منگل, اکتوبر 8, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27055

عوام سحروافطار میں لوڈشیڈنگ کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور

0

کراچی: عوام سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور ہیں، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا وہی حال ہے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا ہے، عوام سحرو افطار اندھیرے اور گرمی میں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ سحرو افطار کے ساتھ ساتھ اب رات بھر بھی بجلی غائب رہنے لگی ہے۔

کراچی کے علاقے شادمان ٹائون، اندہ موڑ، نارتھ کراچی، موسی لین، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال ، ایف بی ایریا سمیت کئی علاقوں میں بارہ گھنٹوں کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور قائم ہے۔

دوسری جانب لاہور، ساہیوال، شور کوٹ، کوٹ مومن، پیر محل سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں اٹھارہ اور دیہاتوں میں بیس گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا ہے، لاہور میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے انڈسٹری بند اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

رائیونڈ: فورسزاور دہشتگردوں کا 10گھنٹے سے مقابلہ جاری

0

لاہور:  رائے ونڈ روڈ پر سیکورٹی فورسز اور مبینہ دہشت گردوں میں  دس گھنٹے سے مقابلہ جاری ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکورٹی اہلکارشہید، تین زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی اہلکاروں کو دہشت گردوں سے نبرد آزما ہوئے دس گھنٹے ہوگئے، سیکیورٹی ادارے تاحال کامیابی حاصل نہیں کرسکے، زرائع کے مطابق رات کے دو بجے سیکیورٹی اہلکاروں نے رائے ونڈ روڈ پر پنڈ آرائیاں میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سر چ آپریشن کیا، اس دوران ایک مکان سے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائر کھول دیا گیا، تخریب کاری کے فوری بعد اہلکاروں نے کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق مقابلہ رات دو بجے شروع ہوا دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا، دہشت گردوں نے مکان عبد السعد نامی شخص سے کرائے پر حاصل کیا تھا، مالک مکان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، حکمت عملی کے تحت احتیاط سے کام لے رہے ہیں، دہشت گردوں کو زندہ پکڑنا اولین ترجیح ہے، خانزادہ شجاع خانزادہ نے بتایا کہ دہشت گردوں کے پاس کافی تعداد میں اسلحہ موجود ہے۔

پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، پولیس نے حفاظتی حکمت عملی کے تحت آس پاس کے مکانات خالی کرالئے ہیں، مقابلے میں زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو جناح اسپتال لایا گیا ہے، دواہلکار دہشت گردوں کی گولیاں لگنے سے اور ایک سیڑھیوں سے گرکر زخمی ہوا۔

غزہ :اسرائیلی بربریت زمینی مرحلے میں داخل ہونے کا امکان

0

غزہ: اسرائیلی بربریت فضائی مرحلے سے زمینی مرحلے میں داخل ہونے کا امکان ہے، اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام اپیلوں اور منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئےغزہ میں بری فوج بھیجنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

غزہ میں صیہونی بربریت کا خونی کھیل فضائی مرحلے سے زمینی مرحلے میں داخل ہونے کا امکان ہے، امریکی میڈیا کے مطابق حماس کی طرف سے جنگ بندی کے مصری منصوبے کو مسترد کئے جانے کے بعد اسرائیل نے اپنی بری فوج غزہ کی پٹی میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ لڑائی میں ابتک ایک اسرائیلی ہلاک جبکہ دو سو پچیس سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، امریکی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ حماس نے ابتک غزہ کی جانب سے ایک ہزار سے زائد راکٹ اسرائیل کی طرف داغے تاہم اسرائیلی اینٹی میزائل سسٹم آئرن ٹومب کی وجہ سے یہ راکٹ اسرائیل پر نہیں گرے اور فضا میں ہی تباہ کردیئے گئے۔

کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات، 3افراد جاں بحق

0

کراچی : فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن  ساڑھے پانچ نمبر کے قریب فائرنگ  سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، لیاقت آباد ایف سی ایریا کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا اور دو افراد زخمی ہوئے، قائد آباد گلستان سوسائٹی میں ذاتی جھگڑے میں فائرنگ سے دوسالہ زوہیب سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئےاسپتال منتقل کردیا گیا۔

گزشتہ روز سہراب گوٹھ کے علاقے میں ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس نے برف کے تاجر سید قربان اور محمد آصف کو قتل کرکے ان سے ساڑھے تین لاکھ روپے چھین لیے تھے۔

واقعے کے خلاف مکینوں نے سہراب گوٹھ  پل پر میتیں رکھ کر احتجاج کیا اوراعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

لندن:سابق صدر آصف علی زرداری کی رحمان ملک سے ملاقات

0

لندن: سابق صدر آصف علی زرداری سے سینیٹر رحمان کی ملاقات ہوئی، جس میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیض اللہ کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔

لندن میں سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے ملاقات کی، جس میں اے آر وائی نیوز کے رپورٹر فیض اللہ خان کی افغانستان میں جیل میں قید کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، آصف علی زرداری  نے رحمان ملک کو ہدایت کی کہ وہ رپورٹر فیض اللہ کی رہائی کے سلسلے میں اقدامات کریں اور فیض اللہ کی رہائی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو مزید تیز کریں۔

اس موقع پر رحمان ملک نے فیض اللہ کے والد سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی، فیض اللہ کے والد نے رہائی کے لئے کی جانے والی کوششوں پر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا۔

سیالکوٹ:چارواہ سیکٹرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2جوان زخمی

0

سیالکوٹ: چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان زخمی ہوگئے۔

بھارتی جنگی جنون ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے رینجرز کی چیک پوسٹ پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی، عسکری ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی بندقوں کو خاموش کرادیا، انڈین فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں بدھ کی صبح بھی بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سن دو ہزار تین میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کا معاہدہ ہوچکا ہے، معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کی افواج لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کا احترام کریں گی تاہم معاہدہ تو برقرار ہے لیکن بھارت کی جانب سے اکثر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔

کابل ائیرپورٹ پرحملہ،4 دہشت گردہلاک، طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

0

کابل : راکٹوں اورخود کار ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد نے افغان دارالحکومت کابل کےائیرپورٹ پرحملہ کرنے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں چار حملہ آوروں ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردوں نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، دہشت گردوں نے ائیرپورٹ کی قریبی عمارت میں چھپ کر فائرنگ کی اور راکٹ استعمال کیے۔

سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے بعد سیکورٹی فورسز نے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تلاشی کے بعد علاقے کو کلئیر کرالیا گیا ہے، افغانستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایک روز قبل مشرقی صوبے پکتیک کے بازار میں ہونے والے کار بم دھماکے میں نواسی افراد ہلاک اورمتعد زخمی ہوگئے تھے۔

سبی : کار اور ٹرک میں تصادم3، افراد جاں بحق

0

سبی :  سبی کے قریب ڈھاڈر میں ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کار صحبت پور سے کوئٹہ جارہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون شیراز بی بی ،حاجی احمد اور محمد رفیق جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افرادزخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر سبی سول اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔

لیویزحکام نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

اسلام آباد،خیبر پختونخوا اور زیریں سندھ میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی

0

اسلام آباد:  آج اسلام آباد،پنجاب ، خیبر پختونخوا، زیریں سندھ اور کشمیر اور بالائی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ پنجاب کے شہر فیصل آباد، ساہیوال، پیر محل، احمد پورسیال سمیت بیشتر شہروں میں تیز آندھی کیساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، زیریں سندھ، کشمیر اور گلگت میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور چند مقامات پر بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت میں کہیں کہیں جبکہ زیریں سندھ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں ایک سو ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

پین کلر ادویات سے صحت پر منفی اثرات ہوسکتے ہیں

0

نئی تحقیق سے پتا چلتا ہے پین کلر ادویات سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ڈچ محقیقین کا کہنا ہے کہ جو لوگ درد اور سوزش میں آرام پہنچانے والی گولیاں عام پین کلرز لیتے ہیں، ان میں دل کی ایک بیماری اٹیریل فیبریلیشن یا اختلاج قلب کے خطرے کا امکان چھتر فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو تیس دنوں میں پین کلرز کا لگاتار استعمال کرتے ہیں اور اچانک دوا کا استعمال روک دیتے ہیں، وہ چوراسی فیصد زیادہ اس خطرے کا سامنا کرسکتے ہیں۔