ہفتہ, فروری 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19963

جنوبی پنجاب کے دارالحکومت کا اعلان وزیراعظم جلد کریں گے، طارق بشیر چیمہ

0

ملتان: جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کےسربراہ طارق بشیر چیمہ نےاعلان کیاہے کہ جولائی سےجنوبی پنجاب سول سیکریٹریٹ فعال کردیاجائے گا جبکہ جنوبی پنجاب کے دارالحکومت کا اعلان وزیراعظم جلد کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ طارق بشیر چیمہ کا کہنا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کے اپنا وعدے کو عملی شکل دینی شروع کردی اور  وزیر اعظم جلد ہی دارالحکومت کا اعلان بھی کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کاگیٹ وےمیاں چنوں ہوگا جبکہ جولائی سے جنوبی پنجاب کا سول سیکریٹریٹ  بھی فعال ہوجائے گا۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے بورڈ آف ریوینیو ، پبلک سروس کمیشن اور تمام محکموں کے اسپیشل سیکریٹریز تعینات کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری اور دیگر ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں سیاسی خودکشی کریں گی، انہوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی قیادت میں پنجاب کے مسائل بہتر طریقے سے حل کیے جا رہے ہیں۔

پاکستانی عدالتی تاریخ میں بڑا انقلاب، ای کورٹ سسٹم متعارف، اب ویڈیو لنک پر سماعت ہوگی

0
آئل

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے فراہمیِ انصاف کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای کورٹ سسٹم متعارف کرادیا جس کا باضابطہ آغاز آئندہ ہفتے سے ہوگا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ویڈیو لنک پر پہلی سماعت کراچی رجسٹری میں کرے گا۔

ای کورٹ سسٹم کے تحت وکلاء بذریعہ ویڈیو لنک دلائل دیں گے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ای کورٹ سسٹم کے ذریعے وکلاء اور سائلین کو کیس کی پیروی میں نہ صرف سہولت ہوگی بلکہ اس اقدام سے وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع روکا جاسکتا ہے۔ کراچی رجسٹری میں 27 مئی کو ہونے والی ویڈیو لنک سماعت میں وکلا پرنسپل سیٹ اسلام آباد سے دلائل دیں گے۔

سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ای کورٹ سسٹم زیر التوا مقدمات کا بوجھ ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ای کورٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وکلا اپنا کیس بغیر کسی تاخیر کے پیش کرسکیں گے اور وہ اپنے شہر میں رہتے ہوئے دوسرے شہر میں ہونے والی سماعت پر دلائل بھی دے سکیں گے۔

تین ماہ میں مہنگائی کی شرح کم اور ڈالر نیچے آجائے گا، صمصام بخاری

0
Samsam

ساہیوال: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ تین ماہ میں مہنگائی کی شرح کم اور ڈالر نیچے آجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب کیسز میں شریف برادران پلی بارگین کرنے کے لیے تیار تھے، شریف برادران کہتے تھے ہمارے پاس رسیدیں نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں ڈالر کو مصنوعی طریقے سے روکا گیا تھا، تین ماہ میں مہنگائی کی شرح کم اور ڈالر نیچے آجائے گا، ہم لوگوں کو مچھلی کھانے کا نہیں پکڑنے کا طریقہ سکھانا چاہتے ہیں۔

صمصام بخاری نے کہا کہ علیم خان کی ضمانت جرم ثابت نہ ہونے پر ہوئی ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی سے ن لیگ نے راہ فرار اختیار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: یہ لوگ اتنی تباہی کرکے گئے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، صمصام بخاری

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ گالم گلوچ بریگیڈ کے سربراہ ہیں ان کو سنجیدہ نہیں لیتے ہیں، مریم بی بی جو خود سزا یافتہ ہیں وہ کسی پر کیا الزام لگائیں گی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانےکےعلاوہ کوئی راستہ نہیں تھا، آئی ایم ایف کے پاس جانے کا ارادہ نہیں تھا لیکن یہ لوگ اتنی تباہی کرکےگئے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

ان کا کہنا تھا جو کریں گے عوام کی بہتری کے لئے کریں گے، آئی ایم ایف کا پیسہ ایون فیلڈ اور رائے ونڈ سیکیورٹی پر جاتا تھا ، قرضہ ہم نے نہیں لیا لیکن قسطیں اتار رہے ہیں۔

داتا دربار خودکش دھماکا، سہولت کار کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

0

لاہور: سانحہ داتا دربار کے سہولت کار کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ داتا دربار کے سہولت کار محسن خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سخت سیکیورٹی حصار میں لایا گیا جہاں سی ٹی ڈی نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم محسن خان کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

یاد رہے کہ داتا دربار خود کش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے اُس وقت سامنے آئی تھی کہ جب سی ٹی ڈی نے لاہور کے علاقےبھاٹی گیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 21 مئی کو سہولت کار محسن خان کو حراست میں لیا جس کا تعلق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے ہے۔

مزید پڑھیں: داتا دربار خود کش حملہ آور کی شناخت ، سہولت کارگرفتار

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا تھا کہ داتا دربار سانحے کے خود کش حملہ آور کی شناخت بھی ہو گئی، خودکش حملہ آور صادق اللہ مہمند افغانستان کا رہائشی تھا۔ جو افغان پاسپورٹ پر 6 مئی کو طورخم بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

واضح رہے 8 مئی کو داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے ، آئی جی پنجاب نے بتایا تھا ایلیٹ فورس کی گاڑی پرحملہ آورنےخودکش حملہ کیا، دھماکےمیں 7 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پنجاب حکومت نے سانحہ داتا دربار خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی تھی، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ سی ٹی ڈی کے ایس پی صہیب اشرف ہوں گے، جے آئی ٹی میں آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔

جرمنی اور امریکی ماہرین نے روزے کے طبی فوائد تلاش کرلیے، تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

0

فرانس / نیویارک : جرمنی اور امریکا کے طبی ماہرین نے تحقیق کے بعد روزے کو انسانی صحت کے لیے فائدے مند قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے طبی ماہرین نے روزے کی سائنسی اہمیت کے حوالے سے جامع اور سائنسی تحقیق کی جس میں 1400 سے زائد افراد نے حصہ لیا اسی طرح امریکا میں ہونے والی تحقیق میں 14 افراد شامل ہوئے۔

جرمنی کے ماہرین کی تحقیق کے نتائج ’’پلوس‘‘ نامی طبی جریدے میں شائع کیے گئے جبکہ امریکا میں ہونے والے مطالعے کے نتائج جریدے ڈائجسٹیوویک 2019 کانفرنس میں شائع ہوئے۔

’پلوس‘ نامی طبی جریدے میں تحقیقاتی رپورٹ شائع کی گئی جس میں ماہرین نے بتایا کہ ’جرمنی کے شہریوں نے جنوبی علاقے میں واقع کونسٹانس جھیل کے قریب پانچ سے 20 روز تک بحالیِ صحت کے لیے روزے رکھے‘۔ رپورٹ کے مطابق تحقیق برلن یونیورسٹی اسپتال کے تعاون سے کی گئی جس میں غذا کے ذریعہ علاج کرنے کے طریقے پر بھی غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: نماز جوڑوں اور کمر درد سے نجات میں معاون: امریکی تحقیق

ماہرین کے مطابق تحقیق میں شامل ہونے والے افراد نے جب روزہ رکھا اور اُن کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، ایک مخصوص وقت تک بھوک اور پیاس کی حالت میں رہنے سے اُن کے جسم میں موجود کولیسٹرول کم ہوا۔

تحقیقاتی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزن میں کمی یا موٹاپے کا علاج کرنے کا موزوں طریقہ روزہ ہی ہے کیونکہ روزے داروں کے وزن میں تیزی سے کمی ہوئی جبکہ ایسے افراد جنہوں نے روزہ رکھا اُن کے معدے کا سائز بھی کم ہوا۔ ماہرین کے مطابق روزے داروں کا بلڈپریشر، خون میں گلوکوز کی مقدار بہتر ہوئی جبکہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ روزہ رکھنا امراض قلب سے بچاؤ کا سب سے آسان اور اہم ذریعہ ہے اس کے علاوہ ذیابیطس اور ذہنی تناؤ کے مریضوں کے علاج میں بھی یہ معاون ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق میں شامل 84 فیصد افراد جوڑوں کے درد، خون میں چکنائی کی زیادتی، جگر کی سوزش جیسے دائمی امراض میں مبتلا تھے، اُن سب کے مرض میں بھی کمی ہوئی جبکہ 93 فیصد افراد نے ماہرین کو یہ بھی بتایا کہ انہیں روزے کے اوقات میں بھوک کا احساس نہیں ہوا۔ تحقیقاتی ماہرین نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی لکھا کہ مطالعے میں ایسے بھی افراد شامل تھے جنہیں سردرد، بے خوابی جیسی بیماریاں تھیں ایسے لوگوں کو بھی روزہ رکھنے سے بہت فائدہ ہوا اور منفی اثرات ختم ہوئے۔

امریکا میں ہونے والی تحقیق میں 14 صحت مند افراد نے 30 روز تک 15 گھنٹے کا روزہ رکھا، ماہرین نے تحقیق میں حصہ لینے سے قبل اور آخری ہفتے میں حصہ لینے والے افراد کے خون کے نمونے لیے جبکہ رمضان کے ایک ہفتے بعد بھی خون ٹیسٹ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: روزے کے انسانی صحت پرحیرت انگیزفوائد

نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ صبح روشنی نکلنے سے قبل کھانا پینا چھوڑ کر دن بھر بھوکے رہنے والے افراد کے خون کے نمونوں میں ٹروپومایوسن ون، تھری اور فورپروٹینز کی سطح بڑھ گئی، یہ دونوں خلیات انسانی صحت اور انسولین کو کنٹرول کرتے ہیں۔ تحقیقاتی نتائج میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ ٹی پی ایم تھری جین پروٹین رمضان کے ایک ہفتے بعد بھی جسم میں موجود تھے جبکہ ٹی پی ایم ون اور ٹی پی ایم فور پروٹین کے بارے میں بھی یہی دریافت کیا گیا۔

پاکستان نریندر مودی سے مذاکرات کے لیے تیار ہے: فردوس عاشق اعوان

0

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نریندر مودی سے مذاکرات کے لیے تیار ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے بی جے پی کی جیت پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ مودی کی کامیابی کی خبراچھی ہے، نہ ہی بری، بس یہ ایک خبر ہے.

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی عوام کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں، مودی سےمذاکرات کے لئے تیار ہیں.

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے،  ہم امن کے خواہاں ہیں.

مزید پڑھیں: کانگریس نے شکست تسلیم کر لی، راہول گاندھی کی نریندر مودی کو مبارک باد

خیال رہے کہ بھارتی عام انتخابات میں بھارت نے واضح اکثریت حاصل ہے. آج وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹر کے ذریعے نریندر مودی کو الیکشن میں کام یابی پر مبارک باد دی۔

وزیر اعظم نے لکھا نریندر مودی اور ان کے اتحادیوں کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں، خطے میں امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

انتخابات میں شکست، کانگریس رہنما دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

0

مدھیہ پردیش: بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں ناکامی پر دلبرداشتہ کانگریس رہنما دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع سہور میں کانگریس رہنما رتن سنگھ ٹھاکر ووٹوں کی گنتی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

رتن سنگھ ٹھاکر کو فوری طور پر ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے کے سبب وہ دم توڑ گئے۔

مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمال ناتھ نے رتن سنگھ ٹھاکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رتن سنگھ بہت ہی متحرک اور محنت کش تھے۔

سابق وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے رتن سنگھ ٹھاکر کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: کانگریس نے شکست تسلیم کر لی، راہول گاندھی کی نریندر مودی کو مبارک باد

واضح رہے کہ بھارتی اپوزیشن جماعت انڈین کانگریس نے الیکشن میں شکست تسلیم کرلی، راہول گاندھی نے کہا کہ عوام مالک ہیں، مالک نے آرڈر دے دیا ہے، تو میں سب سے پہلے نریندر مودی کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔

اس سوال پر انتخابات میں کہاں غلطی ہوئی، راہول گاندھی نے کہا کہ ہم کانگریس کی مجلس عاملہ کے ساتھ بات کریں گے اور یہ آپ فی الحال ہم پر چھوڑ دیں۔

اب تک آنے والے نتائج میں بی جے پی پارلیمان کی 542 میں سے 349 نشستیں جیت کر آگے ہے جبکہ کانگریس نے صرف 91 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری

0

نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا کے 17ویں انتخابات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری حاصل کررہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی اتحاد کو 342 نشستوں پر  برتری حاصل ہوگئی جس کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

اگر صرف بی جے پی کی بات کی جائے تو گزشتہ انتخابات کی نسبت انہوں نے 222 کے مقابلے میں 224 یعنی دو نشستیں زیادہ حاصل کیں، اسی طرح عام آدمی پارٹی کا بھی صفایا ہوگیا۔

لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ڈالے جانے والے ووٹ کی گنتی کا عمل بھی مکمل ہوگیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں بتایا گیا کہ مودی اتحاد این ڈی اے کو 342 نشستوں پر برتری مل گئی جبکہ وزاعظم لانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں: کانگریس نے شکست تسلیم کر لی، راہول گاندھی کی نریندر مودی کو مبارک باد

بھاری اکثریت ملنے کے بعد ممبئی اور دوسرے شہروں میں بے جے پی کے حامیوں نے جشن شروع کردیا اور سب سے مزیداری کی بات یہ ہے کہ راہول گاندھی نے نتائج تسلیم کر کے شکست قبول کرنے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم نریندر مودی کو مبارک باد پیش کی اسی طرح دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی بی جے پی کو مبارک باد پیش کی۔

بھارتی عام انتخابات میں’’عام آدمی پارٹی‘‘کاصفایا

بھارتی عام انتخابات میں عام آدمی پارٹی کاصفایاہوگیا، طالب علم لیڈرکنہیابھی بی جےپی امیدوارسےہارگئیں، جھاڑوکےنشان پرلڑنےوالی پارٹی پرجھاڑوپھرگئی،اروندکیجریوال دلی سےاپنی نشست بھی نہ جیت سکے، کمیونسٹ پارٹی کےٹکٹ پرالیکشن لڑنے والےاسٹوڈنٹ لیڈرکنہیاکپوربھی الیکشن ہارگئے۔

بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو کیسے روکنا ہے، شوبز ستاروں اور سابق کرکٹر نے صدا بلند کردی

0

کراچی: شوبز ستاروں اور سابق کرکٹر یونس خان نے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو روکنے اور انہیں آگاہی فراہم کرنے کے لیے صدا بلند کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف اداکارہ ماہرہ خان، زندگی ٹرسٹ کے روح رواں شہزاد رائے ودیگر نے کہا کہ بچوں کو اچھے اور برے انداز میں چھونے سے متعلق آگاہی فراہم کرنی ہے، تعلیمی اداروں کے نصاب میں اس کی موجودگی بہت ضروری ہے۔

زندگی ٹرسٹ کے سی ای او شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ بچوں کو آگاہی دینے کے لیے ایک تعلیمی پروگرام ترتیب دیا ہے، حکومت سے بات بھی کی ہے لیکن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں ابھی تک اس کا نفاذ نہیں ہوسکا ہے۔

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ بچوں زیادتی کے بہت کم واقعات رپورٹ ہوتے ہیں ایسے واقعات کو رپورٹ کرنا ہوگا۔

معروف اداکارہ زیبا بختیار نے کہا کہ 1990 سے بچوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کو اٹھا رہی ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ اس موضوع پر بحث کی جائے اور والدین اپنے بچوں کی حفاظت کریں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کو رپورٹ کرنا ہوگا، معاشرے میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس میں شریک سماجی شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سطح پر بچوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام طبقات کے ساتھ مل کر چلیں گے اور معصوم بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کریں گے۔

وزیر اعظم کی الیکشن میں کامیابی پر نریندر مودی کو مبارک باد، مودی کا اظہار تشکر

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انتخابات میں  کام یابی پر نریندر مودی کو مبارک باد دی گئی ، جس کا بھارتی وزیر اعظم نے شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مودی کے لیے الیکشن میں کام یابی پر مبارک باد کا پیغام جاری کیا۔

بھارت کے پارلیمانیانتخابات میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 345 نشستیں اپنے نام کی ہیں۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ نریندر مودی اور ان کے اتحادیوں کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ نریندر مودی کے ساتھ خطے میں امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

پاکستانی وزیر اعظم کی مبارک باد کے ردعمل میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شکریہ ادا کرتے لکھا:  میں آپ کی نیک خواہشات پر آپ کا تہہ دل سے ممنون ہوں۔

انھوں نے مزید لکھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے خطے میں امن اور ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔

الیکشن میں کانگریس اتحاد 94 نشستیں حاصل کر سکی، جب کہ عام آدمی پارٹی کا صفایا ہوگیا۔نریندر مودی بھارت میں پہلے غیر کانگریسی وزیر اعظم ہیں جو پانچ سالہ دور کے بعد ایک بار پھر برسر اقتدار آ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے بھی مودی کو ان کی متاثر کن کام یابی پر مبارک باد دی ہے۔