منگل, جنوری 14, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28893

ممبئی:روحانی پیشوا سیدنا محمد برہان کی آخری رسومات میں بھگڈر،18افراد جاں بحق

0

 بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا برہان الدین کی آخری رسومات کے موقع پر بھگڈر مچنے سے اٹھارہ افراد جاں بحق اور ساٹھ زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق داؤدی بوہرا جماعت کے روحانی پیشوا برہان الدین کے ہزاروں چاہنے والے ان کے آخری دیدار کے لئے ممبئی کے علاقے مالا بار ہلز میں واقع ان کی رہائش گاہ سیفی محل کے باہر جمع تھے کہ کہ اچانک بھگدڑ مچ گئی۔

بھگدڑ مچنے کی وجوہات کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا، پولیس اور امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، ایک سو دو سالہ سیدنا برہان الدین گذشتہ روز ممبئی میں نیند کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔

ان کی آخری رسومات آج بھنڈی بازار کے علاقے میں اداکی جائیں گی، یاد رہے کہ بوہری جماعت کے پیشوا برہان الدین گزشتہ روز ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔
   

پشاور:صرافہ بازارمیں آتشزدگی، 80سے زائد دکانیں جل کر خاکستر

0

پشاور کے صرافہ بازار میں آگ لگ گئی، جس کے باعث اسی سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پشاور کے صرافہ بازار میں علیٰ الصبح آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سو سے زائد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد اسی سے زائد دکانیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تنگ گلیاں ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

دوسری جانب صرافہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے مطابق دکانوں میں کروڑوں روپے کا سونا موجود ہے اور جس سے دکانداروں کو بڑے مالی نقصان کا سامنا ہے۔
   

شارجہ ٹیسٹ:پاکستان نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کردیا

0

شارجہ ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستان نے انیس رنز کے اسکور پراپنی بیٹنگ کا آغاز کردیا، آخری اطلاعات تک پاکستانی شاہینوں نے بغیر کسی نقصان کے پینتیس رنز بنا لئے تھے۔

گزشتہ روز سری لنکن ٹیم نے بھرپور انداز سے بیٹنگ کرنے کے بعد پہلی اننگز چار سو اٹھائیس رنز نو وکٹ پر ڈکلیئرڈ کردی تھی۔ شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل سری لنکا نے پانچ وکٹ پر دو سو بیس رنز سے دوبارہ شروع کیا۔

پہلے سیشن میں پاکستان کو پراسانا جے وردھنے کی وکٹ ملی جو پینتیس رنز بناسکے۔ دوسرے سیشن میں بھی پاکستانی بولرز سری لنکا کے کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔ نو وکٹ کے نقصان پر سری لنکن اننگز چار سو اٹھائیس رنز پر ڈکلیئرڈ کردی گئی۔

ڈیبیو میچ کھیلنے والے پریرا پچانوے،اینجلو میتھیوز اکیانوے رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے انیس رنز بنالیے۔ سری لنکا کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کیلئے مزید چار سو نو رنز درکار ہیں۔

 

کراچی:دستگیر بلاک15 کے مکان میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق

0

کراچی کے علاقے دستگیر بلاک پندرہ کے رہائشی مکان میں آگ لگنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دو منزلہ عمارت میں عاصم اور اس کا بھائی اپنی فیملی کے ہمراہ رہائش پزیر تھے، رات گئے شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک عاصم کے کمرے میں آگ لگ گئی۔

جہاں عاصم اس کی اہلیہ ارم، چھ سالہ بیٹا شارق اور پندرہ سالہ بیٹی قرت العین سو رہے تھے، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کی اور ان چاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

علاقہ مکینوں نے ریسکیو ٹیموں کے ساتھ چاروں افراد کو جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال پہنچایا جہاں وہ چاروں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے، نچلی منزل پر واقع عاصم کے بھائی اور ان کے اہل خانہ نے گھر سے باہر نکل کر جان بچائی۔

پولیس کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ الیکٹریکل ہیٹر کا استعمال کیا گیا تھا جس میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تاہم کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
   

جیکب آباد:شاہ زین بگٹی کے قافلے کی گاڑی کو حادثہ،2افراد جاں بحق

0

جیکب آباد کے قریب شاہ زین بگٹی کے قافلے میں شامل گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے ڈیرہ بگٹی جانے والی شاہ زین بگٹی کے قافلے میں شامل گاڑی جیکب آباد بائی پاس کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دوافراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ خاتون سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او تھانہ صدر کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔
    
   

کراچی:امن و امان کی مخدوش صورتحال،سینٹرل جیل کی سیکورٹی سخت

0

کراچی میں سیکورٹی خدشات کی بنا پر کراچی سینٹرل جیل کے اطراف میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

کراچی کے حالات کشیدہ ہونے کے بعد جیل کے اطراف کے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہے جبکہ رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔

دوسری جانب ڈیفنس میں پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، رنچھوڑ لائن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جبکہ گلشن حدید کے قریب ٹریفک حادثے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کابل:غیر ملکی ریستوران پر خودکش حملہ،16 افراد ہلاک

0

کابل میں غیر ملکی ریستوران پر خودکش حملے میں سولہ افراد ہلاک جبکہ اقوام متحدہ کے چار اہلکار لاپتہ ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں ایک خودکش حملہ آور نے غیر ملکی ریستوران میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑا دیا, جس کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک ہوئے۔

میڈیا کے مطابق دھماکے کے وقت ریستوران میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد میں موجود تھی، دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

طالبان ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، اقوام متحدہ نے دھماکے کے بعد اپنے چار اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے، کابل پولیس سربراہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں افغان اور غیر ملکی شامل ہیں۔

جن کی شناخت بعد میں جاری کی جائے گی، دوسری جانب برطانوی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک شہری جبکہ آئی ایم ایف نے ایک مقامی اہلکار کے ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
    

   

قاہرہ:پولیس کے ساتھ جھڑپیں، 2افراد جاں بحق،متعدد زخمی

0

مصر میں حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے باوجود قاہرہ میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مصر میں نئے آئین اور فوجی حکومت کے خلاف اخوان المسلمون کا ملک گیر احتجاج جاری ہے، پولیس کے ساتھ تازہ جھڑپوں میں دو مظاہرین جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تازہ جھڑپیں مصرکے شہر قاہرہ، اسکندریہ، سوئیز اور دیگر شہروں میں ہوئیں، زخمی ہونے والوں کو احتجاجی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

تھائی لینڈ:حکومت مخالف مظاہرے میں دھماکا، 36 افراد زخمی

0

تھائی لینڈ کے وزیراعظم کے خلاف مظاہرے اور احتجاج مزید زور پکڑتے جا رہے ہیں، مظاہرے کے دوران بم دھماکے سے چھتیس افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بم دھماکا سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے باعث متعدد مظاہرین کچلے جانے سے زخمی ہوگئے جبکہ بعض دھماکے کے باعث زخمی ہوئے۔

تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرے کئی دنوں سے بینکاک کی سڑکوں پرجاری ہیں، تھائی لینڈ کی نگراں وزیراعظم کی برطرفی کے خلاف مظاہرے کرنے والےمظاہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تھائی لینڈ کے فوجی سربراہ ہنگامے ختم نہ ہونے پر فوجی بغاوت کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔
    
       

امریکی ایجنسیوں کے غیر قانونی اقدامات کو قانونی شکل دیدی گئی

0

امریکی ایجنسیوں کے غیر قانونی اقدامات کو قانونی شکل دے دی گئی، امریکی خفیہ ادارے دوسرے ملکوں کی حکومتوں کے راز جاننے کے لیے اپنی سرگرمیاں بدستور جاری رکھیں گے اور اس عمل پر کسی سے معافی نہیں مانگی جائے گی۔

امریکہ کے صدر باراک اوباما نے امریکی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے اندرون و بیرون ملک جاری نگرانی اور جاسوسی کے پروگراموں میں کئی اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے امریکی خفیہ اداروں کی جانب سے امریکہ کے دوست اور اتحادی ممالک کے سربراہان کی جاسوسی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ معلومات نے دنیا بھر میں دہشت گرد حملوں کی روک تھام میں مدد دی ہے لہذا اسے مکمل طور پر بند نہیں کیا جاسکتا لیکن دوست ممالک کے سربراہان کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی جاسوسی نہیں کی جائیگی۔

امریکی ایجنسیوں کے غیر قانونی اقدامات کو قانونی شکل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر اس شخص پر نظر رکھی جائیگی جو امریکہ کے لئے خطرہ ہے جکہ عام افراد کی جاسوسی نہیں کی جائیگی، یاد رہے کہ گزشتہ سال سابق امریکی خفیہ اہلکار ایڈورڈ سنوڈن خفیہ معلومات کا بڑا ذخیرہ لے کر امریکہ سے فرار ہوگئے تھے، جس کے افشا کیے جانے کے بعد امریکہ کو دنیا بھر سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔