اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن زرداری اور نواز سے باہر نکلے اور اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے۔ کرپشن کیسز سے گھبرائی لیڈر شپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن زرداری اور نواز سے باہر نکلے اور اپنے سیاسی بیانیے پر توجہ دے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز سے گھبرائی لیڈر شپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے، کبھی 18 ویں ترمیم میں تبدیلی اور کبھی صدارتی نظام جیسی غیر سنجیدہ بحث تاکہ کسی طرح توجہ مقدموں سے ہٹ جائے، یہ نہیں ہوگا۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون زرداری اور شریف سے باہر نکلے اور نئے سیاسی بیانئے پر توجہ دے، کرپشن کیسز سے گھبرائ ہوئ لیڈرشپ دونوں پارٹیوں کا مستقبل تاریک کر چکی ہے، کبھی اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کبھی صدارتی نظام جیسی غیر سنجیدہ بحثیں کہ کسی طرح توجہ مقدموں سے ہٹے یہ نہیں ہونا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 17, 2019
اس سے قبل بھی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملک کی بدترین اقتصادی صورت حال کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کو قرار دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پاس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کا کوئی جواز نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے سے کرپشن کے طریقے سیکھے۔ بدعنوان عناصر سے رقم واپس حاصل کرنے کے لیے پلی بارگین ایک آپشن ہوسکتا ہے۔