19.8 C
Dublin
اتوار, مئی 19, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 7975

روس پر پابندی، جرمنی میدان میں آگیا

0

برلن: جرمنی نے روس پر عائد پابندیوں کو یورپی معیشت کے لئے نقصان دہ قرار دے دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیگل میگزین میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں جرمن چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ روسی گیس کی اچانک پابندی یوکرین میں فوری امن نہیں لائے گی، انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ گیس کی پابندی یوکرین میں جاری جنگ کو روک دے گی۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ روسی گیس سے ہمیں فائدہ پہنچ رہا ہے، ایسا کچھ نہیں، ہم بڑے معاشی بحران سے بچنا چاہتے ہیں اور بڑے معاشی بحران سے بچنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی پابندیوں پر روس کا منہ توڑ جواب

جرمن چانسلر اولاف شولز نے خبردار کیا کہ روسی گیس کی اچانک بندش سے نہ صرف ہمارے ملک بلکہ پورے یورپ کے لیے سنگین نتائج ہوں گے، ہم لاکھوں ملازمتوں کے نقصان اور پلانٹس کے شٹ ڈاؤن سے بچنا چاہتے ہیں کیونکہ اس سے ہماری معیشت بیٹھ جائے گی۔

دوسری جانب جرمن ماہرین نے بھی اس بات کا اعادہ کیا کہ روسی گیس کی بندش ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہوگی اور اس سے شدید معاشی نقصان ہوگا

اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نوبل انعام کے لیے نامزد

0

کراچی: اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ نیکی کسی انعام کے لیے نہیں رب کی رضا کے لیے کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوبل انعام کے لیے نامزد ہونے پر اللہ کا شکرادا کرتا ہوں، نوبل انعام ملا تو پاکستانیوں کے نام کروں گا۔

 ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ان کی خدمات ایسے ایوارڈز سے کئی زیادہ کی مستحق ہیں اور وہ یہ ساری خدمات صرف رضائے الٰہی کیلئے انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی شخص اپنا نام خود نوبل پرائز کیلئے نامزد نہیں کرسکتا جب کہ اس پورے عمل میں ہونے والی رائے شماری میں لابنگ نہیں ہوتی۔

ڈاکٹر امجد ثاقب کا  کہنا تھا کہ کسی ایک ملک نے ان کا نام تجویز کیا ہوگا کیوں کہ انسانیت کیلئے میری خدمات پوری دنیا میں مشہور ہیں۔

نوبل امن انعام 2022 کے لیے دنیا بھر سے 343 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں 251 انفرادی شخصیات اور 92 ادارے شامل ہیں۔

سونے کی قیمت میں کمی، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

0

ملک میں سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا ہوگیا۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 300 روپے کم ہوئی جس کے بعد فی تولہ سونا ایک لاکھ 32 ہزار 400 روپے کا ہوگیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 257 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 13 ہزار 512 روپے ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر 1933 ڈالر فی اونس پر برقرار رہی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 800 روپے کمی ہوئی تھی جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 32 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔

ڈالر کی قدر میں اضافہ

ملک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا، انٹر بینک میں ڈالر 5 پیسے مہنگا ہوکر 186.75 پیسے کا ہوگیا۔

کراچی: عیدالفطر سے قبل کراچی کے شہریوں کو بڑا دھچکا

0

کراچی: عید سے قبل شہریوں کے ساتھ ایک بار پھر آن لائن ڈیبٹ کارڈ فراڈ کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر آن لائن ڈیبٹ کارڈ فراڈ کا اسکینڈل سامنے آگیا ہے، ابتدائی طور پر تین نجی بینکوں کے صارفین متاثر ہوئے۔ کئی شہریوں نے اپنے بینکوں سےرابطے کرلیے۔

حکام نے بتایا کہ فراڈ کی شکایات دو روز سے منظر عام پر آنا شروع ہوئیں،  ٹرانزیکشنز سرچ انجن گوگل پر جعلسازی سے کی گئیں شہریوں کے اکاؤنٹ سے چھوٹی رقوم کی کئی ٹرانزیکشنز ہوئیں، یہ ٹرانزیکشنز عالمی کرنسیز میں ہوئیں۔

واقعات رپورٹ ہونے پر شہریوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے بھی رابطہ کیا اور اپنی شکایات کا اندراج کرایا، حکام کا کہنا ہے کہ کتنے شہری متاثر ہوئے یہ کہنا فی الحال مشکل ہے۔

پیمرا قانون میں فیک نیوز کیخلاف شق شامل کرنے کا فیصلہ

0
فیض آباد دھرنا کیس میں پیمرا نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیا

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) قانون میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے شق شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی، قانون میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے شق شامل کی جائے گی۔

شرکا نے کہا کہ فیک نیوز سے قومی مفادات اور عوامی اتحاد کو نقصان ہوتا ہے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزادی اظہار کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،  وزیر اعظم شہباز شریف اظہار آزادی کے دستوری اور مہذب حق کا فروغ چاہتے ہیں، صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے کچھ روز قبل پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولٹری اتھارٹی کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی اے کا جو کالا قانون میڈیا کی آواز دبانے کے لیے لایا جا رہا تھا، ایسا کوئی کالا قانون نہیں لایا جائے گا، نہ اس پر کوئی کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی، ہم نے اس کی بھرپور مخالفت کی تھی، پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولٹری اتھارٹی کو ختم کیا جا رہا ہے، کسی قسم کی کوئی ریگولٹری اتھارٹی قائم نہیں کی جائے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیکا آرڈیننس پر نظر ثانی کریں گے اور اس خلا کو پر کریں گے، جرنلسٹ پروٹیکشن بل کو جلد لاگو کرنے کی کوشش کرائیں گے، اور عوام کی بہتری کے لیے تنقید کریں گے تو دل سے قبول کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا 4 سال ایک سیاہ دور سے گزرا، بہت سے لوگ نوکری سے نکالے گئے، کئی صحافیوں کے پروگرامز بند کر دیے گئے، اور 4 سال میڈیا کے لوگوں نے سنسر شپ میں جدوجہد کی، ہم سمجھتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے ہوگا تو معاشرہ بہتر انداز سے چلے گا۔

’تین ڈبل سنچریاں کرو میں آپ کے پاس آجاؤں گا‘

0

لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کاؤنٹی کرکٹ میں گزشتہ روز دوسری ڈبل سنچری اسکور کی تو لیگ اسپنر شاداب خان بھی ان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے شان مسعود کو ڈبل سنچری کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے آپ سے کہا تھا کہ آپ تین ڈبل سنچریاں کرو، میں آپ کے پاس آجاؤں گا، بس ایک رہ گئی دو ہوگئی ہیں۔

شان مسعود نے بھی شاداب خان کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’بس اب جلدی آجاؤ۔‘

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان کا انگلش کاؤنٹی یارکشائر سے معاہدہ ہو چکا ہے، وہ فاسٹ بولر حارث رؤف کے ہمراہ یارکشائر کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب شان مسعود کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مسلسل دو اننگز میں 2 ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

شان مسعود نے ڈربی شائرکرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے لیسٹر شائر کے خلاف ڈبل سنچری بنائی ،پاکستانی اوپنر نے اس سے قبل سسکس کیخلاف 239 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

”عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں“

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اتحادیوں کا ساتھ چھوڑتے ہی سازش یاد آگئی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے کئی دن تک مراسلے کو کیوں چھپائے رکھا؟ عمران خان نے 4 سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا، عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے اپنا اکاؤنٹس چھپائے، عمران خان سازش کرنے والے ملک کے نمائندوں سے کیوں ملتے رہے؟ عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس وقت آپ حکومت میں تھے اس وقت الیکشن کیوں نہیں مانگا، عمران خان عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے والا ہے، انتخابی اصلاحات نہ ہونا عمران خان کی ناکامی ہے، عمران خان شوکت خانم کے نام پارٹی کے فنڈ کٹھا کرتے رہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا محور نواز شریف ہیں، عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی، عمران خان نے کبھی عوام کی بہتری کا نہیں سوچا، عمرا ن خان کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ دھرنا دینا آپ کی قسمت ہے، پرفارم کیا ہوتا تو آپ کرسی پر ہوتے، عوام نے آپ کو مسترد کر دیا، اسلام پر لیکچر دینا آپ کو زیب نہیں دیتا، قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات سامنے آچکی ہے کوئی سازش نہیں ہوئی۔

اسلام آباد مارچ کی تیاری کریں، عمران خان کی کارکنوں کو ہدایت

0

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کارکنوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ اسلام آباد مارچ کی تیاری کریں، انھوں نے کہا آج اپنی ساری تنظیموں کو محلوں کی سطح پر تیاری کا کہہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان اسلام آباد میں حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کارکنان اسلام آباد کی حقیقی آزادی کے لیے مارچ کی تیاری کریں، میں اسلام آباد کی حقیقی آزادی کے لیے جلد کال دوں گا، 27 ویں رمضان کو شب دعا کے طور پر منایا جائے گا۔

عمران خان نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ سازش کے معاملے پر اوپن سماعت کرے، یہ ملک کی آزادی کے خلاف بڑی واردات ہوئی ہے، مراسلے سے متعلق انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اب وہ کرنا چاہیے جو تب کرنا چاہیے تھا، سپریم کورٹ کو اس کی تحقیقات کرنی چاہیے تھی، انھوں نے کہا میں اب چاہتا ہوں سپریم کورٹ میں سازش کے معاملے پر اوپن سماعت ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ ملک کی آزادی کے خلاف بڑی واردات ہوئی ہے، اس واردات کو اس حکومت نے بھی تسلیم کیا ہے، تحقیقات نہ کی گئیں تو کوئی وزیر اعظم دھمکیوں کے سامنے کھڑا نہیں ہو سکے گا، سپریم کورٹ تحقیقات کرے گی تو پتا چلے گا کون کون ملوث ہیں۔

عمران خان نے کہا سفارت خانوں نے ان لوگوں کو بلایا جو تحریک انصا ف سے خوش نہیں تھے، لندن میں بیٹھے شخص نے سازش کی، ملاقاتیں کیں، یہاں اس شخص کے بھائی اور زرداری نے سازش کی، ہمیں جنوری سے پتا چلا تھا جب یہ گیم شروع ہوئی تھی، ہماری جمہوریت کے لیے یہ سب سے بڑا خطرہ ہے، ہمارے ملک کے بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے۔

عمران خان نے پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، کہا ای سی پی کو مستعفی ہونا چاہیے، سب سے بڑی پارٹی کہہ رہی ہے چیئرمین الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہے، چیف الیکشن کمشنر پسند نا پسند پر فیصلے کرتے ہیں، وہ امپائر بن ہی نہیں سکتا، اس پر ایکشن نہ ہوا تو ضمیر فروشی کے دروازے کھل جائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ملک کے وزیراعظم کو دھمکی دی گئی، سچ ہمیشہ سامنے آتا ہے، قومی سلامتی کمیٹی نے تسلیم کیا مراسلہ حقیقت ہے، اس مراسلے میں تکبر تھا، کہا گیا عمران خان کو ہٹائیں تو معاف کردیں گے، جس دن ڈونلڈ لو سے ان کی ملاقات ہوئی اگلے دن تحریک عدم اعتماد آئی، ملاقات کے بعد اتحادی اور منحرفین نے بیانات دینا شروع کیے۔

وزیر اعظم نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا

0

کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں خضدار کچلا قومی شاہراہ سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار اور کچلاک کراچی سے چمن تک 760 کلومیٹر کا فاصلہ ہے، اس سارے راستے کو خونی راستہ کہا جاتا ہے، 303 کلو میٹر کے اس سیکشن سے مسائل حل ہوں گے۔

انھوں نے کہا بلوچستان کے بڑے بڑے منصوبے بند پڑے ہیں، ان منصوبوں پر اربوں روپے لگ گئے ہیں لیکن نظر نہیں آتے، ان منصوبوں کو دوبارہ دیکھیں اور مسائل حل کریں، ان منصوبوں کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے چیک کیا جائے گا، تھرڈ پارٹی دیکھے گی کہ کام ٹھیک ہو رہا ہے یا نہیں۔

شہباز شریف نے کہا لسبیلہ سے لے کر چمن تک 200 ارب کا منصوبہ ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کم ترین وقت میں منصوبہ مکمل کریں گے، ڈیڑھ سال میں کراچی سے چمن تک منصوبہ مکمل کرنا ہے، میں ڈیڑھ سال کا وقت دے رہا ہوں، یہ چیلنج ہے، ہماری حکومت کی مدت بھی ڈیڑھ سال ہے، کوشش کروں گا اس منصوبے کے پیسوں کا جلد انتظام ہو۔

وزیر اعظم نے کہا وکلا اور سردار اختر مینگل نے مسنگ پرسنز اور دیگر مسائل کا ذکر کیا، مسنگ پرسنز کے معاملے پر آپ کے ساتھ مل کر آواز اٹھاؤں گا، اور جن کی ذمہ داری ان سے بات کریں گے۔

انھوں نے کہا بلوچستان کو ہم ٹیکنیکل یونیورسٹی دیں گے، یہ پاکستان کی سب سے بہترین یونیورسٹی ہوگی، بلوچستان کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ہے، شمالی بلوچستان اور جنوبی بلوچستان کے بیانیے کو ترک کریں، شمالی علاقے ہوں یا جنوبی علاقے مسائل حل کریں گے، جہاں ترقی کا سفر رک چکا ہے وہاں اپنے وسائل استعمال کرنے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا سوئی سے ملک کو گیس مل رہا ہے، لیکن یہاں رہنے والوں کو فائدہ نہیں، بلوچستان کو ملنے والا فائدہ آٹے میں نمک کے برابر ہے،قدرتی وسائل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا سکے، ریکوڈک معاملے پر اربوں روپے اور کئی سال ضائع ہوئے، یہ ہماری انفرادی اور اجتماعی کارکردگی کا امتحان تھا جس میں ہم ناکام رہے، کیا ہم ماضی کی طرف دیکھتے رہیں گے یا آگے بڑھیں گے؟

خاتون صحافی کی رپورٹنگ کا انوکھا انداز، دلچسپ ویڈیو وائرل

0

آپ نے فلموں میں خواتین کو رقص کرتے ضرور دیکھا ہوگا لیکن سوشل میڈیا پر ان دنوں ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں خاتون صحافی رقص کے انداز میں رپورٹنگ کررہی ہے۔

یہ ویڈیو ہے ایک بھارتی نجی ٹی وی چینل کی خاتون صحافی کی جو روس یوکرین جنگ کے دوران روسی بحری جہاز کے تباہ ہونے کی خبر اپنے ناظرین کو اچھلتے کودتے اور رقص کے انداز میں دے رہی ہے اور لگ نہیں رہا کہ مذکورہ خاتون رپورٹ کسی سنجیدہ اور سنگین مسئلے کو رپورٹ کررہی ہے۔

 

سماجی رابطوں کی سائٹ ٹویٹر پر خاتون صحافی کی یوکرین جنگ کے دوران روسی بحری جہاز کے تباہ ہوجانے کی خبر رقص اور اچھل کود کے دوران مزاحیہ انداز میں دینے کی ویڈیو تیزی سے مقبول ہورہی ہے جس پر صارفین ان کے انداز پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں جبکہ کچھ انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں خاتون رپورٹر ہندی زبان میں یوکرین سے یہ خبر دے رہی ہیں کہ روس نے یوکرین کا دورہ کرنے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر پابندی عائد کردی ہے۔

اس خبر کو دنیا کے تمام ہی چھوٹے بڑے میڈیا آؤٹ لیٹس نے رپورٹ کیا مگر کسی نے بھی اس معاملے کو ایسے رپورٹ نہیں کیا جیسے بھارت کی خاتون رپورٹر نے کیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون سنجیدہ معاملے پر رقص کرتے ہوئے مزاحیہ انداز سے رپورٹ کررہی ہیں۔

 

خاتون صحافی نے اس انداز سے پہلی بار رپورٹنگ نہیں کی ان کا ٹوئٹر پروفائل دیکھیں  تو کبھی وہ کسی تباہ شدہ جنگی ٹینک کے اوپر کھڑی نظر آرہی ہیں تو کبھی تباہ شدہ عمارتوں کے ہمراہ تصویر بنوارہی ہیں۔ خاتون رپورٹر کو اپنے منفرد انداز کے سبب سوشل میڈیا پر طنز و مزاح پر مبنی تبصروں کا  سامنا  کرنا پڑ رہا ہے جب کہ  کئی صارفین نے انہیں ڈانسنگ رپورٹر کے لقب سے بھی نوازا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ سے جاری روس اور یوکرین کے مابین جنگ میں اب تک 46 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔