ہوم بلاگ صفحہ 6320

عدالت نے اڈیالہ جیل کو حراستی کیمپ قرار دیدیا، تحقیقات کا حکم

0
توہین الیکشن کمیشن ٹرائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قیدیوں پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کے معاملے پر جیل کو حراستی کیمپ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

اسلام آباد کی عدالت عالیہ کا کہنا ہے کہ قیدی کی جانب سے دائر درخواست میں لگائے گئے الزامات بادی النظر میں بے بنیاد نہیں ہیں۔ اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کیا جاتا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوتی ہیں، خفیہ رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل کو قانون کے مطابق چلانے کے بجائے حراستی کیمپ بنا دیا گیا ہے۔

عدالت نے قومی انسانی حقوق کمیشن کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی انسانی حقوق کمیشن کے ممبر پنجاب تحقیقاتی رپورٹ جلد سے جلد اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائیں۔

چین اور ایران کے درمیان ٹرین جلد شروع ہونے کا امکان

0

تہران: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ چین اور ایران کے درمیان براہ راست ریلوے جلد شروع ہوگی، گزشتہ برس ایک مال بردار گاڑی اس راستے پر چلائی گئی تھی۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایرانی وزارت سڑک اور شہری ترقی کے تجارتی امور کے لیے مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ چین سے ایران تک براہ راست ریلوے شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں ایران کی شنگھائی تنظیم میں رکنیت کی حمایت اور تقویت کے فریم ورک میں ایک مثبت علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت اقتصادی استحکام پیدا کرنے اور ملکوں کے درمیان تجارتی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے زمین ہموار کر سکتی ہے۔

ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جب ملکوں کے درمیان تجارت کی گنجائش بڑھے گی تو نقل و حمل اور ٹرانزٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چین سے تہران تک پہلی مال بردار ٹرین گزشتہ سال پہنچی تھی۔

اس سال جب چینی صدر شی نے ایران کا دورہ کیا تو انہوں نے مشرق وسطیٰ میں طویل مدتی امن اور استحکام میں ایران کی مدد کرنے کے اپنے عزائم کے بارے میں بات کی تھی۔

بیجنگ کا خیال ہے کہ خطے کا ریلوے نیٹ ورک علاقائی انضمام کو آگے بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے، چین کے مغربی علاقے سے ریل گاڑیاں سابق سوویت ٹرین نیٹ ورک کے ساتھ قازقستان میں داخل ہو کر خرگوس گیٹ وے تک جاتی ہیں۔

اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کا سرینڈر کرنے کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان

0

اسلام آباد : اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کا سرینڈر کرنے کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائداثاثوں کے نیب ریفرنس پر سماعت ہوگی۔

اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کا سرینڈر کرنے کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے وزیرداخلہ رانا نثااللہ نے آئی جی سے مکالمے میں کہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر آج چھٹی پر ہیں، جب جج آئیں گے تو ہم بھی اسی روز آ جائیں گے۔

جس کے بعد وزیرداخلہ راناثنا اللہ اورمسلم لیگ ن کے رہنما احتساب عدالت سے واپس چلے گئے۔

گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار 5 سال بعد وطن واپس پہنچے تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنے وطن واپس آگیا ہوں جس طرح 99-98 اور 2013-14 میں ملک کو معاشی بھنور سے نکالا تھا اسی طرح ملک کو معاشی بھنور سے نکالنے کی کوشش کروں گا۔

ایران میں 10 روز سے پُرتشدد مظاہرے جاری، 76 ہلاک

0

تہران: ایران میں 10 روز سے پُرتشدد مظاہرے جاری ہیں، جن میں اب تک 76 ہلاک ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حجاب نہ لینے پر زیر حراست خاتون 22 سالہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ایران میں گزشتہ دس روز سے پُر تشدد مظاہرے جاری ہیں، احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔

ملک کے 40 شہروں میں پہلے احتجاج کے دوران 17 صحافیوں سمیت 1200 مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے بعد ایران کے چیف جسٹس نے بھی مظاہرین کے خلاف بغیر نرمی دکھائے فیصلہ کن ایکشن پر زور دیا ہے۔

ایرانی صدر کا مہسا امینی احتجاج سے سختی سے نمٹنے کا عندیہ

ایران نے یک طرفہ میڈیا کوریج اور ملک کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کے الزام میں برطانیہ اور ناروے کے سفیروں کو طلب کیا اور مظاہرین کے حق میں امریکی حمایت پر کڑی تنقید کی۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا کیس : عمران خان کی ضمانت میں 13اکتوبر تک توسیع

0

اسلام آباد : سیشن عدالت نے جلاؤگھیراؤ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کے کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں تیرہ اکتوبر تک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف جلاؤگھیراؤ،دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیسز میں درج مقدمے میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

عمران خان کےوکیل بابر اعوان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش ہوئے جبکہ مقدمے کا تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوا۔

بابر اعوان کی جانب سے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ، جس میں کہا گیا کہ عمران خان لاہور میں ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے۔

جس پر عدالت نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع کردی۔

گذشتہ سماعت میں بھی سیشن عدالت نے دفعہ 144 کے کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔

شریف اور مریم نواز کی نئی آڈیو : ‘ہر نیا دن ان لوگوں کو بے نقاب کررہا ہے’

0

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہر نیا دن ان لوگوں کو بے نقاب کررہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں شہباز شریف اور مریم نواز کی نئی آڈیو پر کہا کہ ہر نیا دن ان لوگوں کو بے نقاب کررہاہے۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفت سیاست کا لازمی حصہ ہے، مسئلہ وہاں پیدا ہوتاہے، جب سیاسی مخالفت میں ملک کانقصان کیاجائے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ غریب طبقے کو صحت کے معاملے پر رلتے دیکھا، ہیلتھ کارڈ سے غریب عوام کو علاج کی بہترین سہولت مل رہی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بغض عمران خان میں آپ غریبوں کی زندگیوں سےکھیل رہےہیں، اس طرح کی حرکتوں سے عوام کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ عوام سمجھیں گے سیاستدان صرف اپنے مفادات کیلئے کام کرتے ہیں۔

یاد رہے گذشتہ روز شہبازشریف اورمریم نوازکی ایک اور آڈیو سامنے آئی تھی ، جس میں کروڑوں پاکستانیوں کو علاج کی فری سہولت پر محروم کرنے کی گفتگو کی گئی۔

مریم نواز نے وزیراعظم کو فنڈز کی کمی کابہانہ بنا کرعوام کیلئے ہیلتھ کارڈکوبندکرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہاعمران خان کےپاس دکھانے کیلئےصحت کارڈ کےعلاوہ کچھ نہیں۔

آڈیو میں شہباز شریف کی مریم نواز سے مکالمے میں آواز غیر واضح ہے۔

ملک چھوڑنے پر روسی شہریوں کا مؤقف سامنے آ گیا

0

استنبول: ملک چھوڑنے پر روسی شہریوں کا مؤقف سامنے آ گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ جنگ ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق روس کی یوکرین کے خلاف شدید جنگ کی تیاریاں دیکھ کر روسی شہریوں نے ملک چھوڑنا شروع کر دیا ہے، روسی شہریوں کے لیے استنبول پہلی پسندیدہ منزل ہے جہاں وہ بغیر ویزا بھی آ سکتے ہیں۔

این پی آر کے مطابق یوکرین میں جنگ کے لیے ریزرو فورس کو متحرک کرنے کے اعلان کے بعد روسی شہری بڑی تعداد میں ملک چھوڑنے لگے ہیں، اگر ایک طرف استنبول کے ایئر پورٹ پر ارائیول ٹرمینل پر روسیوں کا ہجوم ہے تو دوسری طرف جارجیا کی سرحد پر لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

استنبول ایئرپورٹ پر روسی شہریوں نے شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے امریکی میڈیا کو بتایا کہ مستقل قریب میں جنگ ختم ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا، اس لیے وہ روس چھوڑ رہے ہیں۔

روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ سے اڑان بھرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ جس فلائٹ سے آیا ہے، وہ 20 سال سے لے کر 50 سال تک کی عمر کے لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔

شہری نے بتایا کہ سبھی افراد سے پولیس والوں نے پوچھ گچھ بھی کی، سوالات کیے گئے کہ آپ نے یہ ٹکٹ کب خریدا؟ مقصد کیا ہے؟ کیا آپ نے فوج میں سروس کی؟ کب کی؟

واضح رہے کہ چند دن قبل صدر پیوٹن نے اعلان کیا تھا کہ یوکرین میں لڑنے کے لیے عسکری تربیت پانے والے شہریوں پر مشتمل تین لاکھ فورس بھیجی جائے گی۔ دوسری طرف روس میں جنگ مخالف شہریوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس پر 38 مختلف شہروں سے 1003 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ادھر روس میں متنازع شہروں کی شمولیت کے لیے ریفرنڈم ہو رہا ہے، تو اُدھر یوکرین کے شہر میلی ٹوپول میں پولنگ شروع ہو گئی ہے، جہاں سرکاری ملازمین نے ووٹ کاسٹ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی خفیہ ریکارڈنگ لیک : قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

0

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ، جس میں وزیراعظم ہاؤس سے آڈیولیک پر بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سیلاب، سیکیورٹی کی صورتحال اور دیگر معاملات زیرغور آئیں گے۔

اجلاس کو ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال سمیت وزیراعظم ہاؤس سے ہیک ہونے والے اہم ڈیٹا پر بریف کیا جائےگا۔

گذشتہ روز فاقی حکومت نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، جے آئی ٹی کو وزیراعظم ہاؤس کےعملے سےتفتیش کا اختیار ہوگا۔

جے آئی ٹی تحقیق کرے گی کہ ڈیٹا ہیک ہوا یا کسی نے چوری کر کے فروخت کیا اور جائزہ لے گی واقعے کے وقت کون کون افسر وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا۔

پی ایم ہاؤس اورآفس پر مامورسکیورٹی کی نقل وحرکت محدودکردی گئی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب۔۔ وزیراعظم شہباز شریف صدارت کریں گے۔۔ شرکا کو وزیراعظم ہاؤس کی خفیہ ریکارڈنگ سے متعلق بریف کیا جائے گا۔

سعودی عرب میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے

0

ریاض: سعودی عرب میں ماحول دوست قابل تجدید توانائی سے چلنے والے بجلی کے منصوبوں پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، منصوبوں سے 33 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں تجدد پذیر توانائی (ری نیو ایبل انرجی) سے 33 سو میگا واٹ بجلی کے 5 منصوبوں کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔

سعودی کمپنی نے تجدد پذیر توانائی کے ذریعے بجلی کی پیداوار کے لیے جو نئے منصوبے پیش کیے ہیں ان کا تعلق وزارت توانائی کی نگرانی میں تجدد پذیر توانائی کے قومی پروگرام کے چوتھے مرحلے سے ہے۔

5 میں سے 3 منصوبے ایسے ہیں جن کے تحت ہوا کے ذریعے جبکہ 2 منصوبوں کے تحت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جائے گی۔

ہوا کے ذریعے پراجیکٹس سے 18 سو میگا واٹ بجلی تیار ہوگی، ان میں سے ایک منصوبہ ینبع میں قائم کیا جائے گا جس سے 700 میگا واٹ بجلی پیداوار متوقع ہے۔

الغاظ میں دوسرے منصوبے سے 600 میگا واٹ جبکہ وعد الشمال پروجیکٹ سے 500 میگا واٹ بجلی کی پیدوار ہوگی۔

شمسی توانائی کے 2 منصوبوں سے کل 1500 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، ان میں سے ایک منصوبہ الحناکیہ میں بنے گا جس کی پیداوار 11 سو میگا واٹ ہوگی جبکہ دوسرا منصوبہ طبرجل میں مکمل ہوگا جس سے بجلی کی پیداوار 400 میگا واٹ متوقع ہے۔

کرونا وائرس کیسز کا گراف نیچے آ گیا، 3 دنوں میں 141 کیسز

0

اسلام آباد: ملک میں کرونا وائرس کیسز کا گراف نیچے آ گیا ہے، گزشتہ 3 دنوں میں ملک بھر میں مثبت کیسز کی تعداد 141 رہی۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آ چکی ہے، گزشتہ 3 دنوں میں کووِڈ نائنٹین سے کوئی موت بھی واقع نہیں ہوئی۔

ملک میں کرونا انفیکشن کے تشویش ناک مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی رپورٹ کے مطابق ملک میں اس وقت تشویش ناک مریضوں کی تعداد 80 ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں ملک میں 32 ہزار 68 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں مثبت کیسز کی قومی شرح 0.43 رہی۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 39 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ ملک بھر میں 8634 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں کیسز کی قومی شرح 0.45 فی صد رہی، 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا سے کسی شخص کا انتقال نہیں ہوا۔

گزشتہ روز، 26 ستمبر کو ملک بھر میں 55 کیسز سامنے آئے، مثبت کیسز کی شرح 0.50 رہی، جب کہ 25 ستمبر کو 47 کیسز سامنے آئے، جن میں مثبت کیسز کی شرح 0.38 فیصد تھی۔