جمعرات, جنوری 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19927

امریکی و افغان فورسز کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ

0

نیویارک: افغانستان میں پہلی دفعہ طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں کے مقابلے میں امریکی اور افغان فورسز کے ہاتھوں شہریوں کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ رواں برس کے پہلے تین ماہ میں افغان سیکیورٹی فورسز اور ان کے بین الاقوامی اتحادیوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد طالبان کے حملوں میں مارے جانے والے شہریوں سے زیادہ ہے۔

رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں افغانستان اور اس کے بین الاقوامی اتحادیوں کی فورسز کے حملوں میں 305 عام شہری مارے گئے جبکہ طالبان حملوں میں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد 227 تھی۔

مزید پڑھیں: کابل: امریکی فضائی حملہ، ملا عبدالمنان سمیت 29 طالبان ہلاک

اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ افغان فوج اور بین الاقوامی فورسز کی کارروائیوں میں زیادہ تر ہلاکتیں فضائی حملوں میں ہوئیں۔

افغانستان میں مجموعی طور پر شہریوں کی اموات میں کمی آئی ہے لیکن ملکی و غیرملکی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش برقرار ہے۔

افغانستان میں یکم جنوری سے 31 مارچ تک 581 شہری ہلاک اور 1192 زخمی ہوئے جن میں 150 بچے بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ نے افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکت کے اعدادو شمار 2009 میں اکٹھے کرنا شروع کردئیے تھے جس کے بعد سے عالمی ادارہ وقفے وقفے سے اپنی رپورٹ جاری کرتا رہتا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 2009 سے اب تک افغانستان میں 75 ہزار سے زائد عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

نشوہ کی موت: وزیر اعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا

0

کراچی: ننھی بچی نشوہ کی موت پر سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت اسپتال کے عملے کی غفلت کے باعث جاں بحق ہونے والی ننھی بچی نشوہ کی موت نے سندھ حکومت کو بڑا اقدام کرنے پر مجبور کر دیا۔

سندھ حکومت نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کو ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر اسپتال سیل کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، کمشنر کراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر دارالصحت اسپتال کو سیل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ننھی نشوہ کی موت : اسپتال پر صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ، دو ملازمین ذمہ دار قرار

کمشنرکراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال سیل کرنے سے متعلق قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، دارالصحت اسپتال کا 80 سے زائد عملہ غیر تربیت یافتہ نکلا ہے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو اسپتال سیل کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

دوسری طرف دارالصحت اسپتال کا عملہ گرفتاری دینے شارع فیصل تھانے پہنچ گیا، پولیس نے اسپتال کے سینئر پروفیسر رضوان اعظمی سمیت 3 ڈاکٹرز کو حراست میں لے لیا۔

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یا کل اسپتال سیل ہو جائے گا، اسپتال میں مسائل موجود ہیں، مجھے رپورٹ بھی مل گئی ہے، اسپتال کو 2 لوگ نہیں چلا سکتے، باقی عملہ غیر تربیت یافتہ ہے۔

آصف زرداری کی مبینہ کمپنی پارک لین کا اکاؤنٹنٹ محمد حنیف گرفتار

0

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آصف زرداری کی مبینہ کمپنی پارک لین کے اکاؤنٹنٹ محمد حنیف کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے راولپنڈی آفس نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم کارروائی کرلی، سابق صدر آصف علی زرداری کی ایک مبینہ کمپنی پارک لین کے اکاؤنٹنٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔

نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد حنیف پارک لین اور پیراتھون کمپنی کے مالی معاملات دیکھتا تھا۔

نیب نے کہا ہے کہ ملزم حنیف آصف زرداری کی کمپنیوں کے لیے جعلی ڈرافٹ اور پے آرڈر استعمال کرتا تھا، ملزم دونوں کمپنیوں کی ٹرانزکشنز کے لیے جعلی بینک اکاؤنٹس بھی استعمال کرتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری کی فرنٹ کمپنی کا منیجرگرفتار

واضح رہے کہ پانچ دن قبل جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے آصف زرداری کی فرنٹ کمپنی ٹرے کام کے جنرل منیجر سلیم فیصل کو بھی گرفتار کیا تھا، جو جعلی اکاؤنٹس کیس کا اہم ملزم ہے۔

نیب حکام نے بتایا کہ ملزم نے پیراتھون کمپنی کو کرپشن سے قرض دلوانے میں معاونت کی، پیراتھون کمپنی کو قرض دلوانے کے لیے پراپرٹی کا زیادہ تخمینہ لگایا گیا، فرضی کمپنی پیراتھون کو دھوکا دہی سے ڈیڑھ ارب کا قرض دلوایا گیا۔

نشوہ اورعصمت کیس، اداکارہ اقرا عزیز کا مداح کو کرارا جواب

0

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے ننھی نشوہ اور عصمت کی سفاکانہ موت کو غیرسنجیدہ کہنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں چند روز قبل رونما ہونے والے دو واقعات پر ماڈل و اداکارہ اقرا عزیز نے افسوس اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان دونوں کی مغفرت فرمائے اور ہم جیسے جانوروں کو انسانیت دے۔

اقرا کے اس ٹویٹ پر ایک مداح نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کو زیادہ سنجیدہ نہ لیں، عمیر نامی اس صارف نے واقعات پر ان لوگوں کی ترجمانی کی جو نہ تو خود ایسے معاملات پر کچھ بولتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی واقعات کو سنجیدگی سے نہ لینے کا مشورہ دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں‘ اقرا عزیز والدہ کی شکر گزار

اداکارہ نے اس صارف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا آسان ہے کہ اللہ بہتر کرے گا یا ان واقعات کو سنجیدگی سے نہ لیں لیکن کیا آپ اس وقت کا انتظار کررہے ہیں جب یہ سب آپ کی ماں، بہن، بیٹی، بیوی کے ساتھ ہوگا اور جب وہ ان حالات سے گزریں گی اس وقت آپ ان واقعات کو اہمیت دیں گے۔

واضح رہے کہ اقرا کے ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں فیصل قریشی، ارمینا رانا خان، منشا پاشا، علی رحمان خان، نادیہ جمیل نے بھی نشوہ اور عصمت کے ساتھ ہونے والی درندگی اور مجرمانہ فعل پر وزیراعظم سے مجرموں کے خلاف سخت الیکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال میں انتظامیہ کی جانب سے غلط انجکشن لگنے کے سبب 9 ماہ کی بچی نشوہ دو روز قبل انتقال کرگئی تھی۔

خیال رہے کہ کراچی میں سندھ گورنمنٹ کورنگی اسپتال میں 25 سالہ عصمت انجکشن لگوانے کے لیے گئیں تو انہیں مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت، عدالت نے چارپولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ دے دیا

0

کراچی : عدالت نے ڈیڑھ سال کے احسن کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والے چار پولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ دے دیا، سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کوئی مقابلہ نہیں ہوا رقم کے تنازع پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ڈیڑھ سال کے بچے احسن کی موت کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ہوئی۔

پولیس نے گرفتار چاروں اہلکاروں کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ کی استدعا کی، جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے چاروں پولیس اہلکاروں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا،گرفتار پولیس اہلکاروں میں خالد، امجد، عبدالصمد اور پیرو شامل ہیں۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈٖی ذرائع کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کی نشاندہی پر چاروں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا، جائے وقوعہ سے ملنے والی گولیوں کے خول پولیس اہلکاروں کی پستول کے ہیں، پولیس مقابلہ نہیں ہوا ،دو اہلکاروں میں رقم کےتنازع میں تلخ کلامی ہوئی۔

پولیس کے مطابق اہلکار عبدالصمد نے امجد پر فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر گولی رکشے میں سوار ڈیڑھ سالہ احسن اور اس کے والد کو لگی، پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے مزید تحقیقات اور گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے ہیں لہٰذا ریمانڈ دیا جائے۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ سالہ بچے احسن کی ہلاکت کا واقعہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر پیش آیا تھا، مقتول بچے کے والد کاشف کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی روڈ پر رکشے میں جا رہے تھے کہ اسی دوران پولیس کو فائرنگ کرتے دیکھا۔

کچھ دیر بعد بچے احسن کے جسم سے خون نکلنے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خون بہنے کے بعد ہم اسی رکشے میں بچے کو لے کر اسپتال پہنچے مگر وہ اُس وقت تک دم توڑ چکا تھا۔

جنوبی کوریا پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز قرضہ دے گا، معاہدہ طے

0

اسلام آباد: جنوبی کوریا پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز کا قرضہ دے گا، پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان قرضے کا معاہدہ طے ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا سے 50 کروڑ ڈالرز کے قرضے کے لیے پاکستان نے معاہدہ کر لیا، معاہدے کے تحت جنوبی کوریا پاکستان کو پچاس کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا۔

سیکریٹری اکنامک افیئرز نور احمد اور جنوبی کوریا کے سفیر نے معاہدے پر دستخط کیے، معاہدے کی تقریب میں مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ بھی موجود تھے۔

جنوبی کوریا کی جانب سے قرضہ طویل مدتی اور آسان شرائط پر دیا گیا ہے، قرضے کی رقم صحت، آئی ٹی، مواصلات، زراعت اور توانائی کے شعبوں پر خرچ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  زلفی بخاری سے جنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات، پاکستانی ورکرز کوٹے میں اضافے پر اتفاق

یاد رہے کہ رواں سال 17 جنوری کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے جنوبی کوریا کے سفیر نے ملاقات کی تھی جس میں جنوبی کوریا میں پاکستانی ورکرز کے کوٹے میں اضافے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  جاپان پاکستان کو سات ارب چالیس کروڑ روپے دےگا

زلفی بخاری نے بتایا تھا کہ گزشتہ سال صرف 700 پاکستانی ورکرز جنوبی کوریا گئے، اس سال یہ تعداد بڑھانے پر کام ہو رہا ہے، پاکستانیوں کے لیے بیرون ممالک کام کے زیادہ مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

جنوبی کوریا نے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری میں دل چسپی کا اظہار کیا تھا، جنوبی کوریا کے سفیر نے سیاحت کے شعبے میں اعتماد کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی نذیر چوہان میں تلخ کلامی

0

لاہور: وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کے درمیان تلخ کلامی کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد وفاقی وزیر رکن پی ٹی آئی کے رویے سے ناراض ہوکر چلے گئے۔

نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طارق بشیر چیمہ وفاقی کالونی کے دورے پر آئے تھے، مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ طارق بشیر چیمہ سے کہا کہ وفاقی کالونی میرا حلقہ ہے، غریب ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں، وفاقی کالونی میں لوگ سیوریج ملا پانی پی رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بل تنخواہوں سے کاٹ لیا جاتا ہے، مسائل بھی حل کیے جائیں، طارق بشیر چیمہ مسائل حل کیے بغیر ناراض ہوکر چلے گئے۔

نذیر چوہان وزیر صحت سے بھی الجھ پڑے

وفاقی وزیر سے تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد پارلیمانی سیکریٹری نذیر چوہان وزیر صحت سے بھی الجھ پڑے، نذیر چوہان نے دفتر، اختیار نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں واویلا مچادیا۔

نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ میں کسی کے ناکردہ گناہوں کا جواب اسمبلی میں نہیں دینا چاہتا، صحت جیسے اہم معاملے پر کیا جواب دوں، مجھے بحیثٰت پارلیمانی سیکریٹری کا دفتر ہی الاٹ نہیں ہوا ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے پارلیمانی سیکریٹری صحت مقرر ہوا ہوں، یاسمین راشد کے پاس بہت وقت ہے خود معاملات دیکھ رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار

0

پیرس: کرائسٹ چرچ حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے فرانس اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں ہونے والے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں سے نمٹنے کے لیے فرانس اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ حکمت عملی بنائی ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعذظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ فرانس کے ساتھ مل کر دوسرے ممالک اور ٹیک کمپنیوں سے سوشل میڈیا پر شدت پسندی روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

جینسڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کو روکنے کے لیے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا ہوگا، کوشش کریں گے دوسرے ملکوں کو بھی اس عمل میں ساتھ لے کر چلیں۔

مزید پڑھیں: جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں‌ ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی

واضح رہے کہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ حملے کی لائیو اسٹریمنگ فیس بک پر کی گئی تھی جس کے بعد فیس بک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر مرکزی حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا جس کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی تھی، حملہ آور آسٹریلوی شہری تھا جس کی آسٹریلیا نے بھی تصدیق کردی تھی۔

عفریتوں میں ہولناک جنگ چھڑ گئی، انسانی نسل کو معدومیت کا خطرہ دو چار

0

قوی الجثہ مخلوقات لوٹ آئی ہیں، جن کے باعث انسانی نسل کو معدومیت کا شدید خطرہ دو چار ہے.

یہ کہانی ہے کہ بالی وڈ کی مشہور زمانہ سیریز گوڈزیلا کی، جس کی نئی فلم Godzilla: King of the Monsters کا مکمل ٹریلر جاری کر دیا گیا.

یہ میگا بجٹ فلم رواں برس مئی 31 میں دنیا بھر میں ریلیز ہورہی ہے، جس سے ناقدین اور ناظرین کو خاصی امیدیں ہیں.

فلم کے ہدایت کار مائیکل دوڑتی ہیں، جو ایکس مین اور سپر مین ریٹرنز جیسی فلموں کے اسکرپٹ لکھ چکے ہیں. فلم میں‌ کیلی کیندلر اور ویرا فیرمیگا جیسے اداکار کلیدی کردار نبھا رہے ہیں.

کہانی دیو ہیکل مخلوقات کی واپسی کی گرد گھومتی ہے، جو سیارہ زمین کے لیے خطرہ بن جاتی ہیں، تب فلم میں‌ معروف کردار گوڈزیلا کی واپسی ہوتی ہے، جس کے ساتھ ملک کر انسان ان مخلوقات سے جنگل لڑتے ہیں.

فلم کے ٹریلر نے فلم بینوں‌ میں سنسنی پھیلا دی ہے، توقع کی جارہی ہے کہ فلم ریکارڈ بزنس کرے گی.

 

بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، سری لنکا میں کوئی پاکستانی گرفتار نہیں ہوا

0
FO

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے الزام میں کوئی پاکستانی گرفتارنہیں ہوا، بھارتی میڈیا نے بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی، تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے سری لنکا میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں سے متعلق پاکستانیوں کی گرفتاریوں کی خبر کو یکسر طور پر مسترد کردیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے الزام میں کوئی پاکستانی گرفتارنہیں ہوا ہے، بھارتی میڈیا کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

مزید پڑھیں : سری لنکا میں دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی، سیکڑوں زخمی 

انہوں نے بتایا کہ سری لنکا میں سات پاکستانی باشندوں کو ویزہ کی مدت ختم ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا، اس حوالے سے پاکستانی قونصلر معاملے کو دیکھ رہے ہیں، پاکستان مخالف پروپیگنڈے سے بھارتی میڈیا کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے ۔

واضح رہے کہ شدت پسند تنظیم داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم خودکش بمبار کے نام اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکوں کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ انٹیلی جنس ایجنسیز نے خبردار کیا تھا کہ نیشنل توفیق جماعت حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے، لیکن یہ معلومات وزیراعظم کے دفتر میں دھماکوں کے بعد موصول ہوئیں۔

سری لنکا کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تمام حملہ آور سری لنکا کے شہری تھے جبکہ حکام نے یہ شبہ ظاہر کیا تھا کہ حملے میں غیر ملکی ملوث ہیں۔