ہفتہ, جون 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 25453

چیئرمین سینیٹ کا قومی ٹیم کوپارلیمنٹ آمد اوراستقبالیے کی دعوت

0

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنے والی قومی ٹیم کو پارلیمنٹ آنے اور استقبالیے کی دعوت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاؤس آنے اور اراکین سینیٹ کی جانب سے استقبالیے کی دعوت دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں فاتح ٹیم کو پارلیمنٹ میں آنے کے لیے اور پرتکلف استقبالیے میں مدعو کیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے قومی ٹیم کا چیمپئن ٹرافی میں کامیابی کو دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو شکست دے کر ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور خوشی کے اس موقع پراراکین سینیٹ اپنی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہے۔

خیال رہے پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کرتاریخ رقم کردی ہے جس کے بعد پاک فوج، حکومت، اپوزیشن، سماجی حلقوں اور سیاست دانوں کی جانب سے انعامات کےاعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔

مودی سرکار، پاکستان کی فتح کا جشن منانے والے 15 بھارتی گرفتار

0

نئی دلی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں بھارت کوعبرت ناک شکست دینے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتح کا جشن منانے پرمودی سرکار نے مدھیا پردیش سے 15 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق مدھیا پردیش میں آئی سی سی چیمپئنزٹرافی 2017 کے فائنل میں پاکستان کی جیت کی خوشی میں بھارتی مسلمانوں ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں، بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

تاہم نفرت اور تعصب کی سیاست کرنے والی مودی سرکار کو عوام کی یہ خوشی اور ہم آہنگی ہضم نہیں ہوئی اور پاکستان کی فتح کا جشن منانے والوں کو گرفتار کرکے جیل میں قید کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے چیمپئن بننے کی خوشی میں مودی سرکار نے بھارت میں جشن منانے والوں کو گرفتار کرکے جیل میں قید کردیا گیا جہاں ان پرغداری کے مقدمے قائم کیے گئے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ صرف مدھیا پردیش سے 15 افراد کی حراست اور غداری کا مقدمہ چلانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جب کہ ملک کے دیگرحصوں سے بھی ایسی خبریں آرہی ہیں جو کہ افسوسناک ہیں۔

گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر کاکام رواں برس شروع ہوگا

0
Gawadar Airport

اسلام آباد : چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بلوچستان کے پورٹ سٹی گوادر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رواں سال تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی معیار کے اس ایئرپورٹ منصوبے کاابتدائی تخمینہ 23ارب روپے لگایا گیا ہے، منصوبہ دو سے تین سالوںمیں مکمل کیا جائے گا۔

سی پیک سیکریٹیرٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔

علاوہ ازیں گوادار ائر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر ماسٹر سٹی پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادرا سپتال کی اپ گریڈیشن اور آب پاشی منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔

عنقریب شروع ہونے والے ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادردنیا کے جدید شہروں کے صف میں شامل ہوجائے گا۔

یاد رہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گوادر پورٹ اور سٹی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

گزشتہ سال ستمبر میں گوادر فری ٹریڈ زون کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے یہاں عالمی معیار کے ایئرپورٹ کی تعمیر اور دیگر منصوبے جلد شروع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایئرپورٹ کی تعمیر کے بعد یہاں سے خلیج اور یورپ کے لیے پروازیں چلیں گی۔

انہوں نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا تھا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے گوادر میں 50 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی جن میں مقامی افراد کو نمایاں برتری دی جائے گی۔


اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

رواں ہفتے کراچی میں تیز ہواؤں اور بوندا باندی کا آغاز ہوگا

0

کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے اور صبح و شام بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق گرمی سے بے حال اور لوڈشیڈنگ سے پریشان اہالیان کراچی کے لیے خوشخبری ہے کہ رواں ہفتے موسم خوشگوار رہے گا جب کہ وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں گی۔

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے موسم خوشگواررہنے کا امکان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتے صبح اوررات کے اوقات میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا اورعید پربھی شہری بارش سے لطف و اندوز ہوسکیں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 3 سے 4 روز تک تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ آج رات مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

خیال رہے رمضان کے آغاز سے ہی کراچی میں شدید گرمی اور حبس کا موسم ہے جب کہ ملک دیگر حصوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک: جہندرمل ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب

0

سینٹ لوئس: ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک ایونٹ میں جندر مہل نے اورٹن کو شکست دیکر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، اسی ایونٹ میں بیرن کوربن نے پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای مسٹر منی ان دی بینک کا اعزاز اپنے نام کیا۔


تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک ایونٹ میں جندر مہل نے ایک بار پھر رینڈی اورٹن کو سنگھ برادرز کی مدد سے شکست دے کر’ڈبلیو ثبلیو ای چیمپئن‘ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرلیا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای ٹائٹل میچ کا آغاز ہوا تو یو محسوس ہو رہا تھا کہ رینڈی اورٹن جندر مہل کو باآسانی شکست دے دیں گے تاہم سنگھ برادرز کی بار بار مداخلت پر ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

ریفری نے سنگھ برادرز کو باہر جانے کا کہہ دیا تاہم سنگھ برادرز نے رینڈی اورٹن کے والد جو قریب ہی تماشائیوں میں بیٹھے نظر آرہےتھے ان پر حملہ کردیا۔ رینڈی اورٹن سے یہ دیکھا نہ گیا اور انہوں نے سنگھ برادرز کو رنگ سے باہر جاکر خوب داؤ پیج لگائے۔

رینڈی اورٹن سنگھ برادرز کو رنگ سے باہر ڈھیر کرنے کے بعد جیسے ہی رنگ میں داخل ہوئے تو انہوں نے جندر مہل پر حملہ کرنا چاہا تاہم جندر مہل نے انہیں اپنا آخری داؤ (خلاص) مار کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرلیا۔

دوسرے مقابلے میں مسٹر منی ان دی بینک کا اعزاز بیرن کوربن نے اپنے نام کرلیا اس لیڈر میچ میں بیرن کوربن کے ساتھ اے جے اسٹائلز، سمیع زین، کیون اونز، ڈولف زیگلر نے حصہ لیا مگر کامیابی بیرن کوربن کے نام رہی۔

اس کامیابی کے بعد کوربن کو منی ان دی بینک بریف کیس مل گیا جس کی بدولت وہ کسی بھی وقت ڈبلیو ڈبلیوای چیمپئن شپ میچ کے لیے اسے استعمال کرسکتے ہیں۔

امجد صابری سے منسوب قوالی انسٹیٹیوٹ کا افتتاح اگست میں

0

کراچی: سندھ حکومت نے معروف قوال امجد صابری سے منسوب قوالی انسٹیٹیوٹ کا افتتاح رواں برس اگست میں کیے جانے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے امجد صابری کی یاد میں آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

سردارشاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امجد صابری کے گھر کے دورے پر وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کے نام پر قوالی انسٹی ٹیوٹ قائم کریں گے۔

صوبائی وزیر کے مطابق امجد صابری قوالی انسٹی ٹیوٹ بن چکا ہے جو اگست میں فعال ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فن کی اس جہت کو اب اس انسٹی ٹیوٹ کی مدد حاصل ہوگی۔

یاد رہے کہ معروف قوال امجد صابری گزشتہ برس رمضان ہی کے مہینے میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

سپریم کورٹ نے حسین نواز کی درخواست مسترد کردی

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حسین نواز کی جانب سے جے آئی ٹی کو ویڈیو ریکارڈنگ سے منع کرنے اور تصویر لیک ہونے ہر کمیشن بنانے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آج حسین نواز کی جانب سے جوڈئیشل اکیڈمی سے تصویر لیک ہونے اور ویڈیو ریکارڈنگ نہ کرنے سے متعلق جمع کرائی گئی درخواست کی سماعت ہوئی جہاں معززعدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد 14 جون کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے حسین نواز کی درخواست مسترد کردی ہے۔

تصویر کیوں لیک ہوئی؟ حسین نواز سپریم کورٹ پہنچ گئے

حسین نواز کی درخواست پر مسترد کرتے ہوئے معززعدالت کا کہنا تھا کہ تصویر لیک کرنے والے شخص کو واپس اپنے محکمے میں بھیج دیا گیا جب کہ درخواست سے قبل ہی جے آئی ٹی تصویر لیک ہونے پرایکشن لے چکی تھی اس لیے کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں رہی ہے۔

مزید برآں  بیانات کی ویڈیو ریکارڈنگ کی ممانعت سے متعلق درخواست پرعدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال قانون میں ممنوع نہیں اورنہ ہی ٹیکنالوجی کے استعمال سے کسی کا بنیادی حق متاثر ہوتا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جےآئی ٹی رپورٹ کے جائزے اورفیصلے کا اختیارسپریم کورٹ کو ہے اس لیے درخواست گذار کے خدشات بے بنیاد ہیں چنانچہ جے آئی ٹی کواپنی کارروائی کاریکارڈ مزید بہتر طور پر رکھنے کا حکم دیا جاتا ہے اور درخواست گذارکی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

یاد رہے جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ  نے 14 جون کوفیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج جسٹس اعجازافضل نے پڑھ کرسنایا اور حسین نواز کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ فیصلے کو پبلک کیا جاسکتا ہے

واضح رہے 7 جون کو حسین نواز کے وکیل خواجہ حارث نے درخواست جمع کرائی تھی کہ جے آئی ٹی تصویر لیک ہونے کی ذمہ دارہے جس پرعدالت کمیشن تشکیل دے اور ساتھ ہی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے والے افراد بہ شمول حسین نواز و حسن نواز کے بیانات کی ویڈیو ریکارڈنگ پر بھی پابندی عائد کرے کیوں کہ ویڈیو ریکارڈنگ سے پیش ہونے والے پر دباؤ پڑتا ہے۔

خیال رہے مئی کے ابتدائی دنوں میں وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز کی پاناما جے آئی ٹی کے روبرو پیشی کے دوران کی ایک تصویر لیک ہوئی تھی جس میں حسین نواز انتظار گاہ میں بیٹھے نظر آرہے ہیں جس پر حسین نواز نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی تھی۔

لیگی رہنما نہال ہاشمی نے توہین عدالت نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

0

اسلام آباد : سابق سینیٹر اور لیگی رہنما نہال ہاشمی نے توہین عدالت نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق لیگی رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی نے توہین عدالت سے متعلق شوکاز نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا، نہال ہاشمی نے مؤقف اختیار کیا کہ تقریرمیں عدالت کی توہین کی نہ ججزاورجےآئی ٹی ممبران کودھمکیاں دیں، توہین عدالت کیس میں خبروں، چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹوئٹس کا سہارا لیا گیا جبکہ فوادچوہدری، ترجمان پی ٹی آئی اور اپوزیشن ارکان  کا بھی سہارا لیا گیا۔

نہال ہاشمی نے اپنے جواب میں کہا کہ میں نے خطاب میں کسی جے آئی ٹی رکن کا نام نہیں لیا، جو ٹرانسکرپٹ دیاگیا وہ میری تقریر کا وہ حصہ ہے جو ٹی وی پر دیکھایا گیا، میرے دیئے گئے ریکارڈ کے مطابق میرے خلاف کسی قانونی کارروائی کا جواز نہیں بنتا۔

جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ عدالت نے ٹی وی پر چلنے والی رپورٹ پر توہین عدالت کا نوٹس لیا، تقریر کا ایک حصہ بار بار نشر کر کے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔


مزید پڑھیں : دھمکی آمیزتقریر کیس، سپریم کورٹ کی نہال ہاشمی کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت


سابق لیگی رہنما نے عدالت سے اُن کےخلاف سازش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کردی ہے۔

یاد رہے کہ دھمکی آمیز تقریر کیس میں سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری موقع دے رہے ہیں۔


مزید پڑھیں : نہال ہاشمی کی پانامہ کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کو کھلے عام سنگین دھمکیاں


واضح رہے کہ ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نےکہا تھا کہ احتساب کرنے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے، تم جس کااحتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹاہے، ہم نے چھوڑنا نہیں تم کو آج حاضر سروس ہو کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جے آئی ٹی سے متعلق نہال ہاشمی کے بیان کا نوٹس لے کر ان کا معاملہ پاناما عمل درآمد بینچ کو بھیج دیا تھا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

پاک بحریہ کے شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

0

کراچی : پاک بحریہ کے شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جیونی میں دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کاروائی کے نتیجے میں جام ِ شہادت نوش کرنے والے پا ک بحریہ کے دو اہلکاروں سید حسن رضا( میڈیکل ٹیکنیشن) اور خلیل مراد (لیڈنگ فائر مین) کی نماز جنازہ آج پاک بحریہ کے اسپتال پی این ایس شفاء میں اد ا کردی گئی۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے اہلکاروں پر شر پسندوں کے اس حملے کی شدید مذمت کی اور غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ نیول چیف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

ایڈمرل ذکاء اللہ نے مزید کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں گرانقدر اور لائق ِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گر وطن عزیز کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہے۔

نیول چیف نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید اہلکاروں کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق عطا کرے۔

انہوں نے پی این ایس شفاء میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی عیادت کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔


مزید پڑھیں : بلوچستان: شرپسندوں کا نیوی کی گاڑی پرحملہ، 2اہلکار شہید 3 زخمی


یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ساحلی شہرجیونی میں نامعلوم شرپسندوں نے پاک بحریہ کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دو اہلکاروں نے موقع پر جان دے دی تھی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

لاہور ہائیکورٹ کی حکومت سے وزیراعظم کے مشیروں کی تعداد اور مراعات کی تفصیلات طلب

0

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے حکومت سے وزیر اعظم کے مشیروں کی تعداد اور مراعات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے درخواست پر سماعت کی، جس میں وزیر اعظم نواز شریف پر توہین عدالت کا الزام لگایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین کی تعیناتی کا معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اور حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں 5 مشیروں کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم پاکستان کے اس وقت 7 مشیر ہیں۔


مزید پڑھیں : وزیراعظم نواز شریف کےخلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت اور نااہلی کی درخواست دائر


درخواست گزار کے مطابق حکومت نے جھوٹ بول کر معزز عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، جو توہین عدالت کے مترادف ہے لہذا وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے حکومت سے وزیر اعظم کے مشیروں کی تعداد اور مراعات کی تفصیلات طلب کر لیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔