اتوار, جون 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9341

سونے کی منڈی سے اہم خبر

0

اوظہبی: متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں دس گرام سونے کی قیمت 2161درہم ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اماراتی گولڈ منڈی میں ایک گرام سونا216 درہم کا ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایک ملی گرام 21 فلس کاہے۔ سونے کے ریٹ 1800 ڈالر سے 1835 ڈالر تک رہنے کی توقع ہے۔

عالمی مالیاتی اور اجناس کی منڈیوں میں ہونے والی مہنگائی کے باوجود گزشتہ ہفتے سونے کے ریٹ میں معمولی تجارتی حجم کے ساتھ اچھی کارکردگی دیکھنے میں آئی۔

سونے کے بھاو دنیا میں سترہ سو نوے ڈالر سے بڑھ کر اٹھارہ سو تیس ڈالر تک پہنچ گئے۔ دوہزار اکیس کے آخری تجارتی ہفتے میں بیس ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ رواں سال سونے کے ریٹ تین اعشاریہ چھ نو فیصد گرے جو دوہزار پندرہ سے ابتک کی سب سے بڑی کمی ہے۔

دو ہزار اکیس سونے کے بھاو کے لحاظ سے اچھا سال تھا جبکہ کورونا کے پھیلاو کی وجہ سے دنیا میں خام تیل، فیڈ ریزرو کے شرح سود میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

آنے والے ہفتے میں سونے کے ریٹ کے اچھے آغار کی توقع ہے۔ اگلے جمعہ کو شائع ہونے والی امریکی معاشی رپورٹ کے بعد سونے کے بھاو اٹھارہ سو پنیتیس ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں اور اگر روزگار کا ڈیٹا بہترہوا تو سونے کے ریٹ اٹھارہ سو ڈالر پر واپس آسکتے ہیں۔

کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں 31 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نومبر میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی درخواست جمع کروائی گئی ہے، نیپرا کی سماعت میں جولائی تا ستمبر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر بھی سنوائی ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں اضافے کا اثر صارفین پر نہیں پڑتا، بلوں میں 5.50 روپے کے اضافے کی خبریں گمراہ کن ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے 31 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اضافے کی درخواست ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کی گئی، ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اثرات صارفین تک منتقل کیے جاتے ہیں۔

درآمدات میں کمی، برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے: مشیر تجارت

0
پاکستانی برآمدات

اسلام آباد: مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ درآمدات میں اضافہ کم ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ جولائی دسمبر کی پہلی ششماہی میں برآمدات 25 فیصد بڑھیں۔

تفصیلات کے مطابق مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ درآمدات میں اضافہ کم ہونا شروع ہو گیا ہے، دسمبر کے دوران 6.9 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ نومبر میں درآمدت کا حجم 7.9 ارب ڈالر تھا، ایک ماہ میں درآمدات میں ایک ارب ڈالر کی کمی آئی۔ دسمبر 2021 کے لیے درآمدی تخمینہ 6.2 ارب ڈالر تھا۔

انہوں نے کہا کہ جولائی دسمبر کی پہلی ششماہی میں برآمدات 25 فیصد بڑھیں، جولائی دسمبر کی پہلی ششماہی برآمدات بڑھ کر 15.125 ارب ڈالر ہوگئیں، جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران برآمدات 12.110 ارب ڈالر تھیں۔

مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے برآمدات کا ہدف 15 ارب ڈالر تھا۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ دسمبر 2021 کے دوران برآمدات اور درآمدات کی تفصیل جلد شیئر کی جائیں گی۔

سعودی حکومت نے ملازمین کی مشکل آسان کردی

0

ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نے ملازمین کی پریشانی دور کردی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے وضاحت پیش کی کہ نئے نظام سے قبل جاری ہونے والے ’کاغذی ‘ معاہدے منسوخ نہیں ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا کہ سعودی عرب میں افواہیں گردش کررہی تھیں کہ یکم جنوری سے ملازمت کے پرانے معاہدے وزارت افرادی قوت میں قبول نہیں کیے جائیں گے نہ ہی ان معاہدوں کی بنیاد پر لیبرکورٹ میں مقدمہ درائر کیا جاسکے گا۔

سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نے من گھڑت باتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پرانے معاہدوں کے حوالے سے وزارت کی جانب سے ایسا کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔

یہ بھی وضاحت کی گئی کہ معاہدے منسوخ کرنے اور انہیں قبول نہ کرنے کی کوئی بات کی گئی ہے۔

ترجمان وزارت افرادی قوت سعد آل حماد کا کہنا ہے کہ وزارت کی جانب سے ایسی کوئی بات نہیں کی گئی، معاہدوں کی ڈیجیٹل تصدیق کا مقصد آجر و اجیر کے حقوق کا تحفظ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ملازمت کے معاہدوں کے حوالے سے وہی پالیسی جاری ہے جس کا اعلان ماضی میں کیاجاچکا ہے تاہم ذرائع ابلاغ کو چاہیے کہ وہ درست ذریعے سے معلومات قارئین تک منتقل کریں۔

گوادر: غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف بڑا ایکشن، 40 گرفتار

0

گوادر: بلوچستان کے سمندری حدود میں غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور محکمہ فشریز نے بلوچستان کے سمندری حدود میں غیرقانونی ماہی گیری کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن کپڑ، گوادر اور پشوکان میں غیر قانونی ماہی گیری کےخلاف کیا گیا۔

حکام کے مطابق آپریشن کے دوران ماہی گیروں کی متعدد کشتیوں کی تلاشی لی گئی جبکہ پسنی میں بھی غیر قانونی جال استعمال کرنے پر 3ٹرالرز ضبط اور 40 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں گوادر میں پورٹ روڈ پر ’گوادر کو حق دو‘ تحریک نے جنم لیا تھا، جس کا پہلا مطالبہ بلوچستان کے ساحلوں سے غیر قانونی ماہی گیری کا خاتمہ شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے گوادر میں محنتی ماہی گیروں کےجائز مطالبات کا نوٹس لے لیا

ماہی گیروں کا مطالبہ تھا کہ انہیں آزادی کے ساتھ سمندر میں جانے دیا جائے، سمندر میں جانے کے لیے خصوصی ٹوکن سسٹم کا خاتمہ کیا جائے۔

جس پر وزیراعظم عمران خان نے گوادر کے ماہی گیروں کے مطالبات کو “انتہائی جائز” قرار دیتے ہوئے ٹرالروں کے ذریعے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ٹک ٹاکرز کے ہاتھوں شہری کا قتل، تحقیقات میں اہم پیشرفت

0

کراچی: سنسنی خیز ٹک ٹاک بنانے کیلئے شہری کو قتل کرنے والے کم عمر ملزمان کا سنسنی خیز ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملیر میں ٹاک ٹاکرز کے ہاتھوں قتل ہونے والا شہری کون تھا؟ کہاں سےآیا تھا؟ اور بچوں نےکیوں قتل کیا؟ ملزمان کا سنسنی خیز ویڈیو بیان اور مکمل تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔

ملزم سعید احمد نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ میں کلاس 8 فاضل 9 اور علی میٹرک میں پڑھتا ہے،17 سالہ اسماعیل میٹرک کرچکا ہے، واقعے کے روزہم دو موٹرسائیکلوں پر چار لڑکے سوار تھے،فاضل کے پیچھے اسماعیل، علی کے پیچھے میں بیٹھا تھا۔

سعید نے بتایا کہ اسماعیل راستے میں اسلحے کے ساتھ ویڈیو بناتا آرہا تھا، اس نے گولی چلائی تو وہ انکل کو لگ گئی، ہم خوف زدہ ہو کر گھر بھاگ گئے، گن فاضل کی تھی لیکن اسماعیل کے پاس تھی، اسماعیل کو گن میں نے دی تھی،ہم تصاویر اور ویڈیو بنانے جارہے تھے، جب گولی چلی تو اس کا شیل مجھے لگا تھا۔

ملزم فاضل نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ویوز حاصل کرنے کے لئے ویڈیو بنا رہا تھا، انکل کو گولی لگنے کے بعد ڈر کے مارے ہم نے ساری ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردی۔

یہ بھی پڑھیں: کم عمر طالب علموں نے سنسنی خیز ٹک ٹاک بنانے کیلئے شہری کو قتل کردیا، ویڈیو دیکھیں

دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ جاں بحق قمر رضا خیرپور سے بہن کے گھر سوئم پر آیا تھا، مقتول چھ بچوں کا باپ اور گھر کا واحد سربراہ تھا۔

پولیس نے انکشاف کیا کہ بچوں کے پاس ملنے والا اسلحہ غیر قانونی نکلا، پستول فاضل کا ہے جو اب تک وضاحت نہیں کرسکا، ایسے ہتھیار ٹارگٹ کلرز استعمال کرتے ہیں، جائے وقوعہ سے تیس بور کا ایک خول ملا تھا، چھ مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئی۔

پولیس کے مطابق چاروں بچے علاقے میں مشہور بریانی کھانے آئے تھے۔

سعودی عرب: بیرون ملک اداروں کو عطیات دینے کے حوالے سے ہدایات

0

ریاض: سعودی پبلک پراسیکیوشن نے بیرون ملک موجود اداروں کو عطیات دینے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ملک نامعلوم اداروں کو عطیات دینے سے خبردار کیا ہے۔

ادارے نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے قوانین کے مطابق ایسا کرنا جرم ہے، جو شخص بیرون ملک موجود نامعلوم اداروں کو عطیات دے گا اس سے مواخذہ ہوگا۔

پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ بیرون ملک عطیات دینے کے خواہش مندوں کو چاہیئے کہ وہ کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد سے رابطہ کریں۔

پراسیکیوشن کے مطابق سعودی عرب میں یہی واحد اجازت یافتہ ادارہ ہے جو بیرون ملک انسانی کاموں کے لیے عطیات جمع کرنے کا مجاز ہے۔

اومیکرون وائرس: 10 جنوری سے سفری پابندی کا فیصلہ!

0

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات(یو اے ای) نے غیر ویکسین یافتہ افراد پر سفری پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اماراتی حکومت نے غیر ویکسین یافتہ شہریوں پر 10 جنوری سے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وہ شہری جنہوں نے کورونا ویکسین کا کورس نہیں کیا انہیں 10 جنوری کے بعد امارات سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یو اے ای میں موجود شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ فیصلے سے وہ افراد مستثنی ہوں گے جنہیں ویکسین سے طبی طورپر استثنی دیا گیا ہے، علاج کی غرض سے سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرونا کے پیش نظر عرب ممالک میں احتیاطی تدابیر سخت کرتے ہوئے ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کی جارہی ہے۔

نواز شریف کی وطن واپسی: شاہد خاقان کے بیان نے ہلچل مچادی

0

اسلام آباد: نواز شریف کی وطن واپسی پر نون لیگ کی قلابازیاں جاری ہے، اہم پارٹی رہنما نے بیانات کو سیاسی قرار دے دیا۔

وفاقی دارالحکومت میں سیاسی ماحول گرم ہونے کے ساتھ ساتھ تلخ بھی ہوتا جارہا ہے، لیگی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی قائد کے وطن واپسی کے بیانات پر حکومتی کیمپ نے بھی اپنا پلان تشکیل دے دیا ہے۔

اس ضمن میں وفاقی حکومت نے علاج کی غرض سے باہر جانے والے نواز شریف کے ضامن شہباز شریف کے خلاف عدالتی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تاہم اس معاملے پر اب نئی موڑ آگیا ہے، مسلم لیگ نون کے اہم رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان کا کہنا ہے کہ قائد نون لیگ کی وطن واپسی سے متعلق لیگی رہنماؤں کے بیانات سیاسی ہیں، نواز شریف اگر جلد واپس آتے ہیں تو ان کی مرضی، پارٹی کا موقف یہ ہے کہ نواز شریف علاج کرا کے واپس آئیں گے۔

شاہدخاقان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کےتحت ہر کسی سےبات چیت کرنے کو تیارہیں

شاہد خاقان کے اہم ترین بیان سے قبل ایاز صادق، محمد زبیر اور دیگر رہنما نواز شریف کی واپسی کے بیانات سے سیاسی ہلچل مچانے کی کوشش کر رہےتھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا تھا کہ جنوری کا نہیں کہہ سکتا لیکن نواز شریف بہت جلد واپس آئیں گے، ان کی واپسی مومینٹم تبدیل کردے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’نواز شریف ٹھیک ہوگئے تو خدا کا واسطہ واپس آجائیں

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جیل کا خوف نہیں وہ پہلے بھی لندن سے واپس آئے تھے، انہیں جو غلط سزائیں دی گئی تھیں ان سب میں ریلیف مل جائے گا۔

اس سے قبل 20 دسمبر کو سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اعلان کیا تھا کہ وہ بیس جنوری کو نواز شریف کو لندن سے واپس لانے کیلئے جا رہے ہیں اور انہیں لے کر ہی آئیں گے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میرا منہ لٹکا ہوا نہیں باچھیں کھلی ہوئی ہیں لیکن بتا دوں انصاف اس اور اگلی دنیا میں ملنے والا ہے، اس دنیا میں امداد کا وقت آ گیا گڈ گورننس بیڈ ہو گئی نظر نہیں آتا کدھر چلیں۔

اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا: یاسمین راشد

0

لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا، بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک میں شامل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ اس شخص کو ملے گا جس کے پاس شناختی کارڈ ہوگا، اگر کسی کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو وہ لازمی بنوالیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ جس کے بچے ہیں وہ اپنے بچوں کا بے فارم ضرور بنوائیں، جو نادرا کی لسٹ میں نہیں ہوگا اسے اس کارڈ سے فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس تمام سہولت کے لیے ہم نے ایپ بھی بنائی ہے، ایپ کا نام نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ہے، ایپ کے ذریعے تمام معلومات مل سکیں گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ امیر و غریب ہر شہری کے لیے ضروری ہے، لاہور میں 133 اسپتالوں کو صحت کارڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔ وہ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں جنہوں نے پرائیوٹ اسپتال جانے کا بھی نہیں سوچا۔

انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر کارڈ بنانے کا طریقہ کار بھی دیا ہوا ہے، مریض کے داخل ہونے کے بعد صحت کارڈ کی سہولت ہوگی، کارڈ گھر کے سربراہ کو ملے گا ہر شخص کو نہیں ملے گا۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہر ضلع میں صحت کارڈ کے لیے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے، بیوی بچوں کی رجسٹری کروانا لازمی ہے، ہیلپ لائن نمبر سے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا، گزشتہ سال پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک میں شامل ہوجائے گا۔