ہفتہ, فروری 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19965

پاکستان اورافغانستان کے درمیان وارم اپ میچ آج کھیلا جائے گا

0
Pakistan

لندن : ورلڈکپ 2019 کے لیے پاکستان کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، قومی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ آج افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان ورلڈکپ وارم اپ میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز برسٹل میں مسلسل دوسرے روز ٹریننگ کی، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا۔

پاکستانی ٹیم 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف ایک اور وارم اپ میچ کھیلے گی جس کے بعد میگا ایونٹ میں اس کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوگا۔

ورلڈ کپ، پاکستان کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، سرفراز احمد

یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن میں آئی سی سی ورلڈکپ میں شریک 10 ٹیموں کے کپتانوں کی پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بطور کپتان ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز سے کم نہیں اور میری خواہش ہے کہ ہماری ٹیم 1992 کی تاریخ دہرائے۔

روسی میزائل سسٹم کے حوالے سے امریکا کی ترکی کو آخری وارننگ

0
ایس 400 میزائل

واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے خبردار کیا ہے کہ روسی میزائل کی وصولی کا عمل مکمل ہونے کی صورت میں انقرہ کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ترکی کو باور کرایا گیا ہے کہ روسی ایس 400 میزائلوں کی ڈیل کے حوالے سے یہ امریکا کی ترکی کو آخری وارننگ ہے۔ نیٹو اتحاد کے رکن ترکی کو آئندہ ماہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا ایس 400 روسی میزائل نظام حاصل کرنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس نظام کی خریداری نیٹو اتحاد کے لیے خطرہ پیدا کر دے گی، اس کے سبب ترکی ایف 35 طیاروں کے پروگرام سے محروم ہو جائے گا جو امریکا کی تاریخ میں ہتھیاروں کا مہنگا ترین پروگرام شمار کیا جا رہا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے مذکورہ عہدے دار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ روسی میزائل نظام نیٹو اتحاد کی جانب سے عسکری ساز و سامان کی خریداری کے لیے مقررہ معیارات سے موافقت نہیں رکھتا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سال 2017 میں بعض رپورٹوں سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ انقرہ نے ایف 400 میزائل نظام کے حصول کے لیے کرملن کے ساتھ 2.5 ارب ڈالر مالیت کی ڈیل طے کی تھی۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اگرچہ امریکا کی جانب سے خبردار کیا جاتا رہا کہ اس نظام کی خریداری کے نتیجے میں سیاسی اور اقتصادی نتائج مرتب ہوں گے۔ترکی کو ایس 400 نظام کی خریداری سے روکنے پر قائل کرنے کے واسطے امریکی وزارت خارجہ نے 2013 اور 2017 میں پیٹریاٹ میزائل نظام فروخت کرنے کی پیش کش کی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی نے دونوں بار اس پیش کش کو مسترد کر دیا کیوں کہ امریکا نے اس میزائل نظام کی حساس ٹکنالوجی منتقل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اختلاف کے باوجود اس پورے عرصے میں امریکا نے ترکی کو اجازت دی کہ وہ لوک ہیڈ مارٹن کمپنی کے ایف 35 طیارے کے پروگرام میں مالی اور صنعتی طور پر شریک رہے، یہ دنیا کا جدید ترین لڑاکا طیارہ شمار کیا جا رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس ترکی نے اپنی سرزمین پر ایس 400 میزائل نظام کے لیے جگہ کے قیام کا کام شروع کیا تھا، انٹیلی جنس رپورٹوں میں مذکورہ تنصیبات کے مقام کی سیٹلائٹ تصاویر بھی شامل کی گئی تھیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں سال روس سے ایس 400 میزائل نظام حاصل کرنے کی صورت میں توقع ہے کہ یہ نظام 2020 میں استعمال کے لیے مکمل طور پر تیار ہو گا۔

پاکستان فلسطینی اور کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، شیری مزاری

0
Shireen Mazari

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیری مزاری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فلسطین کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے اور وہ اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تنازعہ فلسطین اور اس کے حل کی تلاش کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی اور کشمیری عوام کے منصفانہ حق خودارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلسطین کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے اور وہ اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔

شیری مزاری نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم کی تسکین کے لیے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کا خون بہا کر مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ کشمیریوں کی ہرنئی نسل نے بھارت کے غیرقانونی تسلط کو مسترد کردیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 2 مئی کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیرونی قوتوں کی مداخلت اور مفادات کی جنگ نے خطے کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل نہ ہونا سلامتی کونسل کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین کے لوگوں نے حق خود ارادیت کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

0
Lahore

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

لاہور، پتوکی، مرید کے حافظ آباد، ٹبہ سلطان پور، فورٹ عباس، فیصل آباد، سکھیکی ، پنڈی بھٹیاں، جڑانوالہ، پاکپتن اور میرپور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، متعدد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور اطراف کے پہاڑی علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ بلوچستان کے بھی بیشترحصوں میں موسم گرم رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک کے بیشترحصوں میں بارش اور تیز آندھی کے باعث متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، سوات، اٹک، کامونکی، مری، منڈی شاہ جیونہ، گجرات، راولپنڈی اور دیگر کئی شہروں میں تیز آندھی اور ہوا کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ 2 افراد گرفتار

0
ANF

اسلام آباد: اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کو گرفتار کرکے آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر کے قبضے سے1 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

اے این ایف حکام کے مطابق ملزم چائے کے پیکٹ میں آئس ہیروئن چھپا کراسمگل کرناچاہتا تھا، ملزم ثاقب کے ہمراہ خاتون جمیل اختربھی سفرکرنا چاہتی تھی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملزم ثاقب اور خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 10 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے دوحہ جانے والے مسافر سے چرس برآمد کی تھی۔

رحیم گل نے منشیات گلاب جامن کے 2 ڈبوں میں چھپائی تھی، ملزم غیر ملکی ایئرلائن کی پروازکیو آر 615 سے دوحہ جا رہا تھا، ملزم خیبر پختونخوا کےعلاقے کرم کا رہائشی ہے۔

واضح رہے کہ 24 مارچ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

اے این ایف حکام کے مطابق برطانوی شہریت یافتہ خاتون کوثریونس سے 13کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی، خاتون نے 3 مختلف بیگزمیں 13 کلو ہیروئن چھپائی تھی۔

وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

0
Imran Khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ گورنرہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت اورشوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ، دورے کے دوران عمران خان گورنرہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت کے علاوہ افطار ڈنر میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کراچی میں قیام کے دوران شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کراچی میں قیام کے دوران کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدرات کے علاوہ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا پاکستان کا بڑا اور تیسرا شوکت خانم اسپتال کراچی میں زیر تعمیر ہے، امید ہے غریب مریضوں کے لیے عوام ماہ صیام میں شوکت خانم اسپتال کے غریب مریضوں کے لیے عوام ماہ صیام میں دل کھول کرعطیات دیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم نے اسلام آباد میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی عوام اس ملک کی ترقی کی امید ہیں، ملک اس وقت معاشی طور پر مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ معاشی مشکلات کے باوجود ثابت کر کے دکھاؤں گا کہ یہ ملک ترقی کرسکتا ہے۔ ایسا پاکستان سنبھالا ہے جس کی تاریخ میں سب سے مشکل حالات تھے، 70 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ اور خسارہ ورثے میں ملا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کی سب سے بڑی طاقت فلاحی کاموں میں حصہ لینا ہے، شوکت خانم اسپتال عظیم قوم نے بنایا ہے اور وہی اسے چلا رہی ہے، دنیا میں شوکت خانم جیسے اسپتال کی مثال نہیں ملتی۔

بعد ازاں وزیر اعظم نے عطیہ کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ افطار ڈنر میں 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم عطیہ کی گئی۔

عید قریب آتے ہی کراچی میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا

0
Crime

کراچی: عید قریب آتے ہی شہر قائد میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا، جبکہ صدر پولیس نے چھاپہ مار کر چھ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں دکان پر ڈکیتی کی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے جن میں ایک زخمی دم توڑ گیا۔

گلشن اقبال پولیس کی کارروائی کے دوران دواسٹریٹ کرمنل گرفتار کرلیئے، ملزمان سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد کرلیئے گئے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاند ہی پر صدر میں شاپنگ سینٹر پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران چھ ملزمان گرفتار ہوگئے، ملزمان آئس اور کرسٹل کا نشہ بیچنے والے گینگ سےتعلق رکھتے ہیں، گروہ میں شامل مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئےکارروائیاں جاری ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہرقائد میں سائٹ سپرہائی وے پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا تھا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس موبائل پر حملے ہوچکے ہیں، سال 2014 میں نیپا چورنگی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیس وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

یورپین یونین کے انتخابات کو جھوٹی خبروں سے خطرہ لاحق

0
Election

برسلز: امریکی ادارے کی تحقیق سے بات سامنے آئی ہے کہ یورپین یونین کے انتخابات کو جھوٹی خبروں سے سخت خطرہ لاحق ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپین میڈیا میں شائع تازہ تحقیق کے مطابق یورپین الیکشن کے لیے یورپ مخالف شدت پسند گروہ غلط اور جعلی خبروں پر مشتمل کئی ایسی ویب سائٹس چلا رہے ہیں جن میں مہاجر نوجوانوں کو مقامی آبادی کے خلاف نامنا سب کام کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رپورٹ شائع کرنے والے ادارے کے مطابق جب تحقیق کی گئی تو وہ فلموں میں استعمال ہونے والے مختلف سین تھے جنہیں اس فلم سے کاٹ کر علیحدہ ویڈیو کی صورت میں پیش کیا گیا تھا۔

ان میں سے ایک سین میں ایک غیر ملکی ڈرائیور اپنی ٹیکسی میں ایک مقامی خاتون پر جنسی حملہ کرتے جبکہ دوسری ویڈیو میں مہاجر نوجوانوں کو پولیس کی گاڑی پر حملہ آور ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان جعلی ویڈیوز میں سے ایک کو گذشتہ تین ماہ کے دوران 333 ملین مرتبہ دیکھا گیا۔ گویا مہاجرین مخالف اس ویڈیو کو روزانہ 60 لاکھ افراد نے دیکھا۔ آواز مومنٹ کی جانب سے شائع شدہ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی، فرانس، برطانیہ، اٹلی، اسپین اور پولینڈ میں انتہائی دائیں بازو کے شدت پسند گروہوں کے نظریات پر مشتمل 500 سے زائد فیس بک پیجز کام کر رہے ہیں جن میں سے شکایات پر 77 پیجز کو فیس بک انتظامیہ نے بند کر دیا ہے، لیکن اہم بات یہ ہے کہ ان بند کئے گئے پیچز کے 60 لاکھ فالوورز تھے۔

یورپی پارلیمانی انتخابات، برطانیہ کا مستقبل کیا ہوگا؟

اس تحقیقی رپورٹ کو شائع کرنے والے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرسٹوف شوٹ کا کہنا تھا کہ ان یورپین الیکشنز میں یورپ مخالف حلقوں کی جانب سے جھوٹ اور جعلی خبروں کے استعمال نے اسے ایک خطرناک الیکشن بنا دیا ہے اور یورپین یونین جعلی خبروں میں ڈوبتی جا رہی ہے۔

مصر: الاخوان کے 6 ارکان کو سنائی گئی سزائے موت کا معاملہ مفتیِ اعظم کے سپرد

0
EGYPT

قاہرہ: مصر کی ایک فوجداری عدالت نے کالعدم مذہبی سیاسی جماعت الاخوان المسلمون کے چھ ارکان کو قتل اور دہشت گردی کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر سنائی گئی سزائے موت کا معاملہ غیر پابند حتمی رائے کے لیے ملک کے مفتیِ اعظم کو بھیج دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قاہرہ کی فوجداری عدالت نے کہا کہ یہ تمام چھ مدعاعلیہان ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد کی ہلاکت اور دوسرے الزامات میں قصور وار پائے گئے تھے اور انھیں اس مقدمے میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

اس مقدمے میں کل 70 مدعاعلیہان کو ماخوذ کیا گیا تھا۔ وہ اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مصر کی عدالتوں نے جولائی 2013ء میں ملک کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے الاخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع سمیت سیکڑوں رہ نماؤں اور کارکنان کو تھوک کے حساب سے قید اور پھانسی کی سزائیں سنائی ہیں۔

وہ اس وقت مختلف جیلوں میں قید بھگت رہے ہیں لیکن اب تک کسی بڑے رہ نما کو تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا ہے۔ قاہرہ کی فوجداری عدالت نے گذشتہ سال الاخوان کے 75 ارکان کو 2013ء میں احتجاجی دھرنوں اور تشدد کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا تھا۔

لیبیا کی پارلیمان نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

عدالت نے محمد بدیع سمیت سینتالیس افراد کو ان ہی الزامات میں عمرقید کی سزائیں سنائی تھیں۔ ان پر ریاست کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور تشدد کی شہ دینے کے الزامات بھی عاید کیے گئے تھے۔

ہواوے چینی حکومت کے ساتھ تعلقات کو چھپاتی ہے: امریکی وزیر خارجہ

0
US

واشنگٹن: امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے اپنے بیجنگ حکومت کے ساتھ تعلقات کی حقیقت کو چھپاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ہواوے کمپنی یہ کہتی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ کام نہیں کرتی تو یہ ایک جھوٹ ہے۔

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رین ژینگ فائی امریکی عوام سے نہیں بلکہ ساری دنیا سے سچ چھپاتے ہیں۔

انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید امریکی کمپنیاں ہواوے کے ساتھ اپنے روابط ختم کر دیں گی۔ امریکا نے ہواوے کمپنی پر چین کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں پابندی لگا دی ہے۔

دوسری جانب جاپان کی ٹیکنالوجی کمپنی پیناسونک نے دنیا کی دوسری بڑی موبائل فون بنانے والی چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ کاروبار معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

پیناسونک نے کہا کہ پابندی کا اطلاق 25 فیصد مصنوعات یا امریکا کے تیار کردہ مال پر ہوتا ہے۔ پیناسونک نے اپنے ایک نوٹی فکیشن میں اعلان کیا کہ امریکا کی جانب سے ہواوے اور اس سے ملحقہ 68 کمپنیوں پر پابندی کے بعد اس کے ساتھ لین دین بند کردینا چاہیے۔

تاہم پیناسونک کے حوالے سے ابھی معاملہ واضح نہیں ہے کیونکہ اس کے بعد ایک چینی ویب سائٹ نے کہا ہے کہ پیناسونک ہواوے کے ساتھ کاروباری جاری رکھے گی۔

ہواوے موبائلز پر گوگل اور اینڈرائڈ سسٹم بند

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پیناسونک کے موقف میں تضاد اس وقت سامنے آیا جب چینی ویب سائٹ نے یہ دعویٰ کیا کہ جاپانی کمپنی ہواوے کو سپلائی جاری رکھے گی۔اس حوالے سے یہ بات بھی واضح نہیں کی گئی ہے کہ پیناسونک نے کس قسم کی کاروباری لین دین کو بند کیا ہے۔