اسلام آباد : ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں کے قریب طیارہ حادثہ میں 47 افراد کے جاں بحق ہونے والے واقعے پر وزیراعظم نواز شریف، صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے علاوہ ملک کی اہم سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اے آروائی کے روح رواں حاجی اقبال اور حاجی عبدالرؤف جنید جمشید کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے پہنچ گئے، انہوں نے شہید افراد کے لیے دعائےمغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے پر پوری قوم افسردہ ہے، صدر ممنون حسین نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ادارے کو امدادی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر اپنے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اے آروائی کے روح رواں حاجی اقبال اور حاجی عبدالرؤف جنید جمشید کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے پہنچ گئے، دونوں شخصیات نے جنید جمشید کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے ملاقات کی اور واقعے پر اظہار افسوس اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے طیارہ حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں حادثے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے طیارہ کے حادثہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
گورنر سندھ نے جنید جمشید اور دیگر جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے واقعے پر انتہائی افسوس کااظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پارٹی کارکنان جائے حادثہ پر جاکر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ لواحقین سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے پی آئی اے کے طیارے کی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، رہنما خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری نے طیارہ حادثے پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے، جینید جمشید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتو کرتے ہوئے کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سمیت ملک میں دیگر نجی ایئر لائنوں کے جہاز پرانے ہوچکے ہیں اور ان کی مستقل مینٹینس اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث اس سے قبل بھی ایسے واقعات ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف طیارہ گرنے کے سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائیں، فیصل سبزواری نے کا کہنا تھا کہ شہید کے اہل خانہ سے ملاقات ہوئی ہے، دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنید جمشید ایک نفیس انسان تھے، ملک میں جزا اور سزا کا نظام ٹھیک نہیں، اس حادثے کی تحقیقات ہونے چاہئیں، ذمہ داران کو انجام تک پہنچایا جائے، پی آئی اے ہو یا کوئی بھی ادارہ ہو پروفیشنل ازم کے تحت چلایا جائے،۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ لواحقین سے تعزیت کا اظہاراورحادثے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج تک مسافر بردار طیاروں کو پیش آنیوالے حادثات کی وجوہات معلوم ہو سکیں نہ ہی کبھی ذمہ داروں کو سزا ملی، طیارے فنی خرابی سے گرتے ہیں یانیت کی خرابی سے قوم کو آگاہ کرنا ہوگا،۔
پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید انسانیت کی خدمت کرنیو الے انسان تھے، اے آر وائی پر رمضان ٹرانسمیشن میں ان کی مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے طیارہ حادثہ پر دلی دکھ افسوس رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا ہے، مصطفی کمال نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
اس کے علاوہ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، پی پی پی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی اور دیگر نے بھی اس اندوہناک حادثے پر اپنے گہرے دککھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔