ہفتہ, جون 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 5749

لطیف کھوسہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل

0

معروف قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق معروف سینیئر قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ نفرتوں کی سیاست ختم ہوگی۔

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ نفرتوں کو دفن کر کے نئے سفر کی دعوت دیتا ہوں۔ وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے اور میری پہلی وفاداری اس دھرتی ماں کے ساتھ ہے جن سے بھی دوستی کی کوٹ کوٹ کر اس کو نبھایا۔

انہوں نے کہا کہ وفاداری عوام اور تابعداری آئین کی ہے۔ آئین ایساعمرانی معاہدہ ہے جس میں فلاحی مملکت کے خدوخال اور اصول نظر آئیں گے، اگر ہم دل سےعملداری کریں تو تمام چیزوں کا حل آئین میں موجود ہے۔

سینیئر قانون دان  نے کہا کہ جمہور عوام ہیں پاکستان جمہور کی وجہ سے بنا ہے اور پاکستان کا آئین بھی بیرسٹر شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے دیا، جس نے آئین کی پاسداری کی وہ امر ہو جاتا ہے اور ہم نے جب بھی آئین سے انحراف کیا اس سے ریاست کو نقصان پہنچا ہے۔

 

لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مقتدر کرنا آئین کی منشا ہے۔ ریاست کی تاریخ میں دیکھیں تو اوپر سے نیچے تک عوام ہی ریاست ہیں، آرٹیکل 7 میں عوام کے علاوہ کوئی نہیں ہے، تمام حکومتیں عوام کے منتخب نمائندوں سے بنتی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ ادارے ہمارے ہیں اور بھی فوج ہماری ہے، توقع کرتے ہیں عدلیہ انصاف کےترازوکوتھام کرانصاف کریگی۔ چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے عام انتخابات کے معاملے پر ایکشن لیا۔

سعود شکیل نے کرکٹ کی تاریخ کا منفرد عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

0

 پاکستان کے مڈل آرڈر نوجوان بلے باز سعود شکیل نے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بیٹرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر سعود شکیل نے پرتھ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں ایک اور ایسا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا جو ٹیسٹ کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں آج تک کوئی قائم نہیں کر سکا اس ریکارڈ کے ساتھ ہی نوجوان قومی بیٹر نے لیجنڈ بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سعود شکیل جب پرتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں 20 رنز پر پہنچے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں پہلے بلے باز بن گئے جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے آغاز سے ہی لگا تار 15 اننگز میں 20 یا اس سے زیادہ رنز بنانے کا غیر معمولی کارنامہ انجام دیا۔

نوجوان قومی بیٹر نے اس کے ساتھ ہی سر ایورٹن ویکس کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 14 اننگز میں 20 یا اس سے زائد رنز بنا رکھے تھے۔

واضح رہے کہ سعود شکیل نے رواں سال ہی کولمبو میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن اپنی ساتویں نصف سنچری بنائی تھی۔ اس کارنامے نے شکیل کو ٹیسٹ کی تاریخ کا پہلا بلے باز بنا دیا تھا جس نے پہلے سات ٹیسٹ میں تسلسل کے ساتھ نصف سنچری اسکور کی۔

سعود شکیل نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

اس ریکارڈ کے ساتھ ہی سعود شکیل نے لیجنڈ سنیل گواسکر، باسل بچر، سعید احمد، اور برٹ سٹکلف کو پیچھے چھوڑ دیا تھا جنہوں نے اپنے ابتدائی 6 میچز میں ہر میچ میں 50 یا اس سے زائد رنز بنائے تھے۔

ویڈیو رپورٹ: کالاش قبیلے کے تاریخی چومس فیسٹیول کا آغاز ہو گیا

0

چترال میں امن کے ثمرات جاری ہیں، کالاش فیسٹیول چومس کا جوش و خروش سے آغاز ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خوب صورت علاقے چترال میں کالاش قبیلے کے تاریخی چومس فیسٹیول کا وادئ بمبوریت، بریر اور رمبور میں باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

16 دسمبر سے شروع ہونے والا یہ فیسٹیول 22 دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں مختلف تہوار منعقد کیے جائیں گے، جن میں جانوروں کی قربانی، آٹے سے مختلف کھانوں کی تیاری، بون فائر سمیت کئی دیگر تہوار منائے جا رہے ہیں۔

کالاش ویلی میں منعقد ہونے والے اس تاریخی فیسٹیول کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح وادی کا رخ کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کا پشاور ڈویژن میں اے این پی، جے یو آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان

0
آصف زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پشاور ڈویژن میں عوامی نیشنل پارٹی، اور جعمیت علماء اسلام سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان ہے۔

ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پی پی، اے این پی اور جے یو آئی میں پشاور ڈویژن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں رابطے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما کی جانب سے ان رابطوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ڈویژن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بات چیت جاری ہے، فارمولا جلد طے پائے جانے کا امکان ہے، اور اس سلسلے میں مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔

پشاور ڈویژن میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ، 2018 الیکشن میں رنر اپ جماعت کے لیے سیٹ چھوڑنے، اور ضلع میں پارٹی پوزیشن کی بنیاد پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تجاویز زیر غور ہیں۔

پشاور ڈویژن میں ضلع چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، مہمند، خیبر شامل ہیں، اور یہاں قومی اسمبلی کی 4، صوبائی اسمبلی کی 13 نشتیں ہیں، پشاور ڈویژن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہونے پر دیگر ڈویژنز پر بھی غور ہوگا، مردان، مالاکنڈ، اور کوہاٹ ڈویژن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور ممکن ہے۔

کپتان شان مسعود نے پرتھ ٹیسٹ میں شکست کی وجہ بتا دی

0

آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کے بعد قومی کپتان نے ٹیم کی شکست کی وجہ بتا دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک آسٹریلیا کی تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بینو قادر سیریز کے پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا اور میزبان ٹیم نے پاکستان کو 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

چوتھے روز آسٹریلیا کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 89 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پرتھ کی وکٹ بیٹنگ کے لیے مشکل تھی اور آسٹریلیا نے ہمارے خلاف شاندار بولنگ کی۔

شان مسعود نے کہا کہ ہم تھوڑی تیز بیٹنگ کر سکتے تھے لیکن بیٹنگ سلو کی جس کی وجہ سے نقصان ہوا تاہم میلبرن ٹیسٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے ڈیبیو ٹیسٹ پر عامر جمال اور خرم شہزاد کی پُرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں بولرز کی کارکردگی ان کے پہلے ٹیسٹ میں بہتری رہی۔ عامر جمال نے ٹیسٹ میں 7 جبکہ خرم شہزاد نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ میچ میں پاکستان کی بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی ناکام رہیں جب کہ رہی سہی کسر خراب فیلڈنگ میں پوری کر دی۔

قومی کپتان جس پچ کو بیٹنگ کے لیے مشکل قرار دے رہے ہیں اسی وکٹ پر آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے پہلی اننگ میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 164 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ مچل مارش نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے بالترتیب 90 اور 63 رنز بنائے جب کہ دوسری اننگ میں معین علی نے بھی 90 رنز اسکور کیے۔

پہلا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے دونوں اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنائی گئی جو امام الحق نے بنائی تاہم 62 رنز کی اننگ کے لیے انہوں نے انتہائی سست رفتار بیٹنگ کی اور 199 گیندیں کھیلیں۔

پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں افغانستان سے لایا گیا غیر ملکی اسلحہ استعمال ہوا

0

افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کے پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں استعمال کے ثبوت منظر عام پر آ گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان سے لائے جانے والےغیر ملکی اسلحے کے پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں استعمال کے ثبوت منظر عام پر آ گئے ہیں۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں کے ساتھ امریکا کا چھوڑا گیا اسلحہ بھی دستیاب ہے۔ امریکی انخلا کے بعد ان ہتھیاروں نے کالعدم ٹی ٹی پی کو سرحد پار دہشگرد حملوں میں مدد دی۔

پاکستانی فوج گزشتہ دو دہائیوں سے کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف دہشت گردی کی جنگ لڑ رہی ہے لیکن کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان سے غیر ملکی ہتھیاروں کی فراہمی نے خطے کی سلامتی کو خاطر خواہ نقصان پہنچایا۔ ں گزشتہ 2 سالوں کے دوران خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی میں وسیع پیمانے پر ہوا۔

بی ایل اے نے بھی امریکی اسلحے کے ساتھ  فروری میں نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپوں پر حملے کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 12 جولائی کو ژوب گیریژن پ رہونیوالے حملے میں ٹی ٹی پی کی جانب سے امریکی اسلحے کا استعمال ہوا جب کہ 6 ستمبر کو امریکی ہتھیاروں سے ہی ٹی ٹی پی دہشت گردوں نے چترال میں 2 فوجی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا۔

اس کے علاوہ 4 نومبر کو میانوالی ایئر بیس حملے میں دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ غیر ملکی ساختہ تھا اور12دسمبر کو ڈی آئی خان درابن میں دہشتگردوں نے نائٹ ویژن گوگلز اور امریکی رائفلز کا بھی استعمال کیا۔ ٹانک میں 15 دسمبر کو ہونے والے دہشتگرد حملے میں بھی جدید امریکی اسلحہ استعمال ہوا۔

13 دسمبر کو افغانستان سے پاکستان آنے والی گاڑی سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کیے گئے، یہ اسلحہ پیاز کی بوریوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔

اتنے واضح ثبوتوں کے بعد افغان عبوری حکومت کا اپنی سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کے دعوؤں پر بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

اس سے قبل غیر ملکی جریدے یورو ایشین ٹائمز بھی اپنی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کر چکا ہے کہ پاکستان میں ٹی ٹی پی  کی کارروائیوں میں امریکی ساختہ اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پنٹاگون کے مطابق امریکا نے افغان فوج کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 27 ہزار 300 جنگی ہتھیار فراہم کیے تھے اور امریکا کے افغانستان سے انخلا کے وقت 3 لاکھ جنگی ہتھیار باقی رہ گئے تھے۔

پنٹاگون رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2005 سے 2021 تک افغان  فورسز کو 18.6 ارب ڈالر کا سامان فراہم کیا گیا۔

پاک بھارت جنگ 1971 کے ہیرو سیکنڈ لیفٹیننٹ سالار بیگ

0

1971کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے مشرقی پاکستان کے محاذ پر جرأت اور بہادری کی ان گنت داستانیں رقم کیں۔

انہی میں ایک داستان ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ سالار بیگ کی ہے جنہوں نے جیسور کے مقام پر تن تنہا جوان مردی سے دشمن کیخلاف لڑائی لڑی۔

21 نومبر 1971 میں جنگ کے آغاز سے لیکر جنگ کے 25 ویں روز تک سیکنڈ لیفٹیننٹ سالار بیگ نے دشمن بھارت کی فوج کو ناکوں چنے چبوائے۔

آغاز  میں سیکنڈ لیفٹیننٹ سالار بیگ ٹروپ لیڈر تھے جن کے ٹینک کو دشمن بھارت کی جانب سے فائر کیا گیا گولہ آلگا، اس حملے کی وجہ سے سیکنڈ لیفٹیننٹ سالار بیگ کی ایک آنکھ بھی شدید زخمی ہو گئی مگر اس کے باوجود اس باہمت نوجوان نے لڑائی جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی پوزیشن نہ چھوڑی، جیسور کے اس معرکے دوران پاکستان آرمی کے انڈیپنڈنٹ آرمرڈ سکواڈرن کے 22 فوجی شہید ہوئے ۔

شہداء کی کثیر تعداد بھی اسکواڈ رن کے حوصلے پست نہ کر سکی اور دشمن بھارت کی فوج کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے ان کے 6 ٹینک تباہ کردیئے اور بھارتی اسکواڈ رن کمانڈر میجر ڈی ایس نارانگ کو جہنم واصل کیا۔

سیکنڈ لیفٹیننٹ سالار بیگ کو زخمی آنکھ کی وجہ سے واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا مگر انہوں نے میدان جنگ سے واپسی سے انکار کردیا اور اپنے زیر کمان دو ٹینکوں کے ذریعے اپنے جنگی فرائض سر انجام دیتے رہے۔

15دسمبر کو بھارت کی دو کمپنیوں نے ٹی 55 ٹینکوں کے ساتھ لیفٹیننٹ سالار بیگ کی پوزیشن پر حملہ کردیا، لیفٹیننٹ سالار بیگ نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پاس دستیاب آخری راؤنڈز استعمال کرتے ہوئے دشمن کے ایک ٹی 55 ٹینک کو نشانہ بنایا۔

جس کے بعد دشمن کے باقی ٹینگ بھاگ نکلے، لیفٹیننٹ سالار بیگ زیر کمان دو ٹینکوں کے ساتھ دشمن کیخلاف نہ صرف ڈٹے رہے بلکہ دشمن فوج کو بھاری نقصان بھی پہنچایا، دشمن بھارت جس کے پاس لانگ رینج ٹینک تھے نے بالآخر لیفٹیننٹ سالار بیگ کے دو ٹینکوں کو نشانہ بنایا جس میں لیفٹیننٹ سالار بیگ جام شہادت نوش کر گئے۔

لیفٹیننٹ سالار بیگ 21 نومبر1971 کے بعد 25 دن تک دشمن بھارت کیلئے درد سر بنے رہے، ان کی بہادری کے باعث دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا،لیفٹیننٹ سالار بیگ کی بہادری کی یہ داستان آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

1971 کی کہانی، غازیوں کی زبانی

0

پاکستان کی تاریخ میں 1971کی پاک بھارت جنگ کی کہانی سیاہ حروف میں لکھی جاۓ گی۔

جنگ میں بھارتی تربیتی یافتہ دہشت گرد تنظیم مکتی باہنی نے مشرقی پاکستان میں بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام کیا اور پاک فوج پاکستان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔

 بے گناہ اور نہتے پاکستانیوں پر دہشت گرد تنظیم مکتی باہنی کی جانب سے کیے گئے مظالم اور قتل عام کا الزام پاکستان آرمی پر لگایا گیا۔

1971 کی جنگ میں حصہ لینے والے پاک فوج کے بریگیڈیر ریٹائرڈ مسعود الحسن نے 1971 کی جنگ کی آپ بیتی سناتے ہوۓ بتایا کہ میری پہلی پوسٹنگ مشرقی پاکستان میں ہوئی اس وقت حالات بہت کشیدہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اور دہشتگرد مکتی باہنی کی جانب سے نہتے بہاریوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے پاک آرمی کو بدنام کرنے کے لیے پروپگنڈا کیا گیا کیونکہ بہاری پاک فوج اور پاکستان کے حق میں تھے،

 ریٹائرڈ بریگیڈیر نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے مظلوم بہاریوں پر اگر کوئی تشدد ہوا ہوتا تو دکھایا جاتا مگر یہ محض بھارت کا ایک پروپگینڈا ہے تو یہ کہنا کہ پاک فوج نے بہاریوں پر ظلم کیا، صرف بھارت کا ایک جھوٹا ڈرامہ ہے جس کے شواہد آج تک بھارت کو بہاریوں پر ظلم و ستم آج تک نہیں ملے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاک فوج نے بہاریوں کا قتل عام کیا جبکہ پاک فوج کی تعداد بہت قلیل تھی، بریگیڈیر ریٹائرڈ مسعود الحسن کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے دوران پاک فوج کے دو بریگیڈ موجود تھے ایک کومیلا میں تھا اور ایک جیسور میں تھا جن کی تعداد بہت کم تھی جبکہ ایک بٹالین ڈھاکہ میں موجود تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب مشرقی پاکستان کے حالات خراب ہوئے تو ہماری بٹالین بارڈر پر موجود تھی، قتل و غارت پاک فوج نے کیا بالکل غلط ہے، نہتے بہاریوں پر ظلم و ستم بھارتی فوج اور دہشتگرد مکتی باہنی نے کیا اور الزام پاک فوج پر لگایا۔

ایران نے موساد کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی

0
اسلامی دنیا سے درخواست کی کہ اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات ختم کریں، ایران

تہران: ایران نے اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس سروس کے ایجنٹ کو پھانسی دے دی۔

روئٹرز کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان میں اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس سروس کے ایک ایجنٹ کو پھانسی دے دی گئی ہے۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ ایجنٹ کے غیر ملکی ایجنسی موساد کے ساتھ روابط تھے، اور اس نے خفیہ معلومات اکٹھی کی تھیں، اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر موساد سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کو دستاویزات فراہم کی تھیں۔

جس ایجنٹ کو پھانسی دی گئی ہے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اسلامی جمہوریہ کے مخالف گروہوں اور تنظیموں کے لیے پروپیگنڈا کے مقصد کے ساتھ موساد کے افسر کو خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔

ایران میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

یہ خفیہ معلومات کہاں فراہم کی گئی تھیں، اور مبینہ ایجنٹ کو کب گرفتار کیا گیا تھا، خبر میں اس سلسلے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے، تاہم مذکورہ ایجنٹ کی جانب سے کی گئی ایک اپیل مسترد کر دی گئی تھی۔

پھانسی سیستان-بلوچستان کی زاہدان جیل میں عمل میں آئی ہے، جہاں ایک روز قبل عسکریت پسندوں کی جانب سے صوبے کے ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں 11 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پہلا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی

0

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پرتھ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پاک آسٹریلیا کی تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا اور میزبان ٹیم نے پاکستان کو 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

اس میچ میں پاکستان کی بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی ناکام رہیں جب کہ رہی سہی کسر خراب فیلڈنگ میں پوری کر دی۔

میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 89 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

مڈل آرڈر نوجوان بلے باز سعود شکیل 24، بابر اعظم 14 اور امام الحق 10 رنز ہی بنا سکے جب کہ باقی 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ٹور میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے کپتان شان مسعود پرتھ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں کینگرو بولر نیتھن لیون نے ٹیسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے چوتھے روز اپنی دوسری نا مکمل اننگ 2 وکٹوں پر 84 رنز کے ساتھ کیا اور کھانے کے وقفے کے بعد 5 وکٹوں پر 233 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی۔ اوپنر عثمان خواجہ 90 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ان کی وکٹ شاہین شاہ نے حاصل کی۔

مچل مارش نے دوسری اننگ میں بھی نصف سنچری اسکور کی اور 63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اسٹیون اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 45 اور 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے تین جب کہ شاہین شاہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم 271 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی تاہم میزبان آسٹریلیا نے فالو آن کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی اور 216 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگ کا آغاز کیا۔

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بیٹر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہا۔ امام الحق 62 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان شان مسعود 30، عبداللہ شفیق 42 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹرز رہے۔

آسٹریلیا پہلی اننگ میں 487 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ اپنے کیریئر کی آخری سیریز کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے 164 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔