ہوم بلاگ صفحہ 7841

چوروں نے لیموں کے گودام پر ہاتھ صاف کردیا

0

بھارت میں لیموں سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتوں نے آسمان کو چھونا شروع کیا تو لیٹروں نے گودام سے سبزیاں چرانا شروع کردیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سبزیوں کی چوری کا حیران کن واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر شاہ جہاں پور میں پیش آیا، جہاں چوروں نے پیسوں یا زیورات کی تجوری نہیں بلکہ سبزی کا گودام خالی کردیا ہے۔

جی ہاں! چور سبزیوں کے گودام سے ناصرف مہنگی قیمت والے لیموں کے ساتھ ساتھ دیگر سبزیاں بھی لے گئے جن کی قیمتیں ان دنوں بھارت میں کافی زیادہ ہیں۔

متاثرہ سبزی فروش کا کہنا ہے کہ چوروں نے 60 کلو لیموں، 40 کلو پیاز اور 38 کلو لہسن چرایا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں لیموں کی فی کلو قیمت 325 روپے ہوگئی ہے جب کہ دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب جلد کرانے کی حمزہ شہباز کی درخواست مسترد

0

لاہور: ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب جلد کرانے کی حمزہ شہباز کی درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے مختصر حکم نامہ سنا دیا، عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کا الیکشن 16 اپریل کو ہوگا، فریقین غیر جانب داری سے آئینی فرائض انجام دیں۔

دوسری جانب عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے اختیارات سلب کرنے کے خلاف درخواست منظور کر لی، اور سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے اختیارات بحال کر دیے۔

عدالت نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو الیکشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا الیکشن کے حوالے سے بدمزگی نہیں ہونی چاہیے، الیکشن کی شفافیت پر کوئی سوال نہیں اٹھنا چاہیے، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اسپیکر قانون کے مطابق 16 اپریل کو وزیر اعلیٰ کا شفاف الیکشن کرائیں، اور سیکریٹری پنجاب اسمبلی 15 اپریل تک تمام انتظامات مکمل کریں۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کی، حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 3 اپریل کو بزنس ایجنڈا وزیر اعلیٰ کا انتخاب تھا، خواہش تھی کہ معاملہ پنچائتی انداز میں حل ہو، لیکن ہم سب اپنے کلائنٹس کو قائل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، اس لیے عدالت اپنا فیصلہ سنائے۔

چیف جسٹس کے استفسار پر سیکریٹری اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رولز کے تحت اسپیکر کے اختیارات ڈپٹی اسپیکر استعمال کرے گا، اگر کسی وجہ سے ڈپٹی اسپیکر موجود نہ ہو تو پینل آف چیئر انتخابات کرائے گا۔

پرویز الہٰی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر سے اختیارات واپس لینا پارلیمنٹ کا اندرونی معاملہ ہے، عدلیہ اس میں مداخلت نہیں کر سکتی، حمزہ شہباز کے پاس اسپیکر کا فورم موجود ہے عدالت درخواست مسترد کر دے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسپیکر خود امیدوار ہیں اس ناطے وہ کیسے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات ختم کر سکتے ہیں، سیکریٹری پنجاب اسمبلی کے وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اپنی موجودگی میں ہی اپنے اختیارات منتقل کرتا ہے، اسپیکر اپنا عہدہ چھوڑنے تک اپنے اختیارات استعمال کر سکتا ہے۔

پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے: ترجمان پینٹاگون

0

واشنگٹن: پینٹاگون نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ساتھ امریکا کے مضبوط تعلقات جاری رہیں گے، ترجمان پینٹاگون نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پینٹاگون جان کربی نے بریفنگ میں کہا ہے کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں، پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

ترجمان پینٹاگون سے سوال کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی تبدیلی میں امریکا پر الزامات لگائے گئے ہیں، تاہم ترجمان جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

جان کربی نے کہا پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ امریکا کے مضبوط ملٹری تعلقات ہیں، امید ہے پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہیں گے۔

ترجمان نے تسلیم کیا کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، انھوں نے کہا پاکستانی عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔

‘آخری اطلاع آنے تک علیم خان کو تھپڑ پڑا ہے’

0

پی ٹی آئی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہوٹل میں حمزہ شہباز اور علیم خان میں لڑائی ہوئی ہے جس میں علیم خان تھپڑ پڑا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہوٹل میں حمزہ شہباز اور علیم خان میں لڑائی آپس میں تھپڑا تھپڑی ہوئی ہے اور آخری اطلاع آنے تک علیم خان کو تھپڑ پرا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس جھگڑے کہ وجہ علیم خان اور ان کے گروپ کو کرائی گئی یقین دہانی بنا انہیں دو بندوں کے ساتھ یہ غلط فہمی تھی کہ انہیں اسپیکر شپ ملے گی لیکن حمزہ شہباز نے ن لیگ کی جو اعلیٰ و ارفع روایات ہوتی ہیں اس پر عمل کیا اردو محاورے کے مطابق عین چوراہے پر ہنڈیا پھوٹی ہے۔

 

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ حمزہ اور علیم خان کے درمیان یہ منہ ماری گلبرگ کے اس بدنام زمانہ ہوٹل میں ہوئی ہے جس میں انہوں نے خچروں، گھوڑوں اور جانوروں کا ڈیڑھ سو سے زائد کا اصطبل بنایا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلےوہ بدنام ہونے کے بعد ایئرپورٹ کے علاقے میں آئے اور اب اطلاع ہیں کہ یہ ہوٹل بھی تبدیل کررہے ہیں۔

پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

0

اسلام آباد: پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا بھارت مشترکہ بیان میں پاکستان کا غیر ضروری حوالہ مسترد کرتے ہیں، امریکی فریق کو سفارتی ذرائع سے آگاہ کر دیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہم وزارتی مذاکرات کے اعلامیے کو مسترد کرتے ہیں، بیان میں پاکستان کے خلاف کیے گئے دعوے بدنیتی پر مبنی ہیں، دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعال شراکت دار رہا، امریکا سمیت عالمی برادری وسیع پیمانے پر اس کا اعتراف کرتی ہے، خطے کے کسی ملک نے امن کے لیے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔

ترجمان نے کہا پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کشمیر میں مظالم چھپانے کی کوشش ہے، بھارت کی دیگر ممالک کی سرزمین کا استعمال، دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ریکارڈ پر ہے۔

دفتر خارجہ نے سخت رد عمل میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورت حال کا ادراک نہ کرنا عالمی ذمے داری سے دست برداری جیسا ہے۔

‘پی ٹی آئی کے 2 اکاونٹس کے دستاویزی ثبوت ہمارے پاس ہیں’

0

فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اور تحریک انصاف کے سابق رہنما اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 2 اکاونٹس کے دستاویزی ثبوت ہمارےپاس ہیں۔
اکبر ایس بابر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے آج اپنے حتمی دلائل شروع کیے ہیں، اس کا فیصلہ جلد آنے کی امید ہے رواں ماہ فارن فنڈگز کیس کا فیصلہ محفوظ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے11بینک اکاؤنٹس سےلاتعلقی کا اظہار کیا ہے جب کہ ان کے دو اکاؤنٹس کے دستاویزی ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔
اکبر ایس بابر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نےان کی آٹھویں پٹیشن بھی خارج کر دی ہے۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا

0

ممبئی : معروف بالی ووڈ اداکار عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی تقریبات کا آغاز مذہبی رسومات ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی تقریبات ممبئی کے واستو اپارٹمنٹ میں منعقد ہورہی ہیں جو رنگ برنگی لائٹوں سے جگمگا اٹھا ہے۔

بالی ووڈ اداکاروں کی شادی کے سلسلے میں مذہبی دعا کے بعد مہندی کی رسم ادا کی جائے گی جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔

مہندی کی رسم کے اگلے دن سنگیت ہو گا جبکہ شادی کی آخری تقریب اور رخصتی 15 اپریل کو طے ہے۔

واضح رہے کہ واستو اپارٹمنٹ میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ دونوں کے الگ الگ فلیٹ ہیں، اور پورے فلیٹ کو آرائشی لائٹوں سے روشن کیا جاچکا ہے۔

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، سماعت 19 اپریل تک ملتوی

0

الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے وکیل نے اپنے دلائل دیے، سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے اپنے دلائل دیے جس کے بعد سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

الیکشن کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے کہا کہ موجودہ حالات میں تحریک انصاف کے دفاترغیر فعال ہیں، بعض مطلوبہ ریکارڈد فاتر بند ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوسکے اس لیے آج زیادہ تفصیل میں نہیں جاسکوں گا۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ قانون کے مطابق غیر ملکی حکومت، ملٹی نیشنل اورمقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پر ممانعت ہے، پاکستان سے باہر رجسٹر کمپنی کو مقامی کمپنی نہیں کہا جا سکتا، الیکشن ایکٹ میں قرار دیا گیا کسی غیر ملکی ذرائع سے فنڈنگ ممنوع ہے تاہم الیکشن ایکٹ میں مقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پرپابندی ختم کر دی گئی۔

اس پر بنچ کے رکن نثار درانی نے استفسار کیا کہ کیا آپ تسلیم کر رہے ہیں کہ غیر ملکی فنڈنگ ہوئی ہے؟

وکیل تحریک انصاف نے کہا کہ باہر سے پیسہ آیا لیکن ممنوع فنڈنگ کا الزام غلط ہے، فنڈ دینے والےغیر ملکی ہیں تواکبر بابر اپنا الزام شواہد کیساتھ ثابت کریں۔

ایڈوکیٹ انور منصور نے دلائل دیتےہوئے مزید کہا کہ کسی بھارتی شہری سے کوئی فنڈنگ نہیں لی، کسی ہندو شہری نے دہری شہریت حاصل کی تو کیا وہ غیرملکی ہوگیا؟ دہری شہریت کےحامل افراد بھی پاکستانی شہری ہی کہلاتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہر کی کسی کمپنی سے فنڈ آنا ممنوع نہیں ہو گا، امریکا سے آنے والے پیسے کو غیر ملکی فنڈنگ قرار دیا گیا، امریکا میں فنڈ جمع کرنے کے لیے رجسٹریشن ضروری ہے، بیرون ملک سےجتنا بھی پیسہ آیا سب ظاہر کیاگیا۔

وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے پی پی او قانون کے سیکشن 6 کی غلط تشریح کی، پی پی او میں کسی بھی غیرملکی ذرائع سے فنڈنگ لینے پرپابندی نہیں، اسکروٹنی کمیٹی نے رپورٹ جس قانون کےتحت بنائی اس کا وجود ہی نہیں، الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شق کو پی پی او قانون ظاہر کرکے رپورٹ بنائی گئی۔

وزیر اعظم شہباز نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں کیا لکھا؟

0

کراچی: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات رقم کرتے ہوئے آخر میں اپنے نام کی جگہ ’خادم پاکستان‘ لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کراچی کے دورے پر آئے ہوئے ہیں، شہر قائد پہنچتے ہی انھوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر جا کر فاتحہ خوانی کی۔

وزیر اعظم نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی لکھے، انھوں نے لکھا قائد! میں آپ کی آخری آرام گاہ پر بصد احترام حاضر ہوں، اور شکر گزار ہوں کہ آپ نے ہمیں ایک الگ ملک دیا۔

میاں محمد شہباز شریف نے لکھا قائد! ہم دل کی گہرائیوں سے معذرت چاہتے ہیں، ہم اس راستے پر نہیں چل سکے، جس کی آپ کو ہم سے امید تھی، اور یوں آپ کی روح کو مایوس کر دیا، میں وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کی بہتری کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔

انھوں نے مزید لکھا قائد! آپ کی امیدوں کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کریں گے۔ شہباز شریف نے تاثرات کے اختتام پر اپنے نام کی جگہ خادم پاکستان تحریر کر دیا۔ وزیر اعظم نے یہ تاثراتی نوٹ انگریزی میں لکھا۔

ڈاکٹر شہباز گل عمران خان کے چیف آف اسٹاف مقرر

0

اسلام آباد: ڈاکٹرشہبازگل کو عمران خان کا چیف آف اسٹاف اور عثمان ڈار کو عمران خان کا فوکل پرسن برائے یوتھ افیئرز مقرر کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کو عمران خان کا چیف آف اسٹاف مقرر کردیا گیا ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تعیناتی کی منظوری دے دی۔

شہبازگل کی بطورچیف آف اسٹاف تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، اس سے قبل مرحوم رہنما نعیم الحق یہ ذمہ داری سرانجام دے چکے ہیں ، نعیم الحق کے بعد یہ عہدہ کسی کو نہیں دیا گیا تھا۔

شہبازگل چیئرمین سیکریٹریٹ بنی گالہ سے اہم ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

دوسری جانب عثمان ڈارعمران خان کے فوکل پرسن برائے یوتھ افیئرز مقرر کردیئے گئے، عمران خان کی منظوری سے عثمان ڈار کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ میں پارٹی چیئرمین عمران خان صاحب کا مشکور ہوں ، عمران خان نے نوجوانوں سے متعلقہ امور کی ذمہ داری مجھےسونپی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس نئی تحریک میں نوجوانوں کو پہلے سے زیادہ متحرک کرں گے اور نوجوانوں کو فعال بنانے کیلئے انہیں فیصلہ سازی میں شامل کریں گے۔