ہوم بلاگ صفحہ 6293

ملیریا کے حوالے سے سندھ کے حساس اضلاع میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں: انکشاف

0

اسلام آباد: ذرائع وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ملیریا کے حوالے سے سندھ کے حساس اضلاع کے بیش تر دیہات میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سندھ کے 12 سیلاب زدہ اضلاع ملیریا کے حوالے سے حساس ہیں، جن میں 6 مشرقی، اور 6 مغربی اضلاع شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیرپور، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، بدین، میرپور خاص، قمبر، جیکب آباد، جامشورو، لاڑکانہ، شکارپور، اور دادو ملیریا کے حوالے سے حساس ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاق سندھ حکومت کو دوا لگی مچھر دانیاں اور ادویات فراہم کر چکی ہے، لیکن سندھ کے حساس اضلاع کے بیش تر دیہات میں مچھر دانیاں تقسیم نہیں ہوئیں۔

پیشگی اقدامات نہ ہونے پر سندھ کے 12 اضلاع میں ملیریا کیسز بڑھے، سندھ کے ملیریا کے حوالے سے 12 حساس اضلاع میں مؤثر سرویلنس بھی نہیں کی گئی۔

رواں ماہ سندھ میں بچوں میں 1 لاکھ 66743 آبی ڈائریا کیس، جب کہ رواں برس بچوں میں 8 لاکھ 38951 آبی ڈائریا کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

رواں ماہ سندھ میں بچوں میں 13 ہزار 377 اسہال کے کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں برس بچوں میں 91 ہزار 904 اسہال کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں رواں سال بچوں میں ہیضے کے بھی 438 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

رواں ماہ سندھ میں ڈائریا، اسہال سے 6 بچے جاں بحق ہوئے، جب کہ رواں سال ڈائریا، اسہال سے 7 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

والد 7 سال سے لاپتہ ہیں: معروف ماڈل کا انکشاف

0

معروف پاکستانی ماڈل مشک کلیم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کو 2013 میں اغوا کرلیا گیا تھا اور وہ تاحال لاپتہ ہیں، مشک نے یہ انکشاف 2 سال قبل ایک انٹرویو میں کیا تھا۔

معروف ماڈل مشک کلیم کا سنہ 2020 میں عفت عمر کو دیا گیا ایک انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کو 2013 میں اغوا کیا گیا تھا اور 7 سال گزر جانے کے باوجود وہ تاحال لاپتہ ہیں، ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔

ماڈل نے بتایا کہ ان کے والد کو افریقی ملک نائیجیریا سے 2013 میں اغوا کیا گیا تھا اور 2020 تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے والد کو کس نے اغوا کیا اور ان کے اہل خانہ وہاں کیا کرنے گئے تھے یا ان کا نائیجیریا سے کیا تعلق ہے؟

تاہم انہوں نے بتایا کہ جب والد کو اغوا کیا گیا تو وہ 18 برس جبکہ ان کے بڑے بھائی 19 برس کے تھے اور ان کی والدہ نے تن تنہا 4 بچوں کی پرورش کی اور انہیں اچھی تعلیم دلوائی۔

انہوں نے بتایا کہ 7 سال گزر جانے کے باوجود ان کے والد سے متعلق کوئی سراغ نہیں لگ سکا۔

ماڈل نے مزید بتایا کہ انہوں نے ہی میلان فیشن شو میں کیٹ واک کر کے عالمی سطح پر پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

مشک کلیم کے مطابق ان سے قبل کسی بھی پاکستانی ماڈل کو کسی بھی عالمی فیشن شو میں شرکت کے لیے نہیں بلایا گیا تھا اور انہوں نے میلان فیشن شو میں کیٹ واک کرکے پہلی پاکستانی ماڈل کے طور پر ڈیبیو کیا تھا۔

جاب کے لیے خاتون نے ریزیومے کیک پر لکھ کر بھیج دیا

0

شمالی کیرولائنا: امریکا میں ایک خاتون نے جاب کے لیے ریزیومے کیک پر لکھ کر بھیج دیا، یہ عجیب ریزیومے خاتون کو جاب تو نہ دلا سکا لیکن اس نے انٹرنیٹ پر لوگوں کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک خاتون کارلی پاؤلینیک بلیک برن نے جاب کے لیے نائکی کو ’کیک ریزیومے‘ بھیج دیا، اس تخلیقی کوشش سے انھیں نوکری تو نہیں ملی لیکن لوگوں کے دل جیت لیے۔

عام طور سے نوکری کے متلاشی افراد کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی درخواست یعنی ریزیومے کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

لیکن ایک خاتون نے اپنی پسندیدہ کمپنی میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے ایک عجیب و غریب کام کیا، ملازمت کی درخواست میں مٹھاس بھرنے کے لیے کارلی بلیک برن نے اپنا ریزیومے ایک خوردنی کیک پر پرنٹ کیا، اور پھر اس کا عکس نائکی کو ای میل کر دیا۔

Woman sends a resume printed cake

اس بات کا انکشاف لنکڈاِن صارف کارلی بلیک برن نے خود ایک طویل پوسٹ میں کیا، انھوں نے لکھا کہ کچھ ہفتے قبل انھوں نے اپنا ریزیومے ایک کیک پر نائکی کو بھیجا تھا، جی، ایک کھانے کے قابل ریزیومے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ نائکی میں نت نئے آئیڈیاز پر کام شروع کرنے کے لیے ایک ڈویژن قائم ہے، ایک دوست نے مشورہ دیا کہ اس تخلیقی جگہ کے لیے کچھ تخلیقی انداز ہی اپناؤ۔ جس پر انھوں نے اپنا ریزیومے ایک مقامی ڈیلیوری سروس سے کیک پر پرنٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔

جس خاتون نے کیک ڈیلیور کیا تھا، انھوں نے بھی اس آئیڈیا سے متاثر ہونے اور خوشی کا کھل کر اظہار کیا۔ انٹرنیٹ پر لوگوں نے بھی اسے زبردست آئیڈیا قرار دیتے ہوئے کارلی کی اس کوشش کو بہت سراہا اور دل چسپ تبصرے بھی کیے۔

ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا، امریکی کرنسی مزید سستی

0

کراچی : امریکی ڈالر کی قیمت کو بریک لگ گئی ، انٹربینک میں ڈالر مزید 3 روپے سستا ہوکر 233 روپے کی سطح پر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا اور امریکی کرنسی مزید سستی ہوگئی، انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ دوسرے روز بھی مستحکم رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں دوسرے روز کاروبار کے دوران ڈالر مزید تین روپے 31 پیسے کم ہو کر 233 روپے 71 پیسے پر آگیا۔

فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکس درآمد کنندگان کو ڈالر 234 روپے 31 پیسے میں فروخت کر رہے ہیں، پچھلے دو دنوں میں انٹربینک میں ڈالر پانچ روپے چورانوے پیسے سستا ہو چکا ہے۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے مزید سستا ہو کر230 سے 232 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

ڈالر کی قیمت نیچے آنے پر ملک کے قرضوں میں تقریبا ساڑھے سات ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

سی ایس ایس امتحانات کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ، اہم خبر آگئی

0

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سی ایس ایس امتحانات کے لئے اسکریننگ ٹیسٹ کی تاریخ میں توسیع سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سی ایس ایس امتحانات کے لئے اسکریننگ ٹیسٹ کی تاریخ میں توسیع کے کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث بہت سارے امیدوار ٹیسٹ کے لئے فارم جمع نہیں کروا پائے۔

کنور راج علی واحد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹیسٹ کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ کا دوبارہ اعلان کیا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی ایس ایس کے پری کوالی فائنگ ٹیسٹ کے لئے 24 آگست آخری تاریخ تھی۔

جس پر راج علی واحد ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسی دوران کئی علاقوں میں سیلاب تھا، بجلی تھی نہ انٹرنیٹ تھی ، بجلی اور انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث آن لائن فارم جمع کرنا ممکن نہیں تھا۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ پنجاب ، خیبر پختون خواہ میں کئی امتحانات ملتوی کر دئے گئے ہیں۔

عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، اظہار حسین ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا نے آئینی درخواست دائر کی تھی۔

روئیں، چیخیں یا پیٹیں اسحاق ڈار وطن واپس آچکے ہیں، مریم اورنگزیب

0

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ روئیں، چیخیں یا پیٹیں اسحاق ڈار وطن واپس آچکے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی پر ایک فارن ایجنٹ کا رونا بنتا ہے، ہیروں اور گھڑیوں کےسوداگر، آٹا اور چینی چور کا رونا بنتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں، وہ جلد سینیٹر کا حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے اسحٰق ڈار کی وطن واپسی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ڈار انٹری ایک نئے بحران کے سوا کچھ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی واپسی، تحریک انصاف کے رہنماوں کی کڑی تنقید

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا تھا کہ اسحٰق ڈار کا واپس آنا پاکستان کے نظام انصاف کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے۔

ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

0

راولپنڈی: ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، جس میں 2 لٹیرے ایک تاجر سے 25 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔

یہ واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن بی بلاک میں پیش آیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے تاجر کی گاڑی روکی، اور پھر ان سے اور ان کی فیملی سے سونا اور نقدی چھین لی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کو اسلحہ لہراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

سیاسی نوعیت کی پٹیشن عدالت لانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ شیخ رشید پر شدید برہم

0
شیخ رشید

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیاسی نوعیت کی پٹیشن عدالت لانے پر سابق وزیرداخلہ پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تنبیہ کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں باہتررکنی وفاقی کابینہ کیخلاف سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

شیخ رشید وکیل کے ساتھ پیش ہوئے، سیاسی نوعیت کی پٹیشن عدالت لانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے تنبیہ کی کہ آئندہ ایسی پٹیشن لائی تومثالی جرمانہ عائد کریں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ پٹشنر جب حکومت میں تھے تو کیا آپ نے وہ معاونین خصوصی، مشیروں کی لسٹ لگائی ہے؟

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا شیخ صاحب آپ کا احترام ہے، آپ پارلیمنٹ کی بے توقیری نہ کریں، یہی مائنڈ سیٹ ہے جس نے پارلیمنٹ کو نقصان پہنچایا۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا اس حوالے سے عدالت کےسوا ہمارے پاس اورکوئی فورم نہیں، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اِس پارلیمنٹ کی بے توقیری بہت ہوچکی، ایسی پٹیشن عدالت نہیں آنی چاہیے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ میں منتخب نمائندے ہیں، وہ فورم ہے،عدالت مداخلت نہیں کرے گی، عدالت بھی پارلیمنٹ کا احترام کرتی ہے،غیر ضروری ایگزیکٹوکےاختیارات میں بھی مداخلت نہیں کرتی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ کا انفرادی بنیادی حقوق متاثر ہو رہا ہے توعدالت آئیں لیکن اس طرح نہیں، جرمانہ بھی کر سکتے تھے لیکن تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جوبھی مقابلہ کرنا ہے ، جائیں پارلیمنٹ میں، اُس سے بڑا فورم کوئی نہیں، حکومت کا احتساب پارلیمنٹ خود کرتی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا آپ عدالت کوپارلیمنٹ کےاحتساب میں کیوں لارہےہیں؟ شیخ صاحب عدالتوں کوان سیاسی معاملات سےدور رکھیں۔

اس پر شیخ رشید نے استدعا کی کہ پٹیشن واپس لے لیتے ہیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے پارلیمنٹ سپریم ہے، اس طرح کے معاملات پارلیمنٹ میں حل کریں، آئندہ ایسی درخواست آئی تو بھاری جرمانہ کریں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا اس حوالےسےمناسب حکم جاری کریں گے،ماضی میں عدالتوں کاغلط استعمال کیاگیا،اب اس کوختم ہونا چاہیے۔

چراغ تلے اندھیرا، تھانے کے باہر نشئی افراد کے ڈیرے، ویڈیو دیکھیں

0

راولپنڈی میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور ان کے حوصلے اتنے بلند ہوگئے ہیں کہ وہ تھانے کے آگے ڈیرے ڈال کر نشہ کرنے لگے ہیں۔

پولیس کے بہت سارے فرائض میں سے ایک فرض منشیات کا قلع قمع بھی کرنا ہے لیکن یہاں تو چراغ تلے اندھیرا کے مترادف نشئی افراد تھانوں کے باہر دھڑلے سے نشہ کرنے لگے ہیں جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

زیر نظر ویڈیو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یا تو پولیس اپنے فرائض منصبی پورا کرنے میں ناکام ہے یا پھر منشیات کے عادی افراد کے حوصلے اتنے بلند ہوگئے ہیں کہ انہیں بلا خوف وخطر تھانے کی دیوار کے سائے میں نشے کی لت پوری کرنی شروع کردی ہے۔

زیر نظر ویڈیو راولپنڈی کے تھانہ گنجمنڈی سٹی پیر ودھائی کے باہر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تھانے کے مرکزی دروازے کی دیوار کے ساتھ ہی باہر منشیات کے عادی افراد ٹولیوں کی شکل میں بیٹھے ہیں اور کھلے عام بلا خوف وخطر اپنا نشہ پورا کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے شہریوں نے ریجنل پولیس آفیسر اور سی پی او راولپنڈی سے منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

لبنان کی پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے دوران میدانِ جنگ بن گئی

0
فائل فوٹو

لبنان کی پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے دوران میدان جنگ بن گئی، سینکڑوں ریٹائرڈ سروس مین نے پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لبنان کی پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے دوران اس وقت میدان جنگ بن گئی جب سینکڑوں ریٹائرڈ سروس مین نے پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا، سابق فوجی افسران پارلیمنٹ زون کی حفاظتی باڑ کو توڑ کر احاطے میں داخل ہو گئے۔

اس موقع پر پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سرکاری اہلکاوں نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

مظاہرین کا اراکین پارلیمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا پیسہ چوری ہوگیا ہے اور یہ یہاں بیٹھ کر کیا بحث کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لبنان ان دنوں شدید معاشی تباہی کا شکار ہے، لبنانی کرنسی کی قدر میں نوے فیصد سے زائد کی کمی واقع ہونے سے ادویات، روٹی، پانی، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی عوام کی دسترس سے دور ہوگئی ہیں اور ان کی بھی بڑے پیمانے پر قلت ہو گئی ہے۔