پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8037

’یہ نئی پارٹی بنانے جارہے ہیں، پی ٹی آئی چھوڑنے والے اس میں جائینگے‘

0

لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ نئی پارٹی بنانے جارہے ہیں جس میں پی ٹی آٗئی چھوڑنے والے جائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی پارٹی ملک میں تنہا حکومت نہیں بناسکتی، ن لیگ کا ان کو پتہ ہے کہ یہ گھوڑا بیٹھنے والا ہے، یہ لوگ نئی پارٹی بنا کر اتحادی حکومت بنانا چاہتے ہیں لیکن اتحادی حکومت مضبوط نہیں ہوتی کیونکہ فیصلے کا اختیار نہیں ہوتا، مضبوط حکومت وہ ہوتی ہے جس کے پیچھے عوام ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جس شخص کوبنایا اسے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کیخلاف کیسز بنائیں، پولیس کی اکثریت بھی کہتی ہے کہ ظلم کیا جارہا ہے، پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ جو بھی پی ٹی آئی والا ملے اندر ڈالو، گھر توڑ دیا جاتا ہے، کاروبار تباہ کر دیا جاتا ہے اور پکڑ کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس بار خود ٹکٹ دینے کی کوشش کی کہ نظریاتی لوگ سامنے آئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ہے، بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے، قانون کی بالادستی نہیں ہوگی تو ملک نہیں بچے گا، ایسے حالات بنادیے گئے ہیں لوگ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔

کویت میں شناختی کارڈز سے متعلق اہم ہدایت

0

کویت میں مقامی و غیرملکی شہریوں کو شناختی کارڈ جلد از جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کویتی میڈیا کے مطابق پبلک اتھارٹی برائے سول انفارمیشن نے مقامی اور غیرملکیوں شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سلیف سروس کیوسک سے اپنے شناختی کارڈز فوری طور پر حاصل کر لیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 211000 شناختی کارڈز اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر الجہرہ اور الاحمدی کی دوشاخوں میں موجود ہیں جنہیں ابھی تک شہریوں نے حاصل نہیں کیا۔

جمع شدہ کارڈز کو وصول نہ کرنے کے سبب نئے درخواست گزاروں کو کارڈز جاری کرنے کا عمل سست روی کا شکار ہے۔

شہریوں اور آرٹیکل 20 کے تحت اقامہ رکھنے والوں اور 5 سال سے کم عمر بچوں کو فوری کارڈز جاری کیے جاتے ہیں۔

یوٹیوب نے اسٹوریز فیچر ختم کرنے کا اعلان کردیا

0

یوٹیوب نے 2018 میں متعارف کروائے گئے اسٹوریز فیچر کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب کمپنی کی جانب سے اسٹوریز کی بجائے کمیونٹی پوسٹس اور مختصر ویڈیوز کے سیکشن شارٹس پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

بیان میں بتایا گیا کہ 26 جون 2023 اسٹوریز پوسٹ کرنے کے لیے آخری دن ہوگا جس کے بعد اسے مزید استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

26 جون کو پوسٹ کی جانے والی اسٹوریز 3 جولائی تک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گی جس کے بعد یہ فیچر باضابطہ طور پر ختم ہو جائے گا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ صارفین کو پہلے ہی شارٹس، لائیو اور کمیونٹی پوسٹس کی شکل میں ایسے ٹولز فراہم کیے جاچکے ہیں جو ان کے ناظرین کو انگیج رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ کمیونٹی پوسٹس کا فیچر حال ہی میں متعارف کرایا گیا تھا جو اسی وقت استعمال کرنا ممکن ہے جب کسی یوٹیوب چینل کی سبسکرپشن ایک ہزار افراد کریں۔

یوٹیوب اسٹوریز کو اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم نے انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کے مقبول اسٹوریز فیچر کے مقابلے میں متعارف کرایا تھا تاہم یہ فیچر عام صارفین میں کچھ زیادہ مقبول نہیں ہو سکا تھا۔

بھارت : ہراسگی کی شکار خواتین ایتھلیٹس نے انتہائی قدم اٹھالیا

0

نئی دہلی : مودی حکومت سے انصاف نہ ملنے کے بعد بھارت کی خواتین ایتھلیٹس نے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

اس حوالے بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین ایتھلیٹس (پہلوانوں) نے اپنے جیتے ہوئے تمغے دریائے گنگا میں بہانے کا اعلان کیا ہے۔

خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ لکھ کر اس کی اطلاع دی، انہوں نے بتایا کہ آج بروز منگل (30 مئی) کو شام 6 بجے ہردوار میں کھلاڑی گنگا ندی میں اپنے تمغے بطور احتجاج بہا دیں گے۔

ونیش پھوگاٹ نے یہ اعلان دہلی پولیس کی کارروائی کے دو دن بعد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار بھی پہلوانوں کے مسائل کو جاننے کی کوشش تک نہیں کی۔

ونیش پھوگاٹ نے ٹوئٹر پر ایک پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ آپ سب نے دیکھا کہ 28مئی کو ہمارے ساتھ کیا ہوا؟ ہم خواتین پہلوانوں کو ایسا لگ رہا ہے جیسے اس ملک میں ہمارے پاس کچھ نہیں بچا۔ ہم ان لمحات کو یاد کر رہے ہیں جب ہم نے اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں بھارت کیلئے تمغے جیتے تھے، اب لگتا ہے کہ ہم نے یہ تمغے کیوں جیتے؟

انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں یہ تمغے نہیں چاہئیں لہٰذا اب ہم ان تمغوں کو بہتی گنگا میں بہانے لے جارہے ہیں۔

جناح ہاؤس حملہ: عمران خان نے جے آئی ٹی کو تحریری جواب دے دیا

0
جناح ہاؤس حملہ: عمران خان نے جے آئی ٹی کو تحریری جواب دے دیا

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس لاہور) پر حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو تحریری جواب دے دیا۔

جے آئی ٹی نے آج شام 4 بجے عمران خان کو تحقیقات کیلیے طلب کیا تھا مگر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ نمائندگان پیش ہوئے۔جے آئی ٹی نے نمائندوں کے ذریعے سابق وزیر اعظم کا جواب قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

اس کے بعد عمران خان کی جانب سے تحقیقات میں شمولیت کیلیے تحریری بیان جمع کروا دیا گیا جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 10 مئی کو درج مقدمے کی تحقیقات میں شمولیت کا نوٹس بھجوایا گیا، نوٹس کل موصول ہوا جس کے جواب کیلیے مہلت محدود تھی، طے شدہ شیڈول کے مطابق آج عدالتوں میں پیش ہونا تھا۔

عمران خان نے اپنے جواب میں لکھا کہ معاملے پر لاہور کی اے ٹی سی پہلے ہی ضمانت دے چکی ہے، جس روز واقعات ہوئے نیب کی غیر قانونی حراست میں تھا، سپریم کورٹ کے حکم پر مجھے رہا کیا گیا، جھوٹے مقدمات کے اندراج کے باوجود مکمل تعاون کر رہا ہوں، میرے خلاف دائر مقدمات جھوٹے اور غلط ہیں۔

متعلقہ: نو مئی واقعات پر جے آئی ٹیز تشکیل دے دی گئیں

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود تحقیقات کا حصہ بننے کیلیے تیار ہوں، علی اعجاز اور نعیم حیدر کو پیش ہونے اور تحقیقات میں شمولیت کیلیے مجاز بنا رہا ہوں، پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم کے طور پر خدمات سر انجام دے چکا ہوں۔

’وزیر آباد میں قاتلانہ حملے کا نشانہ بھی بن چکا ہوں۔ سلامتی کو خطرات کے باوجود عدالتوں میں پیشی ناگزیر ہے۔ سکیورٹی اخراجات کے پیش نظر زمان پارک سے شمولیت قابل تحسین ہوگی۔ جے آئی ٹی کی جانب سے پہلے بھی ایسا کیا جا چکا ہے۔‘

تحریری بیان میں عمران خان نے لکھا کہ ہائی کورٹ کا لارجر بینچ بھی انتظامات کی ہدایات دے چکا ہے، ویڈیو لنک یا سوالنامے کے ذریعے تحقیقات میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ نہیں، زمان پارک سے بذریعہ ویڈیو لنک تحقیقات میں شمولیت مناسب رہے گی۔

عثمان بزدار کے اہلخانہ کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے کا فیصلہ

0
عثمان بزدار

سابق وزیراعلیٰ کیخلاف آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں نیب نے عثمان بزدار کے فیملی ممبران کا نام بھی ای سی ایل میں ڈلوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے عثمان بزدار اہلخانہ کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے کیلئے ہیڈکوارٹرز سے رابطہ کیا ہے۔

عثمان بزدار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب نے مارچ میں بھی خط لکھا تھا تاہم اب ای سی ایل میں اہلخانہ کے نام ڈلوانے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جائے گا۔

چند روز قبل ڈی جی خان میں نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کو سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت اسپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ نوید احمد نے کی ،عثمان بزدار متعدد سماعتوں پر نوٹسز کے بعد بھی پیش نہیں ہوئے، عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عدم حاضری پر ضمانت منسوخ کردی۔

اینٹی کرپشن عدالت نے حکم دیا کہ عثمان بزدار کو گرفتار کرکے آئندہ پیشی پر لایا جائے۔

دوسری جانب اسپیشل جج اینٹی کرپشن مظفرگڑھ نے بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت خارج کردی، ضمانت قبل از گرفتاری عدم پیروی پر خارج کی گئی۔

عثمان بزدار کیخلاف اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے سرکاری زمین پر غیرقانونی بس اسٹینڈ قائم کرانے پر مقدمہ درج کیا تھا، مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت 5افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

’روٹی اللہ دیتا ہے۔۔۔۔۔۔ تو نہیں‘

0
سروج خان

بالی ووڈ کی آنجہانی کوریو گرافر سروج خان اور اداکار سلمان خان کا ماضی کا جھگڑا سوشل میڈیا کی زینت بن گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے مشکل وقت میں آنجہانی کوریو گرافر سروج خان کی مدد کے لیے آگے آئے تھے اور ان کے پوتے کے دل کی سرجری کرانے میں بھی مدد کی تھی لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب سلمان خان نے سروج خان کو دھمکی دی تھی کہ وہ ان کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گے۔

فلم انداز اپنا اپنا میں سروج خان کوریو گرافر تھیں جہاں عامر خان کو ڈانس اسٹیپس دیے گئے اور سلمان خان کو کم موقع ملا جس سے وہ ناراض ہوگئے اور اس کا الزام کوریوگرافر پر لگایا۔

سروج خان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جب ان کا سلمان خان کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا اور سلمان نے میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ جب میں ٹاپ ہیرو بن گیا تو میں آپ کے ساتھ کبھی کام نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اس کے بارے میں برا لگا تو وہ معذرت خواہ ہیں لیکن اس کے بارے میں وہ کچھ نہیں کرسکتی تھیں میں نے پھر کہا کہ ’تم میرے ساتھ کام نہیں کروگے؟ جب اس نے منع کیا تو میں نے کہا کہ ’روٹی اللہ دیتا ہے۔۔۔۔ تو نہیں دیتا ہے۔‘

ایک انٹرویو میں آنجہانی کوریو گرافر نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب انہیں کوئی فلم نہیں مل رہی تھی جب سلمان ان کی مدد کے لیے آئے اور انہیں ایک فلم میں سائن کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

0
سونے کی قیمت

کراچی : ملک میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 11ڈالر بڑھنے کے بعد 1956 امریکی ڈالر ہوگئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 700 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی اور نئی قدر دو لاکھ 32 ہزار 800روپے ہو گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10گرام سونے کا بھاؤ 1458 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 99 ہزار 588 46 روپے ہے۔

لیبیا : داعش کے لیے کام کرنے والے 23 افراد کو سزائے موت

0
داعش

تیونس : لیبیا میں داعش کے لیے کام کرنے والے23 افراد کو سزائے موت اور چودہ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالتی حکم نامے کے مطابق مذکورہ تمام ملزمان سال2015میں متعدد افراد کے قتل میں ملوث پائے گئے ہیں، لیبیا کی ایک عدالت نےان افراد کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ گروپ میں شامل ہونے اور اس کے نام پر مظالم ڈھانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائیں۔

باغیوں کے ایک گروپ نے 2015 میں طرابلس کے ایک ہوٹل میں مقیم غیرملکیوں پر حملہ کرکے قتل کرنے کے بعد ان کے سر قلم کردیئے تھے اور سیرت شہر پر قبضہ بھی کیا تھا۔ بعد ازاں ریاست کے خلاف بغاوت کرنے والوں کو گرفتار کرکے مقدمہ چلایا گیا۔

خیال رہے کہ طرابلس کے مذکورہ ہوٹل میں نہ صرف غیر ملکی کمپنیوں کے دفاتر واقع ہیں وہیں شہر میں موجود زیادہ تر غیر ملکی اسی ہوٹل میں قیام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں غیر ملکی سفارتکاروں اور سرکاری حکام کی آمد بھی باقاعدگی سے ہوتی ہے۔

الوسط اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ ملزمان شام، تیونس اور سوڈان سے لیبیا آئے تھے، تمام جنگجوؤں کو 2016 کے آخر میں بین الاقوامی اتحادی افواج کے آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

مراد سعید اور اعظم سواتی کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف درخواست سماعت کیلیے مقرر

0
مراد سعید اور اعظم سواتی کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف درخواست سماعت کیلیے مقرر

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزرا مراد سعید اور اعظم سواتی کی کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست سماعت کیلیے مقرر کر دی گئی۔

پشاور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ کل درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست سینئر قانون دان قاضی محمد انور نے دائر کی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس بغیر وجہ بتائے درخواست گزاروں مراد سعید اور اعظم سواتی کے گھروں پر چھاپے ما رہی ہے، انہوں نے پولیس اور فریقین سے مقدمات کی تفصیل فراہمی کیلیے درخواست دی لیکن ابھی تک تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

متعلقہ: مراد سعید کا اہم آڈیو پیغام سامنے آگیا

مزید کہا گیا کہ مقدمات کی تفصیل فراہم نہ کرنا غیر قانونی ہے۔

خیال رہے کہ 9 مئی پُرتشدد واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے مراد سعید کی گرفتاری کیلیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ تاحال روپوش ہیں۔

مراد سعید کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط

16 مئی کو مراد سعید نے صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ کر خود کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں پر نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے خط میں لکھا تھا کہ صدر مملکت جھوٹے مقدمات، بوگس کیسز، قتل کی دھمکیوں اور حکومت کی ملی بھگت کا نوٹس لیں، 15 سال سے سیاست میں ہوں، ایم این اے اور وفاقی وزیر رہا لیکن کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں، میرے خلاف اپریل 2022 کے بعد سے دہشتگردی سمیت متعدد جھوٹے کیسز کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے لکھا تھا کہ عمران خان کی غیر آئینی گرفتاری پر پارٹی نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی، پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی طرح میں نے پرامن احتجاج اور دھرنے کیلیے کہا، پارٹی گزشتہ 13 ماہ سے اس قسم کے احتجاج اور دھرنے دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کو علم ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کہاں ہوتا ہے جیسا کہ لبرٹی لاہور، ہشتنگری پشاور اور نشاط چوک مینگورہ، 9 مئی کے بعد میرے اور ہمدروں کے خلاف عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کا مسلسل الزام لگایا جا رہا ہے۔

خط میں ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر بغاوت جیسے الزامات لگائے گئے، میرا مسلسل پیچھا کیا جا رہا ہے اور عدالتوں تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، صدر مملکت وفاقی حکومت کو اس قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہ دیں، امید ہے کہ آپ معاملے پر اپنا کردار ادا کریں گے اور مناسب اقدامات کریں گے۔