جمعرات, مئی 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 25284

آئی جی سندھ کو غلط کام نہ کرنے پر ہٹایا، مودی کرپٹ نہیں، عمران خان

0

چکوال: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو غلط کام نہ کرنے پر ہٹایا گیا، جب تک کرپٹ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی نہیں ہوگی تب تک ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا، بھارتی وزیراعظم جیسا بھی ہے مگر وہ کرپٹ نہیں۔

چکوال تلہ کنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے حالات بدلیں گے، ملک کو بدلنے کے لیے 21 سال کی جدوجہد کی یہی وجہ ہے کہ آج تحریک انصاف ایک صوبے نہیں بلکہ پورے ملک کی نمائندہ جماعت بن چکی ہے جبکہ باقی جماعتیں صرف صوبوں کی حد تک محدود ہوگئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی واپسی پر 5 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شرجیل میمن کو رہائی ملی، ڈاکٹر عاصم کو 460 ارب روپے کی کرپشن کے باوجود ضمانت مل گئی، ملک کی دو بڑی جماعتوں نے نام نہاد جمہوریت کو بچانے کے لیے ایک بار پھر مک مُکا کرلیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم نے جتنے کی کرپشن کی اُس سے کم خیبرپختونخوا کا بجٹ ہے، اگر پاکستان کو ترقی دینی ہے تو کرپشن کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنی ہوگی۔ تحریک انصاف کرپٹ لوگوں کے خلاف ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسا شخص جو کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو اُسے قانون کے کٹھرے میں لایا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاناما کیس میں نوازشریف کے اثاثے سامنے آئے، یہ وہ پیسہ ہے جو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرونِ ملک بھیجا گیا مگر نوازشریف نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ پیسہ قطری نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نقل کے لیے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔

آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہم آب سے پوچھیں گے کہ سرے محل کہاں سے آیا، آپ کو مشورہ ہے کہ ابھی سے قطری شہزادے کو پکڑ لیں تاکہ جواب دینے میں آسانی رہے کیونکہ حکمرانوں کی کرپشن بچانے کے لیے قطری شہزادہ ایک دم سے سامنے آگیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کا وزیر اعظم موودی کرپٹ نہیں ہے اس کی جائیداد ملک میں ہی ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کی جائیدادیں کاروبار سب ملک سے باہر ہیں اس لیے پاکستان میں بیرونِ ملک سے سرمایہ کاری نہیں آتی۔ خیبرپختونخوا حکومت میں کرپشن نہ ہونے کی وجہ سے غیرملکی 20 ارب کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کو سازش کے تحت تقسیم کیا جارہا ہے، جن عالمی طاقتوں نے شیعوں کے خلاف سنیوں کو استعمال کیا اب وہی شیعوں کو سنیوں کے خلاف استعمال کررہی ہیں، مسلم مملک کو یکجا کرنے کے لیے ہمیں ثالث کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ویڈیو دیکھئے: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو نظر لگ گئی

0

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نظرِ بد کا شکار ہوگئی ہیں جس کے تدارک کے لیے ان کے اہلِ خانہ نے نظراتارنے کےصدیوں قدیم لیکن آزمودہ طریقہ کار کو اپناتے ہوئے انڈوں کی مدد سے ان کی نظراتاری ہے۔

اے آروائی نیوز کو ایک ویڈیو موصول ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عمر رسیدہ خاتون زیرِ لب کچھ پڑھتے ہوئے وفاقی وزیر کے اوپر سے انڈے اتار رہی ہیں۔


نظر بد کا علاج، قومی جانور کے سینگ سے بنی انگوٹھی


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی منسٹر مریم اورنگزیب کی نظر چھ انڈوں سے اتاری گئی ہے۔ نظراتارنے کے بعد ایک ایک کرکے تمام انڈے ان کے ہاتھ میں تھمائے گئے۔

یاد رہے کہ دنیا میں مختلف عقیدوں سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ انسان نظرِ بد کا شکار ہوتا ہے اور اس کے اثرات صحت‘ معاشی معاملات اور خانگی حالات پر پڑتے ہیں اور اس کے تدارک کے لیے نظرِبد رفع کرنے کے لیے کئی طریقے استعمال کیےجاتے ہیں جن میں سب سے آسان اور سریع الاثر طریقہ انڈوں سے نظراتارنا ہے۔

فکس اٹ کے عالمگیر خان سمیت متعدد کارکنان گرفتار

0

کراچی: اے ڈی خواجہ کی برطرفی کے خلاف مظاہرہ کرنے پر فلاحی تنظیم فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان سمیت متعدد کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، ایس ایس پی ویسٹ کہتے ہیں ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے، خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو برطرف کرنے کے خلاف فکس اٹ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا تھا۔

پریس کلب پہنچنے پر عالمگیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک واک کی جائے گی جبکہ پولیس نے فکس اٹ کے بانی کو سمجھانے کی کوشش کی کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے وہ اپنا مظاہرہ یہی کرلیں۔

فکس اٹ کے بانی نے پولیس افسران سے مذاکرات سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال ایک ہفتے قبل دی گئی تھی، اب نہ مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی احتجاج مؤخر کیا جائے گا۔

پڑھیں: ’’ اے ڈی خواجہ فارغ، عبدالمجید دستی عارضی آئی جی سندھ مقرر ‘‘

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ فکس اٹ بانی کے ساتھ مذاکرات کے لیے پہنچے مگر پولیس اور کارکنان کے درمیان تصادم ہوگیا، پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کیا اور وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والے راستوں پر بھاری نفری تعینات کردی۔

بعد ازاں پولیس نے عالمگیر خان سمیت فکس اٹ کے متعدد کارکنان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

آپریشن جاری رہیں گے اور تقرریاں میرٹ پر ہوں گی، عبدالمجید دستی

0

کراچی : قائم مقام آئی جی سندھ سردارعبدالمجید نے پولیس افسران اورجوانوں کو اپنے پہلے پیغام میں کہا ہے کہ ہم‫ سب ایک یونیفارم ڈسپلن فورس کےممبران ہیں اور قانون کی اطاعت اورپاسداری کا مکمل ادراک رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قائم مقام آئی جی سندھ سردارعبدالمجید دستی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ روز عہدہ سنبھال لیا ہے اور سندھ پولیس کو مثالی ادارہ بنانے میں اپنا بھرپور کرادر ادا کریں جس کے لیے فورس کے جوانوں اور افسران کا تعاون درکار رہے گا۔

قائم مقام آئی جی سندھ سردار عبدالمجیددستی نے اپنے پیغام میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ سندھ میں جاری تمام آپریشنز جاری رہیں گے اور نیشنل ایکشن پلان و دیگر ہدایات پر عمل درآمد بھی جاری رہے گا جس کے لیے رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے روابط کو مربوط اور منظم بنایاجائےگا۔

قائم مقام آئی جی نے اپنے پیغام میں یہ بھی واضح کیا کہ کسی پولیس آفیسر یاجونیئر رینک افسر کو ہٹایا نہیں جائے گا اور تقرریوں میں سینیارٹی کےاصولوں کی پاسداری کی جائے گی جس کے لیے میرٹ پر کسی بھی حال میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سب کوقانون کی پاسداری کرناہوگی بحیثیت پولیس آفیسر دیگر کےمقابلے میں ہم لوگ زیادہ جوابدہ ہیں اس لیے اقرباء پروری اور پسندناپسندکےکلچرکوختم کرناضروری ہے اور کسی بھی معاملے میں جانبدارانہ عمل ناقابل برداشت ہوگا۔

قائم مقام آئی جی سندھ نے پولیس افسران اور جوانوں کو کہا کہ میں نےآپ کےساتھ اپنی زندگی کی تین دہائیاں گزاری ہیں یہ وقت ڈیوٹی کی پکار پر لبیک کہنےکا ہے اور کسی بھی مشکل اور سخت حالات میں آپ لوگ مجھے ہمیشہ اپنےدرمیان پائیں گے۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے دعا کہ اللہ پاک ہم سب کی رہنمائی فرمائے اور اللہ ہم کوشیطان مردود کے وسوسوں سے دور رکھے، انہوں اپنے پیغام کا اختتام پاکستان زندہ باد، سندھ پولیس پائندہ باد کے نعرے پر کیا۔

خیال رہے گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے سبکدوش کرکے عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا گیا تھا۔

بغیراستاد کے مہارت حاصل کرنے والی بھارتی اسلامک کیلی گرافر

0

بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والی مسلم طالبہ نے بغیر کسی استاد کے اسلامی کیلی گرافی کے فن میں کمال مہارت حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق 25 سالہ سونم گِل بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے بغیر کسی استاد سے تربیت لیے اسلامی کیلی گرافی کے ایسے شاہکار نمونے تخلیق کیے ہیں کہ دیکھنے والے کی نظر دنگ رہ جاتی ہے۔

6

سونم گل پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر ہیں۔ اس باکمال فنکارہ نے کاؤنسلنگ سائیکالوجی میں ڈپلومہ بھی کیا ہےاور اسٹوڈنٹس کی کاؤنسلنگ کے فرائض بھی انجام دیتی ہیں۔

9

سونم کے فن پاروں میں قرآنِ پاک کی آیا ت کو اس قدر ایمان افروز انداز میں پرویا گیا ہے کہ دیکھنے والی کی آنکھیں خیرہ رہ جاتی ہیں۔

پاکستانی نژاد کیلی گرافر سے متاثر


اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیلی گرافی میں وہ ہالینڈ میں مقیم پاکستانی نژاد ماہ رخ خان سے بے پناہ متاثرہیں۔

4

8

ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل انہوں نے عرب کیلی گرافر عبدالعزیز الامیر سے متاثر ہوکر عربی کیلی گرافی شروع کی جسے بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے۔

5

یاد رہے کہ بھارت میں ان دنوں ہندو مذہبی شدت پسندی اپنے عروج پر ہے اوروہاں سے لگاتار مسلمان مخالف خبریں موصول ہوتی ہیں۔ ایسے ماحول میں ایک مسلمان لڑکی کا یوں نمایاں ہوکر سامنے آنا حبس کے ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔

7

پیپلز پارٹی نے سندھ کا کباڑہ کردیا ہے، سعد رفیق

0

لاہور : وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کا کباڑہ کر کے رکھ دیا ہے اس لیے سندھ حکومت کو مذید فری ہینڈ نہیں دیں گے۔

وہ سندھ حکومت کی جانب سے اے ڈی خواجہ کی برطرفی اور آصف علی زرداری کی وفاقی حکومت پر کرپشن کے الزامات پر ردعمل دے رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری کرپشن کی بات نہ کریں ان کی خود کئی کہانیاں زبان زد عام ہیں اور سندھ کے عوام کو کرپشن اور بد انتظامی سے بچانے کے لیے مسلم لیگ (ن) اپنا پورا کردار ادا کرے گی جس کے لیے جلد سندھ کی سرزمین پر اپنا وجود ثابت کریں گے۔

انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی برطرفی پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ چوں کہ آئی جی سندھ میرٹ پر کام کرتے ہیں اور کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑتے اس لئے وہ پیپلز پارٹی کو راس نہیں آتے ہیں کیوں کہ پیپلز پارٹی آئی جی کے عہدے پر گھر کا منشی لگوانا چاہتی ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ بینظیرکی شہادت بہت بڑا المیہ تھا لیکن اس موقع پر سرکاری و غیر سرکاری املاک کو جلانا درست نہیں تھا جس کے نتیجے میں 11 ارب کا نقصان ہوا اور کئی سرکاری دفاتر نذر آتش ہوئے جب کہ نہایت اہم ریکارڈ جل خاکستر ہوئے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اپنے محکمے کے حوالے سے کہا کہ ریلوے کےمسائل ختم کرنےکی ہرممکن کوشش کی ہے جب کہ ماضی میں ریلوے مسائل پر کسی نے توجہ نہیں دی تاہم موجودہ دور میں جنگی بنیادوں پر ریلوے کا نظام بہتر کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے میں اقرباپروری اور بدانتظامی کےریکارڈ بنائےگئے تاہم اب ریلوےکی حالت بہتر بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں جس کے باعث آئندہ 3 سے 4 سال میں ریلوے میں کوئی پرانا انجن نظر نہیں آئے گا۔

وفاقی وزیر نے تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعلیٰ کے پی کے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پرویزخٹک معتبر آدمی لگتے ہیں اور انہیں چاہیئے کہ غلط بیانی نہ کریں ہم کس طرح کرنا ریلوے لائن کی زمین انہیں بس کے لیے دے دیں؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ حکومت کے ترقیاتی پروجیکٹس سے جلن اور حسد رکھتے ہیں اسی لیے الزام تراشی کرتے ہیں، میں عمران خان کو کہتا ہوں کہ جھوٹ بول کر اور اس طرح کے نعرے لگانے سے کچھ نہیں ہونے والا ہے۔

چوتھا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان اورویسٹ انڈیزآج آمنےسامنےہوں گے

0

پورٹ آف اسپین : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کےدرمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا اورآخری میچ آج کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان اورویسٹ انڈیز کےدرمیان چوتھاٹی ٹوئنٹی میچ آج پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائےگا۔میچ پاکستانی وقت کےمطابق ساڑھےنوبجےشروع ہوگا۔

خیال رہےکہ اس سےقبل گزشتہ روز تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ویسٹ انڈیز کو 138 رنز کا ہذف دیاگیاتھا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کامران اکمل نے37گیندوں پر 48 کی شاندار اننگ کھیلی۔


ویسٹ‌ انڈیز نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست دے دی


ویسٹ انڈیز نے138 رنزکا ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیاتھا جس میں ایون لوئس کے 51 گیندوں پر 91 رنز کی جارحانہ اننگزنے نمایاں کردار ادا کیا۔

ایون لوئس نے 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے پاکستان کی بولنگ لائن کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا۔

واضح رہےکہ سرفراز الیون کو چار میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہےاور آج اس آخری میچ میں جیت کی صورت میں گرین شرٹس سیریز اپنے نام کرلیں گے۔

کراچی میں 60 ہزار مقامی درخت لگانے کا فیصلہ

0

کراچی: شہرِ قائد کو ایک بار پھر سرسبز وشاداب بنانے کے لیے سٹی گورنمنٹ نے ساٹھ ہزارنئے درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے‘ یہ تمام درخت کراچی کے ماحول کی مناسبت سے ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق کراچی کی شہری حکومت نے شہر میں درخت اگانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کے پروگرام برائے سرسبز پاکستان کے تحت کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہرِقائد کے چھ اضلاع میں مجموعی طور پر ساٹھ ہزار پودے نصب کیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں دس ہزار پودے اگائے جائیں گے۔

شہری حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت لگائے جانے والے تمام پودے ماحول دوست ہوں گے اور کراچی کے ماحول سے پوری طرح مطابقت رکھتے ہوں گے۔ ان کو اگانے سے کراچی کے موسم پر کسی قسم کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔

سرسبز پاکستان مہم


رواں سال فروری میں ملک بھر میں ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے قومی سرسبز دن مناتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے پودا لگا کر ’سرسبز پاکستان‘ مہم کا آغاز کیاتھا۔

ملک بھر میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کے لیے سر سبز پاکستان مہم کا آغاز وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت و نگرانی میں کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 10 کروڑ مقامی پودے لگائے جائیں گے۔

غیرملکی کونو کارپس درخت


یاد رہے کہ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کے دورِ حکومت میں کراچی کو سرسبز بنانے کے لیے معلومات کی کمی کی بنا پر غیر ملکی نسل کے کونو کارپس درخت کثیر تعداد میں نصب کیے تھے جو کہ بہت تیزی سے سے افزائش کرتے ہیں تاہم کراچی کے ماحول سے ہرگز مطابقت نہیں رکھتے۔

گزشتہ سال اگست میں کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے ’کونو کارپس‘ درخت کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس پر عملدر آمد یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ کونو کارپس کے درخت درختوں کی مقامی قسم نہیں ہے جس کے باعث یہ کراچی کے لیے مناسب نہیں۔ کونو کارپس کراچی میں پولن الرجی کا باعث بن رہے ہیں۔ یہ دوسرے درختوں کی افزائش پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں جبکہ پرندے بھی ان درختوں کو اپنی رہائش اور افزائش نسل کے لیے استعمال نہیں کرتے۔

معلومات کی عدم فراہمی کے باعث کراچی میں بڑے پیمانے پر یہ درخت لگائے جا چکے ہیں۔ صرف شاہراہ فیصل پر 300 کونو کارپس درخت موجود ہیں۔بعض ماہرین کے مطابق کونو کارپس بادلوں اور بارش کے سسٹم پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں جس کے باعث کراچی میں مون سون کے موسم پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کے مقامی درختوں میں نیم، ببول، گل مہر، سائرس، لنگرا اور دیگر ماحول دوست درخت شامل ہیں جوکہ کراچی کے ماحول پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ گزشتہ چار دہائیوں میں تعمیراتی مقاصد اور دیگر وجوہات کے سبب ان درختوں کو بے دریغ کاٹا گیا جس کے سبب کراچی کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ کراچی میں ہونے والی بارشوں میں بھی ماضی کی نسبت کمی واقع ہوئی ہے۔

افغانستان سے کرم ایجنسی پر4مارٹرگولےفائر

0

کرم ایجنسی: پاکستان کےقبائلی علاقے کرم ایجنسی میں افغانستان سے چار مارٹرگولے داغےگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کےمطابق پاک افغان سرحد کے قریب کرم ایجنسی میں سرحد پارسے 4 میزائل فائر کیے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کرم ایجنسی کے پولیٹکل انتظامیہ کےمطابق افغانستان سے فائر کیے گئے 2 میزائل شنگک کے علاقے میں آگرے جس سے ایک دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

پولیٹیکل انتظامیہ کاکہناہےکہ 2 میزائل کچکینہ کےعلاقے خرپلان میں قبرستان پرگرے اور ایک میزائل مسجد کے قریب گرا تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے ترجمان کےمطابق میزائل افغانستان کے صوبے پکتیا سےفائر کیےگئے۔


خیبرایجنسی میں دہشتگردوں کا حملہ ‘ جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک


خیال رہےکہ رواں ماہ 19 مارچ کو پاکستان کےقبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کےحملے کو ناکام بناتے ہوئےسیکورٹی فورسزنے جوابی کارروائی میں 3دہشت گردوں کو ہلاک کردیاتھا۔


پاک فوج کی افغان سرحد پر کارروائی، جماعت الاحرار کے کئی ٹھکانے تباہ


یاد رہےکہ رواں سال 17فروری کو پاک فوج نے افغان بارڈر پر قائم دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیاتھا، کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑاتھا۔


پاک فوج کی سرحد پار کارروائی، اہم کمانڈر سمیت 20 دہشتگرد ہلاک


واضح رہےکہ 19 فروری کو پاک فو ج نے پاک افغان سرحد کے پار کارروائی کرتے ہوئے جماعت الااحرار کےمزیدکیمپ تباہ کردیے تھے۔کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور کو تربیت فراہم کرنے والےاہم کمانڈر رحمان بابا سمیت 20دہشت گرد ہلاک ہوگئےتھے۔

شوال میں بارودی سرنگ کا دھماکہ‘ 2اہلکار زخمی

0

وانا: جنوبی وزیرستان کی تحصیل شوال میں بارود سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کےمطابق وفاق کے زیرانتظام جنوبی وزیرستان کے علاقے شوال میں سڑک کنارے بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کےمطابق شوال میں بارودی سرنگ کادھماکہ فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا۔


پارہ چنار دھماکا‘ 24 افراد شہید‘ متعدد زخمی


خیال رہےکہ دو روز قبل پارہ چنار دھماکے میں 24افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے،جبکہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے شدید زخمیوں کو پشاور کے اسپتال متنقل کیاگیاتھا۔

بعدازاں وزیراعظم نواز شریف نے پارہ چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہاتھاکہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے‘ اور بچےکچھے دہشت گردوں کو بھی کیفرِ کردار تک پہنچایا جائےگا۔


سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اہم دہشت گرد محمودالحسن ساتھی سمیت ہلاک،آئی ایس پی آر


یاد رہےکہ دور روز قبل بلوچستان کے علاقے جنڈولہ میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا، ، کارروائی میں اہم دہشت گرد محمودالحسن ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا تھا

آئی ایس پی آر کےمطابق آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سجنا گروپ سےتھا۔


جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ‘3اہلکارشہید


واضح رہےکہ رواں سال فروری میں جنوبی وزیرستان کےضلع وانا میں بارودی سرنگ کےدھماکے کےنتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 3اہلکار شہید ہوگئےتھے۔