جمعرات, مئی 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 18523

طالبان قیدیوں کی باضابطہ رہائی 31 مارچ سے شروع ہوگی

0

کابل: امریکا اور طالبان میں قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ طالبان قیدیوں کی باضابطہ رہائی 31 مارچ سے شروع ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان قیدیوں کی شناخت کے لیے ایک وفد بگرام جیل بھیجا جائے گا، قیدیوں کی رہائی اکتیس مارچ سے شروع ہو جائے گی، اس سلسلے میں ویڈیو کانفرنس پر مذاکراتی عمل 5 گھنٹے جاری رہا جس میں امریکا، ریڈ کراس اور افغان حکام نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں 23 مارچ کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی کابل پہنچے تھے، انھوں نے افغان صدر اور دیگر قیادت سے ملاقاتیں، جن میں امریکا، طالبان معاہدے، افغان سیکورٹی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔

افغان طالبان نے 5ہزار قیدیوں کی فہرست امریکا کو دے دی

بعد ازاں زلمے خلیل زاد نے ٹویٹ میں کہا کہ آج (پیر کو) افغان قومی حکومت اور طالبان کے درمیان اسکائپ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پہلا رابطہ ہوا، فریقین میں قیدیوں کے تبادلے کے لیے تکنیکی معاملات پر بات چیت ہوئی، اس سلسلے میں امریکا اور قطر نے سہولت کاری کی۔

امریکی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ سب سمجھتے ہیں کرونا وائرس کا خطرہ قیدیوں کی جلد رہائی کا متقاضی ہے، قیدیوں کی رہائی انسانی بنیادوں پر بھی سخت ضروری ہے۔

ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ بات چیت افغانستان اور طالبان کی ٹیکنیکل ٹیموں کے درمیان ہوئی، دیگر معاملات پر بین الافغان مذاکرات میں بات کی جائے گی۔ خیال رہے کہ 23 مارچ کو جہاں افغانستان میں قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں اہم مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا وہاں افغان صوبے فریاب میں افغان فورسز نے ایک کارروائی میں 2 طالبان کمانڈر ہلاک جب کہ 3 زخمی کر دیے تھے، افغان میڈیا کا کہنا تھا کہ فورسز نے طالبان کے حملے کے بعد جوابی کارروائی کی تھی، جس میں طالبان کمانڈر منہاج اور ملا فرقانی ہلاک ہوئے۔

کرونا وائرس : اٹلی میں ہلاکتیں 7503 تک پہنچ گئیں

0

روم : کرونا وائرس سے چین کے بعد سب سے متاثر ملک اٹلی میں بالآخر اموات میں کمی آنا شروع ہوئی ہے اس کے باوجود اٹلی میں اب تک وائرس سے ہونے والی اموات 7503 تک پہنچ چکی ہیں جبکہ 74 سے زائد افراد مریض ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس چین سے زیادہ اٹلی میں لوگوں کی اموات کا باعث جہاں 683 مزید ہلاکتوں کے بعد اب تک ساڑھے 7 ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، اور گزشتہ کئی روز سے اٹلی میں لاک ڈاؤن ہے تاکہ کرونا وائرس کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اٹلی میں اموات کی شرح میں کمی تو واقع ہوئی ہے لیکن اب بھی وہاں نئے کیسز تیزی سے رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ لوگوں کے زندگی کی بازی ہارنے کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے۔

حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اٹلی کی ایک تھری ڈی پرنٹنگ کمپنی کے انجینئرز ’’ڈائیونگ ماسک‘‘ کی مدد سے خصوصی وینٹی لیٹرز تیار کر رہے ہیں جو مہلک کروناوائرس سے لڑنے کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔

خیال رہے اٹلی میں صورتحال چین سے زیادہ بدتر ہوگئی ہے، کرونا وائرس کے باعث لاشوں کے انبار لگ گئے جبکہ اسپتالوں میں بستر اور قبرستانوں میں دفنانے کیلئے جگہ نہ بچی، اطالوی نرسوں کا کہنا ہے تھک گئے ہیں، اب مزید لاشیں نہیں گن سکتے۔

خیال رہے دنیا کے 198 ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ چار لاکھ 71 ہزار سے زائد متاثر ہیں اور وائرس سے اب تک ایک لاکھ 14 ہزار 703 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کیا اخبارات کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں؟

0

نئی دہلی: اخبارات کی اشاعت سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ اخبار کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب نہیں بن سکتے لہٰذا اس حوالے سے خدشات بالکل بے بنیاد ہیں۔

مقامی میڈیا میں شائع اخبارات کی تقسیم و ترسیل سے منسلک ایک تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اخباروں کی پرنٹنگ اور پیکجنگ میں انسانی مداخلت کم ہوتی ہے اور تمام کام مشینوں کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں۔

یہ وضاحت اس وقت دی گئی ہے جب ایسی خبریں سامنے آئیں کہ کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے تحت بھارت میں لاکھوں افراد نے اپنے گھروں میں اخبار کی ترسیل بند کروا دی۔

بیان میں کہا گیا کہ ایسے مواقعوں پر اخبار حالات سے باخبر رہنے کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں لہٰذا لوگوں کو اس کی ترسیل جاری رکھوانی چاہیئے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے بھی کہا ہے کہ اگر کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی شخص کسی چیز کو چھوئے تو اس شے سے کرونا پھیلنے کا امکان کم ہوتا ہے کیونکہ اس کا انحصار اس شے کی ساخت اور باہر کے درجہ حرارت پر ہوتا ہے۔

انٹرنیشل نیوز میڈیا ایسوسی ایشن کے سربراہ ارل جے وکنسن کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی بھی ایسا کیس رپورٹ نہیں ہوا جس میں کسی شخص میں اخبار کے ذریعے وائرس منتقل ہوا ہو۔

ان کے مطابق اگر وائرس کسی جاندار شے پر رہے تو وہاں اس کے زندہ رہنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے، علاوہ ازیں اخبار کی سیاہی اور اس کی پرنٹنگ کا عمل بھی اسے جراثیم سے پاک کردیتا ہے۔

اخبار کی اشاعت سے منسلک ایک ادارے کا کہنا ہے کہ اخبار کی اشاعت ڈیزائنرز کے ذریعے ہوتی ہے جو ڈیجیٹل طریقہ کار سے خبروں کو کاغذ پر منتقل کرتے ہیں، اس کے بعد پرنٹنگ کے عمل میں تمام مشینیں خود کار طریقے سے ان کو شائع کرتی ہیں۔

ادارے کے مطابق اخباروں کی منتقلی، تقسیم اور ترسیل کے عمل میں جو افراد شامل ہیں انہیں اس وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے سینی ٹائزڈ کیا جارہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 1102 ہوگئی، 21 مریض صحتیاب

0

اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اکیس ہوگئی جبکہ ملک بھر میں1102افراد کورونا وائرس سے متاثر اور آٹھ اموات ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نےکوروناکےتازہ اعداد وشمار جاری کردیئے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ  پاکستان میں کوروناوائرس کےمریضوں کی تعدادایک ہزار102ہوگئی ۔

اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ417 افراد وبا سے متاثر ہیں ،پنجاب میں323،بلوچستان میں117 ، گلگت بلتستان میں84،کےپی میں121 ،اسلام آباد میں25 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پچاس کیس رپورٹ ہوئے، پاکستان میں کوروناوائرس کے21مریض صحت یاب ہوچکے جبکہ وائرس سےانتقال کرجانےوالوں کی تعداد8ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر  کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوروناوائرس کے زیرعلاج پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

خیال رہے پاکستان کی کوروناوائرس کیخلاف جنگ فیصلہ کن مرحلےمیں داخل ہوگئی ہے ، پاک فوج ملک کے طول وعرض میں متحرک ہےاور  سول انتظامیہ کی معاونت کے ساتھ عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

پاک فوج نے تمام وسائل، بیشتر اثاثے اور افرادی قوت وقف کردی ہے اور  پاک آرمی کے فیلڈ اسپتال،  ڈاکٹر، لیبارٹریز عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں جبکہ  پاک آرمی طبی آلات،  حفاظتی و ضروری اشیا میں بھرپورتعاون کررہی ہے۔

کرونا وائرس نے امریکی پولیس کی جرائم قابو کرنے کی صلاحیت متاثر کر دی

0

نیویارک: نئے اور مہلک وائرس COVID 19 نے امریکی پولیس کو بھی گھیر لیا ہے، جس کی وجہ سے امریکا میں جرائم کو قابو میں رکھنے کی پولیس کی صلاحیت متاثر ہونے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مشی گن اسٹیٹ کے سب سے بڑے شہر ڈیٹرائٹ میں کرونا وائرس سے 3 پولیس اہل کار ہلاک ہو چکے ہیں، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے 211 اہل کاروں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ لاس اینجلس پولیس کے 8 افسران کو بھی وائرس لاحق ہو چکا ہے جن میں 2 اعلیٰ پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ امریکی پولیس کی کارکردگی مفلوج ہوتی جا رہی ہے کیوں کہ تیزی کے ساتھ پولیس اہل کاروں میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے اور آئے دن اہل کار وائرس سے بیمار پڑتے جا رہے ہیں، اس صورت حال میں سڑکوں پر پولیس فورس کی کمی کا شدید خطرہ سر پر منڈلانے لگا ہے۔

امریکا نے اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ہر 10 میں سے ایک اہل کار بیمار پڑ چکا ہے، گزشتہ دو دنوں میں وائرس کے شکار اہل کاروں کی شرح تیزی سے بڑھ کر 38 فی صد تک جا پہنچی ہے، جس کی وجہ سے نیویارک کی سڑکوں پر پولیس اہل کاروں کی موجودگی نہایت کم ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ نیویارک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 285 تک پہنچ چکی ہیں، امریکی صدر ٹرمپ نے بھی نیویارک کو آفت زدہ شہر قرار دے دیا ہے۔

ڈیٹرائٹ میں کو وِڈ نائنٹین سے اب تک متعدد پولیس اہل کار متاثر ہو چکے ہیں، جن میں ایک پولیس کیپٹن اور ایک رینکنگ آفیسر شامل ہے جب کہ ایک ڈسپیچر ہے۔ تین اہل کار وائرس کا شکار ہو کر مر چکے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ متاثرہ اہل کاروں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، 200 سے زائد اہل کاروں کو قرنطینہ کیا جا چکا ہے۔

اس صورت حال میں پولیس ڈیپارٹمنٹس نے اپنے اہل کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انفیکشن سے بچنے کے لیے عوام سے رابطے محدود کر دیں۔

سرائے عالمگیر میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق، گاؤں سیل

0

سرائےعالمگیر: ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد پورے گاؤں کو سیل کردیا گیا ، اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ اسپین سےآئےشہری میں کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔

تفصیلات کے مطابق سرائے عالمگیر کے نواحی گاؤں سمبلی میں ایک ہی خاندان کےچھ افرادمیں کورونا کی تصدیق ہونے پر گاؤں کو سیل کردیاگیا، پولیس اور پاک آرمی نے گاٶں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

نواحی گاؤں میں پندرہ روز قبل اسپین سے واپس آنےوالے شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی، متاثرہ شخص گاؤں بھرمیں میل ملاپ کرتارہا، متاثرہ شخص کے خاندان کےمزید پانچ افرادمیں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خاندان کے افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد پورے گاٶں کو مکمل طور پر سیل کردیاگیا ہے

اسسٹنٹ کمشنر نے گاؤں سیل کرنے اور کوروناکے6مریضوں کی تصدیق کردی ہے اور کہا پورے خاندان کوگجرات قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے پاکستان میں کوروناوائرس کےمریضوں کی تعدادایک ہزار102ہوگئی ہے ، سندھ میں سب سے زیادہ417 افراد وبا سے متاثر ہیں ،پنجاب میں323،بلوچستان میں117 ، گلگت بلتستان میں84،کےپی میں121 ،اسلام آباد میں25 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کوروناوائرس کے21مریض صحت یاب ہوچکے اور وائرس سےانتقال کرجانےوالوں کی تعداد8ہوگئی ہے جبکہ کوروناوائرس کے زیرعلاج پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

امریکا نے اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی

0

واشنگٹن: امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 68 ہزار سے بڑھ گئی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک ہزار سے تجاوز کر گئی، دوسری طرف امریکا نے دنیا بھر میں اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1,032 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 68,489 ہو گئی۔ دوسری طرف صحت یابی کا عمل سست ہے، اب تک صرف 394 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس سے سب سے زیادہ 285 ہلاکتیں نیویارک میں ہوئیں، امریکا نے خراب ہوتی صورت حال کے پیش نظر دنیا بھر میں اپنی افواج کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی، امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ یہ پابندی 60 روز کے لیے لگائی گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او چین کی طرف داری کر رہا ہے: امریکی صدر کا شکوہ

وزیر دفاع نے کہا کہ دنیا میں موجود فوجی 60 روز کے لیے موجودہ مقامات پر رہیں، اس پابندی کا اطلاق 90 ہزار امریکی فوجیوں پر ہوگا، دنیا بھر میں موجود امریکی فوجیوں کی واپسی بھی مؤخر کر دی گئی ہے۔ مارک ایسپر نے یہ وضاحت بھی کی کہ اس پابندی کا اطلاق واپس آنے والے نیول جہازوں پر نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر ’سب ٹھیک کر دینے‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اب میں صدر بن چکا ہوں تمام چیزیں ٹھیک کر دوں گا۔ انھوں نے نیویارک کو آفت زدہ شہر قرار دیتے ہوئے اعلان کیا میں نیو یارک کی مدد کرنے کے لیے تمام اختیارات کا استعمال کر رہا ہوں۔

قرنطینہ سے بھاگنے پر 7 سال سزا ہوسکتی ہے

0

ماسکو: روس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سخت اصول اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے قرنطینہ سے بھاگنے والے افراد کے لیے 7 سال سزا کی تجویز پیش کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں قانون سازوں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قرنطینہ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کی تجویز دی ہے۔

ان سزاؤں میں قرنطینہ کے لیے وضع کیے گئے اصولوں کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 7 سال قید کی سزا بھی شامل ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگر کرونا کے کسی مشتبہ یا مصدقہ مریض نے قرنطینہ میں نہ رہنے کے لیے دھوکہ دے کر لوگوں کو وائرس سے متاثر کیا یا جان بوجھ کر کسی ایک بھی شخص کی ہلاکت کا سبب بنا تو اسے 5 سال قید اور 2 یا اس سے زائد افراد کی موت کا ذمہ دار پایا گیا تو 7 سال قید ہوگی۔

روس کے کرمنل کوڈ میں ترامیم کی یہ تجاویز روس کی پارلیمان کے اسپیکر وچسلیو ولودن اور روس کی حکمران جماعت یونائٹڈ رشیا پارٹی کے ایک سینیئر قانون دان کی جانب سے پیش کی گئی ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ جلد منظور کرلی جائیں گی۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کی ڈوما اسمبلی آئندہ منگل کو ان تجاویز کا جائزہ لے گی، 144 ملین آبادی والے روس میں اب تک کرونا وائرس کے 658 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین جو کرونا وائرس کے لیے قائم ٹاسک فورس کے سربراہ بھی ہیں، نے صدر ولادی میر پیوٹن کو خبردار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

کیا کرونا وائرس گرمی میں ختم ہوسکتا ہے؟

0

ریاض: سعودی وزارت صحت نے اس بات کی وضاحت کردی ہے کہ کرونا وائرس گرم موسم میں ختم ہوگا یا نہیں، ان کے مطابق وائرس سے بچنے کے لیے ہر موسم میں احتیاطی تدابیر اپنانی ضروری ہیں۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس دھات اور اس سے بنی اشیا پر زیادہ عرصے تک رہتا ہے، انہیں کسی بھی حالت میں چھونے سے گریز کیا جائے۔

ترجمان کے مطابق ابھی تک کسی بھی سائنٹفک جائزے سے یہ بات ثابت نہیں ہوئی کہ کرونا وائرس 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت یا کسی بھی درجہ حرارت میں اپنا اثر کھو بیٹھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتوں پر اعتبار نہ کیا جائے اور اس بات کو ہمیشہ پیش نظر رکھا جائے کہ کرونا وائرس دھات والی چیزوں سے گھنٹوں چپکا رہتا ہے، اس سے بچنے کے لیے تمام ضروری تدابیر پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھات کی کسی بھی چیز کو چھونے سے گریز کریں اور درجہ حرارت کے حوالے سے کہی جانے والی باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ کرونا وائرس 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بے اثر ہوجاتا ہے، کئی افراد نے دھوپ میں بیٹھنے اور چلنے کو کرونا وائرس سے بچاؤ کا ذریعہ بھی بتا رہے ہیں۔

سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں: ناصر حسین شاہ

0

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں۔

ناصر حسین شاہ نے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، صوبے میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا ہر اقدام عوام کے مفاد اور تحفظ کے لیے ہوگا، عوام کسی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔

لاک ڈاؤن مزید سخت، کراچی میں سناٹے کے ڈیرے

دو روز قبل وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے ٹویٹر کے ذریعے کہا تھا کہ سندھ حکومت غیر معمولی اقدام اور مشکل فیصلے میں تاخیر نہیں کرے گی، یہ عالم گیر وبا انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی نقصان کی حامل ہے، حکومت کو ان حالات میں عوام کا تعاون درکار ہوتا ہے، عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ کرونا وائرس سے پیدا صورت حال پر عوام سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں، حکومت سندھ کے احکامات، ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، عوام نے عمل نہ کیا تو مجبوراً سخت اور مشکل اقدام لینا پڑے گا۔

خیال رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے، شہر میں گزشتہ رات 8 بجے کے بعد تمام دکانیں بند کرا دی گئیں، پرچون، دودھ اور دیگر دکانیں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس بھی بند رہے۔ تاہم شہر کے میڈیکل اسٹورز اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز کھلی رہیں۔