17.5 C
Dublin
بدھ, مئی 22, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 16623

دبئی کی ہائپرمارکیٹ میں ہولناک ٹریفک حادثہ

0

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی ہائپر مارکیٹ کے پارکنگ ایریا میں ہولناک حادثہ رونما ہوا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہائپر مارکیٹ یونین کوپ کی جانب سے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پارکنگ ایریا کے ایک آؤٹ لیٹ کے پاس حادثہ پیش آیا تاہم اس میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

حادثہ تین کاروں کے درمیان ہائپر مارکیٹ کی ام سقیم برانچ میں منگل کے روز پیش آیا، ہائپر مارکیٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واضح کیا کہ حادثے میں کوئی انجری رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔

شاپنگ مال انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں بلیک کار سیدھے ہاتھ سے پارکنگ ایریا میں داخل ہوتی نظر آرہی ہے، اس کے بعد ایک گاڑی اور اندر آتی ہے تو پیچھے سے تیسری گاڑی کار کو گھسیٹتے ہوئے آگے لے جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، دو پاکستانی سمیت 17 ہلاک

دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ پہلے ڈرائیور کی جانب سے ایکسی لیٹر پر غلطی سے پیر رکھنے کی وجہ سے پیش آیا، پولیس نے تصدیق کی کہ حادثے کے نتیجے میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا ہے۔

پولیس نے موٹریز کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط برتیں اور موٹرویز پر بھی اسپیڈ لمٹ کا خیال کیا جائے۔

کراچی : مخدوش عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، دو بچیاں زخمی

0
چھت گرنے سے

کراچی : کھارادر مچھی میانی مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی 2 کم سن بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارا در میں ایک مخدوش عمارت کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں عمارت میں رہائش پذیر خاندان اس کی زد میں آگیا.

حادثے میں میاں بیوی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ان کی دوبیٹیاں شدید زخمی ہوگئیں، اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس، پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور علاقہ مکینوں کی مدد سے امدادی کام شروع کیا۔

رضا کاروں نے ایک الماری کے نیچے دبی دو بچیوں کو بحفاظت نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔ بچیوں کی شناخت 10 سالہ زینب دختر اکرم اور 8 سالہ ثنیعہ کے نام سے ہوئی ہیں۔

ایک گھنٹے بعد بچیوں کے والد 35 سالہ محمد اکرم کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

آدھے گھنٹے بعد پولیس نے اکرم کی اہلیہ30 سالہ نازیہ کو بھی نکال لیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی بھی تصدیق کر دی۔

متوفی محمد اکرم کا موت سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ محنت مزدوری کر کے بمشکل اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، کرائے کا گھر لینے کے لیے ان کے پاس رقم نہیں ہے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کو مخدوش قرار دینے کے باجود خاندان غربت کے باعث رہائش پذیر تھا۔

ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے: گورنر سندھ

0
عمران اسماعیل

واشنگٹن: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا  ہے کہ ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ امریکا کے موقع پر واشنگٹن میں کیا. یہ ان کےدورے کا دوسرے دن تھا.

گورنر سندھ عمران اسماعیل یوایس اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ پہنچے، انھوں‌ نے کامرس، ٹریڈ، یو ایس ایڈ اور دیگر امورپراجلاس کی صدارت کی، پاکستان امریکا میں 60 بلین ڈالرکی ٹریڈ کو مزید بہتر بنانے پرتبادلہ خیال ہوا.

گورنر سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا ٹریڈ مستحکم کرنا ہماری ترجیح ہوگی، ٹریڈ دونوں ممالک میں تعلقات کو استحکام دیتا ہے.

مزید پڑھیں: کراچی میں لٹکتے بجلی کے تاروں کو ختم کریں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

ان کا کہنا تھا کہ ٹریڈ شرائط آسان بنا کر دونوں ممالک مستفید ہو سکتے ہیں، 6 بلین ٹریڈ کے استحکام کے لئے وزیر اعظم کی ہدایت پرامریکا آیا ہوں.

گورنر سندھ نے کہا کہ آسان ٹریڈ سے ہی دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ ہوگا، ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے.

گورنرسندھ کی یو ایس ٹی ڈی اے، اوپک کے وفود سے ملاقات ہوئی، گورنرسندھ نے یوایس ایڈ،یوایس ٹی آر کے وفود سے بھی تفصیلی ملاقات کی، گورنر سندھ پاکستانی سفیراسد مجید کی دعوت پر ظہرانے میں شریک ہوں گے.

شہزادی شارلٹ کے اسکول کا پہلا دن، والدین کی نیک تمنائیں

0

لندن: برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کی بیٹی نے آج تعلیم کے حصول کے لیے اسکول کا رخ کیا، والدین نے شارلٹ کو خوشگوار موڈ‌ میں‌ اسکول چھوڑا۔

ڈیلی مرر کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ کی بیٹی شہزادی شارلٹ نے آج پہلی بار اسکول میں قدم رکھا، کیٹ مڈلٹن اور والد شہزادہ ولیم نے انہیں حصول علم کے جاری سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہزادی شارلٹ نے ٹھامس بیٹرسی اسکول میں اپنے بڑے بھائی شہزادہ جارج کو جوائن کیا۔

والدین کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار کے بعد شارلٹ نے اپنے نئے کلاس میٹس کو جوائن کیا اور ڈیسک پر بیٹھ کر کچھ انتہائی دلچسپ مضامین کا انتخاب کیا۔

اسکول ویب سائٹ اسٹیٹس کے مطابق ہم سمجھتے ہیں کہ ابتدائی سالوں کا فاؤنڈیشن مرحلہ سیکھنے کی طرف مثبت رجحان پیدا کرنے میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: شاہی شادی میں ننھی شہزادی شارلٹ دلہن کا لباس زیب تن کریں گی

اسکول ویب سائٹ میں کہا گیا کہ اسکول کے ابتدائی سال میں بچے بہت کچھ سیکھتے ہیں، کچھ کری ایٹو، پرابلم حل کرتے ہیں، اچھے تعلقات بناتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں۔

اسکول کے ابتدائی سال میں اساتذہ کی جانب سے بچوں کو سپورٹ کیا جاتا ہے اور مختلف سرگرمیاں متعارف کرائی جاتی ہیں تاکہ کھیل کود میں بچے پڑھ بھی سکیں۔

شہزادی شارلٹ کو اسکول میں پرسنل، سوشل، ایموشنل ڈیولپمنٹ، کمیونی کیشن اور لینگویج، فزیکل ڈیولپمنٹ، لٹریسی، حساب اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کے حوالے سے سکھایا جائے گا۔

آئندہ چند دنوں میں ہم نے چند ایسی چیزیں ذہن میں رکھی ہیں جو ننھی شہزادی سیکھ لیں گی، شہزادی شارلٹ کو اسکول میں لوگوں کی مدد کرنا، کتابیں پڑھنا، رائٹنگ اور دیگر کھیلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی

0

اسلام آباد: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی، دونوں ممالک نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔

تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی اور یو اے ای وزرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور شیخ عبد اللہ بن زاید بن سلطان النہیان نے وزیر اعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آؤٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے، نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا، انھوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:  امارات اور سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال

انھوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی اقدامات کو واپس کرنے کے لیے دباؤ ڈالے، بھارت کی جارحانہ پالیسی کو ختم کرنے کے لیے بھی دباؤ ڈالا جائے، سعودی عرب، یو اے ای اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات یو این سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت کشمیر سے دنیا کی نظریں ہٹانے کے لیے جھوٹا آپریشن بھی کر سکتا ہے، بھارتی اقدامات خطے میں امن اور سیکورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔

دریں اثنا، سعودی اور یو اے ای وزرائے نے کہا کہ وہ اپنی قیادت کی ہدایات کے مطابق پاکستان آئے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی، انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں خطے میں امن کے ماحول اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ حکومت کا اہم ترین پراجیکٹ ہے: وزیر اعظم

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا سب سے اہم پراجیکٹ ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا. اس موقع پر معاون خصوصی زلفی بخاری، ندیم افضل چن اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی موجود تھے.

اس اجلاس میں‌ چیئرمین، سیکریٹری ہاؤسنگ اتھارٹی اور چیئرمین سی ڈی اے نے بھی شرکت کی. وزیراعظم کوہاؤسنگ منصوبے کے لئے سرکاری زمین کے استعمال کی پالیسی پر بریفنگ دی.

ساتھ ہی قصر ناز کراچی، چمبہ ہاؤس لاہور، کشمیر پوائنٹ پراراضی بروئے کار لانے کے معاملے پر مشاورت ہوئی۔

مزید پڑھیں: جی آئی ڈی سی کی مد میں معاف کیے گئے واجبات کا آرڈیننس واپس لے لیا گیا

وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ منصوبے سے رہائشی سہولت، معاشی سرگرمیوں میں تیز ی آئے گی، ہاؤسنگ، تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کریں گے

ان کا کہنا تھا کہ سہولیات کی فراہمی سے تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے گا، یہ ہمارا اہم ترین منصوبہ ہے.

اجلاس میں منصوبے سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم نے اس ضمن میں ہدایت جاری کیں.

کراچی کے کچرے سے پریشان خاتون بھڑک اٹھیں، ویڈیو وائرل

0

کراچی: شہر قائد میں کچرے پر پریشان خاتون بھڑک اٹھیں، سندھ حکومت، کے ایم سی، ایم کیو ایم سب کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف شہروں میں کچرے کے ڈھیر سے پریشان حال خاتون نے اپنی دل کی خوب بھڑاس نکالی اور پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ہم لڑکیاں ہیں ان کچرے کے ڈھیروں سے روز گزرتے ہیں حکومت کوئی نوٹس نہیں لیتی ہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کوئی کراچی کی حالت کی ذمہ داری لینے کو تیارنہیں ہے ان سب نے ہم کو پاگل بنا کر رکھا ہوا ہے۔

غصے سے بپھری خاتون نے کہا کہ وہ کہتا ہے میں کام نہیں کروں گا تو دوسرا کہتا ہے میں کام نہیں کروں گا تو پھر کراچی میں کام کون کرے گا۔

خاتون نے کہا کہ ہم خواتین ہیں ہمارا حشر دیکھیں ان کچرے کے ڈھیروں کی وجہ سے ہمارے گھر والے ہمارے لیے پریشان ہیں، شہر میں یہ ہوکیا رہا ہے کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے۔

واضح رہے کہ چند سال قبل کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ پر ایک خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو کہہ رہی تھیں کہ ’یہ سب مل کر ہم کو پاگل بنارہے ہیں۔‘

یاد رہے کہ حالیہ دنوں کی بارش کے بعد کراچی میں صفائی کی صورت حال اور ابتر ہوگئی ہیں، وسیم اختر سندھ حکومت سے اختیارات کا کہتے نظر آتے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کہتی ہے وسیم اختر کی نیت ٹھیک نہیں ہے۔

پاک سعودی عرب کے تعلقات کا دیگر ممالک سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا، شاہ محمود قریشی

0
شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا دیگر ممالک سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا، او آئی سی اجلاس بلانے کیلئے سعودی عرب اور یواےای کی حمایت اہم ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یواےای کے وزرائے خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ فیصلے پربات چیت ہوئی، وزیراعظم نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پرزوردیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات الگ ہی نوعیت کے ہیں، پاکستان،سعودی عرب تعلقات کا دیگرممالک سے موازنہ کیاہی نہیں جاسکتا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے اسٹریٹجک تعلقات ہیں، او آئی سی اجلاس بلانے کیلئے سعودی عرب،یواےای کی حمایت اہم ہے۔

شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی سائیڈ لائن میں او آئی سی کشمیر کانٹکٹ گروپ کا اجلاس ہوگا، پاکستان او آئی سی کے کردار کو نمایاں دیکھنا چاہتا ہے۔

بھارت کے 5اگست کےا قدامات غیر قانونی ہیں، او آئی سی کے اجلاس میں یو اے ای اور سعودی عرب کا اہم کردار ہوگا، سعودی عرب، یو اےای مندوبین جنیوا میں پاکستان کی حمایت کریں گے۔

حوالات میں ملزمان سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ہوگا: عثمان بزدار

0

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالات میں ملزمان سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس رویوں میں بہتری لا کر ہم تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے، پولیس کو سائل کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیے، پنجاب پولیس کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں نے پولیس کے محکمے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، ہم اس میں موجود خامیوں کو درست کر کے عوام دوست پولیس نظام لائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت پولیس نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھا رہی ہے، پولیس میں کرپٹ افسروں اور اہل کاروں کی رتی بھر گنجایش نہیں، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پولیس حراست میں صلاح الدین کی ہلاکت، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

واضح رہے کہ چند دن قبل گوجرانوالہ میں پولیس نے اے ٹی ایم توڑ کر پھنسے ہوئے کریڈٹ کارڈ چرانے والے ایک ایسے چور کو پکڑا تھا جس کے بارے میں اس کے والد کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی معذور تھا۔

مذکورہ چور صلاح الدین بعد ازاں پولیس کی حراست میں جاں بحق ہوا، اس کے والد نے بیٹے کے قتل کا مقدمہ پولیس اہل کاروں کے خلاف درج کروایا۔

غیرقانونی طریقے سے بچوں کی ویڈیو حاصل کرنے پر گوگل کو بھاری جرمانہ عائد

0

نیویارک: سرچ انجن گوگل پر نیویارک میں بچوں کی ویڈیوز غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی دنیا میں منفرد اور اہم شناخت بنانے والی کمپنی گوگل پر یوٹیوب سے بچوں کی ویڈیوز غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے پر(170 ملین ڈالر) 12 کروڑ 24 لاکھ 3 ہزار 383 ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل چائلد پرائیویسی قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی ادائیگی کے لیے راضی بھی ہوگیا ہے، گوگل کے خلاف فیڈرل ٹریڈ کمیشن اور نیویارک کے اٹارنی جنرل کی جانب سے چائلڈ پرائیویسی کی خلاف ورزی بے نقاب کی گئی تھی۔

گوگل پر الزام تھا کہ انہوں نے یو ٹیوب سے بچوں کی غیرقانونی طریقے سے حاصل کرکے بھاری منافع کمایا اور اس اقدام کے لیے بچوں کے والدین کی اجازت لینا بھی ضروری نہیں سمجھا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ انجن اپنے اس اقدام پر 136 ملین یوٹیوب اور 34 ملین ڈالر اسٹیٹ آف نیویارک کو ادا کرے گا۔

ایف ٹی سی اور سی او پی پی اے قانون کانگریس کی جانب سے 1998 میں منظور کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: فرانس نے گوگل پر 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا

ایف ٹی سی کے چیئرمین جوئی سمنز نے گوگل کی جانب سے معاملات طے کرنے کے لیے ووٹ دیا، یوٹیوب قانون کی خلاف ورزی پر کوئی عذر قبول نہیں کیا گیا۔

کوپا قانون کے مطابق سائٹس اپنے ڈیٹا کو شیئر کرنے کے حوالے سے 13 اور اس سے بڑے بچوں کی ویڈیو کو غیرقانونی طور پر استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

یو ٹیوب کا کہنا تھا کہ گوگل سرچ انجن اور دیگر ویب سائٹ پر اس طرح کے اقدامات کے حوالے سے خصوصی نظر رکھی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس کی جانب سے گوگل پر معلومات کی فراہمی میں ناکامی پر 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

فرانس کے مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے 5 کروڑ ڈالر سے زائد رقم کا جرمانہ اس لیے عائد کیا گیا کیوں کہ گوگل اپنی پالیسی کے مطابق معلومات فراہم نہیں کرسکا تھا۔