اتوار, جون 23, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 16624

بابری مسجد کیس، 40 دن سے جاری سماعت آج ختم ہونے کا امکان

0

نئی دہلی: چالیس دن سے جاری بابری مسجد کیس کی سماعت بھارتی سپریم کورٹ میں آج ختم ہونے کا امکان ہے۔

تصیلات کے مطابق بابری مسجد سے متعلق سماعت آج ختم ہوجائے گی تاہم کیس کا فیصلہ17نومبر سے قبل سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجن گگوئی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے سے متعلق کیس میں فریقین 18 اکتوبر تک دلائل مکمل کرلیں، تاہم اب سماعت آج ختم ہونے کا امکان ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ بابری مسجد، رام مندر زمینی تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا ہے جس کی سربراہی چیف جسٹس راجن گگوئی کر رہے ہیں۔

راجن گگوئی کی مدت ملازمت 17 نومبر میں ختم ہونے جا رہی ہے اور ایسی صورت حال میں ان کی جانب سے دی گئی کیس کی ڈیڈ لائن بہت زیادہ اہمیت کی حامل تھی۔

بابری مسجد کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں سنانے کا حکم

بھارتی چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے 4 ہفتوں میں کیس کا فیصلہ سنا دیا تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ کے بینچ کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ دیوالی کی چھٹیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے فریقین اپنے دلائل 18 اکتوبر تک مکمل کرلیں۔

واضح رہے کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے سے متعلق کیس میں فریقین کے مسئلے کے حل کے لیے کسی نقطے پر متفق نہ ہونے کے بعد 6 اگست کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ قائم کیا گیا تھا۔

والدہ کی نافرمانی کرنے پر بیٹے کو جیل کی ہوا کھانی پڑگئی

0

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں والدہ کی نافرمانی کرتے ہوئے طعنے دینے پر بیٹے کو جیل کی ہوا کھانی پڑگئی۔

تفصیلات کے مطابق ریاست فجیرہ کی ایک عدالت نے والدہ کو گھر سے نکالنے کی دھمکیاں دینے اور انہیں نائٹ کلب میں جاکر ڈانس کرنے کے طعنے دینے پر جیل بھیج دیا۔

عرب اخبار ’خلیج ٹائمز‘ کے مطابق عدالت نے جس شخص کو جیل بھیجا اس پر الزام تھا کہ وہ والدہ کی نافرمانی کرتے ہوئے ان پر بے بنیاد الزامات عاید کرتا تھا۔

نافرمان بیٹے کی والدہ نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے بیٹے پر کم سے کم 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

والدہ کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد بیٹے نے عدالت میں پیش ہوکر ماں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے والدہ کی نافرمانی نہیں کی۔

بیٹے نے عدالت کو بتایا کہ ان کی والدہ اور والد کے درمیان طلاق کے حوالے سے عدالت میں کیس زیر سماعت ہے اور وہ اس کیس میں اپنے والد کی حمایت کرتے ہیں۔

بیٹے کا کہنا تھا کہ ماں نے ان پر جھوٹا الزام لگایا، کیوں کہ وہ نہیں چاہتیں کہ میں اپنے والد کی طرفداری کریں۔ بیٹے کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والی خاتون کے مطابق بیٹا ان سے گھر سے نکل جانے کی دھمکیاں دینے سمیت انہیں ’نائٹ کلب‘ میں جاکر ڈانس کرنے کے طعنے دیتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ والدہ کو نائٹ کلب میں جاکر ڈانس کرنے کے طعنے دینے والے بیٹے اور خاتون کی شہریت گلف ممالک کی ہے اور عدالت نے بیٹے کو والدہ کی تذلیل کرنے کا مجرم قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے بیٹے کو مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں ایک ماہ تک جیل بھیج دیا۔خاتون کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ نافرمان بیٹے پر 50 ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے، تاہم عدالت نے بیٹے کو صرف جیل بھیج دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی روضہ رسول ﷺ پرحاضری اور نوافل کی ادائیگی

0

مدینہ منورہ : وزیراعظم عمران خان سعودی دارالحکومت ریاض سے مدینہ منورہ پہنچ کر روضہ رسول ﷺپر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کئے، جس کے بعد پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت سے مشاورتی عمل کے بعد وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے تو مدینہ ایئرپورٹ پر گورنرشہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی میں روضہ ر سولؐ پر حاضری دی ، نوافل ادا کئے اور پاکستان کی ترقی، امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان مدینہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔

یاد رہے وزیراعظم نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سےملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی،دوطرفہ تعلقات،علاقائی اموراورخطےکی صورتحال پرگفتگو ہوئی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کواہمیت دیتا ہے، حرمین کے تقدس اورحرمت کیلئے پاکستانی قوم یک آوازہے۔

مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیرکی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور خطہ میں قیام امن کی کوششوں پراپنے خیالات کا اظہارکیا۔

اس سے قبل پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان وفود کی سطح پر سعودی عرب اورایران میں جاری تنازعے کےممکنہ حل پرمشاورتی عمل ہوا، عمران خان نے پاکستانی اورمحمدبن سلمان نے سعودی وفد کی قیادت کی ، وزیراعظم ایرانی قیادت سے ملاقاتوں پر محمد بن سلمان کو اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی ، جس میں ایران سعودی عرب کشیدگی اورخطےکی صورتحال پربات چیت کی گئی اور دورہ ایران کےدوران ہونےوالی اہم ملاقاتوں پربھی تبادلہ خیال ہوا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، معاون خصوصی زلفی بخاری اوراعلی حکام بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

خیال رہے وزیراعظم سعودی عرب اورایران میں کشیدگی کم کرانےکی کوشش کررہے ہیں ، اس سلسلے میں عمران خان اتوارکوایران کادورہ بھی کرچکے ہیں۔

ترک صدر نے شام میں آپریشن روکنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا

0

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے مشرقی شام میں بڑے پیمانے پر جاری فوجی آپریشن ختم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی نہیں کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردوان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے عائد پابندیوں سے خوفزدہ نہیں، کرد جنگجوؤں کے خلاف فوجی کارروائیاں شام میں جاری رہیں گی۔

انہوں نے واشنگٹن حکام کو واضح کردیا کہ ترکی اقتصادی پابندیوں کے باعث دباؤ میں نہیں آئے گا، اپنے مقصد کے حصول کے لیے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ترکی کی جانب سے سرحد سے متصل شامی علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی جاری ہے، ترکی اپنی سرحد سے شام کے اندر بیس میل تک محفوظ علاقہ قائم کرکے شامی مہاجرین کو بسانا چاہتا ہے۔

ترکی کی معیشت کو فوری تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں، امریکی صدر

خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا حکم نامہ جاری کیا ہے، امریکا نے ترک وزیردفاع، وزیرداخلہ اور وزیرتوانائی پر پابندی عائد کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔

پاکستان کشمیر میں انکوائری کمیشن قائم کرنے کی سفارش کا حامی ہے: ملیحہ لودھی

0

نیویارک: ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق ہائی کمشنر اپنی رپورٹس کی روشنی میں کردار ادا کرے، پاکستان کشمیر میں انکوائری کمیشن قائم کرنے کی سفارش کا حامی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق پر بحث کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ہورہا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انسانی حقوق ہائی کمشنر کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔ ملیحہ لودھی نے انسانی حقوق ہائی کمشنر کے کشمیر پر موقف پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کمشنر کی بھارتی اقدامات کی مذمت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ دریں اثنا اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی سربراہ میشل بیچلیٹ کے ساتھ نشست میں ملیحہ لودھی نے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا۔

کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت سلامتی کونسل نے دیا ہے، ملیحہ لودھی

انہوں نے بتایا کہ میشیل بیچلیٹ اکیلی نہیں جنہوں نے کشمیر کے لیے آواز اٹھائی، سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں نے بھی بھارتی مظالم کے خلاف بیانات دیے، عالمی میڈیا نے بھی بھارتی بربریت کے خلاف آواز اٹھائی۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی میں مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بھارتی ظلم کا حساب مانگے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کی عالمی قوانین دلانے چاہئیں، بچوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش بھی شریک جرم ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایران اور امریکا میں سہولت کاری کے لیے کہا: وزیر اعظم

0
عمران خان کے چین

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں ایران اور امریکا کے درمیان سہولت کاری کے لیے کہا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب روانگی سے قبل عالمی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا امریکی صدر کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جنگ پر یقین نہیں رکھتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دورۂ ایران میں صدر حسن روحانی سے اس سلسلے میں بھی بات کی ہے، میرا خیال ہے دونوں ملک بات چیت سے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کے ساتھ علاقائی امن کی خاطر خطے میں اختلافات ختم کرنے پر گفتگو کی، اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔

قبل ازیں، اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے تہران کا بھی ایک روزہ دورہ کیا تھا، دوروں کا مقصد ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا دونوں ممالک کے تنازع کی وجہ سے خطے اور دنیا کو نقصان ہوگا کیوں کہ تیل کی قیمتیں بڑھیں گی، خلیج کی موجودہ صورتحال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

’’بھارت لائن آف کنٹرول پر ممنوعہ ہتھیار استعمال کررہا ہے‘‘

0

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر ممنوعہ ہتھیار استعمال کررہا ہے، کلسٹر اور کھلونا بموں کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے آج 3قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت ایل اوسی پرممنوعہ ہتھیار استعمال کررہاہے، کلسٹراور کھلونا بموں کااستعمال عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایل او سی پربھارتی فوج معصوم شہریوں کوٹارگٹ کررہی ہے۔

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جنونیت، ایک ہی خاندان کے تین افراد شہید، دو بچے بھی شامل

اُن کا کہنا تھا کہ ایل اوسی پرگڑبڑ سےکشمیرکےحالات سےتوجہ ہٹائی نہیں جاسکتی، پاکستانی قوم،سیاسی جماعتیں،کشمیر سے متعلق ایک نقطے پر متفق ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر پر گولہ باری کی، دشمن فوج کا فائر کردہ مارٹر گولہ ایک مکان پر گرا جس کے باعث 10 سالہ حیدر، گیارہ سالہ مریم اور غلام محمد شہید ہوئے، تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

علاوہ ازیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے آمنہ بی بی، سفینہ بی بی اور نصیب جان زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

جامعہ اردو : طلبہ تنظیم کے کارکنان کا وائس چانسلر پر تشدد

0

کراچی: شہر قائد واقع جامعہ اردو کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین پر طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے تشدد کیا اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز انور خان کے مطابق جامعہ اردوکےوائس چانسلرڈاکٹرالطاف حسین پرطلبہ تنظیم کےکارکنوں نے تشدد کیا اور انہیں گاڑی سے اتار کر گھسیٹا۔

جامعہ اردو کے اساتذہ نے وائس چانسلر پر ہونے والے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تمام کیمپسز میں ہونے والی کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ انجمن اساتذہ نے الطاف حسین پر ہونے والے تشدد کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پورے معاملے میں پولیس نے غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔

انجمن اساتذہ (عبدالحق اور گلشن کیمپس) نے کل اجلاس طلب کیا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تشدد میں ملوث طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق جامعہ اردو یونیورسٹی انتظامیہ کے افسران عزیز بھٹی تھانے مقدمہ درج کرانے پہنچے تاہم چار گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی طلبہ تنظیم کے خلاف پرچہ کٹ نہ سکا۔

کراچی: 20 افراد کو کاٹنے والے پاگل کتا رینجرز اہل کاروں نے ٹھکانے لگا دیا

0

کراچی: شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں دو دن قبل ایک سب انسپکٹر سمیت 20 افراد کو کاٹنے والا پاگل کتا آخر کار رینجرز اہل کاروں نے ٹھکانے لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایف سی ایریا میں ایک پاگل کتے نے بیس افراد کو کاٹ کر شدید خوف پھیلا دیا تھا، مدد کے لیے آنے والا سب انسپکٹر بھی نہ بچ سکا، رینجرز اہل کاروں نے آخر کار اسے مار دیا۔

ادھر عزیز آباد بلاک ٹو میں بھی کتوں کے حملوں میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جس کے بعد شہریوں نے آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کا پرزور مطالبہ کر دیا ہے۔

14 اکتوبر کو پاگل کتے کے کاٹنے کے واقعات کے بعد ایف سی ایریا کی وسطی مسجد علاقے کے مکین خوف سے گھروں میں محصور ہو گئے تھے، جب کہ انتظامیہ کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  پاگل کتے کے کاٹے سے سب انسپکٹر سمیت 12 افراد اسپتال پہنچ گئے

یاد رہے کہ چند دن قبل کراچی کے علاقے قائد آباد میں کتے کو مارنے والے اناڑی پولیس اہل کار نے بچی کو زخمی کر دیا تھا، کتے نے بچوں پر حملہ کیا تو نامعلوم پولیس اہل کار نے اس پر گولی چلائی جس سے کتا تو مر گیا لیکن گولی واپس ہو کر بچی کو بھی لگ گئی جس سے وہ زخمی ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر صوبے بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک دیا تھا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، جب کہ رے بیز سے اموات کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے، جس پر حکومتی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے، دوسری طرف کتے کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی کا مسئلہ بھی موجود ہے۔

سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

0

لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا بھی اعتراف کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ چونیاں سے متعلق تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، ملزم سہیل سے ایک اور قتل کی کڑیاں جا ملیں، ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک اور بچے کا قتل بھی کیا ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ 6 جون 2016 کو رانا ٹاؤن میں 8 سالہ عبدالحمید کی لاش نالے سے ملی تھی، بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ بھی درج ہوا تاہم ملزم گرفتار نہ ہو سکے تھے، اب سہیل شہزاد نے عبدالحمید کو اغوا کرنے اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

ملزم نے تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے قتل کرنے کے بعد عبدالحمید کی لاش نالے میں پھینک دی تھی، ایس پی انویسٹی گیشن قصور کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش ابھی جاری ہے، میڈیا کو نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا تھا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کیں، اس نے بتایا کہ اس نے اکیلے سارے قتل کیے، بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیا کرتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے، حیوانیت جاگنے پر جو بچہ سامنے آتا تھا اسے نشانہ بنا لیتا تھا۔