کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کو خوش کرنے کے لئے عارضی بنیادوں پر اقدامات کئے، عوام کو موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت کوئٹہ، گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں اپارٹمنٹس اور مکانات کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے۔
اس کے علاوہ گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی، وفاقی وصوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، قومی وصوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرز، چیف سیکریٹری بلوچستان، وفاقی وصوبائی محکموں کے سیکریٹری، سیاسی وقبائلی عمائدین اور طلباءکی بہت بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی،وزیراعلیٰ کی درخواست پر دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے شہداءکے غم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اصل حکمران وہ ہوتے ہیں جو نظام کی بہتری کے لئے کام کرتے ہوئے آئندہ کی منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں،عوام کو موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ملک اور صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کا موقع دیا ہے جس سے ہم بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ماضی میں جوبھی خامیاں رہیں ہم بھی اس کا حصہ رہے ہیں تاہم اب نظام کی بہتری کے لئے ہماری کوششیں اور اقدامات سب کے سامنے ہیں، ہم نے مالی وانتظامی معاملات اور ملکی وقار کو بہتر بنانا اور تعلیم کو مضبوط کرنا ہے جس کے لئے نئی نسل کو ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں خدا پر مکمل بھروسہ ہے، بے شک ہمیں بہت سی مشکلات کے سامنا ہے جو اس وجہ سے ہیں کہ گذشتہ چالیس سال میں نظام کی بہتری کی جانب توجہ نہیں دی گئی، نظام کی بہتری کے لئے ہماری محنت ضرور کامیاب ہوگی، ہم کمزور نہیں او ر ہماری نیت صاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت کے پاس روزگارنہیں اور نہ ہی وہ اس قابل ہیں کہ اپنی چھت بناسکیں، سرکاری ملازمین بھی اپنا گھر بنانے کی سکت نہیںرکھتے۔
ایسے تمام لوگوں کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ایک انقلابی تبدیلی لے کر آئے گا جس سے نہ صرف لوگوں کو اپنی ذاتی رہائش ملے گی بلکہ ہاؤسنگ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی صنعتوں کے فروغ سے معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔