ہوم بلاگ صفحہ 7215

کنور نوید جمیل کو برین ہیمرج ہو گیا، آئی سی یو منتقل

0

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کو برین ہیمرج ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کنور نوید جمیل برین ہیمرج کے شکار ہو گئے ہیں، جس پر انھیں کراچی کے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنما کو ہائی بلڈ پریشر کے باعث برین ہیمرج ہوا، اور انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز طویل اسمبلی اجلاس اور ورک لوڈ کے باعث ان کی طبعیت خراب ہو گئی تھی۔

ایم کیو ایم کے کنوینئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کارکنان اور عوام سے کنور نوید جمیل کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ کنور نوید جمیل سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اور رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئیر ہیں۔

مہاجروں کے پاس اتحاد کے سوا کوئی چارہ نہیں، فاروق ستار

0
فاروق ستار

کراچی : ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مہاجروں میں یونٹی یکجہتی قائم کرنا ہوگی، اس کے سوا اب کوئی راستہ نہیں۔

یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ این اے240 کےنتائج، بلدیاتی الیکشن میں اندرون سندھ میں تشدد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز سے ڈبے اٹھا کر لے گئے، ایم کیوایم رگنگ کی وجہ سے ہاری، ایم کیوایم کا ووٹرمایوس ہوکر گھر پر بیٹھ گیا ہے یا پھر دیگر جماعتوں کو ووٹ کررہا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مہاجروں میں یونٹی یکجہتی قائم کرنی ہوگی اس کے سوا اب کوئی راستہ نہیں ہے۔ دو سال سےکوشش کررہا ہوں کہ خالد مقبول سے ایک میٹنگ ہوجائے، اس میٹنگ میں بحران سے نکلنے کیلئے مشاورت ہوجاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ لانڈھی میں2018میں60ہزار ووٹ پڑے، اب ووٹ83فیصد اُڑ گیا، این اے240میں حیران کن نتائج سامنے آئے اور بہت کم ٹرن آؤٹ رہا۔ بلدیاتی الیکشن میں اندرون سندھ میں تشدد ہوئے، پولنگ اسٹیشنز سے ڈبےاٹھا کر لے گئے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، اب لوگوں کو یقین دلانا ہےآئندہ یہ غلطی نہیں کریں گے، کسی بھی فورم پر بیٹھنے کے لئے تیار ہوں۔

مہاجروں کے اتحاد اور اس تنظیم کو بحران سے کیسے نکالنا ہے، خالدمقبول سے کہتا ہوں کہ ایک میٹنگ میرے ساتھ کرلیں، کراچی کی4کروڑ کے قریب آبادی کومطمئن نہیں کرسکے۔

حج کے دوران گداگری کے خلاف سخت وارننگ

0

ریاض: سعودی حکام نے وارننگ دی ہے کہ حج کے دوران گداگری ممنوع ہے اور گداگروں کو سخت سزا دی جائے گی۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران بالواسطہ یا بلاواسطہ گداگری قانوناً جرم ہے، کوئی بھی شخص حج سیزن سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائے۔

پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں وارننگ دی کہ جو شخص گداگری کرے گا، کسی کو اس کی رغبت دلائے گا، کسی کے ساتھ مل کر گداگری کرے گا یا کسی بھی شکل میں گداگری کا پیشہ اپنانے میں تعاون دے گا، اسے 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔

پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص دوبارہ گداگری میں ملوث پایا گیا تو انتہائی سزا دگنی کردی جائے گی۔

گداگر غیر ملکی ہوا تو اسے مملکت سے بے دخل کردیا جائے گا تاہم اگرسعودی شہری کی غیر ملکی بیوی، سعودی خاتون کا غیر ملکی شوہر یا اس کی اولاد گداگری میں ملوث ہوئی تو وہ بے دخلی کی سزا سے مستثنیٰ ہوں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عام غیر ملکی کو گداگری پر حج یا عمرے کے سوا کسی بھی غرض سے سعودی عرب آنے سے روک دیا جائے گا۔

جدہ سے لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے پروازوں کو کراچی اتار دیا گیا

0

کراچی: قومی ایئر لائن کی روایتی نا اہلی برقرار ہے، پی آئی اے نے جدہ سے لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ آنے والی تمام پروازوں کے مسافروں کو کراچی اتار دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نا اہلی کے باعث درجنوں مسافر رُل گئے، جدہ سے لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ آنے والی پروازوں کو کراچی میں اتار دیا گیا۔

مسافروں کو متبادل پروازوں سے روانہ کرنے کی کوشش بھی ناکام رہی، لاہور اور اسلام آباد کے مسافروں کو پی کے 370 میں ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کی گئی۔

مسافر کو شام پانچ بجے سے ایک گھنٹے کا وقت دیا جا رہا ہے، پی آئی اے اسٹاف نے مسافروں کو اطلاع دی کہ پی کے 370 رات 8 بجے کی بجائے رات 12 بجے روانہ ہوگی۔

اس دوران مسافروں کی پی آئی اے کے عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی اور مسافروں نے پی آئی اے کے رویے پر احتجاج کیا۔

کراچی: پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک، 3 فرار

0

کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک جب کہ تین فرار ہو گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں اسٹیل ٹاؤن میں سی آئی اے پولیس کا اغوا کاروں سے مبینہ مقابلہ ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اغوا کار ہلاک اور ان کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی امجد حیات نے بتایا کہ اغوا کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تھا، اے وی سی سی اور اے وی ایل سی نے مشترکہ آپریشن کیا، ہلاک ملزمان کا تعلق بین الصوبائی اغوا کار گروپ سے تھا، جن کی شناخت شہباز، نذیر اور منصور کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے کار بھی برآمد ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے کچھ روز قبل شہری کو کراچی سے اغوا کر کے تاوان طلب کیا تھا، ملزمان نے خانیوال میں بھی اغوا برائے تاوان کی واردات کی تھی اور وہ خانیوال سمیت ملتان میں بھی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ادھر کراچی کے علاقے جہانگیر آباد میں بھی ایک پولیس مقابلے میں ایک زخمی سمیت 6 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان میں دانش، سرفراز، سمیر، محمد، زوہیب اور عمیر شامل ہیں، ملزمان نے کیش وین لوٹنے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے، یہ ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

ملک بھر میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی

0
شارٹ فال

کراچی: ملک بھر میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، کراچی اور لاہور میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

کراچی میں ماڑی پور روڈ پر لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج 16 گھنٹے سے جاری ہے، احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ کے دونوں ٹریک بند ہیں، جناح برج، نیٹی جیٹی اور اطراف میں گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، ایم ٹی خان روڈ، مائی کلاچی روڈ، بوٹ بیسن سے پنجاب چورنگی تک ٹرک اور ٹریلرز کی قطاریں لگ گئی ہیں، لانڈھی فیوچر موڑ اور لیاقت آباد، تین ہٹی پل پر شہریوں نے رات گئے احتجاج کیا۔

وزیراعظم نےجولائی میں لوڈشیڈنگ مزید بڑھنےکا عندیہ دیدیا

گزشتہ روز لاہور شہر میں ایک درجن سے زائد مقامات پر شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا، لاہور کے علاقے سبزہ زار میں گزشتہ شام سے بجلی بند ہے، شہریوں نے لیسکو آفس کے سامنے احتجاج کیا۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے جولائی میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا عندیہ دے دیا ہے، وزیر اعظم نے ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے خطاب میں کہا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے جا رہا ہے، اس نے کڑی شرائط رکھی ہیں۔

پٹرول،گیس اور بجلی مہنگی کرنے کے باوجود وزیر اعظم کی ڈھٹائی برقرار رہی ہے، انھوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایل این جی کے 4 کارگو کی ضرورت ہے، لیکن یہ حکومت ایک بھی نہ خرید سکی، یہ ایسا کوئی کام نہیں کرتے جس سے عوام کو فائدہ ہو، یہ پیٹرول کی قیمت مزید بڑھانے جا رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں کو رکاوٹ قرار دے دیا

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں کو رکاوٹ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ تمام حکومتوں اور سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں مشکلات کھڑی کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے رکاوٹوں کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈ اور خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کو ممکن بنایا، صوبہ سندھ اور بلوچستان کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کو بھی ممکن بنایا گیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں ناخوش گوار واقعات پر آئی جی سے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں پولنگ عملے کی غیر موجودگی، بیلٹ پیپرز کی بے ضابطگی، اور خاتون پریذائیڈنگ افسر کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ الیکشن کمیشن کا جلد اجلاس ہوگا، الیکشن کمیشن نے پی پی 167 لاہور میں فائرنگ کے واقعات کا بھی نوٹس لے لیا ہے، اور 3 رکنی انکوائری کمیٹی سے 10 دنوں میں رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران 2 اموات جب کہ 2015 میں تعداد 15 تھی، اسی طرح حالیہ بلدیاتی انتخابات میں 10 جب کہ 2015 میں 13 واقعات ہوئے۔

یوکرین میں شاپنگ سینٹر پر روسی میزائل حملے، 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

0

کریمینچوک: روس نے وسطی یوکرینی شہر میں واقع شاپنگ سینٹر پر میزائل حملے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی سینئر حکام کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے وسطی شہر کریمینچوک میں واقع  شاپنگ سینٹر پر دو میزائل حملے کیے، جس کے نتیجے میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے شاپنگ سینٹر کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ جس وقت شاپنگ سینٹر پر حملہ کیا گیا اس وقت مال میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ موجود تھے، انہوں نے کہا کہ حملے کیلئے وقت کا انتخاب ایسا کیا گیا جس وقت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وسطی پولٹاوا ریجن کے گورنر ڈیمیٹرو لونن نے حملے میں 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ورکرز کی جانب سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، ملبے کے نیچے سے مزید لاشوں کے ملنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی ہے، قریب میں کوئی فوجی ہدف نہیں تھا جس پر روس نشانہ بنا سکتا ہو۔

راولپنڈی: کنویں میں دم گھٹنے سے 5 افراد جاں بحق

0

راولپنڈی کے علاقہ روات میں کنویں میں دم گھٹنے سے 5 افراد جاں جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق روات کے علاقے ٹھٹہ گاؤں میں کنوئیں کی صفائی کیلئے ایک شخص کنویں میں اترا، زہریلی گیس بھر جانے کے باعث کنویں میں اترنے والا شخص بے ہوش ہوگیا جسے نکالنے کیلئے کنویں میں یکے بعد دیگرے 7 افراد اترے۔

متاثرہ شخص کو نکالنے کیلئے اترنے والے 7 افراد بھی بے ہوش ہوگئے،  واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ریسکیو حکام نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو باہر نکال لیا تاہم دم گھٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3  افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں زندہ بچ جانے والے افراد کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے۔

تھانہ روات پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: گھر میں گیس بھرنے سے دھماکا، ایک شخص‌ جاں بحق، 7 زخمی

خیال رہے کہ گزشتہ برس کراچی کے علاقے لیاری میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

’ایم کیو ایم اب تک ایک فون کال کا انتظار کررہی ہے‘

0

کراچی: پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اب تک ایک فون کال کا انتظار کررہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل سے سوال کیا گیا کہ ایم کیو ایم پاکستان حکومت سے الگ کیوں ہوگئی۔

عمران اسماعیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو ایک فون کال کا انتظار تھا جو نہیں آئی میں سمجھتا ہوں یہ اب تک فون کال کا انتظار کررہے ہیں جس میں بتایا جائے گا کہ کس طرف جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خالد مقبول اعتراف کرچکے ہیں ہم نے سب سے زیادہ معاہدے پرعملدرآمد کیا ہے اور آج تک کسی حکومت نے ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے پرعملدرآمد نہیں کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت سےعلیحدگی پر کئی ایم کیوایم رہنما بھی راضی نہیں تھے جبکہ پی پی اور ایم کیو ایم کا اتحادغیر فطری اورسمجھ میں نہ آنے والا ہے، پی ٹی آئی آج کراچی کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ امید ہے ایم کیوایم ملکی مفاد میں کوئی بہترفیصلہ کرے گی کیونکہ یہ تو مہنگائی جیسے مسائل کا کہہ کر الگ ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایم کیو ایم سیاسی وقار اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوئی فیصلہ جلد کرے گی اور یہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم انہیں ویلکم کریں گے۔