17.5 C
Dublin
بدھ, مئی 22, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9340

ایک اننگز میں 10 وکٹیں، اعجاز پٹیل نے بھارت کے خلاف تاریخ رقم کردی

0

ممبئی: نیوزی لینڈ کے اسپنر اعجازپٹیل نے اپنی جائے پیدائش کی جگہ پر تاریخی کارنامہ سرانجام دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ممبئی کے ویکھنڈے اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے، بھارت نے گذشتہ روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، آج بھارتی ٹیم میچ کے دوسرے روز 325 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کوہلی کے متنازع آؤٹ نے نئی بحث چھیڑ دی

اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے اسپنر اعجاز پیٹل تاریخ رقم کرگئے، کیوی اسپنر نے ایک ہی اننگز میں تمام 10 کھلاڑی آؤٹ کردئیے، اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے بولر بن گئے۔

اس سے قبل انگلینڈ کےجیمزلیکر اور بھارت کےانیل کمبلےنےاننگز میں 10وکٹیں حاصل کی تھیں،اس کے علاوہ اعجاز پٹیل بھارتی سرزمین پر ایک اننگز میں 10 وکٹیں لینے والے پہلے غیر ملکی بالر بھی بنے۔

اعجاز پٹیل نے 47.5 اوورز میں 119 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔

فرانس اور امارات کے درمیان 80 رافیل لڑاکا طیاروں کا معاہدہ

0

ابو ظہبی / پیرس: فرانس اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 80 رافیل لڑاکا طیاروں کا معاہدہ ہوا ہے جو سنہ 2027 سے امارات کو فراہم کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فرانس اور متحدہ عرب امارات نے ایک سمجھوتے پر دستخط کا اعلان کیا ہے جس کے تحت امارات کو رافیل طرز کے 80 لڑاکا طیارے فراہم کیے جائیں گے۔

یہ طیارے فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کے تیار کردہ ہیں۔

امارات کے ساتھ مذکورہ سمجھوتا طے پاتے ہی ڈاسو کمپنی کے حصص کی قیمت میں 9 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سال 2004 میں اس طیارے کے سروس میں آنے کے بعد یہ مذکورہ فرانسیسی طیاروں کا سب سے بڑا غیر ملکی آرڈر ہے۔

امارات نے 12 کریکل ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے سمجھوتے پر بھی دستخط کیے ہیں۔

امارات کو رافیل طیارے حوالے کرنے کا سلسلہ تقریباً 2 ارب یورو مالیت کے منصوبے کے تحت 2027 سے شروع ہوگا۔

سال 2011 سے 2020 تک ایک دہائی کے عرصے میں متحدہ عرب امارات فرانس کی دفاعی صنعتی مصنوعات کا پانچواں بڑا خریدار رہا۔ امارات کی جانب سے خریداری کے حجم کی مالیت 4.7 ارب یورو رہی۔

سیالکوٹ میں درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا دو ٹوک مؤقف

0

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے دو ٹوک مؤقف میں کہا درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان عبرتناک سزاسے نہیں بچ پائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا سیالکوٹ کے دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے ، ذمہ دارعناصرانسان کہلانے کے حقدار نہیں ، ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انصاف ہرصورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظربھی آئے گا، درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کےمستحق نہیں، ملزمان کوقانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

گذشتہ روز وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واقعہ صبح 11 بجکر 26 منٹ پرپیش آیا، پولیس موقع پر پہنچی، پولیس نے مشتعل ہجوم کوکنٹرول کرنے کی کوشش کی۔

راجہ بشارت نے بتایا واقعے میں ملوث 100 سے زائد افراد کو اب تک گرفتار کرچکے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے لوگوں کی شناخت کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی تحقیقات کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ واقعہ کتنے لوگوں نے شروع کیا اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعے کی اصل وجوہات کیا ہیں اس کی تحقیقات ہورہی ہیں، اس قسم کے واقعات کوکسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، جو لوگ واقعے میں ملوث ہیں انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

سیالکوٹ واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سیالکوٹ واقعے کی ابتدائی رپورٹ ارسال کردی گئی ، جس میں بتایا گیا گرفتارفیکٹری ورکرزکا دعوی ٰہے اسٹیکر پرمذہبی تحریر تھی، بادی النظرمیں اسٹیکرکوبہانہ بناکر ورکر ز نے منیجرپرحملہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ کچھ غیرملکی کمپنیوں کے وفد نے فیکٹری کا دورہ کرنا تھا ، جس پر فیکٹری منیجرنےکہا سب مشینیں صاف ہونی چاہئیں جبکہ مشین پر لگے اسٹیکر ہٹانے کا کہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتارفیکٹری ورکرزکا دعوی ٰہے اسٹیکر پرمذہبی تحریر تھی، بادی النظرمیں اسٹیکرکوبہانہ بناکر ورکر ز نے منیجرپرحملہ کیا، ورکرز پہلے ہی منیجر کے ڈسپلن اورکام لینے پر غصے میں تھے، واقعےسےقبل کچھ ورکرزکوکام چوری اورڈسپلن توڑنےپرفارغ بھی کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق مارپیٹ کا واقعہ صبح11بجےکےقریب شروع ہوا ، 11بجکر25منٹ پرپولیس کواطلاع ملی،3اہلکارموقع پر پہنچے، ہجوم زیادہ اورٹریفک جام ہونے پر پولیس کی نفری تاخیر سے پہنچی، واقعے کے وقت فیکٹری مالکان غائب ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرقانون پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں رپورٹ فائنل کی گئی، مقتول کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرا کر سری لنکا بھجوایا جائے گا ، واقعے سے متعلق 120 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔

سانحہ سیالکوٹ: یقین ہے عمران خان ذمےداروں کوکٹہرے میں لائیں گے، سری لنکن وزیراعظم

0

اسلام آباد: سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے سانحہ سیالکوٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کےپاکستان میں قتل پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی سری لنکن منیجر کے اہلخانہ کیساتھ ہے۔

وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کےعوام کو وزیراعظم عمران پر یقین ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں، کوئی غلطی نہیں ہوگی، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا ہوگی۔

یاد رہے کہ آج صبح سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمارکو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کر کے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے لاش کو نذر آتش کردیا۔

فیکٹری انتظامیہ کے مطابق پرانتھاکمارا کا تعلق سری لنکا سے تھا جبکہ وہ گزشتہ 9سال سے لیدر فیکٹری میں بطور جنرل مینیجر اپنے امور انجام دے رہے تھے۔

دکانداروں نے موٹر سائیکلیں اٹھانے پر ٹریفک عملے کی پٹائی کردی

0
ٹریفک

کراچی : دکاندار ٹریفک پولیس اہلکار پر ٹوٹ پڑے، نو پارکنگ سے موٹر سائیکل اٹھانے والے اہلکاروں کے کپڑے بھی پھاڑدیئے، پولیس نے تشدد کرنے والے افراد کو دھرلیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے صدر کے علاقے زینب النساء اسٹریٹ پر موبائل مارکیٹ کے دکانداروں نے ٹریفک پولیس عملے پر تشدد کیا، موٹرسائیکل لفٹ کرنے پر دکانداروں نے کانسٹیبل اور لفٹنگ عملے پر تشدد کیا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتعل دکانداروں نے کانسٹیبل کی وردی بھی پھاڑ دی،10سے زائد دکانداروں نے ٹریفک پولیس عملے پر تشدد کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ اہلکار کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کرلیا، پریڈی پولیس نے5افراد کو گرفتار کرلیا تشدد میں ملوث باقی ملزمان تاحال فرار ہیں، ایف آئی آر میں اہلکاروں پرتشدد اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی

0

ریاض: سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سعودی عرب کی گولڈ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں، جمعے کے روز مملکت میں بھی سونے کے نرخوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

جمعے کے روز سعودی عرب میں 24 قیراط ایک گرام سونا 213.47 ریال میں فروخت ہوا جبکہ 21 قیراط والے ایک گرام سونے کی قیمت 186.79 ریال (49.79 ڈالر ) رہی۔

سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات 18 قیراط والے سونے پر بھی پڑے جس کا ایک گرام 160.10 ریال (42.68 ڈالر) میں فروخت کیا گیا۔

مملکت کی گولڈ مارکیٹوں میں 14 قیراط والے ایک گرام سونے کے بھاؤ 124.52 ریال (33.20 ) ڈالر رہے، ایک اونس والے سونے کے بسکٹ کی قیمت جمعے کو 6 ہزار 639 ریال (1770 ڈالر) رہی جبکہ گزشتہ ماہ آخری ہفتے میں ایک اونس والے بسکٹ کی مالیت 7 ہزار 53 ریال تھی۔

گولڈ مارکیٹ میں سونے کی گینی کی قیمت 1494 ریال (398.36 ڈالر) رہی، اس حوالے سے سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

پاکستانی نوجوان دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزیراعظم

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوان دنیاکاہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتیں دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں اسپورٹس پالیسی اوراسپورٹس بورڈکےانتظامی ڈھانچے کی ازسرِنوتشکیل کاجائزہ لیاگیا۔

اسپورٹس بورڈ ، نیشنل اسپورٹس پالیسی اور صوبوں سے مشاورت پر بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے ،بورڈ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا مسودے میں کھیلوں کےفروغ اور مثبت مقابلے کی فضاکا خاص خیال رکھا گیا ہے، آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ نیا آئینی مسودہ سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے، مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کےلیےہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

اجلاس کو صوبوں سے نیشنل اسپورٹس پالیسی کی تیاری پر مشارت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا صوبوں سےتعاون بڑھا کرمیں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی اور صوبےکھیلوں کے فروغ ،کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولتیں فراہم کریں گے، مقامی سطح پرصوبوں کی طرف سے اہم کھیلوں پرترجیحی توجہ دی جائے گی۔

اجلاس کو بڑے شہروں میں ہاکی ٹرف کے حوالے سے بھی بتاتے ہوئے کہا گیا کہ اسلام آباد میں ہاکی ٹرف پر کام مکمل ہے ، ہاکی ٹرف پرواہ کینٹ، فیصل آباد، کوئٹہ پشاور، مظفر آباد اور گلگت میں کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے جاری منصوبوں پرکام معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتیں دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے، مقامی سطح پرکھیلوں میں شرکت سےنوجوانوں کومواقع دیےجائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہپاکستان اسپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا، اسپورٹس بورڈ کھیلوں کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائےگا، کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت بڑھنے سےکھیلوں کا معیار بہتر ہوگا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیاکاہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مشتعل کسانوں نے کنگنا رناوت کو گھیر لیا، معافی مانگنے کا مطالبہ

0
کنگنا

ممبئی : بھارت میں کسانوں نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو کسانوں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ رو بالی ووڈ اداکارہ منالی سے ممبئی جارہی تھیں کہ راستہ میں پنجاب کے علاقے روپڑ کے قریب اُن کے قافلہ کو مشتعل کسانوں نے گھیر لیا اور متنازعہ زرعی قوانین اور کسان تحریک کے خلاف دیئے گئے اُن کے بیانات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر کسانوں نے بالی ووڈ اداکارہ کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور دو گھنٹے کے شور شرابے اور ہنگامے کے بعد پولیس احتجاج کرنے والی ایک خاتون کو کنگنا کی گاڑی کے قریب لے گئی جس سے کنگنا نے معافی مانگی اور پھر قافلے کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔

کسانوں کے اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں اور وہ بھی کنگنا کے خلاف نعرے لگا رہی تھیں۔ مظاہرین کسانوں کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت نے کئی بار کسانوں، کسان تحریک اور یہاں تک کہ خاتون کسانوں کے بارے میں بھی غلط الفاظ کا استعمال کیا اور غلط بیانات دیے۔

اداکارہ نے کچھ روز قبل جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے پر پولیس میں شکایت درج کرائی تھی - فوٹو:فائل

ایسے میں جب تک وہ معافی نہیںمانگیں گی، ان کے قافلے کو آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔ آخر کار کنگنا کو کسانوں سے معافی مانگنی ہی پڑی۔

یاد رہے کہ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف جاری تحریک کے بارے میں کنگنا نے کئی متنازعہ بیانات دیے ہیں۔ کسان تحریک کے شروع میں کنگنا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک بزرگ خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ایسے لوگ کچھ روپے لے کر تحریک میں پہنچ جاتے ہیں۔

اس کے بعد ایک بار کنگنا نے انہوں نے مظاہرین کسانوں کو خالصتانی دہشت گرد بھی کہا تھا کنگنا کے ایسے تبصروں کے بعد سے کسانوں اور پنجاب میں ان کے خلاف زبردست غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کے خلاف کئی رپورٹس بھی درج کروائی جاچکی ہیں۔

بے حسی بڑے طوفان کاپیش خیمہ ہے، فواد چوہدری کا سانحہ سیالکوٹ پر ردِعمل

0

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سانحہ سیالکوٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا بے حسی بڑے طوفان کاپیش خیمہ ہے،ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دئیے ہیں ، بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سانحہ سیالکوٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کل سےسوچ رہاتھا سیالکوٹ واقعہ پرکیا لکھوں لفظ توبےعمل ہو گئے ، ایسے واقعات صرف 48گھنٹے تکلیف دیتے ہیں پھر سب نارمل ہوجاتاہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ احساس تب تک دفن رہتا ہے جب تک اگلا واقعہ نہ ہو، بے حسی بڑے طوفان کاپیش خیمہ ہے ، ہمارے سامنے ملکوں میں خون کے دریا بہہ گئے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دئیے ہیں ، بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے، وقت ریت کی طرح ہاتھوں سےنکل رہاہےبہت توجہ چاہیے بہت توجہ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے لاش کو نذر آتش کردیا۔