بدھ, مئی 7, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 18522

لاک ڈاؤن، بھارتی کرکٹر کے کپڑے دھونے کی ویڈیو وائرل

0

نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن ہے ایسے میں بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سبب شہری احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں اور گھروں میں موجود ہیں، کرونا وائرس کے پیش نظر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں اور کھلاڑی گھروں میں رہ کر مختلف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیکھر دھون کپڑے دھو رہے ہیں اور ان کی اہلیہ میک اپ کرنے میں مصروف ہیں۔

شیکھر دھون نے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں لکھا کہ ’ایک ہفتہ گھر میں رہنے کے بعد کی زندگی بہت مشکل ہے۔‘

واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچز کی ون ڈے سیریز کرونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردی گئی تھی اور شیکھر دھون انجری سے نجات پانے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے اور وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 10 ہوچکی ہے۔

عوامی مطالبہ، میرے پاس تم ہو قسط وار دوبارہ نشر کرنے کا اعلان

0

کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل نے عوامی خواہش اور مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے شہرہ آفاق ڈرامے میرے پاس تم کو  دوبارہ نشر کرنے کا اعلان کردیا۔

میرے پاس تم ہو ڈرامہ تیس مارچ سے اے آر وائی ڈیجیٹل پر ہر پیر اور جمعے کو قسط وار رات دس بجے ریلیز کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ میرے پاس تم ہو نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو ایک نئی جلا ایسے وقت میں بخشی جب لوگوں کا ڈراموں کی طرف رجحان کم تھا، ڈرامے کی آخری قسط کو ملک بھر کے سینیما گھروں میں ریلیز کیا گیا جسے ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے دیکھا۔

مزید پڑھیں: میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا

اگر انٹرنیٹ کی بات کی جائے تو یوٹیوب پر بھی ڈرامے کی ہر  ہر قسط کو بھی لاکھوں ویوز ملے، آخری قسط نشر ہونے سے پہلے ایسا بھی تھا کہ ہر دوسرے شخص ڈرامے کے کردار اور اس کی کہانی پر بات کرتا نظر آرہا تھا۔

ڈرامے میں اداکارہ عائزہ خان نے مہوش جبکہ ہمایوں سعید نے دانش اور عدنان سعید نے شہوار کا کردار ادا کیا۔ ڈرامے کے لکھاری خلیل الرحمان قمر ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری کے امور ندیم بیگ نے انجام دیے۔

ڈرامے کی کہانی

ڈرامے کی کہانی تین اہم کرداروں دانش، شہوار اور مہوش کے گرد گھومتی ہے، مہوش کی دانش سے شادی ہوتی ہے جس کے بعد اُن کے ہاں رومی کی پیدائش ہوتی ہے، ذرائع آمدن کم ہونے کی وجہ سے مہوش شادی کے بعد بھی اپنی ملازمت جاری رکھتی ہے اور پھر وہ آہستہ آہستہ شہوار سے قریب ہوتی چلی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے پاس تم ہو:‌ خلیل الرحمان قمر نے کئی رازوں‌ سے پردہ اٹھا دیا

ایک وقت میں مہوش علیحدگی کا فیصلہ کر کے دانش کو چھوڑ دیتی ہے اور پھر وہ شہوار سے شادی کے لیے اُس کے گھر چلی جاتی ہے، بارات کے عین موقع پر شہوار کی پہلی اہلیہ کی آمد ہوجاتی ہے اور پھر مہوش کہیں کی بھی نہیں رہتی، اسی دوران دانش اور رومی کی ٹیچر ہانیہ کے درمیان بھی قربت ہوجاتی ہے۔ آخری قسط میں دانش کو مرتے ہوئے دکھایا گیا۔

 

Meray Paas Tum Ho – Back on Public Demand

#MerayPaasTumHo is back on Public Demand!
Starting from 30th March, Mon-Fri at 10:00 PM only on #ARYDigital

Posted by ARY Digital on Wednesday, 25 March 2020

کورونا وائرس علامات ظاہر نہ ہونے کے باوجود منتقل ہوجاتا ہے

0

اس وقت دنيا بھر میں کورونا وائرس کے بارے میں معلومات کا سیلاب رواں ہے، کووڈ انیس کا سبب بننے والے اس مہلک وائرس کا خوف لوگوں میں بڑھتا جارہا ہے، اس کے سدباب کیلئے سائنسدان دن رات کوششوں میں مصروف ہیں۔

سائنسدانوں نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس علامات ظاہر کیے بغیر بھی متاثرہ فرد سے دوسروں میں منتقل ہوسکتا ہے۔
اور اس حقیقت کے نیتجے میں اس کے پھیلاﺅ کی روک تھام زیادہ بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔

ووہان کی 20 سالہ لڑکی نے خاندان کے پانچ افراد میں اس وائرس کو منتقل کیا جبکہ وہ خود جسمانی طور پر کبھی بیمار نہیں ہوئی تھی۔

کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یورپی ملک نے دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں آبادی کے زیادہ بڑے حصے کو ٹیسٹ کرنے کے بعد دریافت کیا کہ 50 فیصد مریضوں میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت اور چین کے مشترکہ مشن نے ایسے انفیکشنز کی شرح نہ ہونے کے برابر اور وائرس کے پھیلاؤ کا غیراہم ذریعہ قرار دیا تھا۔

مختلف تحقیقی رپورٹس میں بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ کورونا وائرس اس وقت بھی ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہوسکتا ہے، جب مریض میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہوتی۔

جاپان میں ایک تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ حال ہی میں وائرس سے متاثر ہونے والا مریض دوسرے فرد میں اس انفیکشن کو5 دن کے اندر  ہی منتقل کرسکتا ہے جو کہ اس وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی مدت سے کم ہے۔

اس کے علاوہ چین میں رپورٹ ہونے والے تمام کیسز کا تجزیہ کرتے ہوئے دریافت کیا گیا کہ1.2 فیصد افراد میں علامات ظاہر ہوئے بغیر کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اولمپکس مقابلوں کی کم عمر فاتح "فلو جو” سے ملیے

0

فلورنس گرفتھ جوئنر کو دنیا فلو جو کے نام سے بھی پہچانتی ہے۔ کھیل کی دنیا میں ایتھلیٹ کی حیثیت سے شہرت پانے والی فلو جو زندگی کی محض 38 بہاریں دیکھ سکیں۔

کرونا وائرس کی وجہ سے رواں برس کھیلوں کے اولمپک مقابلوں کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ فلو جو ماضی میں کھیلوں کے اسی میدان کی فاتح رہی ہیں۔ لمبی دوڑ کے مقابلوں میں انھیں تیز رفتار کھلاڑی کے طور پر شہرت ملی اور مسلسل فتوحات نے انھیں دنیا بھر میں پہچان دی۔

فلورنس گرفتھ جوئنر 1959 میں امریکا میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق لاس اینجلس سے تھا جہاں یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسپورٹس کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا اظہارشروع کیا اور چودہ سال کی عمر میں نیشنل یوتھ گیمز میں شرکت کر کے کام یابی حاصل کی۔

1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ایک سلور میڈل جیتنے کے بعد فلورنس نے مقابلوں میں حصہ لینا بند کر دیا تھا۔

1987 میں فلو جو نے اسی دور کے مشہور ایتھلیٹ ایل جوئنر سے شادی کر لی اور اسی سال روم میں منعقدہ ورلڈ چیمپئن شپ میں دوبارہ نظر آئیں۔ ان مقابلوں میں انھوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

1988 کے سیول اولمپکس کا میدان سجا تو اس میں حصہ لے کر تین گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل اپنے نام کیا۔

کھیل کی دنیا میں نام اور مقام بنانے کے بعد اچانک ہی ان پر ماڈلنگ کا جنون سوار ہوا اور پھر کاروبار شروع کردیا۔ یہ تجربات کرتے ہوئے اچانک ہی تصنیف و تالیف میں مشغول ہوگئیں۔

ان کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ ایک زرخیز ذہن کی مالک اور نہایت متحرک خاتون تھیں۔ انھیں ہر روپ میں اور ہر شعبے میں کام یابی ملی اور لوگوں نے بے حد عزت اور احترام دیا۔

فلورنس گرفتھ جوئنر 1998 میں ابدی نیند سو گئیں۔

کرونا وائرس، 50 سال کی عمر کے افراد مساجد نہ آئیں، مفتی منیب الرحمان

0

کراچی: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب 50 سال کی عمر کے افراد مساجد نہ آئیں، ایسے افراد کو ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا میں پوری عالم انسانیت مبتلا ہے، اللہ پاک سے انفرادی اور اجتماعی طور پر رجوع کریں، نابالغ بچے مساجد نہ آئیں۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا باجماعت نماز اپنے گھر والوں اور ایک محرم خاتون کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے، وائرس کے شبہ والے افراد مساجد نہ آئیں، ان افراد کو ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مساجد سے قالین ہٹا کر فرش صاف ستھرا رکھنے کا انتظام کریں، کرونا وائرس کے دوران گھر پر نماز ادا کی جاسکتی ہے، جو نوجوان تیمار داری کررہے ہیں وہ بھی گھر پر نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ بہترین موقع ہے کہ اللہ سے توبہ کریں، جمعہ کے خطبے کو مختصر رکھا جائے، نماز کی ادائیگی کے ساتھ ہی گھر فوری جائیں۔

مفتی تقی عثمانی

دوسری جانب ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے گناہوں پر معافی مانگنے کی ضرورت ہے، بہت سے علمائے کرام سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، کرونا سے متعلق علما نے متفقہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ احتیاط کرنے سے وبا کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے، حفاظت نہ کی گئی تو وبا سے زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔

لاک ڈاؤن، بھارتی پولیس نے درندگی کی انتہا کردی

0

نئی دہلی: بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس نے ڈیلیوری بوائز کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے بدسلوکی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

بھارتی پولیس اُن شعبوں کے رضاکاروں اور ملازمین کو بھی تشدد کا نشانہ بنارہی ہے جنہیں کروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل لاک ڈاؤن سے مستثیٰ قرار دیا گیا ہے۔ درندہ صفت پولیس نے اشیاء اور ادویات ڈیلیور کرنے والے بوائز کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ مذکورہ لاک ڈاؤن میں ان ملازمین کو خصوصی استثنیٰ حاصل ہے۔

بھارت میں لاک ڈاؤن کے نتیجے میں ضروری اشیاء کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، کلینک اور اسپتال سمیت دیگر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے والے تمام شعبے کھلے رہیں گے اور ان کے ملازمین پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

بھارت میں21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان

حکومتی احکامات کے باوجود بھارتی پولیس مذکورہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ناروا سلوک سے پیش آرہی ہے۔ شہر ممبئی اور دہلی میں دو ڈیلیوری بوائز پر پولیس اہلکاوں نے حملہ کیا۔ دریں اثنا مختلف شہروں سے بھی اسی طرح کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

اس بھیانک صورت حال پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

کورونا سے بچنے کا انوکھا طریقہ، ویڈیو وائرل

0

عالمی وبا قرار دیے گئے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہالینڈ میں ایک ہیئرڈریسر نے چھتری کو اپنے اور صارف کے درمیان ڈھال بنا لیا۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے دنیا بھر میں لوگ نت نئے طریقے اپنارہے ہیں اور ان منفرد اندازوں کو دیکھ کر لوگ حیرت زدہ ہو جاتے ہیں۔

ہجوم میں خود کو مہلک وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے کوئی اپنے جسم سے لکڑی کے فریم لگا رہا ہے تو کوئی فاصلہ رکھنے کے لیے بڑی بڑی چیزیں لپیٹے ہوئے ہے۔

ایسا ہی ایک منفرد انداز ہالینڈ کے ہیئرڈریسر نے اپنایا جس نے وبا سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے چھتری پہن لی۔
حجام نے چھتری میں سوراخ کر کے ہاتھ باہر نکالے اور دیکھنے کے لیے آنکھوں کی جگہ سے بھی سوراخ کر لیے، اس انوکھے طریقہ حجامت کو کیمرے کی آنکھ نے قید کر لیا اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

یورپ بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کارویوں کے باعث لاک ڈاؤن ہے اور معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، ایسے میں لوگوں کی حجامت کرنے کے اس منفرد انداز کو سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جارہا ہے اور بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

کورونا لاک ڈاؤن ،وزیراعظم نے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلے کے لئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا، جس میں ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کی بندش سمیت اہم معاملات پر غور ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور صوبوں کے درمیان لاک ڈاؤن کے معاملے پر جاری بحث پر حتمی فیصلے کے لئے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کل نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اپنی تجاویز رکھیں گے، ٹرانسپورٹ اگر بند کردی گئی تودوہفتے بعد اس کے ملک پرکیا اثرات ہوں گےاس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کےباعث کرفیو لگانا ہے تو ہمیں گھروں تک کھاناپہنچاناپڑےگا، لوگوں کو گھروں تک کھانا پہنچانے کیلئے والنٹیئرز پروگرام لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ اگرہمیں لاک ڈاؤن سے آگے کرفیو پر جانا ہےتو سوچنا پڑےگا، پورے ملک میں کرفیو لگاناپڑے تو ہماری کم از کم تیاری ضروری ہے، کوئی حکومت اکیلی نہیں بلکہ قوم مل کر کوروناکی جنگ لڑ سکتی ہے ، میں چاہتاہوں ہم سب ملکر کورونا کی جنگ کو جیتیں۔

خیال ہے پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ، اور متاثر افراد کی تعداد 1000 تک جا پہنچی ہے ، جبکہ 8 افراد ابھی تک کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرات کو روکنے کے لئے ملک کے چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، حفیظ شیخ

0

اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، 200 ارب روپے کی رقم وفاق دے گا، صوبے بھی حصہ ڈالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر برآمدات کے شعبے کے لیے 100 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ دیں گے، وزیراعظم نے مجموعی سوا کھرب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا، زراعت اور ایس ایم ای کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمت کرکے دیگر سبسڈائز اشیا دیں گے، ایس ایم کے لیے سود اور اصل زر کی ادائیگی کے لیے وقت دیں گے، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جائیں گی، یوٹیلٹی اسٹورز سے دال، چاول، آٹا گھی، چینی سستا دینے کے لیے 50 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

مشیر خزانہ کے مطابق 82 لاکھ ٹن گندم کسانوں سے خریدنے کے لیے 280 ارب روپے رکھے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری طور پر 15 روپے فی لیٹر کم کریں گے، گیس اور بجلی کے بلوں میں تین ماہ کی اقساط کی سہولت دی جائے گی، کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکسز ختم ہوں گے اور کچھ میں کمی ہوگی۔

مزید پڑھیں: کرونا وائرس، ٹیکس میں کمی اور سبسڈیز میں اضافہ کیا جائے گا، حفیظ شیخ

حفیظ شیخ نے کہا کہ این ڈی ایم اے آلات اور ویکسین کی خریداری کے لیے 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کرونا کے باعث اخراجات ہوں گے لیکن آئی ایم ایف کمٹمنٹ متاثر نہیں ہوگا، ہماری معیشت مستحکم ہورہی تھی، برآمدات میں اضافہ ہورہا تھا، ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر سے کم ہوکر 3 ارب ڈالر رہ گیا، جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی، لوگوں کی آمدن میں کمی ہوگی تو ٹیکسز کم ہوں گے، وفاق اور صوبے اس معاملے پرمل کر چل رہے ہیں۔

چین کی کروناوائرس کے خلاف بڑی کامیابی

0

بیجنگ: چین کروناوائرس کے خلاف جنگ میں آہستہ آہستہ کامیابی حاصل کررہا ہے، چین میں گزشتہ 24 گھنٹے میں صرف 47 نئے کیسز رپورٹ ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف 47 نئے کیسز کے سامنے آنے کو بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ چین میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا کے 4 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ اڑتالیس نئے کیسز رپورٹ ہوئیں۔

چین میں کروناوائرس کے مجموعی طور 81ہزار218 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کروناوائرس کے صحتیاب مریضوں کی تعداد 73ہزار650 ہے۔ جبکہ چین میں ملک وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 4ہزار287 ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے کے بعد کووِڈ نائنٹین کی ہلاکت خیزی کو تاحال نہیں روکا جا سکا ہے، اموات کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 422,945 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں انیس ہزار کے قریب لوگ جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 1 لاکھ 9 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے۔

البتہ اس ضمن میں چین آہستہ آہستہ کامیابی حاصل کررہا ہے۔ ماضی کے مقابلے میں کافی حد تک وائرس پر قابو پالیا گیا۔