پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8036

امریکا : 13 قیدی خواتین سے زیادتی میں ملوث افسر گرفتار

0

کیلیفورنیا : امریکی جیلوں میں خواتین قیدیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات عام سی بات بن ہوگئی ہے جن میں جیل کے سینئر حکام بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کیلیفورنیا میں خواتین کی سب سے بڑی جیل میں سابق افسر کو 13 خواتین قیدیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

55سالہ گریگوری روڈریگز نے سنٹرل جیل کیلیفورنیا میں سال 2010 سے 2022تک ملازمت کی۔ لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ملزم روڈریگز نے گزشتہ موسم گرما میں ملازمت سے اس وقت استعفیٰ دے دیا تھا جب محکمہ اصلاح کے تفتیش کاروں نے شکایات ملنے پر اس کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گریگوری روڈریگز پر تحقیقات کے دوران مجموعی طور پر 95 الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں عصمت دری، بدفعلی، اختیارات کا ناجائز استعمال اور دیگر جرائم شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ایک الزام منشیات کی فراہمی سے متعلق بھی ہے۔

پراسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا ہے کہ مذکورہ جرائم اور جنسی زیادتیوں کے الزامات سال 2014 کے ہیں لیکن زیادہ تر الزمات گزشتہ دو سالوں میں عائد کیے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق الزامات کی تحقیقات کے دوران پہلے سے موجود متاثرین کے علاوہ بعد میں مزید متاثرین بھی سامنے آئے۔

کراچی میں ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار کو لوٹ لیا

0

کراچی کے علاقے پورٹ قاسم میں ڈاکوؤں پولیس اہلکار کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے پورٹ قاسم میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر اہلکار کو پستول کا بٹ مار کر زخمی کردیا، ڈاکو واردات کے بعد اہلکار کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

ایس ایس ملیر حسن سردار کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار عبدالمجید پاک چائنہ پراجیکٹ پر کام کررہا ہے، وہ ڈیوٹی ختم کرکے واپس جارہا تھا مبینہ ملزمان نے ایس ایم جی چھیننے کے بعد سر پر بٹ مارے۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ سکھن اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایس ایم جی چھیننے کے حوالے سے بھی تحقیقات کررہے ہیں، ڈیوٹی ختم ہونے پر اسلحہ ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکار فارن سیکیورٹی سیل میں تعینات ہے۔

عمران خان کو ٹوٹتا دیکھ کر سوچیں میری کیا حالت ہوگی، فردوس عاشق اعوان

0
عمران خان کو ٹوٹتا دیکھ کر سوچیں میری کیا حالت ہوگی، فردوس عاشق اعوان

پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کے عوام کی آخری امید تھی، ان کو ٹوٹتے ہوئے دیکھ کر سوچیں میری کیا حالت ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اندرونی سازشوں کو بھی مدنظر رکھیں، سیاسی مخالفین کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کا دفاع کرتی رہی، تبدیلی کے سفر میں فخر سے کہتے تھے کہ عمران خان کے ہمسفر ہیں، لیکن وہ خود یرغمالیوں اور سیاسی یتیموں کے نرغے میں تھے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسا کیا ہوا کہ عمران خان نے اپنے بیانیےکا رخ اداروں کی طرف کر دیا، یہ وہ وقت تھا کہ جس نے مجھے سوچنے پر مجبور کر دیا، جہانگیر ترین ہی مجھے پی ٹی آئی میں لے کر گئے تھے لیکن دنیا نے دیکھا کہ ہمیں پارٹی میں کیا عزت ملی۔

متعلقہ: فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان

انہوں نے اپنے بارے میں بتایا کہ میں انتخابی سیاست کرتی ہوں، عوام کو سنتی اور حلقے کیلیے بھی کام کرتی ہوں۔

26 مئی کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات پر ان کا کہنا تھا کہ شرپسند اور دہشتگرد کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہوں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کیلیے زہر قاتل بن گیا، ان کے ایجنڈے کی میں بھی گواہ ہوں، عمران خان سب سے پہلے دوستوں کو ڈستے ہیں، یہ دشمنوں کیلیے نہیں سب سے پہلے دوستوں کے دشمن بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پہلے اپنے مفاد کیلیے استعمال کرتے پھر ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتے ہیں، میرا پی ٹی آئی کے ساتھ سفر آج اختتام پذیر ہوگیا، اس چراغ کو آگ لگ گئی ہے گھر کے چراغ سے، میرا سیاسی سفر جاری رہے گا، ہماری سیاست کا محور حلقے کے عوام ہیں، ہم اپنے حلقے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

’پاکستان 2028 تک قرضے واپس کرنے کے قابل نہیں‘

0

سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ 9 جون کو بجٹ آ رہا ہے لیکن آئی ایم ایف کا پروگرام 9 جون تک نہیں آئے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے شبرزیدی نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود پاکستان قرضہ جات واپس نہیں دے سکتا جون کےبعدبھی پاکستان بیرونی اوراندرونی قرضےادانہیں کر سکتا، 2028 تک پاکستان اپنے قرضہ جات واپس کرنےکےقابل نہیں ہے۔

شبرزیدی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے بیرونی قرضہ جات کی ری پروفائلنگ کرانا ہو گی آئی ایم ایف بیرونی قرضوں کی ری پروفائلنگ کرانے کیلئے تیار ہے آئی ایم ایف کہتاہےکہ قسطیں واپس کرسکتےہیں توہمیں تحریری بتادیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت 8 ماہ سے عوام کو بےوقوف بنا رہی ہے پاکستان کو2024میں ڈیفالٹ سےنہیں بچایا جا سکتا سری لنکا جب ڈیفالٹ کیا تھا اس وقت وہاں ڈالر 390 روپےکا تھا آج پاکستان میں ڈالر 310 سے آگے بڑھ گیا ہے وزیراعظم آئی ایم ایف سےبات کرےتومطلب کہانی ختم ہوچکی ہے کسی ملک کاوزیراعظم آئی ایم ایف سےبات کرے تو مطلب ٹیم ناکام ہوچکی ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر معیشت مزمل اسلم نے کہا کہ شبرزیدی درست کہہ رہے ہیں 2028 تک پاکستان قرض واپس نہیں کر سکتا کیونکہ پانی سر سے گزر گیا ہے اپنے نقصانات کم کریں ورنہ بہت نقصان ہو گا، سیاسی استحکام پیدا کریں اور ری پروفائلنگ کیلئےکوشش کریں۔

کاجول نے کیریئر کی خوفناک فلم کا نام بتا دیا

0
کاجول

ممبئی: 1992 میں بالی وڈ میں قدم رکھنے والی معروف اداکارہ کاجول نے اپنے کیریئر کی سب سے خوفناک فلم کا نام بتا کر مداحوں کو حیران کر دیا۔

کاجول کی فلم ’دشمن‘ کو گزشتہ روز 25 سال مکمل ہوگئے جس میں انہوں نے سونیا اور نینا نامی دو جڑواں لڑکیوں کا مشکل ترین کردار نبھایا تھا۔ سُپر اسٹار سنجے دت اور آشوتوش رانا بھی اسکرین پر جلوہ گر ہوئے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’دشمن‘ کا ویڈیو گانا شیئر کرتے ہوئے کاجول نے لکھا کہ فلم کو 25 سال مکمل ہوگئے، یہ ایک ایسی خوفناک فلم تھی جس میں کام کرنے کیلیے میں نے حامی بھری۔

اداکارہ نے بتایا کہ فلم میں آشوتوش رانا نے مجھے بہت خوفزدہ کیا اور یقیناً آپ لوگ بھی ڈر گئے ہوں گے، فلم کو دیکھ کر اب بھی بے چین ہو جاتی ہوں۔

1999 میں اس فلم کی بدولت کاجول کو ’بہترین اداکارہ‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ان کے مداحوں نے ٹوئٹر پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ’دشمن‘ کو ان کی بہترین فلم قرار دیا۔

آئی ایم ایف سے معاہدہ کیوں نہیں ہو پارہا؟

0
ڈالر

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کے درمیان 9ویں جائزے کے لیے ہونے والے مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے زیادہ سے زیادہ شرائط پوری کرنے کے باوجود آئی ایم ایف ڈیل مستقبل قریب میں ہونے کی امید کا منظر دھندلا سا نظر آرہا ہے تاہم وزارت خزانہ کو کامیابی کی پوری امید ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے بیانات کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ موجودہ حکمران آج بھی ماضی میں رہ رہے ہیں۔

آ ج پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین معاشی دور سے گزر رہا ہے، مہنگائی نے پرانے سارے ریکارڈ توڑ دیے، ہر گزرتے دن کے ساتھ سرمایہ کاری میں بھی شدید کمی دیکھی جارہی ہے۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے باعث برآمدی مال کیلئے ایل سیز بھی نہیں کھولی جارہیں، اسٹاک ایکسچینج کا حال بھی بہت برا ہے۔

پاکستان کو موجودہ معاشی صورت حال میں آئی ایم ایف کے سہارے کی اشد ضرورت ہے جس نے جون میں ختم ہونے والے بیل آؤٹ پروگرام کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی واجب الادا قسط جاری کرنی ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے 9ویں جائزے کے لیے سب کچھ ہوچکا ہے اور ہماری تیاری مکمل ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ اس وقت معیشت کا پہیہ بہت آہستہ چل رہا ہے، آنے والے دن بہتر ہوں گے اور معاملات قابو میں آجائیں گے۔

وزیر خزانہ کے تمام تر دعوؤں کے باوجود نہ تو آئی ایم ایف ڈیل میں کوئی پیشرفت نہیں ہورہی ہے اور ترسیلات زر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور ڈالرز کی کمی تمام مسائل کو جنم دے رہی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 9 ارب ڈالر ہیں، اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 4.3 ارب ڈالر رہ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر تقریباً 5 ارب ڈالر ہیں۔

پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی مانگ میں مسلسل اضافے کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے کو تاحال روکا نہیں جاسکا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت کی لاکھ کوشش کے باوجود ڈالر کی افغانستان اسمگلنگ پر بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ دوسری طرف حوالہ ہنڈی کا کام بھی بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے بھی ڈالر کی خفیہ نقل و حمل جاری ہے۔

ترسیلات زر میں کمی کی بات کی جائے تو اس میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ مالی سال اسی عرصہ میں ترسیلات زر کا حجم 26 ارب 1 کروڑ ڈالر تھا۔ رواں مالی سال جولائی تا اپریل برآمدات میں 13.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ برآمدات کا حجم 23.2 ارب ڈالر رہا۔

رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارہ میں 76.1 فیصد کمی ہوئی، جاری کھاتوں کے خساروں کا حجم 3.3 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف مشن پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے، فنانسنگ پروگرام کی میعاد ختم ہونے سے پہلے بورڈ میٹنگ کی راہ ہموار کر رہے ہیں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ نیتھن پورٹر کا کہنا ہے میٹنگ میں غیر ملکی زرمبادلہ کی مارکیٹس کی بحالی، آئی ایم ایف معاہدے کے مطابق مالی سال دو ہزار تیئیس چوبیس کے بجٹ کی منظوری اور بیرونی فنانسنگ کے انتظام کا جائزہ لیا جائے گا۔

اب تک سو سے زیادہ دن گزر چکے، نویں جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ تاحال تاخیر کا شکار ہے، آئی ایم ایف پروگرام کی معیاد جون کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا موجود پروگرام مکمل ہوتے ہی پاکستان اگلے پروگرام کے لئے مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ آئندہ بجٹ کے ابتدائی خدوخال اور تجاویز آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ آئی ایم ایف بجٹ کا جائزہ لے کر وزارت خزانہ سے بات چیت کرے گا تجاویز میں ایف بی آر اہداف، قرضوں کی ادائیگیوں سمیت اہم معلومات کی تجاویز شئیر کی گئی ہیں۔

ذرائع سے موصول ہونے والی حالیہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال بھی اسٹاف لیول معاہدے میں ایک رکاوٹ ہے، آئی ایم ایف بجٹ میں ایسے اہداف چاہتا ہے جن سے انحراف نہ ہوسکے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ کسی شعبے کامختص فنڈز بجٹ منظور ہونے پر دوسری طرف منتقل نہ کیا جائے۔

سی ٹی ڈی نے ساہیوال پاکپتن روڈ پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا

0
سی ٹی ڈی

ساہیوال: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال پاکپتن روڈ پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی نے ساہیوال پاکپتن روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد محمد افضل مہمند کو گرفتارکرلیا جس کے قبضے سے ہینڈگرنیڈ، دھماکا خیز مواد کے آلات، 8550 روپے برآمد کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا بتانا ہے کہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم الاحرار سے ہے، ملزم کا تعلق سہنگے تنگے یوسف خیل ضلع مہمند ایجنسی سے ہے۔

دہشت گرد سے الیکٹرک ڈیٹونیٹر، الیکٹرک بٹن، بیٹری، ڈبل چارجر سمیت ہینڈ گرنیڈ، سبزی مائل، ایک گرنیڈ ای ڈی بھی برآمد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے خلاف 4-5 ایکسپلوزو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں 7 انسداد دہشت گردی ایکٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی پی، ٹی ٹی اے گروپ کا اہم دہشت گرد گرفتار کرلیا تھا۔

ملزم تاج عرف خالد عرف حافظ پٹھان کو مکی شاہ روڈ سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹو نیٹر راڈ اور ہینڈ گرنیڈ کا پن برآمد کیا گیا تھا۔

’بجٹ کے بعد حکومت اسمبلی تحلیل کرنے پر رضامند تھی‘

0
پریکٹس اینڈ پروسیجر سپریم کورٹ

تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی حکومتی کمیٹی کی رکن کشور زہرہ کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد حکومت اسمبلی تحلیل کرنے پر رضامند تھی۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات کوآج بھی ناکام نہیں کہوں گی دونوں جانب سےلوگ جذباتی باتیں کررہےتھے مذاکرات میں جذباتی باتیں نہیں تھیں سنجیدہ گفتگو ہو رہی تھی۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ 14مئی کے الیکشن کے مطالبے سے پی ٹی آئی پیچھے ہٹ گئی تھی طےہوگیاتھاکہ بجٹ پیش ہونے کے بعد الیکشن ہوجائیں گے لیکن سمجھ نہیں آئی کہ شاہ محمود نے میڈیا سےکہا مذاکرات ناکام ہو گئے۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم

واضح رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئے تھے۔ اجلاس میں حکومت کی نمائندگی اسحٰق ڈار، یوسف رضا گیلانی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، کشورزہرہ اور نوید قمر نے کی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر شامل تھے۔

بی جے پی رہنما کے بھتیجے کی غنڈہ گردی، ریسٹورنٹ مالک کی ناک توڑ دی

0
بی جے پی رہنما کے بھتیجے کی غنڈہ گردی، ریسٹورنٹ مالک کی ناک توڑ دی

بھارت کی حمکران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نتن گنج کے بھتیجے جاجل گپتا نے ریسٹورنٹ مالک کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جاجل گپتا اپنے دو دوستوں کے ہمراہ جسپریت سنگھ کے ریسٹورنٹ پر گیا اور شراب نوشی شروع کر دی۔ ملازمین نے جب منع کیا وہ طیش میں آگیا۔

جاجل گپتا نے پہلے مغلظات بکیں اور پھر ملازمین پر تشدد کرنے لگا۔ جھگڑا دیکھ کر جسپریت سنگھ نے فوراً مداخلت کی اور معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی لیکن ملزمان نے اسے بھی مارنا شروع کر دیا۔

متعلقہ: بی جے پی رہنما نے مسلم لڑکے سے بیٹی کی طے شدہ شادی منسوخ کر دی

جسپریت سنگھ کا بھائی بیچ بچاؤ کیلیے آیا تو جاجل گپتا اور اس کے دوستوں نے اسے بھی مارا۔ جھگڑے کے دوران نتن گنج کے بھتیجے نے اینٹ سے حملہ کر کے ریسٹورنٹ کے مالک کی ناک توڑ دی۔

مذکورہ واقعہ 24 مئی کو ریاست اتر پردیش کے شہر مراد آباد میں پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے جاجل گپتا کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے فرار ہونے والے دو دوستوں کی تلاش جاری ہے۔

بلی کی چالاکی، دلچسپ ویڈیو وائرل

0

پالتور جانور بعض اوقات ایسی حرکت کرتے ہیں کہ دیکھنے والے کو آنکھوں پر یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں پالتو بلی کی شرارت دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بے ساختہ قہقے لگانے پر مجبور ہوگئے۔

مذکورہ ویڈیو فجن کے پیج سے شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں لوگ دیکھ چکے ہیں اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی گھر کے باہر کھڑکی میں موجود ہے اور گھر کے اندر آنے کے لیے جتن کررہی ہیں۔

کھڑکی بند ہونے پر بلی پوری طاقت لگا کر اسے کھولنے کی کوشش کرتی ہیں اور اس میں کامیاب ہونے کے بعد باآسانی گھر میں داخل ہوجاتی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اسے ’اسمارٹ بلی‘ کا خطاب دے دیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’میں نے سوچا کہ صرف میری بلیاں ہی سلائیڈنگ کھڑکیاں کھول رہی ہیں۔‘ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’میری بلی آسانی سے کھڑکی کھول لیتی ہے۔‘