اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6306

عمان میں پبلک ٹرانسپورٹ کی نئی سہولت متعارف

0

مسقط : عمان میں ٹیکسی ایپس شہریوں کو مکمل محفوظ نقل و حمل کی سہولت فراہم کرتی ہیں، اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے 8 آن ڈیمانڈ ٹیکسی ایپس کا اعلان کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمان کی وزارت ٹرانسپورٹ، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے لائسنس یافتہ آن ڈیمانڈ ٹیکسیوں کے لیے آٹھ درخواستوں کی منظوری دی ہے۔

قوانین کے مطابق جب کوئی ایپ وزارت کے قواعد و ضوابط پر پورا اترتی ہے، تو وہ فوری آرڈرز یا ایڈوانس بکنگ پر اپنی سروس کا آغاز کرسکتی ہیں۔

عمان حکومت نے یہ اقدام مملکت میں ٹیکسی سروس کی سرگرمیوں کو منظم کرنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے پیش نظر اٹھایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کئی ٹیکسی سروسز کے لیے لائسنسوں کی توثیق کی جا رہی ہے جس میں
اوٹیکسی، تسلیم ، اوبر، مرحبہ، ٹی ایم ڈون، ہالاٹیکسی، تنویل اور سیدتی (خواتین کے لیے) شامل ہیں۔

مذکورہ آن ڈیمانڈ ٹیکسی اسمارٹ ایپس اپنے کسٹمرز کو ٹرپ کے آغاز سے پہلے طے شدہ قیمتوں پر ٹیکسی ٹور کی ٹریکنگ اور نگرانی فراہم کرتی ہیں۔

دوران سروس صارف کی ذاتی اور خفیہ معلومات اور تحفظ کو مکمل رازداری کے ساتھ یقینی بنایا جاتا ہے۔

گورنر سندھ کا کراچی زو میں جانوروں کے لیے اسپتال بنانے کا اعلان

0

کراچی: گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کراچی زو میں جانوروں کے لیے اسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری چڑیا گھر  پہنچ گئے جہاں انہوں نے غیر ملکی ڈاکٹرز کی ٹیم سے ملاقات کی، کراچی زو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ 25 دن پہلے ہتھنی نورجہاں کی تکلیف سامنے آئی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بیمار ہتھنی کامعائنہ کیا جا رہا ہے، یہاں کے ڈاکٹرز نے علاج کیا، ہتھنی کی بیماری بڑھ رہی تھی، ایڈمنسٹریٹرکو ہدایت کی کہ باہر سے ڈاکٹرز کو بلایا جائے۔

ہتھنی کا معائنہ کرنے کیلئے عالمی ماہرین کی ٹیم کراچی پہنچ گئی

انہوں نے کہا کہ نور جہاں 14سال سے بچوں کو لطف اندوز کررہی ہے، ہتھنی کے علاج میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ چڑیاگھر میں اسپتال بنانے کی سمری دی ہے، 2 سے 3ماہ میں چڑیاگھر میں اسپتال بن جائےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  بیمار ہتھنی نور جہاں کا معائنہ کرنے کے لیے طبی ماہرین پر مشتمل فورپاز انٹرنیشنل کی 7 رکنی ٹیم کراچی زو پہنچ گئی ہے۔

فورپاز کے مصر سے تعلق رکھنے والے رکن ڈاکٹر عامرخلیل نے کہا کہ ہر ممکن کوشش کر رہے کہ ہتھنی صحتیاب ہو جائے، ہتھنی کو کرین کی مدد سے سہارہ دے کر کھڑا کیا گیا ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

ملک میں کرونا وائرس کے 49 نئے کیسز رپورٹ

0

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 49 رہی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت بھی ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 650 ہے۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 49 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 79 ہزار 910 ہوگئی۔

ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 47 ہزار 604 ہوچکی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 562 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 15 لاکھ 91 ہزار 531 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1.38 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 24 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

مودی سرکار کا ایک اور متعصبانہ اقدام، تعلیمی نصاب سے ’’مغل دور حکومت‘‘ خارج

0

بھارت میں مودی سرکار کا ایک اور متعصبانہ اقدام سامنے آیا ہے اور نئے تعلیمی سال میں نصاب سے مسلم مغل سلطنت کے ابواب خارج کر دیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا کے نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ نے اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں تبدیلی کر دی ہے اور بارھویں جماعت کی تاریخ کی کتاب سے 16 ویں اور 17 ویں صدی عیسوی میں مغل سلطنت سے متعلق باب خارج کر دیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام پر مودی سرکار کو سوشل میڈیا پر صارفین کی کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی طرح بارہویں جماعت کی سوکس کی کتاب سے دنیاوی سیاست میں امریکی کردار اور سرد جنگ سے متعلق باب بھی حذف کر دیے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی ’مقبول تحریکوں کے عروج‘ اور ’ایک جماعت کی حکمرانی‘ سے متعلق باب بھی بارہویں جماعت کی نئی کتابوں کا حصہ نہیں ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق نئے نصاب کا اطلاق ملک بھر میں ’نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ‘ سے منسلک تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

بھارتی حکومت کے اس متعصبانہ اقدام پر سوشل میڈیا صارفین شدید برہم ہیں اور وہ مودی سرکاری پر کڑی تنقید کر رہے ہیں۔

ایک صحافی سواتی چتُرویدی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’صرف جاہل ہی ایسا کر سکتے ہیں۔‘

روہت روہن نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ان سیاست دانوں کا مقصد ایک جاہل، غیر ہمدرد اور بے روزگار نوجوان نسل تیار کرنا ہے تاکہ انہیں اپنی پارٹی کے ایجنڈے اور مقصد کے حصول کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔‘

انڈیا میں مغلیہ تاریخ پر عبور رکھنے والی محقق ڈاکٹر کیتھرین شوفیلڈ نے اس فیصلے کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’مغلوں نے انڈیا پر 200 سال حکومت کی اور پیچھے ایک پائیدار نقوش چھوڑ گئے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ چاہے ان سے پیار کریں، نفرت کریں یا ان کی بالکل پروا ہی نہ کریں، مغلوں کو اسکول کی تاریخ کتابوں سے نکال دینے سے مغل غائب نہیں ہوجائیں گے۔

مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی اپیل مسترد

0

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازکیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی اپیل مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عدلیہ مخالف بیانات کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے انٹراکورٹ اپیل کی سماعت
ہوئی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نےسماعت کی ، دوران سماعت وکیل نے استدعا کی کہ اپیل واپس لینا چاہتا ہوں اجازت دی جائے ، جس پر عدالت نے اپیل واپس لینے کی بنا پر مسترد کر دی۔

درخواست میں کہا گیا کہ سنگل بینچ نے قانونی جواز کےبغیر درخواست مسترد کی، عدالت سنگل بینچ کےفیصلےکوکالعدم قراردیتے ہوئے اپیل منظور کرے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے سرگودھا میں خطاب کرتےہوئے عدلیہ مخالف بیانات دیے، انھوں نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی، اس لئے ان کےخلاف آرٹیکل 204 کےتحت توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

پاکستان کا برطانوی وزیر داخلہ کے پاکستانی مردوں کے حوالے سے بیان پر اظہار تشویش

0
برطانوی وزیر داخلہ

اسلام آباد : پاکستان نے برطانوی وزیر داخلہ کے پاکستانی مردوں کے حوالے سے بیان پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان خطرناک رجحانات کو فروغ دے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین کے پاکستانی مردوں کے حوالے سے بیان پر اظہار تشویش کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر داخلہ کا بیان خطرناک رجحانات کو فروغ دے گا، پاکستان جمہوری اقدار پر یقین رکھتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یونان میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاری سے آگاہ کیا گیا ہے، پاکستان تحقیقات اور تفتیش کے لئے یونانی حکام سے مکمل تعاون کرے گا، پاکستان دہشت گردی میں ملوث افراد کو کیفرکردار کردار تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔

خیال رہے برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین پاکستانی مردوں کے حوالے سے دیے گئے ایک بیان پر تنقید کی زد میں ہیں ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ برطانوی پاکستانی مردوں پر مشتمل گروہ سفید فام لڑکیوں کے جنسی استحصال میں ملوث ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی مردوں کے ’ثقافتی اقدار برطانوی اقدار سے متصادم‘ ہیں۔

سوشل میڈیا پر برطانوی وزیر داخلہ کے اس بیان کو برطانیہ میں ’نسلی لڑائی‘ کا آغاز کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی مشکلات میں مزید اضافہ

0
عمران خان

پشاور : پشاورہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قراردینےکےلئے دو الگ الگ درخواستیں دائر کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ، عمران خان کی نااہلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کردی گئیں۔

ایک درخواست عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے دائر کی، جس میں عمران خان کو کاغذات نامزدگی میں اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے این اے 45 کرم کے ضمنی الیکشن میں اثاثے ظاہر نہیں کیے، امیدوار کو کاغذات نامزدگی فارم میں تمام اثاثے ظاہر کرنا لازمی ہے، عمران خان نے اثاثے چھپائے جو الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن عمران خان کا بطور رکن قومی اسمبلی نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن ، اسپیکر قومی اسمبلی اورعمران خان کوفریق بنایا گیا ہے۔

دوسری درخواست جمیعت علماء اسلام نے درخواست دائر کی ، جے یو آئی رہنما احمد علی نے کامران مرتضی اور جلال الدین ایڈوکیٹ کی وساطت سے رٹ دائر کی، درخواست میں عمران خان کو سرکاری وعوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان صادق و امین نہیں رہے ، عمران خان نے دوران عدت بشرہ بی بی سے شادی کی، دوران عدت شادی غیرشرعی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عمران خان سے متعلق ریحام خان نے بھی اپنی کتاب بھی کئی انکشافات کئے ہیں، عمران خان نے جوا میں ملوث ہونے کا خود اعتراف کیا ہے اور سیاسی مقاصد کیلئے عمران خان نے سائفر کا جھوٹا بیانیہ بھی بنایا۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان بار بار اپنے بیانات پر یوٹرن بھی لیتا رہتا ہے، ان کے جھوٹے بیانیے کی وجہ سے فوج کے وقار کو بھی نقصان پہنچا، استدعا ہے کہ عمران کو نااہل قرار دیا جائے۔

کراچی سے لاپتہ ہونے والی ورلڈ اسپیشل اولمپکس کی کھلاڑی کے اغوا کا ڈراپ سین

0
پولیس افسر

کراچی : شہر قائد سے لاپتہ ہونے والی اسپیشل اولمپکس کی کھلاڑی بہاولپورمیں نانی کے گھر پہنچ گئی، ساجدہ بی بی31 مارچ کولاپتہ ہوئیں، جس کے بعد مقدمہ گلستان جوہر میں درج کرایا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے لاپتہ ہونے والی اسپیشل اولمپکس کی کھلاڑی ساجدہ کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا ، ساجدہ اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر بہاولپور ننھیال پہنچ گئی۔

پولیس نے بتایا کہ ساجدہ بی بی یکم مارچ کو گلستان جوہر میں گھر سے نکلی اور اس کے بعد لاپتہ ہو گئی، جس کے بعد اہل خانہ نے گلستان جوہر تھانے میں ساجدہ کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ ساجدہ گھروں میں کام کرتی تھی،4بجےگھرسےکام پرنکلی تھی، وہ بی بی قوت گویائی سےمحروم ہے اور گلشن اقبال بے نظیر بستی کی رہائشی تھی۔

اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ساجدہ کے گھر سے نکلنے کے بعد اس کا موبائل فون بند ہوگیا۔

جس کے بعد گلستان جوہر سے اسپیشل اولمپکس کی کھلاڑی ساجدہ کے مبینہ اغوا کے معاملے کی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ مغویہ ساجدہ اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر بہاولپور اپنے نانا کے گھر پہنچ گئی ہے جبکہ ساجدہ اور اہلخانہ میں رابطہ ہوگیاہے۔

خیال رہے ساجدہ بی بی نے دو ہزار انیس میں پاکستان کے لیے اسپیشل اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی کارروائی کو انتخابی عمل میں مداخلت قرار دے دیا

0

فلوریڈا : سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود پر عائد تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کو انتخابی عمل میں مداخلت قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت میں سماعت کے بعد فلوریڈا پہنچے اور اپنی رہائشگاہ پر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے خود پر عائد تمام الزامات مسترد کر دیئے۔

خطاب میں سابق صدر ٹرمپ نے عدالتی کارروائی کو انتخابی عمل میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، میں امریکا میں اس قسم کی مداخلت کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتے۔

سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن میں پچھہتر ملین ووٹ لینے والے صدر پر فردجرم عائد کی گئی، ڈیموکریٹس شروع ہی سے میری انتخابی مہم کو خراب کرنا چاہتے تھے۔

جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، روس نے چین، ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ امریکا مخالف اتحاد بنا لیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا میرا واحدجرم یہ ہےمیں نےاپنی قوم کو تباہ ہونے سے بچایا ، بائیڈن انتظامیہ کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کا شکار ہوئی ، ہم امریکا کو ایک بار پھر عظیم ملک بنائیں گے۔

خیال رہے ریپبلکن ارب پتی ٹرمپ تاریخ میں مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں ، نیویارک کی عدالت میں ٹرمپ پر کاروباری لین دین کے ریکارڈ میں ’جھوٹ بولنے‘ پر چونتیس الزامات عائد کیے گئے، جن کو انہوں نے ماننے سے انکار کردیا۔

ٹرمپ کی عدالت میں پیشی پرڈیموکریٹس کا ردعمل میں کہنا ہے کہ جیسی کرنی ویسی بھرنی، ٹرمپ پر کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کے چونتیس الزامات عائد کئے گئے۔

طالبان کا اقوام متحدہ سے متعلق بڑا فیصلہ

0

طالبان نے اقوام متحدہ میں بھرتی خواتین کے کام کرنے پر پابندی لگا دی ہے اور اقوام متحدہ نے طالبان کے اس اقدام کی تصدیق کر دی ہے۔

افغانستان پر طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے ملک میں خواتین کے حوالے سے کئی اقدامات سامنے آئے تھے جن میں اعلیٰ تعلیم اور ملازمتوں پر پابندی سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں تاہم اب طالبان حکومت نے خواتین پر پابندیوں کا دائرہ کار عالمی اداروں پر بھی کر دیا ہے اور غیر سرکاری تنظیموں کے بعد اب اقوام متحدہ میں بھی خواتین کے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ میں بھرتی خواتین کے کام پر عائد پابندی کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کے افغانستان میں مشن (یوناما) کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے ننگرہار میں قائم عالمی ادارے کے دفتر میں کام کرنے والی خواتین کو روکا گیا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں طالبان نے ملکی اور غیر ملکی این جی اوز میں کام کرنے والی خواتین پر پابندی عائد کی تھی تاہم اقوام متحدہ کے دفاتر میں کام کرنے والی خواتین کو استثنیٰ حاصل تھا۔ تاہم گزشتہ ماہ ہی یوناما کی سربراہ نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے سامنے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ طالبان کی حکومت این جی اوز کے بعد پابندی کا اطلاق اقوام متحدہ میں کام کرنے والی خواتین پر بھی کر سکتی ہے۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفین ڈیوجارک نے صحافیوں کو بتایا کہ یوناما کو طالبان حکومت کے احکامات کا علم ہوا جس میں اقوام متحدہ میں بھرتی خواتین کو کام کرنے سے روکا گیا ہے۔ ان کے خیال میں احکامات کا اطلاق صرف صوبہ ننگرہار میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں قائم اقوام متحدہ کے دفاتر میں کام کرنے والی خواتین پر ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ نے طالبان کی جانب سے پابندی کے اس حکم نامے کو نا قابل قبول قرار دیا ہے۔ عالمی ادارے کے ترجمان اسٹیفین ڈیوجارک نے کہا ہے کہ اس قسم کی کوئی بھی پابندی ناقابل قبول ہے اور اس کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں تک امداد پہنچانے اور زندگیاں بچانے میں خواتین اہلکاروں کی موجودگی اقوام متحدہ کے لیے بہت زیادہ ضروری ہے۔ ہمارے لیے یہ سوچنا بھی انتہائی مشکل ہے کہ ہم خواتین اسٹاف کے بغیر کس طرح سے انسانی امداد کی ترسیل کو ممکن بنائیں گے۔

ترجمان کے مطابق فی الحال اقوام متحدہ کو طالبان کی جانب سے تحریری احکامات موصول نہیں ہوئے اور متعلقہ حکام سے مل کر تمام معاملے پر وضاحت طلب کریں گے۔

دوسری جانب جب اس حوالے سے طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے ننگرہار کی انتظامیہ سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں اقوام متحدہ کے 3,900 اہلکاروں میں سے 3,300 افغان شہری ہیں جن میں خواتین کی تعداد 600 ہے۔