اسلام آباد : برٹش ایئرویز پاکستان سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کررہی ہے، برطانوی فضائی کمپنی اسلام آباد اور لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے درمیان ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی، امید ہےکہ مزید غیرملکی ایئرلائنز بھی پاکستان سے دوبارہ اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق گیارہ سال بعد پاکستان کے لئے برٹش ائیرویز کی پروازوں کا آغاز جون سے ہوگا ، وزیر ایوی ایشن غلام سرور نے بتایا برٹش ایئرویزکی پاکستان سے ہفتےمیں تین پروازیں ہوں گی۔
برٹش ائیر ویز 11 سال بعد پاکستان آرہی ہے.برٹش ائیر ویز ،جون 2019 سے اسلام آباد سے ہفتہ وار 3فلایٹس چلانے کی خواھش مند ہے@PTIofficial @InsafPK @PtiNorthPunjab @PTIOfficialRWP @PtiTaxila @PTIPunjabPK @RadioPakistan @pid_gov @PTVNewsOfficial
— Ghulam Sarwar Khan (@GSKhan_Official) May 23, 2019
ماہرین کے مطابق اسلام آباد اور ہیتھرو کے درمیان برٹش ائیرویز کی پروازوں کی بحالی اچھی خبر ہے، تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو فروغ ملے گا۔
یاد رہے رواں سال جنوری مین برٹش ہائی کمشنرنے سیکرٹری ایوی ایشن کو خط لکھاتھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ اور پُرامن ملک ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کیے، پاکستان میں برٹش ائرویز کا آپریشن دس سال سے بند تھا۔
مزید پڑھیں : رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی، برٹش ہائی کمشنر
برٹش ہائی کمشنر نے خط میں مزید بتایاتھا کہ رواں سال جون سے برٹش ایئرویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی۔
واضح رہے برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ائیر ویز نے ایک عشرے سے زیادہ وقفے کے بعد گذشتہ برس پاکستان سے اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاک فوج نے بھی اس اعلان کا خیر مقدم کیا تھا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسز کی ملک میں امن واستحکام کے لیے ایک عشرے کی جدوجہد کا ثمر ہے۔
خیال رہے برٹش ائیر ویز نے بیس ستمبر دوہزار آٹھ کو اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل پر تباہ کن خودکش بم حملے کے فوری بعد پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی تھیں ۔ اس بم دھماکے میں چون افراد ہلاک اور دو سو ستر زخمی ہوگئے تھے۔