بدھ, جولائی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 22601

وزیراعلیٰ قتل کا حکم دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، مقدمہ درج

0

نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ ٹیلی فون پر سیاسی مخالف کو قتل کرنے کے احکامات دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جس کے بعد اُن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کرناٹک میں سیاسی جماعت جنتا دل سیکولر کا کارکن ہلاک ہوا جس کے قتل کا حکم وزیراعلیٰ کمارا سوامے نے دیا۔

وزیراعلیٰ کی گفتگو دفتر میں لگے کیمرے میں محفوظ ہوئی جس کے بعد ملازم نے اُسے لیک کردیا، جس کے بعد اُن پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی۔ کمارا سوامے کے ترجمان نے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جذبات میں زبان پھسل گئی تھی۔

سیاسی جماعت کے کارکن کی ہلاکت سے قبل وزیر اعلیٰ نے فون پر کسی کو ہدایت دی تھی کہ ’قاتلوں کو بے رحمی سے قتل کرو کوئی مسئلہ نہیں، ہم تمھیں بچا لیں گے‘۔ وزیر اعلیٰ نے سیاسی مخالف کو بھی قاتل کہہ کر ہی مخاطب کیا۔

مزید پڑھیں: کرپشن کیس میں نامزد بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ کو بیرون ملک سفر کی اجازت

تاہم جب ویڈیو منظر عام پر آئی تو وزیر اعلیٰ مشکل میں گھر گئے اور اُن کے ترجمان نے قتل کی ہدایت کو جذباتیت قرار دیتے ہوئے کمارا سوامے کو بے قصور قرار دیا۔

اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر ویر اعلیٰ قتل کی ہدایت دے گا تو ریاست میں قانون کی عملداری کیسے ہوگی۔

دوسری جانب پیپلز یونین لیبرٹیس نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ کے خلاف انسانی حقوق کمیشن میں مقدمہ درج کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ نوجوان کا قتل کمارسوامے کی وجہ سے ہی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بیٹی سے جنسی زیادتی کرنے والا باپ گرفتار

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو قتل کے جرم میں گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ویڈیو حاصل کرلی۔

بنگلور پولیس اسٹیشن کے سینئر آفیسر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ویڈیو حاصل کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا، واقعے کی تحقیقات میں اگر وزیراعلیٰ قصوروار ہوئے تو انہیں کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا‘۔

علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ درج، والد کا ملزمان کے بارے میں اہم انکشاف

0

کراچی: پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمہ گزری تھانے میں درج کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھر کے دروازے پر قتل ہونے والے سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل کا مقدمہ گزری تھانے میں درج کر لیا گیا۔

[bs-quote quote=”ملزمان کے چہرے یاد ہیں، پہچان سکتا ہوں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”والد کا بیان”][/bs-quote]

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ علی رضا عابدی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

دریں اثنا علی رضا عابدی کے والد اخلاق عابدی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انھیں ملزمان کے چہرے یاد ہیں۔

والد اخلاق عابدی نے کہا ’مجھے علی رضا عابدی پر فائرنگ کرنے والوں کے چہرے یاد ہیں، ملزمان کو دیکھ کر پہچان سکتا ہوں، میں فائرنگ کی آواز سنتے ہی دروازے کی طرف بھاگا۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ ’گارڈ نے بتایا فائرنگ ہوئی ہے اور اسلحہ مانگا، علی رضا بچوں کو ڈنر پر لے جانے کے لیے جلدی آیا تھا۔‘


یہ بھی پڑھیں:  کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق


والد اخلاق عابدی کا کہنا تھا کہ گارڈ کمپنی ہم سے 20 ہزار ماہانہ لے کر تنخواہ 12 یا 14 ہزار دیتی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس میں علی رضا عابدی جیسے ہی گھر کے دروازے پر پہنچے، پہلے سے ریکی کرنے والے دو موٹر سائیکل سوار نوجوان آئے، اور ایک نے اتر کر ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، جس سے سابق رکن قومی اسمبلی جاں بحق ہو گئے۔

گیس بحران پرکمیٹی رپورٹ مسترد : وزیراعظم نے ذمہ داران کے نام مانگ لیے

0
وزیراعظم نے گیس بحران

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران پر فیکٹ فائنڈنگ  کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ بحران کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیر پٹرولیم غلام سرورخان اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان سمیت دیگر وزراء بھی موجود تھے۔

اجلاس میں حالیہ گیس بحران پر فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر گیس کمپنیوں کی جانب سے ایل این جی کی چار ماہ کی طلب کا منصوبہ اور گیس لوڈ مینجمنٹ پلان بھی پیش کیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گیس بحران پرفیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مسترد کردی ہے، انہوں نے گیس بحران پردوبارہ تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن کو انکوائری کا ٹاسک دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں سیکریٹری پٹرولیم کو 28دسمبر تک سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس بحران کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے کیونکہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں گیس بحران کے ذمہ داران کا تعین نہیں کیا۔

وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے چیئرپرسن اوگرا کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے اوگرا آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ ایل این جی کے ریٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستانی نوجوان نے 20 ہزار روپے میں شادی کر کے سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کردی

0

لاہور: دنیا میں ہر طرف پرتعیش شادیوں کا شور چل رہا ہے مگر اسی دوران پاکستانی نوجوان نے کم پیسوں میں انتہائی سادہ شادی کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

تفصیلات کے مطابق رضوان نامی نوجوان پیشے کے اعتبار سے فوٹو گرافر ہے جنہوں نے صرف بیس ہزار روپے میں شادی کر کے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شادی کے اخراجات سے متعلق ٹویٹ کیا اور بتایا کہ ’میں نے اپنے ولیمے میں 25 مہمانوں کو مدعو کیا جن میں دوست اور اہلِ خانہ شامل تھے‘۔

نوجوان نے اپنے گھر کی چھت پرولیمے کی تقریب رکھی اور اپنے دوست کے باورچی سے کھانے میں چکن تکہ، سیخ کباب، پتھورے چنے، حلوہ اور اسٹرابیری سے مہمانوں کی تواضع کی۔

رضوان کے مطابق باورچی کو میں نے مسالے خرید کر دیے جبکہ نئی نویلی دلہن نے کھٹے آلو بنائے، چھت کی سجاوٹ کا انتظام والد نے کیا جبکہ تقریب کے لیے پڑوسی سے 25 کرسیاں ادھار لیں۔

ولیمے کی تقریب میں نوبیاہتا جوڑے نے سادے نیلے رنگ کے کپڑے زیب تن کیے جو لڑکے کی والدہ اور بہن نے تحفے میں دیے۔ رضوان نے دیگر نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ ’شادی کی تقریب چھوٹی ہو یا بڑی بس خوشی سے خرچہ کرو اور خوش رہو‘۔

نوجوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی شادی سے متعلق ٹویٹ 23 دسمبر کو کیں جسے سوشل میڈیا صارفین نے بہت زیادہ پسند کیا۔

کراچی: رینجرز کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کے بھتہ خوروں سمیت 13 ملزمان گرفتار

0
Karachi

کراچی: سندھ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے دو ملزمان سمیت 13 مزید گرفتار کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے شہرِ قائد کے مختلف علاقوں سے 13 ملزمان گرفتار کر لیے، عیدگاہ، میٹھادر سے 2 ملزمان ندیم اور فرحان کو گرفتار کیا گیا۔

[bs-quote quote=”لیاری گینگ وار کے بھی 4 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ بھتہ خوری میں ملوث آصف پکوڑا بھی گرفتار۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزمان غیر قانونی اسلحہ ذخیرہ کرتے تھے اور بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق نیپئر، رسالہ، کھارادر، بغدادی سے لیاری گینگ وار کے بھی 4 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، جو ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور ڈکیتیوں میں ملوث ہیں۔

چاکیواڑہ سے بھتہ خوری میں ملوث آصف عرف پکوڑا کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، سعود آباد، ناظم آباد اور گبول کے علاقے سے 6 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ تمام ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، گولیاں اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں:  کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق


ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گزشتہ روز اندرون سندھ پانی چوروں کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا تھا، جس کے دوران بدین اکرم واہ کینال میں پانی چوری کے غیر قانونی کنکشنز ہٹائے گئے۔

پانی چوروں کے خلاف محکمہ آب پاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن 3 کلو میٹر نہری علاقے میں 2 غیر قانونی کنکشن ہٹائے گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے دروازے پر ٹارگٹ کلرز نے نشانہ بناتے ہوئے قتل کیا۔

تصویر میں چھپا فرق تلاش کریں

0

کراچی: انٹرنیٹ پر زیر گردش تصاویر صارفین کو الجھا دیتی ہیں، ذہین افراد اپنی فطرت کے مطابق ان کا درست جواب تلاش کرنے میں بے حد دلچسپی ظاہر کرتے ہیں اسی طرح کی ایک تصویر انٹرنیٹ پر شیئر ہوئی جس میں چھپا فرق تلاش کرنے کا چلینج دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے صارفین اچھی طرح سے واقف ہیں کہ ہم اُن کی دلچپسی کو دیکھتے ہر تھوڑے دن بعد نت نئی ذہنی آزمائشی تصویر لے کر آتے ہیں۔

انٹرنیٹ صارفین کی ذہانت کو جانچنے کے لیے نت نئی پہیلیاں سامنے لانے کا مقصد اُن کی ذہنی آزمائش کو جانچنا ہوتا ہے۔ اسی سلسلے کی کڑی میں ایک اور تصویر سامنے آئی کہ جس میں صارفین کو چیلنج دیا گیا ہے وہ درست جواب تلاش کریں۔

اسے بھی تلاش کریں: آسان تصویر میں چھپی بڑی غلطی، جواب تلاش کریں

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویری پہیلیاں آسان ہونے کے باوجود صارفین کو سر پکڑنے پر مجبور کرتی ہیں، زیر گردش تصویر میں ویسے 9 نمبر کا ہندسہ نظر آرہا ہے مگر ایک نمبر الگ ہے جسے تلاش کرنے کا صارفین کو چیلنج دیا گیا۔

تصویر میں موجود ایک ہندسہ ہے  جو نظر آنے کے باوجود آسانی سے پکڑ میں نہیں آرہا۔ اگر آپ ذہین ہیں تو تصویر کو غور سے دیکھیں اور ایک منٹ کے اندر جواب تلاش کریں۔

کیا آپ ہندسہ تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے؟ اگر نہیں تو اسکرول کریں اور  درست جواب دیکھیں۔

غور سے دیکھنے پر آپ کو معلوم ہوگا کہ 12 نمبر کا چھٹا ہندسہ 9 نہیں بلکہ 6 ہے۔

کیا آپ درست جواب خود سے تلاش کرنے میں کامیاب ہوئے تھے؟ کمنٹس میں ضرور آگاہ کریں۔

"دوست دوست نہ رہا”: معروف ہدایت کار کا کنگ خان کے ساتھ فلم کرنے سے انکار

0

ممبئی: بالی وڈ کے کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں، معروف ہدایت کار نے  ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا.

تفصیلات کے مطابق پے در پے ناکامیوں کے بعد اب معروف ڈائریکٹر اور پرڈیوسر کنگ خان کے ذکر سے کترانے لگے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے.

ایسے ہی خیالات کا اظہار گذشتہ دنوں معروف ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا.

فلم "سمبا” کے پرموشن کے موقع پر جب روہت شیٹھی سے شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کا سوال کیا گیا، تو انھوں نے کہا کہ فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں.

"گول مال” اور "سنگھم” سیریز جیسی کامیاب فلمیں دینے والے روہت شیٹھی کا کہنا تھا کہ اگلے تین سال کی منصوبہ بندی میں‌ کنگ خان کے ساتھ ان کا کوئی پراجیکٹ‌ نہیں.

یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور روہت شیٹھی نے انڈسٹری کو ’’چنائے ایکسپریس‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلم دی تھی، جس نے تمام ریکارڈز توڑ دیے تھے.


مزید پڑھیں: خود کو سپر اسٹار سمجھنے والے اسکرپٹ کی اہمیت کب سمجھیں گے: ودھو ونود چوپڑا


بعد میں یہ دونوں ’’دل والے‘‘ میں ساتھ نظر آئے، مگر بڑی اسٹار کاسٹ کے باوجود وہ فلم بڑے پردے پر جاود نہیں جگا سکی.

روہت شیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ ’’دل والے‘‘ کی ناکامی کو بھول چکے ہیں، شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، مگر فی الحال ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے.

حملے کے وقت اپنی گن لوڈ نہ کرسکا، علی رضا کے سیکیورٹی گارڈ کا پولیس کو بیان

0

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما مقتول علی رضا عابدی کے نجی سیکیورٹی گارڈ نے کہا ہے کہ ملزمان فائرنگ کرتے رہے اور میں گن لوڈ کرتا رہا لیکن گن پھر بھی لوڈ نہ ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل کے بعد عینی شاہد سیکیورٹی گارڈ نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے، اے آر وائی نیوز نے عینی شاہد سیکیورٹی گارڈ کا ویڈیو بیان حاصل کرلیا۔

ویڈیو میں سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ علی رضا پرملزمان فائرنگ کرتے رہے اورمیں گن لوڈ کرتا رہا، گارڈ روم میں بیٹھا تھا کہ صاحب کی گاڑی دروازے پہنچی اور ٹرن لیا، علی رضا صاحب کبھی ہارن نہیں بجاتے خلاف توقع گاڑی کا ہارن بجا۔

میرے بائیں ہاتھ میں گن تھی دائیں ہاتھ سے دروازہ کھولنے لگا، دروازے کا ایک حصہ ہی کھولا تھا کہ باہرسے فائرنگ شروع ہوگئی، میں نے دروازہ چھوڑ کر گن لوڈ کرنے کی کوشش کی۔

سیکیورٹی گارڈ کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ ایک مرتبہ گن لوڈ نہ ہوئی تو دوبارہ لوڈ کرنے کی کوشش کی، باربار کوشش کے باوجود بھی گن لوڈ نہ ہوئی۔

سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ علی صاحب کو دیکھا تو وہ گاڑی کی سیٹ پر گرے ہوئے تھے اور گردن سے خون نکل رہا تھا، جب سے میں ڈیوٹی پر تعینات ہوا ایک بار بھی گن چلا کرنہیں دیکھی، کمپنی یا علی رضا صاحب نے مجھے کبھی گن کو چیک کرنے کا نہیں کہا، گن میں5راؤنڈ ہروقت موجود ہوتےتھے۔

مزید پڑھیں : علی رضا عابدی کے قتل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے 

بیان کے مطابق سیکیورٹی گارڈ ایک ماہ25دن پہلے علی رضا عابدی کے بنگلے پرتعینات ہو ا تھا، اس نے بتایا کہ میری ڈیوٹی شام سات بجے سے صبح7بجے ہوتی ہے، میں شام کو آتا تو صبح والاگارڈ روزانہ مجھے گن دے کر جاتا تھا۔

واٹس ایپ کا پکچر ان پکچر فیچر دنیا بھر میں متعارف

0
fake WhatsApp messages

کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے اپنے وعدے کے مطابق اینڈائیڈ صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی معروف مسیجنگ ایپلیکشن واٹس ایپ کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین موجود ہیں، رواں برس اکتوبر کے آخر تک جمع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق  پیغام رسانی کے ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی۔

کمپنی کی جانب سے صارفین کو سہولیات دینے اور آسانیاں فراہم کرنے کے لیے مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: واٹس ایپ کا زبردست فیچر

واٹس ایپ نے دو ماہ قبل ایک نئے فیچر ’پکچر ان پکچر موڈ‘ کی آزمائش شروع کی تھی جسے اب دنیا بھر میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا گیا۔

پی آئی پی کی مدد سے صارفین اب دوستوں کی طرف سے بھیجی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھ سکتے ہیں یعنی انہیں سب کچھ ویسے ہی نظر آئے گا اور پھر وہ اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔

اس فیچر کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام کے لنک سے بھیجی جانے والی ویڈیوز یا تصویر بھی ڈاؤن لوڈ کیے بغیر واضح نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈیلیٹ فارایوری ون‘ : واٹس ایپ نے فیچر میں بڑی تبدیلی کردی

علاوہ ازیں واٹس ایپ کی جانب سے گروپ کالنگ فیچر بھی متعارف کرایا گیا جس کو استعمال کرتے ہوئے بیک وقت چار دوست ایک ساتھ بات کرسکتے ہیں، ویڈیو یا آڈیو کال کرنے سے پہلے مطلوبہ دوستوں کے نمبروں کا انتخاب کرنا ہوگا۔

ایف آئی اے کے ہاتھوں چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ملزم گرفتار

0

اسلام آباد: وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ویڈیوز بنانے میں ملوث ایک ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا ہے۔

[bs-quote quote=”ملزم ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی دھمکی دیتا تھا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جنید زیادتی کے بعد بچوں کو بلیک میل کر کے پیسے بٹورتا تھا۔

ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزم جنید کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذوالقرنین حیدر کے مطابق ملزم جنید ویڈیو بنانے کے بعد بچوں کو دھمکی دیتا تھا کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دے گا۔

متاثرہ بچوں کے والدین نے ایف آئی اے سے شکایت کی تو تفتیشی ادارے نے کارروائی کرکے ملزم جنید کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔


یہ بھی پڑھیں:  کراچی : چائلڈ پورنو گرافی کے الزام میں گرفتار ملزم کے دوران تفتیش انکشافات


ایف آئی اے ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ملزم اکیلے اس جرم میں ملوث تھا یا اس کے مزید ساتھی بھی ہیں۔ ملزم نے تفتیش میں بتایا کہ وہ اکیلے یہ کام کرتا تھا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کراچی سے بھی ایف آئی اے نے چائلڈ پورنو گرافی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا، ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ لڑکی کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی سے لڑکوں کو بھی بلیک میل کرتا تھا۔

ملزم حمزہ گروپ اور اکاؤنٹس پر کم عمر بچوں کو ویڈیوز شیئر اور غیر اخلاقی عمل کے لیے اکساتا تھا۔ ملزم حمزہ اب تک کئی بچوں کی زندگیوں سے کھیل چکا ہے۔