جمعہ, جون 6, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6555

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں‌ 26 روپے 2 پیسے کا اضافہ

0
پیٹرول

اسلام آباد: نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 331 روپے 38 پیسے پہنچ گئی ہے۔

ڈیزل کی قیمت میں بھی 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 329 روپے 18 پیسے ہوگئی ہے۔

’گیس کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں‘ ماہر معایشیات عابد سلہری

ماہر معاشیات عابد سلہری کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں، عوام میں بے چینی آئے گی، معاہدہ اپنی جگہ لیکن آئی ایم ایف نے ٹارگٹڈ سبسڈی سے کہیں نہیں روکا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھیں لیکن ان کا اثر ابھی پاکستان پر نہیں پڑنا چاہیے تھا، اگست میں امپورٹ کیا گیا پیٹرول اس وقت ملک میں فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی سیکٹر میں 5 ہزار 400 ارب روپے کا گردشی قرضہ ہے، گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے کچھ کچھ اقدامات تو کیے جائیں گے۔

عابد سلہری نے مزید کہا کہ توانائی شعبے کے ذریعے ہی حکومت اخراجات کنٹرول کرنے کی کوشش کرے گی، توانائی شعبہ ایسا ہے جو ہر شہری استعمال کرتا ہے۔

عابد سلہری نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے بھی نگراں حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔

کراچی، شادی میں فائرنگ سے دلہن کی بہن جاں بحق

0

کراچی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے دلہن کی بہن جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ قائدآباد کے علاقے میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون دلہن کی بہن تھی اور فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

لاش اور زخمیوں کا اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ اندراج کی کارروائی شروع کر دی ہے جب کہ ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور عینی شاہدین سے مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

کے الیکٹرک کو 31ارب کا نقصان ہوا، سی ای او

0
کے الیکٹرک

کراچی : کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی نے ادارے کے مالی سال 23-2022 کے مالیاتی نتائج کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس دوران31 ارب کا نقصان ہوا۔

مونس علوی نے کہا کہ مالی سال کے ابتدائی9ماہ میں خسارہ40 ارب روپے تھا، ان تمام چیلنجز کے باوجود کے ای نے ویلیو چین میں سرمایہ کاری جاری رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیابیوں میں900میگاواٹ کا بی کیو پی ایس تھری کا آغاز،500کے وی کا کے کے آئی ،دھابیجی 220کے وی گرڈز پر پیش رفت شامل ہے۔ نیٹ ورک میں 484بلین روپے سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی تیار ہے۔

سی ای او کےالیکٹرک نے کہا کہ جنوری میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 30 فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ پیش کیا اس کے علاوہ پاور سیکٹر کی لبرلائزیشن پر بات چیت میں شامل رہتے ہیں۔

کے الیکٹرک کے مالیاتی نتائج کا اعلان

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کیلئے مالی سال 2023 مشکل ثابت ہوا۔ متعدد چیلنجنگ سماجی و سیاسی اور میکرو اکنامک عوامل نے کے-الیکٹرک سمیت متعدد شعبوں کو متاثر کیا۔ افراط زر، پالیسی کی شرح میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور اقتصادی سکڑاؤ نے آپریشنز کو متاثر کیا۔ معاشی سرگرمیوں میں کمی نے بھی ترسیلی یونٹس میں %7.3 کمی کی۔

ریگولیٹڈ ماحول میں تقسیم کار کمپنی صارفین کیلئے بجلی کی قیمت مقرر نہیں کرسکتی۔ حکومت کی طرف سے مقررکردہ قیمتوں میں اضافہ و میکرو اکنامک دباؤ سے بلوں کی ادائیگی میں کمی سے کےالیکٹرک کی ریکوری%96.7 سے%92.8 ہوگئی۔ مجموعی طور پر ان عوامل کے نتیجے میں کمپنی کو 30.9 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

جنوری2023 میں ہم نے اپنے انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ %30 تک بڑھانے کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو اور سستی توانائی تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکے۔ ہم نے نان ایکسکلیوسو لائسنس کے لیے درخواست کی منظوری حاصل کی، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔

ہم پاور سیکٹر کی لبرلائزیشن پر بات چیت میں شامل رہے ہیں اور اس نئی ڈیویلپمنٹ بارے حکومت کی پالیسی لیول کی رہنمائی کے مزید منتظر ہیں۔ اس سلسلے میں موجودہ پالیسیاں ون ایم ڈبلیو اور اس سے اوپر کے لیے لاگو ہوتی ہیں۔

کے الیکٹرک گورننس میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کیے، صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھا،100ٹن وزنی چوری میں ملوث کنڈے ہٹائے اور واجبات کی ادائیگی میں ایک لاکھ صارفین کی مدد کی۔ نیپرا ہدایات کے مطابق پرانے واجبات والے کنکشن منقطع کیے۔ چوری و بلوں کی عدم ادائیگی میں کمی ہماری توجہ کا بنیادی مرکز ہے۔

اگرچہ رواں مالی سال مشکل صورتحال کا سامنا کیا لیکن کراچی کیلئے ہمارا عزم مضبوط ہے۔ ہم مناسب قیمت پر قابل اعتماد سروس فراہم کرنے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت پاکستان اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

’چن ماہیا‘ میرب کے لیے نہیں لکھا، عاصم اظہر

0
عاصم اظہر

معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کا کہنا ہے کہ گانا ’چن ماہیا‘ منگیتر میرب علی کے لیے نہیں لکھا ہے۔

گلوکار عاصم اظہر نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ گانا ’چن ماہیا‘ اپنی منگیتر سے متاثر ہوکر ان کے لیے نہیں لکھا بلکہ ان کے لیے لکھا ہے جو وعدوں سے گھبراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو گانے میرب علی کے لیے لکھے ہیں وہ جلد ریلیز کریں گے تاہم ان کے گانے اپنی زندگی کے تجربات پر منحصر نہیں کرتے بلکہ ایک تصوراتی دنیا میں ڈوب کر وہ گانے لکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عاصم اظہر نے کہا کہ پہلے تنقید کو دل سے لگا لیتا تھا لیکن اب اس بارے میں سوچنا چھوڑ دیا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ حالات سے نمٹنا سیکھ لیا ہے اب گھر کے باہر ہونے والی تنقید کو گھر سے باہر ہی چھوڑ دیتا ہوں۔

پی ایس ایل کے ترانے پر تنقید سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں نے تسلیم کرلیا ہے کہ لوگ کبھی ایک ترانے کو پسند نہیں کریں گے اور کوئی اس سے اختلاف کرے گا تو اسے اچھا سمجھا جائے گا۔

اس سے قبل عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ اپنی بیوقوفیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے میرب علی نے بھی میرا بہت ساتھ دیا ہے وہ ہمیشہ سپورٹ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرب ایک بہت اچھی انسان ہیں جو ہر کسی کا سوچتی ہیں ایسے لوگ آج کل نہیں ملتے۔

عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ جو شرارتی نہ ہو وہ بچہ نہیں ہوتا وہ پھر بزرگ ہی ہوتا ہے، میں بہت ہائپر تھا والدین کے اوپر کولڈڈرنک گرا دیتا تھا، کھیلنے کا بہت شوق تھا لیکن میں نے فرمانبرداری بھی کی ہے ڈانٹ بھی بہت کھائی ہے۔

ٹریفک حادثے میں دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق

0

صادق آباد میں موٹروے ایم فائیو کے قریب ٹریفک حادثے میں دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ گڈو انٹرچینج کے قریب پیش آیا جہاں کار ٹرالر سےجا ٹکرائی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8افرادجاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اور لاشوں کو شیخ زیداسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔

حادثے کا شکار افراد سکھر سے موٹر وے کے راستے مریدشاخ جا رہے تھے۔جاں بحق ہونے والوں میں دلہن بھی شامل ہے۔ 2روز قبل شادی ہوئی تھی اور رسم کی ادائیگی کیلئے دلہا دلہن میکے جا رہے تھے۔

غلام علی آزاد بلگرامی کا تذکرہ

0

غلام علی آزاد بلگرامی کا نام ہندوستان کی ایک دینی ذوق و شوق کی حامل ایسی شخصیت کے طور پر لیا جاتا ہے جنھوں نے بڑا علمی و تحقیقی کام بھی کیا۔ انھیں شعر و ادب، تاریخ اور تذکرہ نگاری میں ان کی تصانیف کی وجہ سے شہرت اور بڑا مقام و مرتبہ نصیب ہوا۔

غلام علی آزاد بلگرامی نواب ناصر جنگ والیِ حیدر آباد دکن کے استاد تھے۔ وہ بلگرام سے اورنگ آباد آئے تھے جہاں ان کے علم و فضل کے سبب انھیں دربار میں جگہ ملی اور بڑی عزّت اور پذیرائی حاصل ہوئی۔ انھیں عربی، فارسی، اردو اور ہندی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔

1704ء میں پیدا ہونے والے غلام علی آزاد کا تعلق بلگرام سے تھا اور اسی نسبت ان کے نام کے ساتھ بلگرامی لکھا جاتا ہے۔ 15 ستمبر کو اورنگ آباد میں قیام کے دوران ان کی زندگی کا سفر تمام ہوا۔ 1786ء میں اس دارِ فانی سے رخصت ہوجانے والے آزاد بلگرامی کو حسّانُ الہند بھی کہا جاتا ہے۔

حضرت غلام علی آزاد بلگرامی بیک وقت مختلف علوم و فنون میں طاق اور متعدد زبانوں پر کامل عبور رکھنے کے باعث اپنے ہم عصروں میں ممتاز رہے۔ انھیں نثر و نظم پر یکساں قدرت حاصل تھی۔ وہ تصنیف و تالیف اور شعر و شاعری تک ہی محدود نہ رہے بلکہ علمی میدان میں اپنے افکار و خیالات کے لازوال نقش چھوڑ گئے۔

ان کی نثری تالیف میں’’شمامہ العنبر فی ما ورد فی الہند من سید البشر‘‘ کے علاوہ سبحۃ المرجان جو دراصل علمائے ہند کا تذکرہ ہے، نہایت وقیع و مستند کتاب مانی گئی۔ اسی طرح یدِ بیضا کو بھی شہرت ملی، جو عام شعرا کے تذکرے سے سجائی گئی ہے۔ خزانۂ عامرہ بھی ان کی وہ یادگار ہے جس میں اُن شعرا کا تذکرہ ہے جو صلہ یافتہ تھے جب کہ سرورِ آزاد ہندی نژاد شعرا پر غلام علی آزاد بلگرامی کی ایک نہایت معلوماتی اور مفید کتاب ہے۔ مرحوم نے اپنی ایک اور تصنیف مآثر الکرام کی بدولت بڑی عزّت اور نام پایا جو دراصل علمائے بلگرام کے تذکرے پر مبنی ہے۔ اسی طرح روضۃُ الاولیا میں انھوں‌ نے عرق ریزی سے اپنی تحقیق کے بعد اولیائے اورنگ آباد پر مستند اور جامع معلومات فراہم کی ہیں۔

آزاد بلگرامی فنِ شعر گوئی اور تاریخ میں‌ یدِ طولیٰ رکھتے تھے۔ مشہور ہے کہ وہ نہایت حلیم الطبع، منکسرالمزاج اور متواضع تھے۔ حافظہ نہایت قوی تھا اور کوئی واقعہ، شعر وغیرہ ایک بار پڑھ لیتے یا کسی کی زبانی سنتے تو ذہن میں رہتا اور سہولت سے دہرا دیتے تھے۔

جمالیاتی احساس اور حیوان

0

انسان حیوانِ‌ ناطق ہے جو اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار دوسری مخلوقات کے مقابلے میں‌ زیادہ بہتر اور مؤثر انداز میں کرسکتا ہے، لیکن روئے زمین پر جو چرند پرند موجود ہیں وہ بھی جذبات اور احساسات سے عاری نہیں ہوتے۔ آج جدید دور میں‌ ہم اس حوالے سے کئی ویڈیوز بھی دیکھتے ہیں‌ مثلاً شیر کا ہرن کے بچّے کو شکار نہ کرنا اور اس کے ساتھ کھیلنا بلکہ حملہ کرنے والے دیگر درندوں سے اس کی حفاظت کرنا۔

یہاں ہم مشہور مؤرخ اور فلسفی ول ڈیورانٹ کی کتاب "نشاطِ فلسفہ” (The Pleasures of Philosophy) کے ایک باب سے اسی حوالے سے اقتباس پیش کررہے ہیں‌ جس کے مترجم ڈاکٹر نعیم احمد ہیں۔ ملاحظہ کیجیے۔

آئیے ہم حیوانوں کا مطالعہ کریں اور احساسِ حسن کے سرچشمہ تک پہنچیں۔

ہمارا یہ خیال غلط ہے کہ فقط انسان ہی کو جمالیاتی احساس ودیعت کیا گیا ہے۔ بہت سے حیوان اس بے پَر و بال دو پائے سے زیادہ حسین ہیں جو دنیا پر حکومت کرتا ہے اور غالباً وہ ہمیں حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ احساسِ حسن فقط ہم رکھتے ہیں کیونکہ ہم حسن کو نظر اور بینائی کے ساتھ وابستہ کرتے ہیں۔ حیوانوں میں جمالیاتی لرزش شامہ کے ذریعے پیدا ہوتی ہے۔

حیوانوں کی آنکھیں بھی حسن کی حساسیت رکھتی ہیں۔ ڈارون کہتا ہے کہ "کچھ پرندے اپنے گھونسلوں کو رنگین پتّوں اور گھونگھوں، پتھروں اور پروں اور کپڑے کے ان ٹکڑوں سے سجاتے ہیں جو انسانوں کے گھروں میں پائے جاتے ہیں۔ "مرغِ فردوس اپنے شریکِ زندگی کے لیے خاص گھونسلا بناتا ہے جو گھنی جھاڑی سے ڈھکا ہوتا ہے اور اس کے فرش پر گھاس پھونس چنی ہوتی ہے، وہ قریبی چشمہ سے سفید کنکر لا کر فن کارانہ طریق پر دو رویہ رکھتا ہے، وہ دیواروں کو چمک دار پروں، سرخ بیریوں اور دوسری خوب صورت چیزوں سے آراستہ کرتا ہے۔ آخر میں وہ دروازے کو دریائی صدفیوں اور درخشاں سنگریزوں سے ایک حسن و وقار بخشتا ہے۔ یہ وہ قصر ہے جو مرغِ فردوس اپنی محبوبہ کے لیے تیار کرتا ہے۔ بوش کہتا ہے، "صرف ایک مرتبہ محل کو دیکھنے سے یہ یقین ہوجاتا ہے کہ حسن و جمال سے لطف اندوز ہونا اس پرندے کی فطرت میں داخل ہے۔” کچھ پرندے اپنے آپ کو آئینہ میں دیکھتے ہیں۔ آئینہ کو سورج کی روشنی سے چمکائیے تو بتہ سے چکاوک جمع ہوجائیں گے۔ باوجود گولیوں کی بوچھاڑ کے یہ پرندے اندھی آرزو سے متوالے ہو کر اس کی جانب بڑھیں گے۔ مینا، پہاڑی کوا اور دوسرے پرندے، چمک دار اشیاء چاندی اور جواہرات چراتے ہیں۔ خود پسندی تجسّس یا ہوس۔ کون انہیں اس حرکت پر مجبور کرتے ہیں کوئی نہیں جانتا۔ لیکن مردہ چیزوں میں حسن دیکھنے کی صلاحیت صرف چند جانوروں میں پائی جاتی ہے۔ اور ان کا جمالیاتی شعور معمولی اور ثانوی ہوتا ہے۔

ڈارون کہتا ہے "اکثر حیوانوں میں احساسِ حسن صرف جنسِ مخالف کی کشش تک ہی محدود ہوتا ہے۔”

ہمارے مطالعہ کے لیے اس منکسرالمزاج سائنسدان کا یہ سادہ قول نہایت مفید ہے۔ اگر ڈارون صحیح کہتا ہے تو یہ بات ظاہر ہے کہ احساس حسن، جنسی کشش سے پیدا ہوتا ہے۔ حسین چیز وہ ہے جسے ہم جنسی طور پر پسند کریں اور اگر دوسری چیزیں ہمیں حسین معلوم ہوں تو وہ محض ثانوی طور پر اور جمالیاتی احساس کے اس سرچشمہ سے وابستگی کی بنا پر حسین معلوم ہوتی ہیں۔

ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

0
ایشیا کپ

کولمبو: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 266 رنز کے تعاقب میں 49.5 اوورز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اوپنر شبھمن گل کی 121 رنز کی اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچاسکی۔

اکشڑ پٹیل نے 42 رنز بنائے، سوریا کمار یادیو 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان روہت شرما کو صفر پر تنظیم حسن نے پویلین روانہ کیا۔

کے ایل راہول 19 جبکہ ایشان کشن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، تنظیم حسن اور مہدی حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے تھے اور بھارت کو 266 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کپتان شکیب الحسن نے 80 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی، توحید 54 اور ناسم احمد 44 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

بھارت کی جانب سے شردل ٹھاکر نے تین اور محمد شامی نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کا فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیل کا مجھے کوئی علم نہیں، نگراں وزیر اعظم

0
گندم درآمد اسکینڈل تحقیقات: کمیٹی نے انوار الحق کاکڑ کو طلب کر لیا

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیل کے حوالے سے مجھے کوئی علم نہیں، سیاسی ڈیل سے متعلق کچھ نہیں ہو رہا۔

نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا جو بھی مؤقف آئے گا ہم کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں، انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن تاریخ کے اعلان کا اختیار پارلیمان نے ای سی کو دیا ہے، نگراں حکومت آئین و قانون کے تحت ہونے والے فیصلوں کی پابند ہے، الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق عمل کر رہا ہے۔

سپریم کورٹ کے نیب ترامیم سے متعلق فیصلے پر نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر وزارت قانون کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے، نظرِ ثانی درخواست پر مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اٹھائے گئے سوالات اکثر کارکنوں کو متحرک کرنے کیلیے ہوتے ہیں، سیاسی جماعتیں عوامی توجہ حاصل کرنے کیلیے اس طرح کی باتیں کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی جانب سے نگراں کابینہ کیلیے کوئی نام نہیں دیا گیا، کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کرنے نہیں آئے، نگراں حکومت کا کام شفاف انتخابات اور تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ صرف سیاستدان نہیں پبلک آفس ہولڈر کا بھی احتساب ہونا چاہیے، احتساب کے حوالے سے متعلقہ ادارے فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی معاملات پر قومی گرینڈ ڈائیلاگ ہونا چاہیے، گرینڈ ڈائیلاگ سیاسی جماعتیں خود کرتی ہیں تو خوش آمدید کہوں گا۔

بجلی قیمتوں سے متعلق نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں نگراں حکومت کے دور میں نہیں بڑھیں، اضافے کی ذمہ داری کسی ایک حکومت پر نہیں ڈالی جا سکتی، بلوں میں ریلیف سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں، بجلی چوری کی روک تھام کیلیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔

ویرات کوہلی ’پھر ہیرا پھیری‘ کے جونی لیور بن گئے، ویڈیو وائرل

0
ویرات کوہلی

ایشیا کپ کے بنگلہ دیش اور بھارت کے میچ میں ویرات کوہلی فلم ’پھر ہیرا پھیری‘ کے جونی لیور بن گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کولمبو میں بنگلہ دیش اور بھارت کے میچ کے دوران ویرات کوہلی کو آرام دیا گیا ہے اور وہ بارہویں کھلاڑی بنے ہیں، پانی کے وقفے کے دوران ویرات کوہلی کھلاڑیوں کے لیے پانی لائے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویرات کوہلی مزاحیہ انداز میں بھاگتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے پانی لارہے ہیں۔

ویرات کوہلی کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

ایک صارف نے ویرات کوہلی اور فلم پھر ہیرا پیری میں جونی لیور کے نوٹوں کا بیگ لے کر بھاگنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں ایک جیسے لگ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پھر ہیرا پیری بالی ووڈ کی مزاحیہ فلم ہے جو باکس آفس پر ہٹ ہوئی تھی، اس فلم کے مناظر اور مکالمے اکثر سوشل میڈیا پر میمز کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ویرات کوہلی نے گراؤنڈ میں ہنسی مذاق کیا ہو اس سے قبل ایشیا کپ میں دوران فیلڈ ان کی نیپالی گانے پر ڈانس کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

ویرات کوہلی نے ایشیا کپ کی تین اننگز میں 129 رنز اسکور کیے ہیں، انہوں نے پاکستان کے خلاف 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ ان کا بیٹنگ ایوریج 64.50 ہے۔