بدھ, جنوری 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19928

دبئی آئندہ دو روز گرد کے طوفان کی لپیٹ میں رہے گا

0
گرد کا طوفان

دبئی: متحدہ عرب امارات میں آئندہ دو دنوں میں مٹی کا شدید طوفان اور گرد آلود بادل چھائے رہنے کا امکان ہے ، ساتھ ہی ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی واقع ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کے محکمہ موسمیات نے اپنے روز مرہ کی موسمی پیشن گوئیوں میں کہا ہے کہ خلیج عرب میں تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے سمندر کی صورتحال نا گفتہ ہوجائے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات نے سمندر میں شوقیہ جانے والے افراد کو تنبیہہ کی ہے کہ ان دنوں میں سمندر کا غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کیا جائے اور اگر جائیں تو ہر ممکن احتیابی تدابیر استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق آج شام 4 بجے تک سمندر کی موجوں میں تندی رہے گی ، چھ سے آٹھ فٹ اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے جبکہ یہ اونچائی دس فٹ تک بھی جاسکتی ہے۔

ان ہواؤں کے سبب شہر کا موسم گرد آلود اور ابر آلود رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں بھی واضح کمی واقع ہوگی اور یہ سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ یو اے ای کے درجہ حرارت میں گزشتہ ہفتے کے روز معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ساحلی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28-31 سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ کم از کم 20-23 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ملک کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت کم از کم 17 اور زیادہ سے زیادہ 27 رہے گا۔

گرد آلود ہواؤں اور مٹی کے طوفان کےسبب سڑکوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہوجائے گی اور گرد کا یہ طوفان جمعرات تک جاری رہے گا، تاہم جمعرات سے تیز ہواوں کا زور ٹوٹنا شروع ہوگا جس سے خلیج عرب اور بحیرہ عمان میں صورتحال معمول پر آجائے گی۔

شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ :شریف خاندان کے فرنٹ مین نے اہم راز اگل دئیے

0

لاہور : شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق عرف چینی نے شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں دوران تفتیش اہم رازاگل دئیے، رمضان شوگرملز کے  منیجر نے اعتراف کیا کہ ہانگ کانگ اور دبئی سے رقوم اس کےاکاؤنٹ میں آتی تھیں، پھر رقوم شہباز فیملی کےاکاؤنٹ میں منتقل ہوتیں۔

تفصیلات کے مطابق رمضان شوگرملز کے منیجر اور شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق عرف چینی کو 14روزہ جسمانی ریمانڈکےبعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ مشتاق نے اعتراف کیا کہ رقوم شہباز فیملی کے اکاؤنٹ میں منتقل کیں اور تفتیش میں بہت سےاکاؤنٹ سامنےآئے، باہر سے رقوم مشتاق عرف چینی کے اکاؤنٹ میں آتی تھیں اور مشتاق عرف چینی سے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوتی۔

نیب کا کہنا تھا ہانگ کانگ اور دبئی سےرقوم مشتاق کےاکاؤنٹ میں آتی تھیں، جتنی رقم باہرسےآتی وہ سب کی سب سلمان شہباز کو ٹرانسفر ہوتی۔

نیب تفتیشی افسر نے کہا مشتاق عرف چینی کےجسمانی ریمانڈمیں توسیع کی استدعا کی اور کہا تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیاجائے۔

وکیل نیب نے بتایا مشتاق چینی نے کہا 60کروڑ میں سے 40سلمان شہباز کے تھے ، بیس کروڑ کی مشتاق چینی نےسرمایہ کاری کی ، اکاؤنٹ میں جورقم باہر سے آئی اس کا علم نہیں، جس پر وکیل صفائی نے کہا جتنی رقم کے ٹرانسفرکاالزام ہے وہ سب کاروباری لین دین ہے۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا 60کروڑ کس نےمشتاق چینی اورسلمان شہباز کےاکاؤنٹ میں ڈالےکچھ پتہ نہیں ، جس پر عدالت نے کہا کون سا قانون کہتا ہے کہ کاروباری حضرات کو کھلی چھوٹ ہے ، کاروبار بھی کسی قانون اور ضابطے کے تحت ہی کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں : شریف خاندان کا فرنٹ مین مشتاق چینی 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

وکیل صفائی نے کہا سلمان شہباز کی جانب اب بھی مشتاق چینی کی رقم واجب الاداہے، مشتاق چینی کےہر سال کےٹیکس ریٹرن نیب کو جمع کرا دیےہیں ، ملزم کےجسمانی ریمانڈکی ضرورت نہیں تعاون کریں گے۔

وکیل مشتاق چینی کا کہنا تھا چینی مشتاق چینی کو نیب مناسب طبی امداد نہیں دے رہی، ہمیں انکوائری کےحوالے سےاطلاع تک نہیں دی گئی اورملک سے باہر علاج کے لیے جاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

یاد رہے مشتاق چینی کو بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، محمد مشتاق چینی پی آئی اے کی پرواز 203 سے دبئی روانہ ہو رہا تھا تاہم اس کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے پر اسے آف لوڈ کردیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتاق چینی نے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 60 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کی تھی اور حمزہ شہباز کی ماڈل ٹاؤن میں گرفتاری کے موقع پر روپوش ہوگیا تھا۔

بریگزٹ پرحکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا

0
Brexit

لندن : ایسٹر کے تہوار کے بعد حکومت برطانیہ اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان بریگزٹ سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق بریگزٹ کے معاملے پر برطانوی حکومت کے اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا تاکہ اپوزیشن ارکان کی حمایت حاصل کی جاسکے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کا مقصد ایسا حل تلاش کرنا ہے کہ جس کے ذریعے یورپی یونین سے عدم سمجھوتہ کے بعد ہونے والی بدنظمی سے بچا جا سکے۔

تھریسامے نے رواں ماہ 12 اپریل کو قانون سازوں سے اپیل کی تھی کہ وہ بریگزٹ ڈیل پر کسی سمجھوتے پر متفق ہونے میں تعاون کریں۔

بریگزٹ ڈیل: تھریسا مے نے ارکانِ پارلیمنٹ سے تعاون کی اپیل کردی

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے التویٰ میں کامیابی کے بعد اب فوری طور پر نو ڈیل بریگزٹ کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ اب برسلز نے لندن کو بریگزٹ کے لیے اکتیس اکتوبر کی تاریخ دی ہے۔ اس طرح اب برطانیہ مئی میں ہونے والے یورپی پارلیمانی انتخابات میں بھی حصہ لے سکے گا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم تھریسامے کی جانب سے بریگزٹ کے لیے معاہدے کے تیار کردہ مسودے کو برطانوی اراکین پارلیمنٹ تین مرتبہ مسترد کرچکے ہیں، مذکورہ معاہدے پر یورپی یونین اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان نومبر 2018 میں اتفاق ہوگیا تھا لیکن اسے پارلیمنٹ سے منظوری نہیں مل سکی جس کے سبب اس معاملے میں تعطل پیدا ہوا۔

واضح رہے کہ برطانیہ کو 2016 کے ریفرنڈم کے مطابق 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہونا تھا تاہم ہاؤس آف کامنز کی جانب سے متعدد مرتبہ بریگزٹ معاہدے کی منسوخی کے باعث بریگزٹ میں 12 اپریل توسیع کی گئی تھی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

0

ٹوکیو : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا حکومت امن و استحکام، تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ٹوکیو میں چیئرمین جاپان پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی کی طرف سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا

ظہرانے سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان میں موجودہ حکومت امن و استحکام، تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا جاپانی کمپنیاں آئی ٹی، چھوٹی اور درمیانی سطح کی صنعتوں اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں ، ہم جاپان کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کریں ۔

مزید پڑھیں : تارکین وطن کی فلاح و بہبود ہمارا ترجیحی ایجنڈا ہے: شاہ محمود قریشی

دونوں فریقین نے پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

گذشتہ روز ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی تارکین وطن ملک کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا تارکین وطن پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں، پاکستان اقتصادی ترقی اور خود انحصاری کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، ہمارامقصد اقتصادی سرگرمیوں کوبڑھانا ہے، ہمارامقصدملک میں روزگارکےبہترمواقع پیداکرناہے، تارکین وطن کی فلاح وبہبودہماراترجیحی ایجنڈ اہے۔

گیس چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت

0
عمر ایوب

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے گیس چوری کی روک تھام کے لیے بلا تاخیر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا تھا کہ گیس چوری اور لائن لاسز کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب کی زیر صدارت پٹرولیم اجلاس ہوا۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی موجود تھے۔

سیکریٹری پیٹرولیم اسد حیا الدین نے وزیر پیٹرولیم کو تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایل این جی سپلائی معاہدوں، پپٹرولیم پروڈکٹس کی کھپت، موجودہ ریفائنری، مقامی پیداواری صلاحیت سمیت دیگر امور پر بھی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی سیکریٹری نے وزیر پیٹرولیم کو پیٹرولیم ڈویژن کے ذیلی اداروں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران پیٹرولیم ڈویژن کے تمام اعلیٰ افسران موجود تھے۔

اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ گیس چوری اور لائن لاسز کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، گیس چوری کی روک تھام کے لیے بلا تاخیر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس دونوں گیس کمپنیوں سے روزانہ کی بنیاد پررپورٹ طلب کرے۔ قومی اثاثوں کی حفاظت سوئی نادرن اور سوئی سدرن کی اولین ذمہ داری ہے۔

معاون خصوصی ندیم بابر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ لائن لاسز میں کمی کے لیے کمر بستہ ہو جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ گیس و تیل کے مزید بلاکس آفر کیے جائیں گے اور او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کی ڈرلنگ سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی۔

بلاول نے کرپشن کے پیسے پر آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا، فردوس عاشق اعوان

0

اسلام آباد : وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جب کرپشن کے پیسے پر آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا ہو تو ابو، پھوپھو، انکلز کی لوٹ مار نظر نہیں آتی،بلاول نے پاکستان کے غریبوں کے بچوں کی فیسوں کے پیسے پر تعلیم حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی نے کرپشن کے پیسے پر آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لیا ہو تو ایسے ہی ہوتا ہے کہ ابو، پھوپھو، انکلز کی لوٹ مار نظر نہیں آتی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان نے ممالک میں معاشی واقتصادی تعاون کی بات کی، اصل موضوع کو سیاسی نمبرسکورنگ کے لئے استعمال کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول نے پاکستان کے غریبوں کے بچوں کی فیسوں کے پیسے پر تعلیم حاصل کی،بلاول کی سیاسی فلم اسکرین پر آنے سے پہلے ہی فلاپ ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی سندھ سے بھی ختم ہو رہی ہے،چیخ و پکار اور آہو بکاہ سے دم توڑتی سیاست زندہ نہیں رہ سکتی۔

خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے ایران میں بزنس فورم سے خطاب میں جاپان اور جرمنی کے درمیان تجارتی تعلقات کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا۔

بعد ازاں بلاول بھٹو نے ٹوئٹ پر طنزیہ کرتے ہوئے کہا ہمارے وزیراعظم کے خیال میں جرمنی،جاپان کی سرحدملتی ہے، یہ بڑی شرمندگی کی بات ہے، یہی ہوتا ہےجب آکسفورڈیونیورسٹی صرف کرکٹ کھیلنے کی بنیاد پر لوگوں داخلہ دیتی ہے۔

حادثاتی چیئرمین صاحب،قوم کی دولت لوٹ کرآپ کوآکسفورڈکی ڈگری دلوائی،وہ ضائع ہوگئی، افتخاردرانی

0

اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخاردرانی نے بلاول بھٹو کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا حادثاتی چیئرمین صاحب یہ بتا ئیں وزیراعظم نے یہ کہاں کہا کہ جرمنی اور جاپان ہمسائے ہیں ، قوم کی دولت لوٹ کر جو آکسفورڈ کی ڈگری دلوانے استعمال ہوئی وہ ضائع ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق )وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے بلاول بھٹو زرداری کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا وزیراعظم نےکہاتھاجرمنی جاپان نےمشترکہ صنعتیں بنائیں، وزیراعظم نےکہاتھامشترکہ صنعتیں سرحدی علاقوں میں بنائی گئیں۔

افتخاردرانی کا کہنا تھا حادثاتی چیئرمین صاحب وزیراعظم نےیہ کہاں کہادونوں ہمسائےہیں، حادثاتی چیئرمین صاحب آپ کے پلے بھی کچھ نہیں پڑا، قوم کی دولت لوٹ کر آپ کوآکسفورڈکی ڈگری دلوانے پر ضائع کی گئی۔

خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے ایران میں بزنس فورم سے خطاب میں جاپان اور جرمنی کے درمیان تجارتی تعلقات کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے ٹوئٹ پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا ہمارے وزیراعظم کے خیال میں جرمنی،جاپان کی سرحدملتی ہے، یہ بڑی شرمندگی کی بات ہے، یہی ہوتا ہےجب آکسفورڈ یونیورسٹی صرف کرکٹ کھیلنے کی بنیاد پر لوگوں داخلہ دیتی ہے۔

پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے: محبوبہ مفتی

0

سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔ سمجھ نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کرتے ہوئے پستی میں کیوں جا گرتے ہیں۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کے نیوکلیئر بم دیوالی کے لیے نہیں ہیں تو پاکستان نے بھی اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔

محبوبہ مفتی نے یہ ٹویٹ مودی کی اس تقریر کے جواب میں کیا جو مودی نے بھارتی ریاست راجستھان میں ایک جلسے میں کی، مودی نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیاروں سے خوفزدہ نہیں، بھارت کے نیوکلیئر ہتھیار دیوالی کے لیے نہیں ہیں۔

اپنے ٹویٹ میں محبوبہ نے مزید کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کیوں تھڑے کی سطح پر لے آتے ہیں۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ مودی کو الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست نظر آرہی ہے۔ مودی پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بالا کوٹ جیسا ایک اور حملہ کرنا چاہتا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے کا مقصد مودی کا ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنا ہے۔ مودی اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے حربے استعمال کر رہے ہیں، وہ لوک سبھا میں اکثریت حاصل کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب بھارت میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں نریندر مودی کے حلقے سمیت 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تیسرے مرحلے میں 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے اور بھارتی ریاست کیرالہ میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ جاری ہے۔

11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارتی انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہیں جو 6 ہفتوں تک جاری رہنے کے بعد 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی۔

سری لنکا دھماکوں میں ڈینش ارب پتی اپنے تینوں بیٹوں سے محروم ہو گئے

0
ڈینش ارب پتی

کولمبو: یورپی ملک ڈنمارک کی کاروباری شخصیت اور ارب پتی انڈرس ہولش بولسن اتوار کے روز سری لنکا میں ہونےوالے بم دھماکوں میں اپنے تین بیٹوں سے محروم ہوگئے۔

 یورپی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈرس کو ڈنمارک کا امیر ترین شخص سمجھا جاتا ہے۔  ان کے تینوں بیٹے ایسٹر منانے کے لیے سری لنکا میں موجود تھے جب وہاں ہولناک خودکش حملے ہوئے ، جن میں 310 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

انڈرس کے پاس اسکاٹ لینڈ میں دو لاکھ ایکڑ قیمتی اراضی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ‘بیسٹ سیلر’ کے نام سے ملبوسات کی ایک چین بھی اس کی ملکیت ہے۔ برطانیہ میں”اسوس“ کے نام سے ایک آن لائن شاپنگ سینٹر چلانے کے ساتھ ملبوسات کاسمیٹک کا بھی کاروبار کرتے ہیں۔

عالمی ذرائع ابلاغ نے انڈرس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ انڈرس کی دولت پانچ ارب 70کروڑ ڈالرہے۔ اتوارکے روز ان کے تین بیٹے سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں مارے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس انڈرس کے بیٹوں کی موت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں۔ ہم تمام لوگوں سے متاثرہ خاندان کی پرائیویسی کے احترام کا تقاضا کرتے ہیں۔ ڈینش ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈرس کا خاندان تعطیلات منانے سری لنکا میں تھا جہاں اتوار کو ہونے والے دھماکوں میں ان کے تین فراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے متوقع دھماکوں کے بارے میں پولیس کوپہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، سری لنکا دھماکوں میں پانچ سوسے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ دھماکے 7 خود کش بمبار وں نے کئے تھے ۔

واضح رہے سری لنکا میں اتوار کے روز چرچ میں جاری ایسٹر تقریبات پر اور ہوٹلز میں 8 دھماکے ہوئے تھے، دھماکوں کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی ، سری لنکن صدر نے سیکیورٹی حکام کو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا مکمل اختیار بھی دے دیا تھا جبکہ پورے ملک میں سیکیورٹی سخت ہے اور سوشل میڈیا پر  پابندی تاحال برقرار ہے۔

سری لنکا کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل تھے ، زخمی ہونے والے پاکستانیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا ۔

پاک فوج میں اعلی سطحی تقرریاں اور تبادلے

0

راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج میں اعلی سطحی تقرریاں اور تبادلےکئے گئے، جن میں حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرلز کی تقرریاں بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج میں اعلی سطحی تقرریاں اور تبادلے کئے گئے، جن میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان، لیفٹیننٹ جنرل ساحر اور لیفٹیننٹ جنرل عدنان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ایڈجٹینٹ جنرل کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، پاک فوج میں ایڈجٹینٹ جنرل انتہائی اہم معاملات کی نگرانی کے ذمہ دار ہوتے ہیں جن میں ڈسپلن، بھرتیوں اور بعض اہم آپریشنل معاملات شامل ہیں۔

جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس جبکہ لیفٹیننٹ جنرل نعمان کو انسپکٹر جنرل کمیونکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعینات کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدے پر ترقی

ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عدنان کمانڈربہاولپور مقررکردیا گیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ساحروائس چیف آف جنرل اسٹاف کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

یاد رہے حال ہی میں پاک فوج نے 4 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی تھی، جن میں میجرجنرل ساحرشمشاد مرزا، نعمان محمود ، میجرجنرل اظہرعباس اور فیض حمید شامل تھے۔

ساحرشمشاد مرزا وائس چیف آف جنرل اسٹاف اے خدمات دےرہےہیں، ساحر شمشاد مرزا ڈی جی ملٹری آپریشز خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ اظہر عباس کمانڈنٹ اسکول آف انفینٹری اینڈٹیکٹکس کوئٹہ تھے۔

واضح رہے دسمبر 2018 میں پاک فوج کے 2 لیفٹیننٹ جنرلز کی تقرریاں اور تبادلے کئے گئے تھے، لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو کور کمانڈر لاہور تعینات کیا گیا تھا۔