منگل, جولائی 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26945

خیبر پختونخوا کے عوام اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ، امیر مقام

0

پشاور: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پشاور لاکر تاریخی جلسہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام موٹروے بنانا چاہتے ہوں تو شیر کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے زیر اہتمام پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے احتجاجی سیاست کے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔

تحریک انصاف ناکام ریلی میں مصروف ہے جبکہ ن لیگ کا ایک شیر بڑا جلسہ کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا جلسہ عمران خان کے لیے پیغام ہے کہ لوگ اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہیں، خیبر پختونخواہ کی غیورعوام نواز شریف کے پاکستان ویژن کو جانتی ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ عوام نے 120دن کے دھرنے کی سازش کو بھی ناکام بنا یا ،عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے خیبر پختونخواکا نا م خراب کیا ۔

انہوں نے کہا ستمبر یا اکتوبر میں وزیر اعظم نواز شریف پشاور میں تاریخی جلسہ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان پشاور آئے تو ساری پولیس ریلی میں لگ گئی ،پولیس کو سیاست سے آزاد کرنےوالوں نے پولیس کو اپنی ریلی کی سیکیورٹی پر لگا دیا۔

جلسے کے دوران گوعمران گو کے نعرے بھی لگوائے گئے۔ جلسے میں مسلم لیگ ن کے کارکن جوش میں اسٹیج پر چڑھ گئے۔

 

فلم تارا رم پم کی پرنسز اب کیسی نظر آتی ہے

0

بالی ووڈ کی فلموں میں بچوں کے کردار میں نظر آنے والے بہت سے چائلڈ اداکار اور اداکارائیں اب بالکل مختلف نظر آتے ہیں۔

بالی ووڈ کی مشہور فلم تارا رم پم میں اداکار سیف علی خان اور رانی مکھرجی کی بیٹی کے کردار میں نظر آنے والی انجیلین ادنانی (پریا سنگھ) اب ایک مختلف روپ میں نظر آتی ہیں۔

01

22

چھوٹی سی بچی کے کردار میں نظر آنے والی انجیلین گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اب ایک دلکش اور خوبرو نوجوان لڑکی کی روپ میں دکھائی دیتی ہیں ، فلم تارا رم پم میں انجلین کو منتخب کرنے کے لیے چار مرتبہ ان کا آڈیشن لیا گیا تھا۔

33

 

44

55

بالی ووڈ کی اسی فلم میں اداکار سیف علی خان اور رانی مکھرجی کے بیٹے کے کردار میں نظر آنے والا علی حاجی (چیم ) بھی اب ایک نوعمر نوجوان کا روپ دھار چکے ہیں جس کے بعد انہیں پہچاننا نہ صرف مشکل بلکہ نا ممکن بھی ہے۔

haji

پی آئی اے نے مہنگے کرائے پر طیارے حاصل کرلیے، کروڑوں کا نقصان

0

کراچی :اربوں روپے خسارے سے دو چار قومی ایئر لائن کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا، عجلت میں ویٹ لیز پر تین ایئر بس 330 طیارے مہنگے داموں کرائے پر حاصل کرلیے جب کہ ایئربس اے 330 طیارہ کرائے پر حاصل کرنے پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔

PIA-post-03

ذرائع کے مطابق 14 اگست سے اسلام آباد تا برطانیہ پرواز پریمیئر سروس کے لیے پی آئی اے نے انتہائی مہنگے داموں کرائے پر تین ایئر بس 330 طیارے حاصل کرلیے ہیں۔

پی آئی اے  ویٹ لیز پرحاصل کیے گئے ائیر بس 330 طیارے کا آٹھ ہزار ڈالر فی گھنٹہ ایک طیارے کا ادا کرے گی جب کہ پی آئی اے فی طیارے پر 4.07 ملین ڈالر کا نقصان اٹھائے گی۔

PIA-post-02

مذکورہ معاہدے سے پی آئی اے کو مجموعی طور پر ساڑھے بارہ ملین ڈالرکا یومیہ نقصان ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ایئر بس 330 طیارہ ایک دن میں گیارہ گھنٹے فلائنگ کرے گا جب کہ یومیہ فلائنگ پر 88 ہزار ڈالر پی آئی اے کو ایک طیارے کی مد میں ادا کرنے پڑیں گے۔

PIA-post-01

اس طرح پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو یومیہ کرائے کی مد میں 2 لاکھ 64 ہزار ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے چودہ اگست سے اسلام آباد سے لندن کے لیے پریمیئر سروس کا آغاز کر رہی ہے جس کے لیے طیارے کرائے پر حاصل کیے گئے ہیں،بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بھی طیاروں کے اضافی اخراجات پر تنقید کی گئی تھی۔

کوئٹہ: چرس اور گٹکا کی بھاری تعداد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

0
drugs

کوئٹہ : پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں کارروائی کرکے کروڑوں روپے مالیت کی چرس اور مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پرجیوانی، گوادر(بلوچستان) کے ساحلی علاقے سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے دورانِ چیکنگ ساحل سمندر پر لنگر انداز ایک اسپیڈ بوٹ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 32 کلو گرام چرس اور 347 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر لیا۔ یہ منشیات پاکستان سے مشرق وسطیٰ اسمگل کی جا رہی تھی۔

برآمد ہونے والی منشیات، اسپیڈ بوٹ اور گٹکا پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریباً پانچ کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران منشیات کے خلاف کا روائیوں کے دوران تین ہزار کلو گرام منشیات کراچی اور بلوچستاں کے علاقوں سے پکڑی ہے۔

ڈی جی کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعامات کااعلان کیا ہے۔

پی ایس پی کا جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

0

کراچی: پاک سرزمین پارٹی نے جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا، ریلیاں نکالی جائیں گی اور آتش بازی کے مظاہرے کرنے کے علاوہ دفاتر پر پرچم کشائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اس سال وطن عزیز کا جشن آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے۔


PSP announces to take out rally Jashne Azadi… by arynews

اس حوالے سے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بارہ اگست کوجشن آزادی ریلی نکالی جائے گی جو پی ایس پی سیکریٹریٹ سے شروع ہوکر مزار قائد پر اختتام پزیر ہوگی۔

تیرہ اگست کو ملک بھر میں قائم  پارٹی دفاتر سے ریلیاں نکالی جائیں گی، تیرہ اگست کی رات کو ملک بھر کے دفاتر پر آتش بازی کی جائے گی اورچودہ اگست کو تمام دفاتر پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد جائیں گی۔

کراچی میں بارشوں کے بعد کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اگر بلدیاتی نظام درست ہوتا تو وزیراعلیٰ سندھ کو بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے احکامات جاری نہ کرنے پڑتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم ملک کے آئین میں ترامیم لائیں گے، اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی کے لیے آواز بلند کرتے ہیں مگر اضلاع کو نہ تو فنڈ فراہم کیے جاتے ہیں اور نہ ہی ترقیاتی کام نہیں کروائے جاتے۔

ایک سوال کے جواب میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو بچانے کے لیے کراچی و حیدرآباد کے مینڈیٹ کو گروی رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے محب وطن لوگوں کو جشن آزادی کے پروگرام میں بھر پور شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کی ایڈووکیٹ صوفیہ شاہد نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شہریوں نے 3 اغواء کاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کردھنائی کردی

0

لاہور : ہربنس پورہ میں شہریوں نے تین اغواء کاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا، تین اغواء کار دو بچوں کو اغواء کرکے لے جارہے تھے کہ پولیس اغواء کاروں کو بچانے پہنچ گئی۔

مشتعل شہریوں نے پولیس وین پر پتھراؤ کردیا، تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کینال بینک سوسائٹی میں شہریوں نے تین اغواء کاروں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

بچوں کے اغواء کی وارداتوں سے خوف زدہ شہری اغواء کاروں کو دیکھ کر مشتعل ہوگئے۔ اغواء کاروں کو پکڑا اور اچھی طرح دھنائی کر ڈالی۔

شہریوں کی جانب سے اغواء کاروں کی دھلائی جاری تھی کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اغواء کاروں کو زبردستی چھڑوا کر لے گئی۔

پولیس کی اس کارروائی پر شہری اور مشتعل ہوگئے اور پولیس وین پر پتھراؤ کردیا۔

واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پندرہ سے زیادہ بچوں کے اغواء کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں راوی روڈ ، داتا دربار، بھاٹی گیٹ، مغل پورہ اور باغبان پورہ کے علاقے شامل ہیں۔

 

سندھ کی تقسیم کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، مراد علی شاہ

0

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں منتخب نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے جس کے بعد کابینہ کی تشکیل مکمل ہوگئی ہے اب کابینہ میں نئے اور پرانے چہرے نظر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء اور معاونِ خصوصی کے ہمراہ مزار قائد کے باہر کیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’سندھ کابینہ میں کسی جاگیردار وڈیرے کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ عوام کے منتخب نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے‘‘۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ’’گالا باغ ڈیم کا معاملہ اٹھانے والے مردہ گھوڑے کو چابق مار کر دوڑانے کی کوشش کررہے ہیں اس حوالے سے ایک رپورٹ شائع ہوچکی ہے پہلے وہ پڑھنے کی ضرورت ہے‘‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’سندھ کی تقسیم کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، سندھ میں سندھیوں کی حکومت ہے اور ہم اس طرح کی باتیں ہرگز برداشت نہیں کریں گے‘‘۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’’میں کراچی کا رہائشی ہوں اور متخب ہونے کے بعد سے اسی شہر میں موجود ہوں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’ساری کابینہ کام کرتی ہوئی نظر آئے گیا اور کابینہ میں نئے پرانے چہرے دونوں نظر آئیں گے ساتھ ہی انہوں نے کابینہ مکمل ہونے کا بھی اعلان کیا‘‘۔

پڑھیں :       سندھ کابینہ میں توسیع ، رحمان ملک کا بیٹا معاون خصوصی مقرر

مراد علی شاہ نے انکشاف کیا کہ ’’مجھے دفتر وقت پر آنے کی عادت سنیئر وزیر نثار کھوڑو نے ڈلوائی جب کے میں نے سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کے تجربوں سے بہت سیکھا ہے ۔ سندھ دھرتی کی فلاح و بہبود کے لیے میں سیکھی ہوئی باتوں کو لاگوں کرنے کی کوشش کروں گا‘‘۔

سینیٹر رحمن ملک کے بیٹے کی کابینہ میں موجودگی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’’عمر رحمان بھی میری کابینہ میں معاون خصوصی ہیں، مراد علی شاہ نے کہا کہ ’’ہم خدا کے حضور دعا گوء ہیں کہ عوام کی امیدوں پر پورا اترسکیں‘‘۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سمیت دیگر وزراؤں کی جانب سے قائد اعظم کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیر اعلیٰ کی آمد سے قبل مزار قائد کی انتظامیہ متحرک نظر آئی اور مزار کے احاطے میں جمع بارش کا پانی صاف کردیا گیا جبکہ صفائی ستھرائی کے بھی بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔

ریو اولمپکس : ایرانی دستے کی معذور قائد لوگوں کی توجہ کا مرکز

0

ریو: اولمپکس کی کی افتتاحی تقریب گزر گئی مگر اس دوران ایسے مناظر دیکھنے میں آئے جسے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا اور ان پر تبصرے کیے گئے۔

ریو ڈی جینرو کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک بہترین منظر اُس وقت دیکھنے میں آیا جب ایران کا دستہ میدان میں داخل ہوا، حیران کن طور پر  اس دستے کی سربراہی معذور خاتون اپنے ہاتھوں میں ایران کا جھنڈا لیے کررہی تھیں۔

وہیل چیئرپر بیٹھی اس 31 سالہ خاتون کا نام زہرہ نعمتی تھا جو خود گرمائی اولمپکس میں پہلی بار حصہ لے رہی ہیں۔ اپاہجگی کے باوجود کچھ کرنے کا عزم لیے اس خاتون کی کہانی دیگر کھلاڑیوں سے بہت مختلف ہے۔

ZEHRA POST 1

زہرہ نعمتی ایران کی جانب سے پہلے اولمپکس میں بطور تائیکوانڈو کھلاڑی حصہ لے چکی ہوتیں مگر 2008 میں ہونے والے گاڑی کے حادثے کے باعث وہ اپاہج ہوگئیں مگر دل میں کچھ کرنے کا جذبہ لیے اس متاثرہ کھلاڑی نے اپنے پروفیشن کو چھوڑ کر تیر اندازی میں مہارت حاصل کی اور اب وہ بطور تیر انداز ریو اولمپکس میں حصہ لے رہی ہیں۔

ZEHRA POST 2

زہرہ نعمتی کا کہنا ہے کہ ’’میں کھیل کی دنیا کا حصہ رہنا چاہتی ہوں اس لیے اپنی خواہش کو جاری رکھنے کے لیے تیز اندازی کا پیشہ اختیار کیا۔

قبل ازیں زہرہ معذور افراد کے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ جمعے کو افتتاحی تقریب کے بعد تیر اندازی کے مقابلے میں وہ 49ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں، اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ ’’میں نے آج اپنے مقصد کو پالیا اور بہترین نتیجہ حاصل کیا جس سے میرا اور میرے ملک کا نام روشن ہوا، آج مجھے علم ہوگیا کہ میں کتنی مضبوط ہوں اور میرے خاندان سمیت اردگرد رہنے والے لوگ بھی مجھ پر فخر کررہے ہیں جو میرے لیے بہت حسین لمحہ ہے‘‘۔

ZEHRA POST 4

اولمپکس میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے اُن تمام معذورافراد کو پیغام دیا جو معذوری کے باعث کھیلوں کی دنیا سے دور ہوگئے ہیں ’’اُن کا کہنا تھا کہ اگر انسان اپنے اندر ہمت پیدا کرے اور کچھ کرنے کا فیصلہ کر لے تو اُسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی‘‘۔

اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں 207 ممالک کی جانب سے دستے پیش کیے گیے تاہم زہرہ نعمتی کی وجہ سے ایران کی ٹیم دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی، یاد رہے اقوام متحدہ نے زہرہ نعمتی کو خیر سگالی کا سفیر بھی مقرر کیا ہے۔

 

تحریک احتساب میں شریک لوگوں کو ’’گڈلک‘‘، بلاول بھٹو

0

کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تحریکِ احتساب میں شریک لوگوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن کے خلاف شروع کی گئی تحریک احتساب کو سراہا اور اُس میں شریک لوگوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ’’ احتجاج جمہوریت کا حسن اور جمہور کا حق بھی ہے، حکومت اپوزیشن کے ٹی او آرز کو تسلیم کرے ورنہ اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرے‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’پاناما پیپرز دنیا کا سب سے بڑا کرپشن اسکینڈل ہے جس نے شریف برداران کی کرپشن کو بری طرح سے بے نقاب کیا ہے‘‘۔

یادر ہے تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن کے خلاف تحریک احتساب ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ریلی پشاور سے اٹک تک نکالی جائے گی ریلی کے اختتام پر چیئرمین پی ٹی آئی اگلے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

پڑھیں :     کوئی ابہام نہ رہے، وزیراعظم کا نام ٹی او آرز میں شامل کرائیں گے، بلاول زرداری

واضح رہے پاناما پیپرز میں وزیر اعظم کے صاحبزادوں کے نام اُن لوگوں میں شامل تھے جو دنیا کے مختلف ممالک میں آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں، اپوزیشن کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاہم اس کی مدت ختم ہوگئی اور دونوں فریقین میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

مزید پڑھیں : وزیر اعظم کے احتساب تک سڑکوں پر رہیں‌ گے،عمران خان

پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر حکومت نے ٹی او آرز تسلیم نہیں کیے تو پیپلزپارٹی بھی اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ہمیں تحریک انصاف کے طریقہ کار سے اختلاف ہے‘‘۔

جھگی میں رہنے والی طالبہ کی میٹرک میں دوسری پوزیشن

0

چکوال : جھگیوں میں رہنےوالی نرگس نےمیٹرک میں نوےفیصدنمبرلےکرسب کوحیران کردیا،مالی مشکلات ڈاکٹربننےکی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

چکوال‬ کے گاؤں تھنیل فتوی کی غریب لڑکی نے میٹرک سائنس کے امتحان میں 1150 میں سے 1104 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔

میٹرک میں نمایاں نمبر لینے والی نرگس ڈاکٹر بننا چاہتی ہے لیکن اس کے والدین کے پاس وسائل نہیں ہیں کہ وہ اسے آگے تعلیم دلا سکیں ، نرگس نے وزیر ۔اعلیٰ پنجاب سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔

نرگھس نے وزیر اعلٰی پنجاب کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ اس کو لیپ ٹاپ نہیں چاہیے، وہ صرف یہ چاہتی ہے کہ پنجاب حکومت اس کی تعلیم کے اخراجات اس وقت تک برداشت کرلے جب تک وہ ڈاکٹر نہیں بن جاتی۔

 واضح رہے کہ نرگھس نامی لڑکی کے والد بھی نہیں ہیں اور اس کے گھر میں کھانے پینے کی بھی شدید قلت ہے لیکن اس کسمپرسی کی حالت میں بھی قوم کی یہ باہمت بیٹی اپنی جدو جہد ترک کرنے کو تیار نہیں ہے۔

2