ہوم بلاگ صفحہ 7840

’بھارتی اداکارائیں بھی میری مداح ہیں‘

0

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ بھارتی اداکارائیں بھی میری اداکاری کی مداح ہیں۔

اداکارہ صبا قمر کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اداکارائیں نیتو سنگھ، ودیا بالن اور امریتا سنگھ بھی ان کی اداکاری کی مداح ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے بھارتی فلم ’ہندی میڈیم‘ سائن کی تھی اس وقت ان کا ماننا تھا کہ یہ ان کے کیرئیر کا سب سے خراب پروجیکٹ ہونے والا ہے کیوں کہ ان کے مدِ مقابل معروف منجھے ہوئے اداکار عرفان خان تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہندی میڈیم‘ کی ریلیز کے بعد مجھے بہت پذیرائی ملی، اداکار رشی کپور اور نیتو سنگھ کی جانب سے بھی سراہا گیا تھا، نیتو سنگھ نے میرا ہر ڈرامہ دیکھ رکھا ہے۔

صبا قمر کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ان کے کام کی امریتا سنگھ اور ودیا بالن نے بھی بھرپور تعریف کی، ودیا بالن نے مجھے بھارت سے خصوصی طور پر کال کی تھی اور میرے کام کو سراہا تھا۔

واضح رہے کہ صبا قمر کا نیا ڈرامہ سیریل ’فراڈ‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر جلد نشر کیا جارہا ہے، ڈرامے میں ان کے ہمراہ احسن خان اور میکال ذوالفقار مرکزی کردار نبھائیں گے۔

بھارت میں باپ کمسن بیٹے کی میت موٹرسائیکل پر لے جانے پر مجبور

0

نئی دہلی: بھارت میں باپ کمسن بیٹے کی میت کو موٹر سائیکل پر لے جانے پر مجبور ہوگیا واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انتظامیہ نے ایکشن لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست آندھرا پردیش کے سرکاری اسپتال میں پیش آیا، نجی ایمبولینس کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر نرسمہلو نامی شخص سے 10 سالہ بیٹے کی میت لے جانے کے لیے 20 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔

باپ نے ایمبولینس ڈرائیور سے رقم کم کرنے کی التجا کی لیکن ڈرائیور نے ان کی ایک نہ سنی اور مجبور باپ سے بدتمیزی کرنے لگے۔

بیٹے کی میت لے جانے کے لیے کوئی راستہ نہ بچا تو انہوں نے لاش کو اپنی موٹر سائیکل پر 90 کلو میٹر دور گھر لے جانے کا فیصلہ کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے واقعے کی ویڈیو شیئر کی جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 10 سالہ بچہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھا جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور گزشتہ روز اس کی موت ہوگئی تھی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

خان پور تھانے سے بچے کی عینک چرالی گئی

0

خان پور: رحیم یار خان کی تحصیل خان پور سٹی تھانے کے اندر سے بچے کی عینک چرا لی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خان پور سٹی تھانے کے اندر چوری کی واردات ہوئی جس میں مسواک فروش بچے کی عینک چرالی گئی۔

مسواک فروش بچے نے عینک چوری کا پرچہ کٹوانے کے لیے درخواست لکھوا دی۔

بچے نے درخواست میں مٔوقف اختیار کیا کہ تھانے کے اندر سے عینک چوری ہوئی ہے اسے برآمد کروایا جائے۔

ذرائع کے مطابق تھانے میں موجود فرنٹ ڈیسک انچارج اویس جتوئی نے اپنی جیب سے دو سو روپے دے کر کیس نمٹا دیا جس کے بعد بچہ بھی خوشی خوشی گھر روانہ ہوگیا۔

موٹر سائیکل چلانے کے سنہری اصول…

0

غالباً 38ء میں پیدا ہوئے۔ اگر 37 یا 39ء یا 40ء میں پیدا ہوتے تب بھی کوئی فرق نہ پڑتا۔

سنا ہے کہ بچپن میں ہر بات میں بلا کی تندی و تیزی دکھاتے تھے۔ بزرگ سَر ہلا ہلا کر کہتے یہ لڑکا ضرور کچھ کرے گا۔ جوان ہو کر موٹر ڈرائیور بنے۔ ان دنوں بس ڈرائیور ہیں۔

آپ نے برسوں کے تجربے سے موٹر چلانے کے چند سنہرے اُصول وضع کیے ہیں جن میں سے چند یہ ہیں۔

1:۔ موٹر ہمیشہ سڑک کے بیچ میں چلاؤ کیونکہ سائیکل والے اور پیدل حضرات جان بوجھ کر سڑک کا درمیانی حصہ استعمال کرتے ہیں۔

2:۔ کسی کو آگے مت نکلنے دو۔ اگر کوئی ہارن بجا بجا کر تنگ کرنے لگے تو دائیں طرف ہو کر کچے راستے کی دھول اس پر ڈالو۔ خود ہی پیچھے ہوجائے گا۔

3:۔ اگر کوئی موٹر آگے جارہی ہو تو اسے اپنی ذاتی توہین سمجھو اور فوراً آگے نکل جاؤ خواہ راستہ ہو یا نہ ہو۔

4:۔ موڑتے وقت گاڑی کی رفتار کم از کم پچاس میل فی گھنٹہ ہونی چاہیے ورنہ موشن ٹوٹ جائے گا اور ناحق گیئر بدلنا پڑے گا۔

5:۔ گیئر بدلنے اور بریک لگانے سے ہمیشہ احتراز کرو۔ اس طرح مشینری گھسنے سے بچ جائے گی۔

6:۔ رات کو سامنے سے گاڑی آرہی ہو تو اللہ کا نام لے کر اس پر روشنی چھوڑ دو۔ یہ دوسرے ڈرائیور کا فرض ہے کہ اپنی موٹر کس طرح بچائے۔

7:۔ یاد رکھو ہر حادثے میں بس ڈرائیور دیسی فلموں کے ہیرو کی طرح صاف بچ جاتا ہے۔چنانچہ حادثے سے پہلے دروازے سے کود جانے کے لیے تیار رہو۔ (ہر ہفتے اس کی ریہرسل کر لینے میں بھی کوئی حرج نہیں۔)

8:۔ رات کو حادثہ کرتے ہی موٹر کی بتیاں بجھا کر پوری رفتار سے بھاگ نکلو تاکہ کسی گاڑی کو نمبر معلوم نہ ہوسکے۔

(مزاح نگار شفیق الرحمٰن کی مضمون مستری رحمت بخش سے)

اسما عباس نے بیٹے کو بہو کے لیے سزا قرار دے دیا

0

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے بیٹے کو بہو کے لیے سزا قرار دے دیا۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ روایتی ساس بالکل بھی نہیں ہیں بلکہ وہ اپنے بیٹے کو بہو کے لیے سزا قرار دیتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ بیٹے اسد روایتی شوہروں والی ذہنیت رکھتے ہیں ایک بار وہ اپنی بہو کے ساتھ بیرون ملک گھومنے گئی تھیں اس دوران بہو کپڑوں کو لے کر کافی پریشان تھیں کہ کیا پہننا ہے اس پر میں نے کہا کہ جو مرضی اچھا لگے پہن لو۔

اسما عباس کا کہنا تھا کہ ہمیں گھر کی بطور بڑی خواتین اپنے بچوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہیے ہمیں اپنے دل بڑے کرنے چاہیے ان کے لیے جنہیں ہمارے بیٹے بیاہ کر گھر لاتے ہیں۔

اداکارہ نے اپنے خاندان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی زرا نور عباس ہر وقت ان کے ساتھ چپکی رہتی ہیں ان کے دوسری بہن بھائیوں کی بیٹیاں بھی ہیں مگر وہ اس طرح سے نہیں کرتیں۔

اسما عباس نے کہا کہ بیٹے زارا کی طرح بالکل بھی نہیں ہیں لیکن زارا کو ہر وقت ماں چاہیے ہوتی ہے، میں بھی زارا کے لیے پریشان رہتی ہیں۔

مسلم مخالف حملوں میں 20 افراد جاں بحق

0

افریقی ملک ایتھوپیا میں مسلم مخالف حملوں میں کم ازکم 20 مسلمان جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایک مقامی اسلامی گروپ نے بدھ کے روز بتایا کہ ایتھوپیا کے شمالی شہر گونڈر میں مسلمان بزرگ کی نماز جنازہ کے دوران حملے میں 20 سے زائد افراد جان سے گئے۔

امہارا کی اسلامی امور کی کونسل نے منگل کے روز ایک قبرستان پر ہونے والے حملے کو بھاری ہتھیاروں سے لیس "انتہا پسند عیسائیوں” کی طرف سے ایک "قتل عام” قرار دیا۔

مذہبی تنظیم نے کہا کہ حملہ آوروں نے "بھاری مشین گنوں اور دستی بموں سے حملے کیے جس میں بہت سے لوگ مارے گئے جبکہ دیگر زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد انتہاپسندوں نے مسلمانوں کی املاک پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کر کے لوٹ مار کی۔

گونڈر کے میئر زیودو مالدے نے ایتھوپیا کے پبلک براڈکاسٹر ای بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ چند انتہا پسند افراد نے انجام دیا ہے۔

بل گیٹس کا بیٹی کی سالگرہ پر جذباتی پیغام

0

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے اپنی بیٹی جینیفر گیٹس کی 26ویں سالگرہ کے موقع پر جذباتی پیغام لکھا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر بل گیٹس نے تصویر شیئر کی جس میں انہیں بیٹی جینیفر کے ہمراہ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ تصویر جینیفر گیٹس کی شادی کے موقع پر لی گئی تھی۔ بل گیٹس نے تصویر کے ساتھ جذباتی پیغام بھی تحریر کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ تم آج 26 سال کی ہوگئی ہو، تم نے آج تک جو کچھ بھی کیا، مجھے اُس پر فخر ہے۔

بل گیٹس نے مزید لکھا کہ ہم اسی طرح کئی سال تک ڈانس کرتے رہیں گے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Bill Gates (@thisisbillgates)

خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ملینڈا کے درمیان گزشتہ سال اگست میں طلاق ہو گئی تھی۔ دونوں نے 27 سال بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بل گیٹس اور ملینڈا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سوچ و بچار کے بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں ایک انٹرویو میں ملینڈا نے بل گیٹس سے طلاق کی وجہ بتائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ علیحدگی کی وجہ صرف ایک لمحہ یا چیز نہیں، دراصل میری زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا کہ مجھے احساس ہوا کہ اب ہمارا رشتہ اچھا نہیں رہا اور میں اب اس پر اعتماد نہیں کر سکتی۔

ملینڈا نے کہا تھا کہ ویسے تو میں نے بہت زیادہ آنسو بہائے لیکن اب میں اپنے مستقبل کے لیے بہت زیادہ پُرجوش ہوں، مجھے لگتا ہے کہ اب میں دوسری جانب جا رہی ہوں اور میں نے ایک باب کے صفحے کو پلٹ ڈالا ہے۔

چور نے کرین سے ’اے ٹی ایم‘ اکھاڑ دی، ویڈیو وائرل

0

بھارت میں چوری کی انوکھی وارداتوں کی ویڈیو اکثر سوشل میڈیا کی زینت بن جاتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔

ایسی ایک ویڈیو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع سنگلی سے سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چوروں نے اے ٹی ایم مشین سے رقم چوری کرنے کے لیے کرین کا سہارا لیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور کرین کی مدد سے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے ٹی ایم کو اکھاڑنے کے بعد کرین وہیں پھنس گئی جس کے بعد چور مشین چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم میں موجود 27 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے ہیں جبکہ ڈاکوؤں نے کرین بھی قریب میں موجود ایک پیٹرول پمپ سے چوری کی تھی۔

پولیس کے مطابق چوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

روس کا جوابی وار، دو یورپی ملکوں کی گیس بند کر دی

0

ماسکو: روس نے یوکرین تنازع کے پیش نظر روسی کرنسی "روبل” میں رقم کی ادائیگی نہ کرنے پر پولینڈ اور بلغاریہ کو گیس کی فراہمی بند کردی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس نے بدھ کو یمل معاہدے کے تحت پولینڈ اور بلغاریہ کو گیس کی سپلائی روک دی ہے، روس کی گیس فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی گیزپروم نے سپلائی اپریل کے لیے رقم کی ادائیگی روسی کرنسی روبل میں نہ کرنے پر بند کی ہے۔

پولینڈ اپنی ضرورت کی 50  فیصد گیس روس سے خریدا ہے، اس کا روسی انرجی کمپنی گیزپروم سے سالانہ 10 اعشاریہ دو بلین کیوبک میٹر گیس کا معاہدہ ہے، سپلائی بند ہونے پر پولینڈ  کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب بلغاریہ جس کا تقریباً مکمل انحصار روس سے درآمد ہونے والی گیس پر ہے، اس کیلئے مشکلات زیادہ بڑھ سکتی ہیں۔ بلغاریہ کا کہنا ہے کہ وہ پہلےسے ہی گیزپورم سے ہوئے معاہدے کی شرائط پر عمل کر رہا ہے، اگر ادائیگیوں کے نئے طریق کار کا مطالبہ کیا گیا تو یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔

خیال رہے کہ یوکرین تنازع کے باعث مغربی ممالک کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے باعث روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے مطالبہ کیا تھا کہ جو ممالک روس کو اپنا دوست تصور نہیں کرتے وہ گیس کی فراہمی کے لیے ادائیگی روبل میں کریں، ہنگری کے علاوہ تمام یورپی ممالک نے روسی صدر پیوٹن کے مطالبہ کو ماننے سے انکار کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے یوکرین جنگ کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا

روس نے ابتدائی طور پر پولینڈ اور بلغاریہ کو نشانہ بنایا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر رس نے دیگر یورپی ممالک کو بھی گیس کی سپلائی روک دی تو اس سے یورپی ممالک کو شید دھچکہ لگے گا، اور پہلے سے آسمان کو چھوتی گیس کی قیمیتوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا، اور یورپی ممالک کو راشننگ کرنی پڑے گی۔

گیس سپلائی بند کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے یوکرین نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ توانائی کے معاملے کی بنیاد پر یورپ کو بلیک میل کر کے اس کے اتحادیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سعودی عرب کا ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کا معاہدہ

0

ریاض: سعودی عرب نے امریکی کمپنی کے ساتھ ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کا معاہدہ کرلیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے امریکا کی لوسیڈ موٹرز کمپنی کے ساتھ آئندہ دس سال میں 50 ہزار سے ایک لاکھ تک الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ سڑکوں پر ماحول دوست گاڑیوں میں اضافہ کیا جاسکے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کہ یہ معاہدہ سعودی وژن 2030 کے کلیدی مقاصد کی حمایت میں ایک اہم اقدام ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سعودی عرب کے باشندوں کی معیشت، معاشرے اور زندگیوں میں صحت مند تبدیلی، مستقبل کے لیے موزوں نئے شعبوں کی تعمیر اور آئندہ نسلوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنا شامل ہے۔

سعودی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ منصوبہ سعودی گرین انیشی ایٹو اور مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے۔

سعودی خود مختار دولت فنڈ جسے پبلک انوسٹمنٹ فنڈ( پی آئی ایف) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے لوسیڈ میں معتبر حصص کا مالک ہے جسے وزارت خزانہ نے منتخب کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب الیکٹرک گاڑیوں کو مملکت میں تیار کرنے کے لیے لوسیڈ کے ساتھ مل کر یہاں پہلا الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ پلانٹ لگا نے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا مقصد 2030 تک دارالحکومت ریاض میں چلنے والی 30 فیصد گاڑیوں کو تیل کی بجائے بیٹری پر منتقل کرنے کو یقینی بنانا ہے۔

وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کے اس پلانٹ سے حکومت کی لوکل مینوفیکچرنگ کی مہم کو سپورٹ ملے گی۔