بدھ, جولائی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 22600

مصر: قاہرہ میں سیاحوں کی بس سڑک کنارے بم سے ٹکرا گئی، چار افراد ہلاک

0

قاہرہ : مصرکے دارالحکومت قاہرہ کے قریب سڑک کنارے بم دھماکے میں تین سیاح اوران کا گائیڈ ہلاک ہوگیا، حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب غزہ کے عجائبات کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں کی بس سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔

جس کے نتیجے میں بس میں سوار ویتنام کے دو سیاح اور ان کا گائیڈ موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرا سیاح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق مصری سیکورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دھماکے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بس ڈرائیور نے جس مقررہ راستوں سے سیاحوں کو لیکر جانا تھا وہاں سے نہیں گیا، نہ ہی انتظامیہ کو اس کی خبردی گئی۔

حکام کے مطابق سڑک کنارے یہ بم کس نے رکھا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگیا تاہم ماضی میں اس قسم کے حملوں باالخصوص سیاحوں کو نشانہ بنانے میں عسکریت پسند تنظیم داعش ملوث رہا ہے۔

خیال رہے کہ مصر سیاحت کے لیے اہم ملک سمجھا جاتا ہے، یہاں کے تاریخی مقامات کو دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح رخ کرتے ہیں۔

سونے کی فی تولہ قیمت68ہزار روپے تک جا پہنچی

0

کراچی : سونے کی فی تولہ قیمت میں800روپے بڑھ گئی ہے جس کے باعث ایک تولہ سونا68ہزار روپے ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتیں ایک بار پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی1280ڈالر فی اونس ہوگئی ہے، جس کے اثرات پاکستان کی مارکیٹ میں بھی دیکھے گئے ہیں۔

پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں800روپے بڑھ گئی ہے جس کے باعث ایک تولہ سونا68ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں سونے کی 10 گرام قیمت 687 روپے اضافے کے بعد58ہزار 300روپے ہوگئی ہے۔

روس اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے لگے

0
UK

لندن: روس اور برطانیہ کے درمیان جاری سفارتی تعلقات میں کشیدگی کے خاتمے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بحال ہونے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ اور روس کے درمیان رواں سال مارچ میں تعلقات خراب ہوگئے تھے جس کے باعث دنوں ملکوں نے ایک دوسرے کے درجنوں سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگیا ہے جس کے تحت دنوں ممالک کے کچھ سفارت کار ایک دوسرے کے ملک میں سفارتی سرگرمیاں سرنجام دیں سکیں گے۔

برطانیہ میں روسی سفارت خانے کے مطابق اگلے سال جنوری میں دونوں ملکوں کے تعلقات خوشگوار ہوجائیں گے، معاہدے کے تحت دنوں ملکوں کی سفارتی سرگرمیاں معمول پر آجائیں گی۔

سفارت خانے کا کہنا تھا کہ مکمل طور دونوں ملکوں کے سفارت کار ایک دوسرے کے ملک جاسکیں گے یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہوگیا لیکن حالات معمول پر ہوں گے۔

ممکن ہے سابق روسی جاسوس کوروس نےزہردیا ہو‘ برطانوی وزیراعظم

خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں 63 سالہ سابق روسی ملٹری انٹیلیجنس آفیسر اور ان کی بیٹی کو زہر دے کر مارنے کی کوشش کی گئی تھی، بعد ازاں دونوں برطانیہ کے شہر سالسبری کے سٹی سینٹر میں ایک بینچ پر تشویش ناک حالت میں پائے گئے تھے۔

واضح رہے کہ برطانوی حکام نے اس حملے کا ذمہ دار روس کو ٹھہراتے ہوئے درجنوں روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا تھا، بعد ازاں روس نے بھی اپنے ملک سے برطانوی سفارت کاروں کو نکال دیا تھا۔

پی آئی اے میں میٹرک اور مڈل پاس پائلٹس ہیں، سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع

0
پی آئی اے کی پرواز مسافر چھوڑ گئی

اسلام آباد : جسٹس اعجازالاحسن نے کہا ہے کہ میٹرک سے کم تو بس نہیں چلا سکتا، یہاں جہاز اڑائے جا رہے ہیں، پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق کرکے رپورٹ جلد فراہم کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی۔ سول ایوی ایشن نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق دھماکا خیز رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

پائلٹس اور کیبن کریو کی چار ہزار تین سو اکیس ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہو گیا جبکہ چار سو 38 ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے، پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے مقدمے میں چونکا دینے والے انکشافات پر مبنی رپورٹ سامنے آگئی۔

سپریم کورٹ میں پیش کی گئی سول ایوی ایشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سات پائلٹس کی ڈگریاں جعلی پائی گئیں۔ پانچ میٹرک انڈر میٹرک ہیں، پی آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ ڈگریوں کا ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے پچاس افسروں کو معطل کر دیا ہے۔

رپورٹ پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ لوگوں کی زندگیوں کو داؤ پرلگا دیا گیا، ایسے افراد سے کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ میٹرک سے کم تو بس نہیں چلا سکتا، یہاں جہاز اڑائے جا رہے ہیں۔ عدالت نے ڈگریوں کی تصدیق کا عمل فوری مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے پی آئی اے کوکنٹریکٹ پائلٹس بھرتی کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پائلٹس کے لائسنسوں کی مکمل تفصیل بھی طلب کرلی۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی کا رجحان

0
stock

اسلام آباد: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی کا رجحان رہا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سال دوھزار انیس سے تین روز قبل مندی کا شکار رہی، جعلی اکاؤنٹس میں شامل افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے بعد سرمایہ کار حصص فروخت کرتے رہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق حکومت کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس میں شامل کے افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے بعد سرمایہ کاروں نے حصص کی فروخت کو ترجیح دی جس کے باعث انڈیکس میں ایک موقع پر 819 پوائنٹس کی کمی بھی ہوئی۔

بعد ازاں اختتامی مراحل میں سو پوائنٹس کی ریکوری کے بعد انڈیکس 686 پوائنٹس کمی کے بعد 37 ھزار 167 پر بند ہوا۔

ہفتہ وار معاشی رپورٹ، روپے کی قدر مستحکم، اسٹاک میں 344 پوائنٹس کی کمی، سونے کے بھاؤ بھی کم

مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیرہ کروڑ شیئرز کا کام ہوا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 334 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

جبکہ سونے کی فی تولہ قیمتیں 800 روپے کم ہوئی تھیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو بارڈر بند کرنے کی دھمکی دے دی

0
امریکا میں ایمرجنسی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا، صدر ٹرمپ نے میکسیکو بارڈر بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر میکسیکو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے فنڈ جاری نہ کیے گئے تو سرحد بند کردی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈ کی مد میں 23 بلین ڈالر درکار ہے، صدر ٹرمپ نے فنڈ نہ ملنے کی صورت میں بارڈر بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ذمہ دار کانگریس کو قرار دیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ اور کانگریس کے درمیان تنازعے کے باعث کئی سرکاری سرگرمیاں بھی معطل ہیں جبکہ گذشتہ دنوں سرکاری دفاتر بھی بند کردیے گئے تھے۔

امریکی کانگریس نے فنڈ کی مد میں 5 بلین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، تاہم ٹرمپ انتظامیہ 23 بلین ڈالر حاصل کرنے کے لیے بضد ہے۔

دوسری جانب میکسیکو کے صدر انڈرس مینوئل کا کہنا ہے کہ سرحد پر دیوار تعمیر کرنے سے متعلق ٹرمپ کا بیان ان کا ذاتی معاملہ ہے، ہم نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط روابط کی بات کی ہے۔

امریکی صدر اور کانگریس میں اختلافات، سرکاری دفاتر بند

ان کا کہنا تھا کہ خطے کی سلامتی ہمارے لیے اولین ترجیح ہے، مہاجرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے انسانی بنیادوں پر ہرممکن اقدامات کرتے رہیں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن پارٹی بارڈر سیکیوٹی کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ہے، اور سیکیوٹی کی مد میں 1.3 بلین ڈالر آفر بھی کرچکی ہے، تاہم سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے خلاف ہے۔

نوشہرہ : نو سالہ بچی اغواء، مبینہ زیادتی کے بعد قتل، لاش قبرستان سے ملی

0
نو سال کی بچی

نوشہرہ : سفاک درندوں نے ایک اور ننھی کلی مسل دی، نوشہرہ میں نو سال کی بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردی گئی، نامعلوم ملزمان نے معصوم بچی کی لاش قبرستان میں پھینک دی۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کلاں میں نو سالہ بچی بدھ کو گھر سے مدرسے کے لئے گھر سے نکلی لیکن رات گئے تک واپس نہ آئی، والدین نے بچی کی گمشدگی کی رپورٹ متعلقہ تھا نے میں درج کرائی تھی۔

پولیس کے مطابق آج اس کی لاش خیشگی قبرستان سے برآمد کی گئی ہے، واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، اس حوالے سے ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے شواہد ملے ہیں جس کے بعد اسے قتل کیا گیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ دنوں حویلیاں میں تین سالہ بچی سے زیادتی اورقتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے پولیس نے اٹھارہ مزید افراد کو حراست میں لے لیا ہے، گرفتار ملزمان کے خون کے نمونے ڈی این اے کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔

سپریم کورٹ نے ترک ایجوکیشن تنظیم کو دہشت گرد قرار دے دیا، اکاؤنٹس منجمد

0

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پاک ترک انٹرنیشنل کیگ ایجوکیشن تنظیم کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر وزارت خزانہ کو اکاؤنٹس ترک معارف فاؤنڈیشن منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک ترک انٹرنیشنل کیگ ایجوکیشن تنظیم کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے معاملے پر سپریم کورٹ کے3رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے پی ٹی آئی سی ایف کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے فیصلے میں لکھا ہے کہ ترکی بھی مذکورہ تنظیم کو دہشت گرد قراردے چکا ہے، اس کے علاوہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ برادرانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں اور پاکستان بین الاقوامی سفارتی معاہدوں پر عملدرآمد کا پابند ہے۔

فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت فتح اللہ گولن اوردیگر تنظیموں کو بھی دہشت گرد قرار دے اور تنظیم کے تمام اثاثے ترکی معارف فاؤنڈیشن کو منتقل کیے جائیں، مذکوہ تنظیم کے تحت چلنے والے28اسکولوں کا بندوبست معاہدوں کی روشنی میں کیا جائے۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ پاک ترک انٹرنیشنل کیگ ایجوکیشن کے اکاؤنٹس منجمند کیے جائیں، وزارت داخلہ اندراج انسداد دہشت گری ایکٹ کی سیکشن بی11کے تحت کرے جس کے بعد وزارت خزانہ اس کے تمام اکاؤنٹس ترک معارف فاؤنڈیشن منتقل کرنے کا انتظام کرے، پاک ترک انٹرنیشنل کیگ ایجوکیشن کے نام سے تمام این اوسی منسوخ ہیں، کسی دہشت گرد تنظیم کا پاکستان میں کام نہ کرنا ملک کے مفاد میں ہے۔

فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک ترک انٹرنیشنل کیگ ایجوکیشن فاؤنڈیشن1990میں قائم ہوئی، تنظیم کے28اسکول ترک حکومت کے تعاون سے چلتے رہے، کیگ ایجوکیشنل ترکی میں ناکام فوجی حکومت کے قیام میں ملوث تھی۔

اسلامی سربراہی کانفرنس نے فتح اللہ تنظیم کو دہشت گرد قرار دیا، فتح اللہ تنظیم پاک ترک انٹرنیشنل کیگ ایجوکیشن کی پیرنٹ آرگنائزیشن ہے۔

کراچی کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں‌ گے، مراد علی شاہ

0
مراد علی شاہ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا امن کسی کو خراب کرنے نہیں دیں گے، ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں کی سیکیورٹی بڑھائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ علی رضا عابدی کی رہائش گاہ پہنچے،علی رضا عابدی کے انتقال پر والد سے تعزیت کی اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کی یقین دہائی کرائی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے علی رضا عابدی کے والد کو تحقیقات سے متعلق آگاہ کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ ایئرپورٹ سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، علی رضا عابدی تو واپس نہیں آسکتے مگر ظالم کو سزا ملنی چاہئے، آپ اطمینان رکھیں ہم قاتل کو گرفتار کریں گے۔

مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث چاراہم ملزمان گرفتار

واضح رہے کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ایئرپورٹ سے بیرون ملک فرار کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کیا گیا، زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دو روز میں کراچی ایئرپورٹ سے چھان بین کے ذریعے کامیابی حاصل ہوئی، ملزم کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان کی تلاش جاری ہے اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے تھے۔