے خدشے کے باوجود حاملہ خواتین، غذائی قلت کے حامل بچوں اور بچوں کو دودھ پلانی والی عورتوں کے لیے خوراک کی ترسیل جاری رکھی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ڈبلیو ایف پی نے حوثی جنگجوؤں پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ خوراک چوری کرلیتے ہیں جس کی روک تھام کے لیے بائیو میٹرک رجسٹریشن کا نظام لایا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کے اسٹار بالر ڈیل اسٹین کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

0

کیپ ٹاﺅن : جنوبی افریقہ کے اسٹار بالر ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، اسٹین نے ترانوے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے لیے سب سے زیادہ چار سوانتالیس وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ڈیل سٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم اسٹین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیلئے جنوبی افریقہ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

 پندرہ سال تک طویل فارمیٹ میں تباہ کن بولنگ کرنے والے اسٹین نے ترانوے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے لیے سب سے زیادہ چار سوانتالیس وکٹیں حاصل کیں۔ 36 سالہ فاسٹ باﺅلر ڈیل اسٹین کندھے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ میں شریک نہیں ہوپائے تھے۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تھا، ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سوچنا کہ آئندہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنی بہت ہی خوفناک ہے لیکن کرکٹ ہی نہ کھیل پانا اس سے بھی زیادہ خوفناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج میں کھیل کے اس فارمیٹ سے ریٹائر ہور ہا ہوں جسے میں بہت زیادہ پسند کرتا ہوں، میرے خیال میں ٹیسٹ کرکٹ اس کھیل کا سب سے بہترین ورژن ہے کیونکہ اس میں آپ کا ذہنی ، جسمانی اور جذباتی امتحان ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیل اسٹین نے صرف ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے تاہم وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

ملک بھر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

0

کراچی / لاہور / اسلام آباد : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستانی شہری مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل آئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جارہی ہیں، کراچی تا خیبر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونج اٹھے۔

ریلیوں میں نہتے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس حوالے سے مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کیخلاف ملک بھر میں شہری مودی سرکار سے نفرت کے اظہار کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں ریلی نکالی گئی، اس موقع پر ایم کیو ایم کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پاکستان زندہ باد اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ریلی کے شرکا نے مظلوم کشمیریوں سے یکجتہی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی، مظاہرین نے بھارتی حکومت کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی شہریوں نے کفن پہن کر مودی سرکار کے خلاف نفرت کا اظہار کیا، کفن پوش ریلی میں سول سوسائٹی، تاجر برادری اور دیگر تنظیموں نے شرکت کی، مظاہرین نے کفن پہن کر زمین پر لیٹ کر احتجاج کیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے پر لندن میں بھارت کے خلاف مظاہرہ

علاوہ ازیں اسلام آباد میں بھی شہریوں نے مودی سرکار سے نفرت اور مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، میرپور آزاد کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ جس میں بچوں اور بڑوں کی کثیر تعداد شریک تھی، ریلی میں کشمیر سے محبت اور بھارت سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔

بھارت کا گھناؤنا منصوبہ، آرٹیکل 370 کی منسوخی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

0
UN

نیویارک: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے گھناؤنے منصوبے پر اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارتی اقدام سے پیدا کشیدہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل کا مذاکرات سے حل نکالا جائے، اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرچکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل تمام مسائل کا مذاکرات سے حل پر زور دے چکے ہیں، کشمیر میں عائد پابندیوں سے متعلق آگاہ ہیں، ایل او سی کے اطراف حال ہی میں فوجی نقل وحرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، فریقین تحمل سے کام لیں۔

خیال رہے مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کیلئے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کردیئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصورہوکررہ گئے، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کردیا، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی، اقوام متحدہ کی پاک بھارت سے تحمل کی اپیل

کشمیری رہنما محبوبہ مفتی،عمرعبداللہ اورسجاد لون سمیت دیگر رہنماؤں کوبھی نظربند کردیاگیا ہے اور مقبوضہ وادی میں دفعہ ایک چوالیس نافدکر کےوادی میں تمام تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بنداور لوگو ں کی نقل وحرکت پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن مکمل،82300 عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

0

کراچی : پی آئی اے نے قبل ازحج آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا، آخری پرواز لاہور سے جدہ روانہ ہوئی، تاریخ میں پہلی بار پی آئی اے نے حج آپریشن میں کوئی طیارہ لیز پر حاصل نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کامیابی سے قبل از حج آپریشن مکمل کرلیا، پی آئی اے نے ایک ماہ طویل قبل ازحج آپریشن میں292 پروازوں کے ذریعے82300 عازمین کو سعودی عرب پہنچایا۔

پی آئی اے کی آخری حج پرواز لاہور سے جدہ روانہ ہوئی، پرواز پی کے739 کے400 سے زائد عازمین کو اسٹیشن مینجر افسر زیدی نے رخصت کیا۔

پی آئی اے نے حج آپریشن میں اپنے بوئنگ777 اور ایئربس 320طیاروں کے ذریعے آپریشن مکمل کیا، یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی بار حج آپریشن میں کوئی طیارہ لیز پر حاصل نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے بتایا کہ پی آئی اے نے دس مقامات سے عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جو ایک مشکل مرحلہ تھا، حج آپریشن کی سب سے بڑی کامیابی حال میں کار آمد بنائے جانے والے طیاروں نے نمایاں کردار ادا کیا۔

ایئرمارشل ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ حج کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کیلئے آپریشن17 اگست سے شروع ہو کر14 ستمبر کو اختتام پذیر ہو گا۔

اس سلسلے میں جدہ اور مدینہ کے حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی واپسی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے ایئرپورٹس پر پی آئی اے رضاکار اپنے فرائض انجام دیں گے

کشمیرکی تشویشناک صورتحال پر وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط

0

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیرکی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط ارسال کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

تفصییلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن کی تشویش ناک صورت حال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا ہے۔

خط کے متن میں انہوں نے انٹونیو گوٹیریس کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن کی صورتحال سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کالے قانون کے تحت نہتے کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن نے بھی بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بےنقاب کیا ہے۔

اس کے علاوہ ایل اوسی پر بھارت کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری میں اضافہ ہوا ہے، خط کا متن ہے کہ بھارتی فائرنگ سے شہریوں کی شہادتیں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

صورتحال کا فوری سدباب نہ کیا گیا تو امن وامان کوشدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کامزید 10ہزار سے زیادہ فوجی بھیجنا تشویشناک ہے۔

سری نگر ایئرپورٹ پر خصوصی طیاروں کی نقل و حرکت خدشات کو تقویت دے رہے ہیں، بھارتی اقدامات کشمیریوں کے خوف میں مزید اضافےکا باعث بن رہے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدام سے یو این قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کاعمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے درپے ہے، بھارتی اقدامات مقبوضہ کشمیرسے متعلق یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت کے عزائم سے پورے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ صورتحال کا نوٹس لے کرب ھارت کو ریاستی جبرسے روکے، اقوام متحدہ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن تشکیل دے جو مقبوضہ کشمیر کے حالات کا جائزہ لے، پاکستان اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر کی تعیناتی کامطالبہ کرتا ہے۔