ہوم بلاگ صفحہ 9339

آصف علی نے حسن علی کی کس طرح حوصلہ افزائی کی؟

0

ڈھاکا: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز آصف علی نے بھی حسن علی کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اُن کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوینٹی کے سیمی فائنل میں آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد حسن علی کو تنقیدکا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر وہ بہت زیادہ دلبرداشتہ بھی ہوئے تھے۔

کیچ ڈراپ ہونے پر حسن علی کی آنکھوں سے آنسو چھلکے تھے، جس پر شعیب ملک نے جاکر اُن کی حوصلہ افزائی بھی کی تھی۔

میچ ختم ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر حسن علی کو صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ایک طبقہ اُن کی حمایت میں بھی سامنے آیا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں اور نامور شخصیات نے حسن علی کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا تھا کہ میچز میں اس طرح کی غلطیاں سب سے ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ہمیں کسی نے دھمکیاں نہیں دیں، اہلیہ حسن علی

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا صارفین حسن علی کی حمایت میں بول پڑے

اسے بھی پڑھیں: بابراعظم حسن علی کے دفاع میں آگئے، اہم بیان جاری

اب قومی ٹیم کے انتہائی اہم بلے باز آصف علی نے بھی فاسٹ بولر حسن علی کی حمایت میں آواز اٹھائی اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔

آصف علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں حسن علی سے کہا کہ ’مشکل وقت سب پر آتا ہے، ہم انسان ہی ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں ہیں‘۔

انہوں نے حسن علی کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’حسن علی پاکستان کا اسٹار ہے، ہم سب اُس کے ساتھ ہیں‘۔

چینی ویکسین پوری دنیا کے لیے امید کی کرن بن گئی

0

بیجنگ: دنیا کو لپیٹ میں‌ لینے والی کرونا کی مہلک ترین وبا کے دوران چین ایک ایسا ملک تھا جس کی تیار کی گئی ویکسینز پوری دنیا کے لیے امید کی کرن بن گئی ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین نے دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ کرونا ویکسین ڈوزز فراہم کی ہیں، اور ترقی پذیر ممالک کی جانب سے زیادہ تر ویکسین چین ہی سے حاصل کی گئی ہیں۔

دو برس قبل وائرس کے سامنے آتے ہی اس کے خلاف مدافعتی ویکسین کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا تھا، دنیا کو ویکسین کی فراہمی کے لیے کی جانے والی ان کوششوں پر حالیہ دنوں میں‌ دو کتابیں منظر عام پر آئی ہیں، جن میں ایک برینڈن بورل کی کتاب ’دی فرسٹ شاٹس‘ اور دوسری گریگوری زخرمان کی کتاب ’اے شاٹ ٹو سیو ورلڈ‘ ہے۔

ان کتابوں میں ویکسین کی تیاری اور اس کے پیچھے کار فرما رویوں اور سوچ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔

کتاب کے مطابق دو طرح کے رویے دنیا میں سامنے آئے، ایک تحفظ پسندی اور قوم پرستی کا اور دوسرا ویکسین کو عام استعمال کی عوامی پراڈکٹ بنانے اور ویکسین کی منصفانہ تقسیم کا۔

ایک طرف چین نے دنیا بھر میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق بھر پور کام کیا، اور دوسری طرف امریکا سمیت دیگر طاقت ور ممالک نے ویکسین کے سلسلے میں تحفظ پسندی کا مظاہرہ کیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ ان کا ملک اب تک 110 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کو ویکسین کی 1 ارب 70 کروڑ سے زیادہ ڈوز فراہم کر چکا ہے، اور اس پورے سال میں ویکسین کی 2 ارب ڈوز فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔

چین نے کوویکس کو ویکسین کی 7 کروڑ سے زیادہ ڈوز فراہم کرتے ہوئے 10 کروڑ امریکی ڈالرکا عطیہ بھی دیا۔

درفشاں سلیم کی نئی تصاویر کے چرچے

0

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈراموں ’بھڑاس‘ اور ’پردیس‘ میں شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والی اداکارہ درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر نئی تصاویر شیئر کیں جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

درفشاں نے ایک میگزین کے لیے فوٹو شوٹ کروایا جس کی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ مغربی لباس پہنے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوز دے رہی ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dur-e-Fishan Saleem (@durefishans)

اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں جنہیں اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں اور مداحوں کی جانب سے تصاویر پر تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

گزشتہ دنوں ایک ٹی وی انٹرویو میں درفشاں سلیم کا کہنا تھا کہ انہیں اگر کروڑوں روپے بھی آفر کردئیے جائیں تو بھی وہ آئٹم نمبر نہیں کریں گی۔

درفشاں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کپڑوں حتیٰ کہ ہر چیز سے متعلق خاصی حساس ہیں لہٰذا کوئی بھی ایسا کردار نہیں کرنا چاہیں گی جس میں عورت کو نمائش کے طور پر استعمال کیا جارہا ہو۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جس بھی کردار میں عورت کو بطور خاص پیش کیا جائے گا وہ اس کردار کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گی۔

درفشاں سلیم نے رواں سال مارچ میں بھڑاس ڈرامے میں شاندار اداکاری پر ایمرجنگ ٹیلنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
اداکارہ درفشاں سلیم کا نیا ڈرامہ ’عشق جنون‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر جلد نشر کیا جائے گا۔

پیراسیٹامول کی قلت: وزیر صحت پنجاب کی کمپنیوں کو پروڈکشن بڑھانے کی ہدایت

0

وزیر صحت پنجاب نے دینگی کیسز میں کمی کی نوید سنادی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پہلے 525 کیسز سامنے آتے تھے اب ڈھائی سو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما و پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دینگی کیسز اور دوا کی مصنوعی قلت سے متعلق کہا ہے کہ اس وقت تین کروڑ 75 لاکھ پیناڈول موجود ہیں جب کہ اسٹورز میں 41 کروڑ پیراسیٹامول موجود ہیں۔

یاسمین راشد نے کہا کہ 16 کمپنیاں ہیں جن کو پیراسٹامول بنانے کے لائسنس جاری ہیں اور کمپنیوں نے پروڈکشن میں کمی کی تھی جس کی وجہ سے دوا کی دستیابی میں کمی پیدا ہوئی۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ پیراسٹامول، پیناڈول اورکیل پول کی کوئی قلت نہیں ہے جب کہ ان تینوں دواؤں کی قیمت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، پیراسٹامول اور پیناڈول موجود ہے اور پیراسٹامول کی مصنوعی قلت جہاں ہوئی وہاں کارروائی کررہے ہیں۔

پنجاب کی وزیر صحت کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ پروڈکشن بڑھائیں۔

لاہور میں ڈینگی کے بڑھتے وار، پیراسیٹامول گولی نایاب

واضح رہے کہ ڈینگی کے وار بڑھتے ہی لاہور میں پیراسیٹامول کی گولی کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی ہے، جس کے خلاف سربراہ ڈریپ کی جانب سے کارروائی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

چاند پر موجود آکسیجن سے متعلق بڑا انکشاف

0

چاند کی مٹی اور پتھروں پر تحقیق کرنے والے خلائی سائنس کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ چاند پر موجود آکسیجن دنیا کے انسانوں کے لیے ایک لاکھ سال تک کافی ہوگی۔

گزشتہ ماہ اکتوبر میں، آسٹریلوی خلائی ایجنسی اور ناسا نے آرٹیمس پروگرام کے تحت چاند پر آسٹریلوی ساختہ روور بھیجنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد چاند کی چٹانوں کو جمع کرنا ہے، ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ چاند پر سانس لینے کے قابل آکسیجن فراہم کر سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں چھپنے والے ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ چاند پر موجود مٹی، پتھروں اور چٹانوں پر اتنی آکسیجن موجود ہے کہ وہ دنیا کے 8 ارب انسانوں کے لیے ایک لاکھ سال تک بھی کم نہیں ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سائنس دان چاند کی مٹی اور چٹانوں سے آکسیجن لے کر انسانوں کے لیے قابل استعمال بنانے کا طریقہ وضع کر لیں تو چاند پر انسانوں کی بستیاں بسائی جا سکتی ہیں، کیوں کہ یہ آکسیجن مرکبات کی شکل میں ہے، جب کہ چاند پر ہوا کا تناسب نہ ہونے کا برابر ہے، اور ہوا میں زیادہ مقدار ہیلیم، نیون اور ہائیڈروجن کی ہے۔

ماہرین کے مطابق معدنیات جیسا کہ سیلیکا، ایلومینیم، آئرن اور میگنیشیم آکسائیڈز چاند کی زمین کی سطح پر بڑی مقدار میں موجود ہیں، اور یہ تمام معدنیات آکسیجن پر مشتمل ہوتی ہیں، لیکن اس شکل میں نہیں جس تک ہمارے پھیپھڑے رسائی حاصل کر سکیں۔

یہ مواد ان گنت ہزار سالوں سے چاند کی سطح پر ٹکرانے والے شہابیوں کے اثرات کے نتیجے میں آیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ چاند کی چٹانوں میں 45 فی صد تک آکسیجن موجود ہے، لیکن ان مرکبات کو توڑ کر آکسیجن کو خالص شکل میں لانے کے لیے بہت زیادہ مقدار میں توانائی صرف کرنے کی ضرورت پڑے گی۔

اس لیے اگر چاند پر توانائی کا انتظام کر کے آکسیجن حاصل کی جائے، یا کوئی ایسا طریقہ ایجاد کر لیا جائے کہ کم توانائی کے استعمال سے ہی آکسیجن کو مرکبات سے الگ کیا جا سکے، تو چاند پر انسانی زندگی کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔

آئی سی سی ’ہال آف فیم‘ میں کن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا؟

0

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہال آف فیم میں مزید کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ہال آف فیم میں سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردھنے، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شون پولک اور انگلینڈ کی سابق ویمن کرکٹر جینٹ بریٹن کو شامل کیا گیا ہے۔

مہیلا جے وردھنے نے 149 ٹیسٹ میچز میں 11 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔

سابق سری لنکن کھلاڑی نے 448 ون ڈے انٹرنیشنل میں ملکی نمائندگی کی اور 19 سنچریوں، 77 نصف سنچریوں کی مدد سے 12 ہزار 650 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شون پولک 108 ٹیسٹ اور 303 ون ڈے میچز میں ملکی نمائندگی کی۔

شون پولک نے ٹیسٹ کیریئر میں 421 وکٹیں حاصل کیں اور 3781 رنز اسکور کیے جبکہ ون ڈے میں 393 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور 3519 رنز اسکور کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔

اس سے قبل حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم کو سال 2009 جب کہ وقار یونس کو سال 2013 میں اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

آئی سی سی ہال آف فیم میں انگلینڈ کے 29، آسٹریلیا کے 27، ویسٹ انڈیز کے 18، بھارت کے 6، جنوبی افریقا کے 5، نیوزی لینڈ کے 3 اور سری لنکا کے دو کرکٹرز شامل ہیں۔

احتجاجوں سے مہنگائی کم ہونے والی نہیں، گورنر سندھ

0
عمران اسماعیل

کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبے میں آٹے اور گندم کے بحرام کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبہ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اشیاء ضروریہ کے بحران کا ذمہ دار پیپلز پارٹی حکومت کو قرار دیا ہے۔

عمران اسماعیل نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جلسے اور احتجاج کی آڑ میں کاروبار بند کرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آٹے اور گندم کے ذخائر پر سندھ حکومت قابض ہے اور بحران کی ذمہ دار بھی حکومتِ سندھ ہے۔

انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹ موؤمنٹ کو چلا ہوا کارتوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے احتجاجوں سے مہنگائی کم ہونے والی نہیں ہے۔

بلوچستان میں ’بیرونی حمایت یافتہ‘ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن، تین جوان شہید

0

کوئٹہ: بلوچستان کے ایک ضلع میں ’بیرونی حمایت یافتہ‘ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے تین جوانوں نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’کلیئرنس آپریشن‘ کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں سپاہی انعام اللہ شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلےمیں سپاہی رمضان اور لانس نائیک لیاقت اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ فورسز ملک دشمن عناصرکو شکست دینےکیلئے پر عزم ہیں، بلوچستان میں امن واستحکام اور ترقی کا عمل کسی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں متحرک ہونے کی کوشش کرنے والے شدت پسندوں اور علیحدگی پسند گروپوں کے خلاف پاک فوج کی جانب سے اکثر کارروائیاں کی جاتی ہیں، جس میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ پاک فوج کےجوان بھی جام شہادت نوش کرتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز پولیس اہلکار کی آواز بن گیا

0

ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل سکھر نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے محکمہ جیل کے پولیس اہلکار کی چھٹی منظور کرتے ہوئے ہیڈ محرر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروا دی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر گھوٹکی میں محکمہ جیل کے پولیس اہلکار نے افسران کی مبینہ ناانصافی کے خلاف چیخ و پکار کی اور جیل کے گیٹ پر بچوں کو فروخت کرنے کے لیے آوازیں لگا رہا تھا۔

پولیس اہلکار کے احتجاجاً بچے فروخت کرنے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز پر نشر ہوتے ہی ڈی آئی جی جیل خاجات راجہ ممتاز نے اہلکار کے احتجاج کا نوٹس لیا اور اہلکار بچے کے علاج کےلیے مالی معاونت اور ہیڈمحرر کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی آئی جی جیل سکھر کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل کے پولیس اہلکار کو چھٹی دے دی گئی ہے اور جیل سپریٹنڈنٹ سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

واضح رہے کہ بچے کے علاج کےلیے چھٹی نہ ملنے اور رشوت طلبی کے خلاف پولیسو اہلکار نے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

پولیس اہلکار بچے فروخت کرنے جیل کے گیٹ پر پہنچ گیا

پولیس اہلکار نثار لاشاری کا کہنا تھا کہ جیل کے افسران کی زیادتیوں نے بچے فروخت کرنے پر مجبور کردیا۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ 17 نومبر کو بچے کا گمبٹ کے اسپتال میں آپریشن ہے، چھٹی کے لیے ہیڈ محرر کی جانب سے 20 ہزار روپے رشوت مانگی گئی، ہیڈ محرر عزیز نے رشوت نہ دینے پر لاڑکانہ جیل تبادلہ کرادیا۔

زارا ترین نے شادی کے بعد شوہر کیساتھ نئی تصویر شیئر کردی

0

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف اداکارہ زارا ترین نے شوہر کے ساتھ نئی تصویر شیئر کردی۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا ترین نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شوہر فاران طاہر کے ہمراہ نئی تصویر شیئر کی جس میں وہ بے حد خوش نظر آرہی ہیں۔

اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’ہم ممکنہ طور پر آپ میں سے ہر ایک کو جواب نہیں دے سکتے جس نے ہمیں میسج کیا اور کال کی اور ہمیں غیر مشروط محبت بھیجی لیکن ہم دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے لیے آپ سب کے شکر گزار ہیں۔‘

زارا ترین نے لکھا کہ ’اس ہفتے کے بعد ہم جتنا ہوسکے مداحوں کو جواب دینے کی کوشش کریں گے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے شکر گزار ہیں جو ہمارے ساتھ خوشیوں میں شامل ہوئے، ہم آپ سے پیار کرتے ہیں اور اپنی زندگی کے خوبصورت باب کو شروع کررہے ہیں۔

واضح رہے اداکارہ زارا ترین اور فاران طاہر گزشتہ دنوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، دونوں فنکاروں کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

یاد رہے کہ فاران طاہر پاکستانی اداکار نعیم طاہر اور یاسمین طاہر کے بیٹے ہیں جو لاس اینجلس میں پیدا ہوئے، فاران طاہر نے مشہور ہالی وڈ فلم اسٹار ٹریک، اسکیپ پلان اور آئرن مین میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔