ہفتہ, جون 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26980

ہانگ کانگ:جمہوریت کے حق میں ہزاروں مظاہرین کی ریلی

0

ہانگ کانگ میں جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے ہزاروں شہری سڑکوں نکل آئے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ چینی حکومت انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کرے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت دو ہزار سترہ میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پراثرانداز ہوسکتی ہے، جمہوریت ریلی میں بڑی تعداد میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

جس میں ہانگ کانگ میں جمہوری نظام کی پاسداری کیلئے نعرے درج تھے، ریلی میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہانگ کانگ میں مکمل طور پر جمہوری نظام کا نفاذ چاہتے ہیں۔

مظاہرین نے چین کی جانب سے دو ہزار سترہ کے انتخابات میں امیدواروں کے تعین کے فیصلے کومسترد کر دیا، واضح رہے کہ چینی حکومت نے ہانگ کانگ میں دو ہزار سترہ میں انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مشی گن:آئس ہاکی میچ میں عوام کی شرکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

0

امریکی ریاست مشی گن میں شائقین نے آئس ہاکی میچ میں سب سے زیادہ شرکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ امریکہ میں آئس ہاکی میچ بے حد مقبول ہے اور اس کھیل کے دلدادہ بھی بہت ہیں۔ یہ کھیل عوام بہت شوق سے دیکھتے ہیں اور اس کا عملی مظاہرہ مشی گن میں ایک میچ کے دوران دیکھنے کو ملا۔

نیشنل ہاکی لیگ میں ٹورنٹو میپل لیفس اور ڈیٹروائڈ ریڈ ونگس کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کرکے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ میچ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

اس سے قبل دو ہزار آٹھ میں نیو یار ک میں کھیلے جانے والے آئس ہاکی میچ میں اکہتر ہزار تماشائیوں نے شرکت کی تھی۔

 

تل ابیب: صابرہ اور شتیلا کے قصاب ایریل شیرون کی حالت تشویشناک

0

فلسطینی مہاجر کیمپ صابرہ، شتیلا میں فلسطینی مہاجروں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سابق اسرائیلی وزیراعظم اور اس وقت کے وزیر دفاع ایریل شیرون کی حالت تشویشناک ہوگئی، ڈاکٹروں نے اگلے چوبیس گھنٹے اہم قرار دے دیئے۔

قصاب کے نام سے معروف سابق اسرائیلی وزیراعظم ایریل شیرون گذشتہ آٹھ سال سے برین ہیمرج کے باعث کوما میں ہیں، دو ہزار چھ میں شیرون کے دماغ کی شریان پھٹ گئی تھی، جس کے بعد سے وہ کوما میں چلے گئے تھے۔

اسرائیلی قصاب کے نام سے مشہور ایریل شیرون کو گذشتہ آٹھ سال سے مصنوعی تنفس دیا جارہا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایریل شیرون کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے جا رہے ہیں، شیرون نے انیس سو بیاسی میں لبنان کے صابرہ اورشتیلا مہاجر کیمپوں میں فلسطینوں کا قتل عام کیا تھا، جس کے بعد انھیں قصاب کا لقب عطا کیا گیا تھا۔

بوسٹن:خراب موسم کے باعث اسکولوں میں عام تعطیلات

0

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں خراب موسم اور شدید برفباری کے باعث اسکولوں میں جمعہ تک عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی ریاست کے مختلف شہر آجکل سخت سردی اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں، موسم کی شدت کے پیش نظر نیویارک اور بوسٹن میں حکام نے اسکولوں میں آئندہ جمعہ تک عام تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

امریکہ کا شمالی اور مغربی حصہ ان دنوں شدید برفباری اور خراب موسم کی لپیٹ میں ہیں، جس سے ہزاروں پروازیں معطل، کاروباری سرگرمیاں معدوم اور ہزاروں افراد متاثر ہورہے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں نیویارک ،پین سلوینیا ،نیوجرسی اور بوسٹن میں چھ سے بارہ انچ تک برفباری کی پیشن گوئی کی ہے۔
   

ایشزسیریزکا آخری ٹیسٹ کل سے سڈنی میں کھیلا جائے گا

0

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچز کی ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ کل سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ کینگروز سیریز میں کلین سوئپ اور انگلش ٹیم بقا کی جنگ لڑنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ انگلینڈ کے لئے حالیہ ایشیز سیریز ڈراؤنا خواب بن گئی ہے۔

پے در پے ناکامیوں نے انگلش ٹیم کے ہوش اڑادیئے ہیں۔ انگلینڈ کے لئے اب ایشز میں کلین سوئپ بچانےکے لالے پڑگئے ہیں۔ اب آخری معرکے کے لئے سڈنی میں میدان سجے گا۔ انگلینڈ لڑے گا بقا کی جنگ اور ساکھ بچانے کی پوری کوشش کرے گا ۔

ادھر آسٹریلیا دوہزار چھ کے بعد ایشیز سیریز میں وائٹ واش کے لئے میدان میں اترے گا۔ انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ جیت کر میزبان ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں سے تیسرے نمبر پر آجائے گی۔

فاسٹ بولر مچل جونسن کے پاس پانچ میچز کی ایشز میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ مچل جونسن چار میچز میں اکتیس شکار کرچکے ہیں۔ مائیکل کلارک آخری ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کو ایشیز میں کلین سوئپ کرنے والے تیسرے کپتان بن سکتے ہیں۔

 

واشنگٹن:سال نو پر منفرد جڑواں بچوں کی پیدائش

0

امریکہ میں دو جڑواں بہن بھائی نے ایک ماں کے بطن سے جنم لیا مگر علیحدہ علیحدہ سال میں پیدا ہوئے، اس انوکھے واقعے نے ان کی ولادت کو دنیا کی انوکھی خبر بنایا۔

واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی خاتون یلنی سینٹو نے اکتیس دسمبر دو ہزار تیرہ میں گیارہ بج کر اٹھاون منٹ ایک بچی کو جنم دیا جبکہ تھوڑی ہی دیر بعد یکم جنوری دوہزار چودہ میں بارہ بج کر ایک منٹ پر دوسرے بچے کو جنم دیا۔

دوسری جانب ٹورنٹو کے نجی اسپتال میں لنڈسے نامی خاتون کے یہاں بھی علیحدہ علیحدہ سالوں میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، پہلی بچی اکتیس دسمبر دوہزار تیرا میں رات گیارہ بج کر باون منٹ جبکہ دوسری بچی کی پیدائش یکم جنوری دوہزار چودہ رات بارہ بج کر اڑتیس سیکنڈ میں ہوئی۔

جڑواں بچوں کے والدین کہنا تھا کہ ان کے لیے گزشتہ سال کا اختتام خوش آئند اور نئے سال کا آغاز خوشیوں سے شروع ہوا۔
   

سابق صدر مشرف خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ

0

اسلام آباد میں سابق صدر پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیشی کیلئے خصوصی عدالت روانہ ہوگئے،  اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشرف کی رہائش گاہ سے عدالت تک سرچنگ بھی کی۔

سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے سخت ترین سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا، مشرف کی رہائش گاہ سے خصوصی عدالت تک رینجرز اور پولیس کے پندرہ سو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

گزرگاہ کے اطراف میں واقع مقامات عمارات کی سیکیورٹی کو بھی سخت کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ بی ڈی ایس کا عملہ بھی موجود ہے۔

مشرف فارم ہاؤس کے قریب سے گزشتہ روز ملنے والے بارودی مواد کی ایف آئی آر ایکسپلوسیر ایکٹ کے تحت تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج کرلی گئی، اس سے قبل بھی چوبیس دسمبر کو بھی پانچ کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

اب تک سابق صدر پرویز مشرف کے گھر کے پاس سے بارودی مواد سے بھری ایک مشتبہ گاڑی جب کہ تین مرتبہ سڑک کے اطراف سے باورودی مواد برآمد ہوچکا ہے۔
       

ایل پی جی آٹو گیس اسٹیشنز لگانےکی پالیسی میں نرمی کی سفارشات تیار

0

ایل پی جی کے اسٹیشنز کا قیام حکومت اور اسٹیک ہولڈرز کااجلاس جمعے کو اسلام آباد میں ہوگا انڈسٹری ذرائع کے مطابق ملک میں ایل پی جی آٹو گیس اسٹیشنز لگانےکی پالیسی میں نرمی کی سفارشات تیارکرلی گئی ہیں۔حکومت عوام کو پیٹرول سے کم قیمت متبادل ایندھن کی باآسانی دستیابی پر کام کررہی ہے،جس کیلئےایل پی جی کوچنا گیا ہے۔

وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نےتین جنوری کو اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔اجلاس میں چئیرمین اُوگرا سعید احمد خان،ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن کے چئیرمین اقبال زیڈ احمد اور چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کو شرکت کیلئے بلایا گیا ہے۔

ذرائع کےمطابق مقامی اورانٹرنیشنل ایل پی جی کی قیمتوں میں فرق کوبنیاد بناکرڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن ایل پی جی کی قیمت میں مزید 20 روپے فی کلو کمی کا فارمولہ اجلاس میں پیش کرے گی جبکہ مارکیٹنگ کمپنیز اس کی مزاحمت کریں گی۔ ڈسٹری بیوٹرز کے رہنما عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کو پیٹرول سے 50 فیصد سستا ایندھن بنانے کی سفارشات تیارکرلیں ہیں۔

 

پرویزمشرف کےخلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع

0

پرویزمشرف کے خلاف غداری کیس کی تیسری سماعت شروع ہوئی تو معاملہ پھر وہی تھا، پرویز مشرف کو پیش کیا جائے، وکلا کا اصرار تھا سیکورٹی خدشات شدید ہیں، اس کت ساتھ ہی سابق صدر کے وکلاء نے خود کو ملنے والوں دھمکیوں کا معاملہ بھی اُٹھایا۔

پرویز مشرف کے وکیل نے بتایا کہ ان کی کار پرحملہ کیا گیا، دھمکیاں دی گئیں، جاسوسی بھی کی جارہی ہے، رات ایک بجے سے صبح پانچ بجے تک گھر کی گھنٹی بجائی جاتی رہی، رات بھر نہیں سو سکا، ان حالات میں دلائل نہیں دے سکتے، مشرف کو نہ بلایا جائے۔

جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا ہم آپ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہیں، مشرف کی حاضری یقینی بنائیں، اسکے بعد ریلیف دیدیا جائیگا، دوران سماعت پرویز مشرف اور حکومتی وکلاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

سابق صدر کے وکیل ابراہیم ستی نے بتایا کہ اکرم شیخ نے کہا میرا نشانہ قصوری نہیں پیر زادہ ہوگا، جس پراکرم شیخ نے کہا انھوں نے دھمکی نہیں دی بلکہ درخواست کی تھی کہ ایک دوسرے کی ذات پر حملے نہیں کیے جائیں۔

ایک موقع پر مشرف کے وکیلوں نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کردیا، تاہم بعد میں وہ عدالت میں واپس آگئے، وکلاء کے آپس میں بات کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے جسٹس فیصل عرب نے کہا آپس میں بات کی گئی تو اسے عدالتی کاروائی میں مداخلت سمجھا جائیگا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 روز بعد سی این جی اسٹیشن کھل گئے

0

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی سی این جی ملنا جوئے شِیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے، سندھ میں دو روز کی بندش کے بعد سی این جی اسٹیشنز چوبیس گھنٹے کے لئے کھول دیئے گئے۔

کراچی سیمت سندھ کے دیگر شہروں میں سی این جی اسٹیشنز دو دن کی بندش کے بعد آج آٹھ بجے صبح کھول دیئے گئے، سخت سردی کے باوجود رات گئے ہی سے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے اور ابھی بھی گھنٹوں کے انتظار کے بعد لوگوں سی این جی مل پا رہی ہے۔

سی این جی اسٹیشنز صرف چوبیس گھنٹوں کے لیے کھولے گئے ہیں، سندھ میں جمعے کی صبح آٹھ بجے سے اتوار کی صبح نو بجے تک سی این جی دستیاب نہیں ہوگی۔

حکام کے کہنا ہے کہ شدید سردی میں گیس کی طلب بڑھ گئی ہے اور اس وجہ سے سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کم کردی گئی ہے۔