17.8 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6304

عدالت نے ایپل پر 150 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا

0

برازیلیا: برازیل کی عدالت نے ایپل پر 100 ملین (تقریباً 150 کروڑ روپے) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل میں ایک عدالت نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر آئی فون کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز شامل نہ ہونے پر سو ملین برازیلی روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملک میں فروخت ہونے والے آئی فو ن کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز کو بھی شامل کیا جائے۔ یہ مقدمہ صارفین اور ٹیکس دہندگان کی ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر کیا گیا، جن کا مؤقف تھا کہ کمپنی چارجر کے بغیر اپنی نئی پروڈکٹ فروخت کر رہی ہے۔

ایپل نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ پیکیجنگ سے چارجرز کو ہٹانے کا اس کا اقدام اسپیئر چارجرز کی وجہ سے ہونے والے الیکٹرونک فضلے اور  کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ’گرین اقدام‘ کے جواز کے تحت کمپنی نے صارفین پر چارجر خریدنے کا اضافی بوجھ  ڈالا،جو پروڈکٹ کے ساتھ پہلے ساتھ فراہم کیا جاتا تھا۔ تاہم کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس حالیہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔

یاد رہے کہ پچھلے مہینے ہی برازیل کی حکومت نے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر چارجر شامل نہ کرنے پر تقریباً 18 کروڑ روپےکا جرمانہ کیا تھا، جب کہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنے صارف کو ایک نامکمل پروڈکٹ فراہم کر رہی ہے۔

برازیل کی وزارت انصاف نے اس وقت آئی فون 12 اور دیگر ویریئنٹس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ کمپنی جان بوجھ کر چارجرز ڈبے میں پیک نہیں کر رہی ہے اور ’صارفین کے خلاف جان بوجھ کر امتیازی سلوک‘ کر رہی ہے۔

وزارت انصاف نے کہا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ چارجر کو خارج کرنے سے ماحول کی حفاظت ہوتی ہے۔

وزیر توانائی نے امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کو بے بنیاد قرار دے دیا

0

اسلام آباد : وزیر توانائی خرم دستگیر نے امریکی صدر کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا امریکی صدر نے جو بیان دیا ہے وہ بالکل غلط ہے

وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثےمحفوظ ہیں،عالمی ایجنسیاں تصدیق کرچکی ہیں،امریکی صدرکا بیان مکمل طور پر بےبنیاد ہے۔

بلیک آؤٹ کے حوالے سے خرم دستگیر نے بتایا کہ ملک کے جنوبی حصے میں ہونے والے بریک ڈاؤن کو بحال کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف خود تمام معاملات کی نگرانی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیر تک آنے کا امکان ہے، انکوائری رپورٹ کا تھرڈ پارٹی سے بھی آڈٹ کرائیں گے۔

وزیرتوانائی نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں 9 روپے 70 پیسے فی یونٹ کی کمی آئی ہے۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے گی، تھر کےکوئلے کے لیے ہمیں ڈالر خرچ نہیں کرنے پڑیں گے، تھر کا کوئلہ امپورٹڈ کوئلے سے 10 گنا سستا ہے۔

وزیراعظم کی بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت

0

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی  کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا بلوچستان حکومت قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

شہباز شریف نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

گذشتہ روز خاران میں فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نور مسکانزئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

ڈی آئی جی خاران نے بتایا تھا کہ فائرنگ سے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی شدید زخمی ہوئے، کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گئے۔

مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

مشیر داخلہ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیم بنانے کا حکم دیا تھا۔

آوارہ کتے نے چند منٹ میں 25 افراد کو کاٹ لیا، ویکسین کم پڑ گئی

0

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں آوارہ کتے نے 20 منٹ میں 25 افراد کو کاٹ لیا، 25 میں سے صرف 8 افراد کو ریبیز کی ویکسین مل سکی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر میں ایک آوارہ کتے نے 20 منٹ کے اندر 25 لوگوں کو کاٹ لیا۔

تمام افراد کو قریبی اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں صرف 8 افراد کو ریبیز کے انجیکشن لگائے گئے، باقی افراد کو اگلے دن آنے کا کہہ کر واپس بھیج دیا گیا جس پر لوگوں نے خاصا شور شرابہ بھی کیا۔

مقامی تھانے کے انچارج گیان سنگھ کا کہنا ہے کہ جارچہ کے علاقے سبزی منڈی کے پاس ایک آوارہ کتا کافی عرصے سے دیکھا جارہا تھا، پہلے وہ آتے جاتے راہ گیروں پر بھونکتا تھا لیکن آہستہ آہستہ اس نے لوگوں کو کاٹنا شروع کر دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز کتا مسلسل بھونک رہا تھا جس کے بعد لوگوں نے کتے کو مارنا شروع کردیا۔

وہ لاٹھیاں لے کر اس کے پیچھے بھاگنے لگے، کتا جان بچانے کے لیے بھاگتا رہا اور راہ میں آنے والے لوگوں کو کاٹتا رہا۔

بعد ازاں تمام افراد کو اسپتال پہنچایا گیا لیکن ریبیز کی ویکسین صرف 8 افراد کو لگائی جاسکی۔ ویکسین کی عدم دستیابی پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار بھی کیا۔

بارڈر ہیلتھ سروسز کا نیا لوگو جاری

0

کراچی: وفاقی محکمہ سینٹرل ہیلتھ اسٹبلیشمنٹ کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی محکمہ سینٹرل ہیلتھ اسٹبلیشمنٹ کا نام تبدیل کر کے ’بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان‘ رکھ دیا گیا۔

نوٹیفیکیشن بھی جاری ہو گیا، جس کے مطابق وفاقی محکمے کا نیا نام وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے ’بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان‘ ہو گیا۔

محکمے کا نام وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی درخواست پر تبدیل کیا گیا ہے، بارڈر ہیلتھ سروسز کا نیا لوگو بھی جاری کر دیا گیا۔

کرونا وائرس: 3 دنوں میں 155 مثبت کیسز رپورٹ

محکمہ بارڈر ہیلتھ سروسز زمینی، بحری اور ہوائی راستوں سے ملک میں آنے اور جانے والے مسافروں کی صحت کی جانچ کرتا ہے۔

کراچی والوں کو بجلی بلوں میں بڑا ریلیف ملنے کا امکان

0

اسلام آباد : کراچی والوں کے لئے بجلی مزید 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔

کے الیکٹرک نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کردی ، منظوری سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 74 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرااس حوالے سے 25 اکتوبر کو سماعت کرے گا ، سماعت کے بعد کمی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

گذشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کےالیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ سستی کردی تھی، کمی اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ کمی کا اطلاق صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا، لائف لائن صارفین اور 300 یونٹس تک کے گھریلو صارفین پر کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ڈینگی وائرس ویکسین کی یورپ میں استعمال کی منظوری

0

جاپان کی دوا ساز کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ڈینگی وائرس کی ویکسین کو یورپی یونین نے استعمال کی اجازت دے دی، سب سے پہلے اگست میں انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جاپانی دوا ساز کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کی ویکسین کے کامیاب نتائج کے بعد یورپی یونین میں اس کے استعمال کی اجازت دے دی گئی۔

جاپانی کمپنی ٹکیڈا نے چند ماہ قبل اپنی ویکسین کیو ڈینگا کے نتائج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد رواں برس اگست میں سب سے پہلے انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

اب یورپی یونین کی ہیلتھ ایجنسی نے بھی اسے محفوظ قرار دیتے ہوئے 4 سال سے زائد عمر کے افراد میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

یورپین یونین کے میڈیسن ریگولیٹری ادارے نے کیو ڈینگا کے استعمال کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ اسے 4 سال سے زائد عمر کے تمام افراد پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کے ٹرائل کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ویکسین چار طرح کے ڈینگی وائرسز پر اثر دکھاتی ہے۔

ادارے کے مطابق مذکورہ ویکسین کے 19 ٹرائلز کیے گئے، جس دوران 15 ماہ سے 60 سال کی عمر کے 27 ہزار افراد کو ویکسین لگا کر ان میں اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

ادارے نے بتایا کہ ٹرائل کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کیو ڈینگا لگوانے کے بعد ڈینگی کے شکار مریضوں کو اسپتال داخل کروانے کے امکانات 84 فیصد کم ہوجاتے ہیں جبکہ اس سے اگلے 4 سال تک ڈینگی کی علامات نظر نہ آنے کے امکانات بھی 60 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں، یعنی ویکسی نیشن کے بعد ڈینگی کے مریض میں چار سال تک 60 فیصد کوئی علامات نظر نہیں آئیں گی۔

ڈینگی وائرس دنیا بھر میں ملیریا کے بعد دوسرا وائرل مرض ہے جو مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، اس سے دنیا بھر میں سالانہ 40 کروڑ افراد متاثر ہوتے ہیں جبکہ اس سے سالانہ 25 ہزار تک اموات ہوتی ہیں اور مرنے والے میں زیادہ تر نوعمر افراد ہوتے ہیں۔

ڈینگی وائرس کا اس وقت کوئی مستند علاج موجود نہیں ہے لیکن بلڈ ٹیسٹ کے ذریعے دیگر متبادل ادویات کے ذریعے اس کا کامیاب علاج کیا جاتا ہے۔

ڈینگی سے تحفظ کے لیے جاپانی کمپنی سے قبل امریکی کمپنی فائزر، سنوفی اور جی ایس کے نے بھی اس کی ویکسینز بنائی ہیں، تاہم تمام کمپنیز کی ویکسینز کو تاحال دنیا بھر میں عام استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے ڈینگی وائرس کی ویکسین کے استعمال کی اجازت دیے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے دنیا کے دیگر ممالک بھی استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔

سعودی ولئ عہد کا یوکرین کی مدد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان

0

کیف: سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرین کی مدد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے ہفتے کے روز کیف کے لیے 400 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے، ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے میں مدد دینے والے ہر اقدام کی حمایت کریں گے اور ثالثی کے لیے بھی تیار ہیں۔

سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی ہے، جس میں دو طرفہ امور اور حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یوکرین کے صدر نے ٹویٹ میں بتایا کہ ولئ عہد محمد بن سلمان سے انھوں نے یوکرین کی علاقائی خود مختاری کی حمایت میں مملکت کے مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔

یوکرین کے صدر نے کہا کہ مزید جنگی قیدیوں کی رہائی کے لیے رابطے جاری رکھنے پر دونوں ممالک متفق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے یوکرین کی مدد کے لیے 400 ملین ڈالر کے پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔

’کل عمران خان تمام سیٹیں جیتیں گے‘

0

پنجاب کے وزیر بلدیات محمود الرشید نے کہا ہے ضمنی انتخابات میں کراچی سمیت تمام سیٹوں پر کلین سوئپ کرنے جا رہے ہیں، عمران خان تمام سیٹیں جیتیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ سب تیار بیٹھے ہیں کہ عمران خان کال کب دیں گے، اسلام آباد کی طرف لاکھوں لوگ مارچ کریں گے جس میں کسان، مزدور، تاجر، طلبہ، علما، وکلا سب شامل ہوں گے، رانا ثنا اللہ عمران خان کی مقبولیت دیکھ کر ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں سب نے ہی دیکھ لیا ہے کہ یہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے اور حکومت نے انہیں زندہ درگور ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاسی صورتحال انتہائی خوفناک منظر کی طرف بڑھ رہی ہے، مسائل سے نکلنے کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں، اگر عام انتخابات نہیں کرائے گئے توپاکستان مزید نیچے کی طرف جائے گا۔

ذہانت کا امتحان: تصویر میں انسانی چہرہ ڈھونڈیں!

0

خوبصورت قدرتی مناظر ہر ایک کی توجہ مبذول کراتے ہیں، آپ کے سامنے موجود خوبصورت وادی کی تصویر ہے، صرف 10 سیکنڈ میں بتانا ہے کہ یہ وادی ہے یا کچھ اور؟

یہ ایک حقیقت ہے کہ ایک عام انسانی دماغ چیزوں یا تصویروں کو مختلف طریقے سے دیکھ سکتا ہے جو ہر زاویے سے ایک ایک نیا تاثر پیش کرتا ہے، آپٹیکل الیوژن یعنی بصری دھوکا دیتی تصاویر بھی نفسیاتی تجزیے کے شعبے کا ایک حصہ ہے کیونکہ وہ اس بات پر روشنی ڈالتے ہیں کہ آپ سامنے نظر آنے والی چیزوں کو کیسے سمجھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نظری دھوکے پر مبنی پہیلیاں بوجھنا دلچسپ مشغلے کے ساتھ آپ کے آئی کیو لیول کو جانچنے کا ایک تفریحی طریقہ بھی بن چکا ہے جو آج کل انٹرنیٹ صارفین میں بہت زیادہ مشہور ہو رہا ہے۔

ایسی ہی بصری دھوکے پر مبنی ایک اور پہیلی آج آپ کے پیش خدمت ہے جس میں آپ نے وادی کے خوبصورت منظر کی حقیقت کو تلاش کرنا ہے اور وہ بھی 10 سیکنڈ میں، صرف ذہین افراد ہی یہ ٹاسک پورا کرسکیں گے۔

یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ جس نے پہیلی نما یہ تصویر بنائی ہے اس کا دعویٰ ہے۔

یہاں نظر آنے والی تصویر یا پینٹنگ ایک خوبصورت وادی کی پرانی تصویر لگتی ہے جس میں پہاڑ، گھاٹیاں، روزمرہ کے کام سرانجام دیتے لوگ ودیگر چیزیں نظر آتی ہیں لیکن کیا جو نظر آیا حقیقت میں وہی ہے؟

تصویر دوبارہ دیکھیں اور بتائیں کہ کیا آپ کو اس خوبصورت منظر نامے میں گم ایک اہم چیز تلاش کرنی ہے؟ اگر آپ نے دس سیکنڈ میں تلاش کرلیا تو آپ کا شمار دنیا کے ذہین افراد میں کیا جاسکتا ہے دوسری صورت میں آپ اوسط ذہن کے مالک بھی ہوسکتے ہیں۔

حقیقت کو تلاش کرنا مشکل ہونے کے ساتھ بہت ہی آسان ہے، آپ سوچیں گے کہ مشکل کے ساتھ آسان کس طرح؟ تو جناب اگر آپ پہیلی نہ بوجھ سکے اور ہم نے آپ کو اس کا جواب بتایا تو یقیناً پھر آپ یہ کہہ اٹھیں گے کہ یہ تو بہت آسان تھا۔

اگر اب بھی آپ کو انسانی چہرہ نظر نہیں آیا تو اپنے موبائل فون کو 90 کے زاویے تک موڑیے، نہیں سمجھے تو موبائل کو تھوڑا ترچھا کر لیجیے اور اب دوبارہ دیکھیے کیا نظر آیا انسانی چہرہ۔۔۔

Jagranjosh

جی ہاں کچھ لمحے پہلے جو تصویر آپ کو وادی نظر آرہی تھی صرف موبائل تھوڑا ترچھا کرکے دیکھنے سے یہ منظر جادو کی طرح اچانک تبدیل ہوجاتا ہے کہ آپ کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آتا، آپ کو ایسا کرنے کی صورت میں وادی کی جگہ ایک آدمی کا دیو ہیکل چہرہ نظر آجاتا ہے۔

تصویر میں موجود درخت آدمی کے سر کے بال اور داڑھی بن جاتے ہیں، پہاڑ پیشانی کا روپ دھار لیتے ہیں، سیڑھیاں آدمی کے کان جب ک وادی پر دیوار آدمی کا منہ بن جاتی ہے جب کہ دیگر چھوٹی چھوٹی اشیا چہرے کے نقش ونگار کو واضح کرنے کا سبب بنتی ہیں۔

تو تھی نا یہ انتہائی مشکل مگر آسان پہیلی، آپ کو کیسی لگی، کمنٹس سیکشن میں ضرور بتائیے گا۔