اتوار, مئی 11, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 25291

دورہ ویسٹ انڈیز: قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

0

لاہور: دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ اندیز کیخلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

مصباح الحق ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سرفراز احمد نائب کپتان ہونگے، اس بار ٹیسٹ ٹیم میں 3 اسپنرز کو شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں یونس خان،اظہرعلی، اسد شفیق، یاسرشاہ، وہاب ریاض، محمد عامر، شاداب خان، محمد اصغر، احمد شہزاد، شان مسعود،شامل ہیں۔

عثمان صلاح الدین، حسن علی اورمحمد عباس بھیٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 22 اپریل کو ہوگا۔

ویسٹ انڈیز نے ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ فائنل کرلیا

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے تیرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ تینوں میچ گایانا میں ہوں گے۔ جیسن ہولڈر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اوپنر کریگ بریتھ ویٹ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کارلوس برتھ ویتھ آئی پی ایل میں شرکت کے باعث سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔

پاکستان پہلے ہی اسکواڈ کا اعلان کرچکا ہے۔ سرفراز احمد کیلئے سیریز چیلنج ہوگی۔ سیریز میں فتح پاکستان کی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن مستحکم بنا لے گی۔ پاکستان کا ون ڈے رینکنگ میں آٹھواں اور ویسٹ انڈیز کا نواں نمبر ہے۔ سیریز کا پہلا میچ سات اپریل کو گیانا میں کھیلا جائے گا۔

سندھ کابینہ کا اجلاس، اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کی منظوری

0

کراچی: آئی جی سندھ کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت کا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا، سندھ کابینہ نے اے ڈی خواجہ کو برطرف کرکے سردار عبدالمجید دستی کو ایک بار پھر آئی جی سندھ بنانے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ پولیس کے عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر اتفاق رائے پایا گیا۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کردی جائیں او ر ان کی جگہ سردار عبدالمجید دستی کو آئی جی سندھ پولیس تعینات کردیا جائے۔

دوسری جانب اے ڈی خواجہ نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کردیا، اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ نے کہا کہ میرے عہدے پر رہنے یا نہ رہنے کا معاملہ عدالت میں ہے، میں کسی صورت استعفی نہیں دوں گا،عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی قبول ہوگا۔

واضح رہے چند روز قبل سندھ حکومت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے حوالے کردی تھیں اور ان کی جگہ اے آئی جی سندھ عبدالمجید دستی کو عارضی طور پر نیا آئی جی سندھ مقرر کردیا تھا۔


قائم مقام آئی جی سندھ کا نوٹی فکیشن معطل‘ عدالت کی اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت


سندھ ہائی کورٹ نے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اے ڈی خواجہ کو بدستور آئی جی سندھ کے عہدے پر کام کرنے کا حکم دیا تھا۔

عہد ساز قوال غلام فرید صابری کو بچھڑے 23برس بیت گئے

0

کراچی : عہد ساز قوال غلام فرید صابری کو بچھڑے 23برس بیت گئے۔

قوالی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اورعہد ساز شخصیت غلام فرید صابری کے مداح آج ان کی تیئسویں برسی منا رہے ہیں، ان کا گایا ہوا کلام آج بھی سننے والوں پر وجد طاری کردیتا ہے۔

غلام فرید صابری 1930 میں بھارتی صوبے مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے،انھیں بچپن سے ہی قوالی گانے کا شوق تھا، انہوں نے قوالی کی باقاعدہ تربیت اپنے والد عنایت صابری سے حاصل کی۔ 70 اور 80 کی دہائی ان کے عروج کا سنہری دور تھا، انھوں نے "بھر دو جھولی میری یا محمد” جیسی قوالی گا کر دنیا بھر میں اپنے فن کا لوہا منویا۔

 

 

قوالی کے فن ميں یکتا حاجی غلام فرید صابری نے 1946 میں پہلی دفعہ مبارک شاہ کے عرس پر ہزاروں لوگوں کے سامنے قوالی گائی، جہاں ان کے انداز کو بے پناہ سراہا گیا۔

قوالی کے فن میں استاد کا درجہ رکھنے والے غلام فريد صابری نعتیہ قوالی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے، جب آپ محفل سماع سجاتے تو سننے والوں پر سحر طاری ہوجاتا، غلام فرید صابری اور ان کے بھائی مقبول صابری کی جوڑی کا کوئی ہم پلہ نہ تھا۔

sabri-post-1

 

دنیا بھر ميں ان کے مداح محفل سماع کے منتظر رہتے، ان کی قوالياں پاکستانی اور بھارتی فلموں کا بھی حصہ بنیں ، غلام فرید صابری 5 اپریل 1994ء کو دل کا دورے ميں خالق حقيقی سے جاملے لیکن ان کا فن شائقین موسیقی کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔

غلام فرید صابری کی مشہور قوالیاں

غلام فرید صابری کی قوالیوں میں تاجدارِحرم، بھردو جھولی،سرِلامکاں سے طلب ہوئی، ملتا ہے کیا نماز میں مشہورِ زمانہ کلام رہے۔

ہماری حکومت آئی تو کرپشن سے پکڑا تمام پیسہ تعلیم پرخرچ کریں گے، عمران خان

0

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کےچیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاق میں ہماری حکومت آئی تو کرپشن سے پکڑا تمام پیسہ تعلیم پرخرچ کریں گے۔ میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا حکومت نے 40ہزاراساتذہ میرٹ پربھرتی کئے، سیاسی بھرتیاں اور کوٹے پر اساتذہ کو بھرتی نہیں کیا گیا، ایم این اے بنا تو چائے والے نے کہا مجھے ٹیچر بھرتی کرادیں، خیبر پختونخوا حکومت نے سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پرخرچ کیا، پختونخوا حکومت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انگلش میڈیم اسکول صرف اعلیٰ تعلیم کے لئے ہونا چاہئے، لوگوں کو معاشرے کے مطابق تعلیم دی جانی چاہئے، اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوگا کہ اساتذہ سفارش پر بھرتی ہوں، سیاسی بنیادوں پر بھرتی کچھ اساتذہ بیرون ملک کام کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مدرسے کے ٹیچرز کو ٹریننگ دینے کی بات کی تو ملک میں شور مچ گیا، ہمیں تعلیم کو ترجیح دینا ہوگی، اس پرپیسہ خرچ کرنا ہوگا، حکومت میں آکر کرپشن سے پکڑا گیا پیسہ تعلیم پر خرچ کریں گے۔


مزید پڑھیں : پہلی بار خیبر پختونخواہ میں غیر حاضر اساتذہ کو سزا دی جا رہی ہے، عمران خان


پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ سوا 2کروڑ بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں، نوجوان اس لئے بے روزگارہیں کیوں کہ انکواچھی تعلیم نہیں ملتی، بدقسمتی سے جان بوجھ کرملک میں تعلیم کونظرانداز کیا گیا، خیبرپختونخوا میں بننے والے 70فیصدادارے خواتین کے لئے ہیں، میں آج جو پڑھا لکھا ہوں وہ صرف اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے لئے زیاہ سے زیادہ وسائل استعمال کرنے چاہئیں، انگریزی کے ذریعے بچوں کو اپنے کلچر سے دور نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ نمل یونیورسٹی میں 75 فیصد بچے اردو میڈیم سے آتے ہیں، نمل یونیورسٹی میں اردو میڈیم سے آنے والے بچوں کا کردار متاثرکن ہے۔

ضرب عضب شروع نہ کرتے تو داعش پاکستان میں پنجے گاڑ لیتی‘سرتاج عزیز

0

اسلام آباد: مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ 2016 کی بانسبت رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد کمی آئی ہے، جس کی وجہ سے ملک کی معاشی حالت بہتر ہوچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پیس انسٹی ٹیوٹ اورامریکی سفارتخانے کیجانب سے منعقدہ مذاکرات سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان تمام سطح پر امریکا سے بات چیت کرنا چاہتا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ سیکیورٹی اور معاشی تعلقات کواہمیت دیتا ہے،سفارت کاری جاری عمل ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے۔

مشیرخارجہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملی ہے،2016 کی بانسبت رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد کمی آئی ہے، جس کی وجہ سے ملک کی معاشی حالت بہتر ہوچکی ہے، ضرب عضب شروع نہ کرتے تو داعش پاکستان میں پنجے گاڑ لیتی‌۔

سی پیک کے حوالہ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ سی پیک سے معاشی ترقی کے مزید راستے ہموار ہوئے ہیں، پاکستان ، چائنا راہ داری کی وجہ سے عالمی برادری میں پاکستان کاتشخص اجاگر ہوا ہے۔

انھوں نے کہا پاکستان امریکا کے ساتھ سیکورٹی اورمعاشی تعلقات کواہمیت دیتا ہے۔

پاکستان اورامریکا کے تعلقات سات دہائیوں پرمشتمل ہیں، امریکی سفیر

مذاکرات  سے خطاب میں امریکی سفیرڈیوڈہیل نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات سات دہائیوں پرمشتمل ہیں۔ تعلقات میں اتارچڑھاؤ کے باوجودتعطل نہیں آیا، پاکستان سے باہمی اعتماد اوراحترام کا رشتہ ہے۔

امریکی سفیرنے کہا کہ باہمی بات چیت سے تعلقات کومزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔پاکستانی قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔

آئی جی سندھ کی مردم شماری کے عملے کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت

0

کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے لاہور میں مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے کے بعد مردم شماری کے عملے کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے لاہور کے خودکش دھماکے کے بعد ہدایات جاری کی کہ حساس علاقوں میں مردم شماری ٹیم کے حفاظتی اقدامات غیرمعمولی بنائے جائیں۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیکیورٹی اقدامات انتہائی مستعدی سے انجام دیے جائیں،بارڈر ایریاز سمیت داخلی اورخارجی پوائنٹس کی ناکہ بندی کی جائے،مشکوک اشخاص اور گاڑیوں کی نگرانی اورضروری اقدامات کویقینی بنایا جائے۔


لاہور:بیدیاں روڈپر وین کے قریب دھماکا،4 فوجی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید


یاد رہے کہ آج صبح لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم کی وین کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں مردم شماری کے ارکان بھی شامل ہیں۔

.

مصباح الحق اور یونس خان وزڈن کے 5 بہترین کرکٹرز میں شامل

0

دبئی : دنیائے کرکٹ میں معتبر کتاب وزڈن نے 2016 کے پانچ بہترین کرکٹرز میں پاکستان کے مصباح الحق اور یونس خان کو شامل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ میں معتبر مقام رکھنے والی کتاب وزڈن نے 2016 کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ، جس میں دو پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں
وزڈن نے بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی کو لیڈنگ کرکٹر آف دا ائیر یا سال کا سب سے نمایاں کھلاڑی قرار دیا جبکہ باقی تین کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے بین ڈکٹ، کرس ووکس اور ٹوبی رونلڈز جونز شامل ہیں۔

circket-post

مصباح الحق

مصباح الحق نے پچھلے سال دورہ انگلینڈ کے لارڈزٹیسٹ میں شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ مصباح کی قیادت میں پاکستان نے سیریز دو دو سے برابر کی تھی، اس کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئی، اس بنیاد پر مصباح کو وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں رکھا گیا ہے۔

یونس خان

انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں میں شاندار ڈبل سنچری بنانے والے یونس خان بھی وزڈن میں شامل کئے گئے ہیں۔

دنیائے کرکٹ میں معتبر مقام رکھنے والی کتاب وزڈن ہر سال انگلینڈ میں کھیلی جانے والی بین الاقوامی اور کاؤنٹی کرکٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ بہترین کرکٹرز کا انتخاب کرتی ہے۔

خیال رہے کہ بیس سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب دو پاکستانی کھلاڑی ایک ساتھ سال کے بہترین کرکٹرز میں شامل کئے گئے ہیں، انیس سو ستانوے میں مشتاق احمد اور سعید انور وذڈن کرکٹرز میں شامل ہوئے تھے

چینی باشندوں کا یوگنڈا کی خواتین سے شادیوں کا رجحان

0

کمپالا: مشرقی افریقہ کے ملک یوگنڈا کے شہری اپنے ملک میں چینیوں کی آمد میں بے تحاشہ اضافے سے از حد پریشان ہوگئے ہیں۔ ان چینی شہریوں میں یوگنڈا کی خواتین سے شادی کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔

گزشتہ ایک دہائی سے جہاں چین نے دنیا بھر کی مارکیٹوں اور معیشت پر اپنا قبضہ جما لیا ہے وہیں افریقی ممالک بھی چینیوں کی اس اقتصادی مداخلت سے محفوظ نہیں۔

چین کئی افریقی ممالک میں بھاری سرمایہ کاری کر چکا ہے جس کی وجہ سے چینی باشندوں کی بڑی تعداد ان ممالک میں رہائش بھی اختیار بھی کر رہی ہے۔

تاہم یوگنڈا میں چینی شہریوں نے مقامی خواتین سے شادیاں بھی شروع کردی ہیں اور اب اس رجحان میں اس قدر اضافہ ہوگیا ہے کہ یوگنڈا کے مرد اور حکام تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

شادیوں کی وجہ؟

بین الاقوامی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق چینی افراد کے یوگنڈا کی خواتین سے شادی کرنے کی وجہ وہاں اپنے کاروبار میں وسعت اور معاشی فوائد میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ شادیاں بعض اوقات جھوٹی بھی ثابت ہوتی ہیں جب شادی کرنے والی خواتین اور ان کے اہل خانہ کو علم ہوتا ہے کہ اس کے چینی شوہر کی چین میں بھی بیوی اور بچے موجود ہیں۔

یوگنڈا کے حکام نے کئی ایسے چینی شہریوں کو گرفتار بھی کیا ہے جنہوں نے جھوٹی شادیاں کیں تاہم ان کے ملک سے فرار ہونے سے قبل ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

حکام اب مسلسل، اور مستقل بنیادوں پر دھوکے باز چینی شہریوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، ان میں کئی چینی باشندے غیر قانونی طور پر بھی یوگنڈا میں مقیم ہیں۔

شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ

0

سیول : شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا جو تقریباً 60 کلومیٹر تک پرواز کر کے مشرقی سمندر میں جا گرا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ، میزائل شمالی کوریا کی بندرگاہ سنپو سے فائرکیا گیا، جو بحیرہ جاپان میں گرا۔
ابتدائی جائزہ میں پتہ چلا ہے کہ شمالی کوریا نے کے این 15 اوسط دوری کے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

بیلسٹک میزائل کی ٹیکنالوجی کے حامل کسی بھی راکٹ کا تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، لیکن شمالی کوریا یہ کہہ کر مسلسل یہ خلاف ورزیاں کرتا آ رہا ہے کہ وہ اپنے دفاع کے حق اور خلائی تحقیق کو استعمال میں لا رہا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا یہ ایک اوردرمیانے درجے تک مارکرنے والا بیلسٹک میزائل تھا، شمالی کوریا کے بارے میں پہلے ہی بہت کچھ کہہ چکے ہیں مزید کچھ نہیں کہنا۔ میں یہ بہت واضح انداز میں بتا دوں کہ تحمل کی پالیسی ختم ہو چکی ہے۔ ہم شمالی کوریا سے متعلق سفارتی، سکیورٹی اور اقتصادی اقدام سمیت نئے اقدام پر غور کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا نے میزائل تجربہ چین کے صدرشی جن پنگ اورامریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے 48 گھنٹوں قبل کیا ہے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کل واشنگٹن میں ہوگی، ملاقات میں دونوں رہنما دیگر امور کے ساتھ ساتھ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر بھی گفتگو کریں گے۔


مزید پڑھیں : شمالی کوریا کابلیسٹک میزائل کاتجربہ


واضح رہے کہ فروری میں شمالی کوریا نےسطح سےسطح تک پانچ سو کلومیٹرمار کرنے والے بلیسٹک میزائل کاتجربہ کیا تھا، بلیسٹک میزائل کا تجربہ شمالی پیونگان صوبے کے ایئر بیس سے کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ سال نومبر میں اپنا پانچواں جوہری تجربہ کیا تھا۔ شمالی کوریا کے حکام نے اعلان کیا تھاکہ جوہری میزائل پروگرام جاری رکھا جائےگا۔

کراچی ، بلوچ کالونی پل کے قریب فائرنگ، ریٹائرڈ کرنل جاں بحق

0

کراچی : شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ریٹائرڈ کرنل جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ،آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

پولیس کے مطابق شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ریٹائرڈ کرنل طاہر ضیاء پر فائرنگ کردی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے دو راہگیر ریحان اور مومن خان بھی زخمی ہوئے۔

کرنل طاہر نجی انسٹیٹیوٹ کے مالک تھے اور انسٹیٹوٹ کے قریب ہی گاڑی پارک کرکے باہر نکلے تھے کہ فائرنگ کا نشانہ بنے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں پولیس افسران کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے، جبکہ گولیوں کے خول فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔


مزید پڑھیں : کراچی لکی اسٹار پر فائرنگ،  فوجی اہلکارشہید،دوراہگیر زخمی


مقتول طاہر ضیاء کے سر چہرے اور سینے پر چار گولیاں لگی ہیں۔

دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے جامع تحقیقات پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔