اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 6307

بیرون ملک سے مزید10 اشتہاری ملزمان گرفتار

0
اشتہاری

لاہور : پنجاب پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات تیز کردیئے، اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بیرون ملک سے مزید10اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاریوں کو سعودی عرب، یو اے ای، مسقط اور یونان سے واپس پاکستان لایا جارہا ہے۔ رواں سال قتل، اقدام قتل اور اغواء برائے تاوان میں ملوث 28اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نارروال پولیس کو مطلوب 3اشتہاریوں عاکف حمید کو دبئی، ظہیر کو مسقط ، یاسر کو یونان سے گرفتار کیا گیا جبکہ ڈی جی خان پولیس کو مطلوب 3اشتہاریوں غلام فرید، محمد اصغر کو یواے ای، ظفر اقبال کو سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا۔

اس کے علاوہ ملتان پولیس کو مطلوب 2 اشتہاریوں محمد مجاہد کو سعودی عرب، محمد وسیم کو یو اے ای سے، سیالکوٹ پولیس کو مطلوب اشتہاری طیب علی اور اٹک پولیس کا اشتہاری ملزم عبادت یو اے ای سے گرفتار کیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے ہدایات جاری کی ہیں کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے تعاون سے مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو مزید تیز کیا جائے، اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخی کے ساتھ انٹرپول کے ریڈ نوٹس جاری کروائے جائیں۔

قابض اسرائیلی فوج کا علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ، خواتین اور بچوں سمیت 12 فلسطینی زخمی

0

مقبوضہ بیت المقدس : قابض اسرائیلی فوج نے علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ کردیا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ فلسطینی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صیہونی فورسز کی جارحیت عروج پر ہے ، قابض اسرائیلی فوج نے ماہ رمضان میں تقدس کو پامال کرتے ہوئے مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا، اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

عرب میڈیا نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ میں گرینیڈ اور گیس بم پھینکے گئے اور نمازیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ فلسطینی زخمی ہوئے۔۔

حملے کی موبائل فون سے بنی ویڈیوز سامنے آگئی ہے ، جس میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت صاف نظر آرہی ہے کہ کس طرح رمضان المبارک میں عبادت کیلئے جمع فلسطینی نمازیوں کو تشدد کرکے مسجد سے نکالا جارہا ہے۔

دوسری جانب غزہ سے متعدد راکٹ اسرائیلی کی جانب فائر کیے گئے ہیں، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں سے ملحقہ مقامات پر ہائی الرٹ بھی جاری کردیا۔

حماس نے فلسطینی عوام کو فوری مسجد اقصیٰ پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ سعودی عرب، مصر اور اردن کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملے اور نمازیوں پر تشدد کی شدید مذمت کی۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل مقدس مقامات میں داخل ہو کر خانہ جنگی کو دعوت دے رہا ہے۔

"جب سوئی گیس ہی نہیں تو بل کس بات کے؟”

0
گیس کی قمیت

کراچی میں سحری و افطار کے دوران گیس کی بندش سے لوگ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، لوڈ شیڈنگ کے باوجود ہزاروں روپے کے بلز ملنے پر شہریوں نے گورنرسندھ سے رجوع کرلیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی سوئی سدرن سے2دن میں پلان طلب کرلیا،

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اب تک گورنر ہاؤس میں12ہزار گیس کے بلز شہریوں نے جمع کرائے ہیں، لوگ روزانہ کی بنیاد پر سحری و افطاری میں گیس کے بلز بھجوا رہے ہیں۔

اپنی شکایات میں شہریوں کا کہنا ہے کہ بل باقاعدگی سے آرہا ہے لیکن کھانا بنانے کیلئے گیس نہیں مل رہی، گورنرسندھ نے کہا کہ میری ایم ڈی سوئی سدرن گیس سے اس مسئلے پر بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی سوئی سدرن کو واضح طور پر کہا ہے کہ پلان بتائیں وہ چاہتے کیا ہیں، ان کو پابند کیا ہے کہ ایک سے دو روز میں آکر بتائیں، سحری اور افطاری میں گیس کی فراہمی کو یقینی کیسے بنائیں گے؟

گورنرسندھ نے کہا کہ اگر کراچی کے شہریوں کو گیس کی فراہمی نہیں ہوتی تو میں اپنے اعلان پر قائم ہوں، ایم ڈی سوئی سدرن کو کہا ہے کہ جب گیس نہیں تو سب کے بلز زیرو کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب سوئی گیس ہی نہیں تو بل کس بات کے؟۔ اگر2دن میں ایم ڈی سوئی گیس کا پلان سامنے نہیں آیا تو آئندہ کا لائحہ عمل بناؤں گا۔

کراچی میں ٹریفک اور پولیس اہلکار سمیت 7 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

0

کراچی : سی ٹی ڈی ٹارگٹ کلنگ ورکنگ گروپ نے ٹریفک اور ڈسٹرکٹ پولیس اہلکار سمیت سات افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

.تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب سی ٹی ڈی ٹارگٹ کلنگ ورکنگ گروپ نے کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک اور ڈسٹرکٹ پولیس اہلکار سمیت سات افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتارکرلیا۔

انچارج سی ٹی ڈی علی رضا نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قتل،اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں ، ملزم فراز الحسن اور ساتھیوں نے 2014 کو ٹریفک اہلکار محمد منشا کو شہید کیا، محمد منشاء ساتھی اہلکاروں سمیت ٹریفک سگنل چورنگی نمبر1ناظم آباد میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔

علی رضا کا کہنا تھا کہ 2014 میں ہی پاپوش نگر اشرف کمیونٹی ہال کے قریب پولیس اہلکار شاہد کو شہید کیا، اہلکار کو سوتیلے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے قتل کیا، شہید اہلکار شاہد کی ریکی ملزم کے والد قاضی وحید کر رہے تھے۔

انچارج سی ٹی ڈی نے کہ کہ 2014 اورنگی میں جاوید عرف کنچہ اور مبینہ نامی خاتون کی ٹارگٹ کلنگ کی، خاتون کے قتل کے لیے پچیس ہزار روپے لیے تھے جبکہ 2015 ٹیپوسلطان میں دودھ فروش کا قتل کیا، دودھ فروش کو ملزم اور اس کی کزن کی دوستی کے بارے میں پتہ چل گیا تھا۔

محمد منشاء شہادت کی میں قاضی اعجاز اور مزمل کالا پہلے گرفتار ہوچکے ہیں تاہم گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا 34 مجرمانہ الزامات میں صحت جرم سے انکار

0

نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 34 مجرمانہ الزامات میں صحت جرم سے انکار کردیا ، ٹرمپ پر 2016 میں اداکارہ کو خاموش رہنے کیلئے ادائیگی چھپانے کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نیویارک کی مین ہیٹن عدالت میں پیش ہوئے ، جہاں انہیں پولیس نے گرفتار کیا ، عدالت میں ٹرمپ پر باقاعدہ فرد جرم عائد کی گئی ، لیکن ٹرمپ نے چونتیس مجرمانہ الزامات میں صحت جرم سے انکار کیا۔

استغاثہ نے الزام لگایا کہ ٹرمپ نے 2016 کے انتخابات کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، جس میں ایک ہش منی اسکیم کے ذریعے ان خواتین کو ادائیگی کی گئی۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ٹرمپ نے کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کی، معلومات منظرعام پر آنے سے ٹرمپ کو انتخابی مہم متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔

عدالت سے باہر ٹرمپ پر عزم دکھائی دئیے اور حٓامیوں کو ہاتھ لہرا کر جواب دیا جبکہ نیویارک کی عدالت کے باہر ٹرمپ کے حامی اور مخالفین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کیس کی سماعت مکمل ہونے پر ٹرمپ مین ہٹن کی عدالت سے واپس فلوریڈا پہنچ گئے ، ٹرمپ پر منفی معلومات چھپانے کیلئے اداکارہ کو ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر کی ادائیگی کا الزام ہے جبکہ ٹرمپ پر کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی اور دیگرالزامات عائد کیے گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈسٹرکٹ کورٹ ہاؤس روانگی سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل’ پر لکھا کہ یقین نہیں آ رہا کہ امریکا میں یہ سب ہو رہا ہے۔

سابق امریکی‌ صدر کیخلاف کارروائی پر پاکستانی نژادڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف ریاض قدیر نے کہا کہ ٹرمپ الزامات کا سامنا کرنے کےبجائےمعاملےکوسیاسی رنگ دےرہے ہیں۔

پاکستانی نژاد ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ نےعدالتی کارروائی ٹرمپ کو الیکشن سے روکنے کی کوشش قرار دیا جبکہ ڈیموکریٹ رہنما طاہرجاوید کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کاریپبلکن صدارتی امیدوار بننا مشکل نظر آرہا ہے۔

کراچی : پولیس فائرنگ سے دو افراد زخمی، علاقہ مکینوں کا احتجاج

0
فائرنگ

کراچی : منگھو پیر کے علاقے اجتماع گاہ روڈ کے قریب پولیس کی فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے، علاقہ مکینوں نے منگھوپیر تھانے کا گھیراؤ کرلیا۔

اس حوالے سے منگھوپیر تھانے کی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کے اہلخانہ کے مطابق پولیس نفری علاقے میں چیکنگ کیلئے آئی اور فضل کریم نامی شخص کے گھر پہنچی تھی۔

موبائل میں موجود اہلکاروں نے دوران چیکنگ 2 افراد کو لے جانے کی کوشش کی تو رہائشیوں نے مزاحمت کی۔ اس موقع پر علاقے کے مزید لوگ جمع ہوئے اور اہلکاروں سےجھگڑا ہوا۔

گھر پر چھاپہ مارنے والے اہلکاروں نے گھر سے نکلنے کیلئے فائرنگ کردی جس سے 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پراسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق چھاپے کیلئے آنے والی موبائل کس تھانے یا کہاں کی تھی ابھی نہیں معلوم ہو سکا، اس کی شناخت کیلئے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایس ایم جی سمیت مختلف ہتھیاروں کے خول ملے ہیں، یہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے کہ کارروائی میں پولیس کا کون سا محکمہ ملوث تھا؟

منگھوپیر تھانے کے باہر مظاہرین نے دھرنا دے دیا، جس کے نتیجے میں سڑک بند ہوگئی اور منگھوپیر روڈ پر بھاری گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

وویک اوبرائے نے بالی وڈ کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا

0
وویک

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار وویک اوبرائے نے فلم انڈسٹری کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے اداکارہ پریانکا چوپڑا کے انکشافات کو درست قرار دے دیا۔

حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بالی وڈ میں گزارے اُن تلخ دنوں کا ذکر کیا تھا جن کی وجہ سے انہیں انڈسٹری کو خیرباد کہنا پڑا۔ ان کے انکشافات کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہوا جس پر اب بھی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

آج وویک اوبرائے نے اپنے ایک انٹرویو میں بالی وڈ سے متعلق بتایا کہ ’خوشی ہے کہ میں انڈسٹری سے دور ہوگیا اور ایک آزمائش سے بچ نکلا لیکن ہر کوئی اتنا خوش قسمت نہیں ہوتا۔‘

اداکار نے بتایا کہ میں بہت سی ایسی چیزوں سے گزرا جو غیر ضروری تھیں، ان میں بہت سی لابیاں اور کہانیاں ہیں جن کا ذکر پریانکا چوپڑا نے ایک انٹرویو میں کیا، بدقسمتی سے یہ ہماری انڈسٹری کی پہچان بن گئی۔

انہوں نے مہینوں تک کام نہ ملنے کا ذکر کرتے ہوئے میں بتایا کہ مجھے فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ میں بہترین اداکاری کے عوض ایوارڈ ملیا یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی لیکن اس کے بعد مجھے 14 مہینے تک گھر بیٹھنا پڑا کیونکہ کام نہیں مل رہا تھا۔

’جب میں اس مشکل وقت سے گزر رہا تھا تو سوچا کچھ نیا کروں، میں کچھ ایسا کرنے کا سوچ رہا تھا جو مجھے آگے لے جائے۔‘

انٹرویو میں اداکار نے مزید کہا کہ بالی وڈ ایک بہت ہی غیر محفوظ جگہ ہے جہاں فنکار کمزور ہونے کی وجہ سے بہت نازک حالت میں رہتے ہیں۔

اوگرا نے بااثر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے

0

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی )اوگرا( نے بااثر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔

روپے کی قدر میں کمی سے ہونے والے نقصان کی کمپنیوں سے تفصیلات مانگ لی گئیں۔ کمپنیوں سے گذشتہ چھ ماہ کی روپے کی گراوٹ کے نقصان کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے اوگرا کی جانب سے تیل کمپنیوں کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تیل کمپنیاں دو ہفتوں میں روپے کی قدر سے پہنچنے والے نقصان سے آگاہ کریں۔

اوگرا نے سفارش کی ہے کہ حکومتی پالیسی کے مطابق خام تیل درآمد کرنے کی تفصیلات فراہم کی جائیں کمپنیوں کی درآمدی قیمت عالمی سطح پر تیل کی قیمت کے مسابقتی ہونی چاہئں۔

اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ کمپنیاں روپے کی قدر میں کمی کے نقصان سے بچنے کے لئے حکومتی پالیسی کے مطابق تیل درآمد کریں۔

یہ کس پاکستانی اداکارہ کی بچپن کی تصویر ہے؟

0
عائشہ عمر

شوبز شخصیات سوشل میڈیا پر اپنی بچپن کی تصاویر شیئر کرتے ہیں جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جاتا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ عائشہ عمر نے بھائی کی سالگرہ پر بچپن کی تصاویر شیئر کیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

عائشہ عمر نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ ’ وہ پہلی تصویر میں اپنے دونوں بھائیوں اور مرحومہ پھوپھو کے ساتھ موجود ہیں۔‘

انہوں نے بھائی کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’زی ایزووووو…. ماما اور مجھے آپ کی یاد آتی ہے، کاش میں آج آپ کے مزیدار سالگرہ کے کیک کا ٹکڑا کھا سکتی۔‘

عائشہ عمر نے بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دعا ہے یہ آپ کی بہترین سالگرہ اور ابھی تک کا آپ کا بہترین سال ہو۔‘

واضح رہے کہ عائشہ عمر سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

اس سے قبل عائشہ عمر کی صوفی بزرگ شاعر بابا بلھے شاہ کا مشہور زمانہ شعر سنانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

عائشہ عمر نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ میں منفی کردار نبھایا تھا جس کے مرکزی کرداروں میں فیروز خان، اشنا شاہ شامل تھے۔

فلم ’بھولا‘ نے اب تک کتنا بزنس کرلیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

0
بھولا

ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار اجے دیوگن کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’بھولا‘ 50 کروڑ روپے کا بزنس کرنے کے قریب پہنچ گئی۔

30 مارچ کو ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم ’بھولا‘ دراصل تامل فلم ’کیتھی‘ کا ہندی ریمیک ہے جس میں اجے دیوگن اور تبو کے ساتھ امالا پاؤل، رائی لکشمی، دیپک دوبریال اور سنجے مشرا ہیں۔

فلم باکس آفس پر اب تک 44 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ اس میں مزید اضافے کی متوقع ہے۔

متعلقہ: ’بھولا‘ لیک ہوگئی

معروف فلمی ناقد ترن آدرش نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ فلم کے پاس رواں ہفتے کمائی کرنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ عید الفطر تک کوئی بڑی فلم ریلیز نہیں ہونے والی۔

ترن آدرش نے کہا کہ ’بھولا‘ کو منگل اور جمعہ کی چھٹیوں کے سبب فائدہ پہنچ سکتا ہے۔