ہفتہ, نومبر 2, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9963

مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

0
ایلون مسک

ویسے تو پاکستانیوں کو ہر روز ہی یہ سننا پڑتا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے اسی وجہ سے ان کے لیے بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے، تاہم حقیقت یہی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک کو بھی پریشان کردیا ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتےہوئے افراط زر کی وجہ سے اسٹار لنک کی خدمات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دنیا بھرمیں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظرمیں اسپیس ایکس نے مئی 2022 سے اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 99 ڈالرسے بڑھا کر110 ڈالرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے سبسکرپشن اور ڈش ہارڈ ویئر کی قیمتوں میں اضافے کی بابت صارفین کو بہ ذریعہ ای میل آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

اسپیس ایکس نے ماہانہ سبسکرپشن فیس کے علاوہ اسٹار لنک سیٹلائٹس سے جوڑنے والے ڈش اور دیگر ہارڈ ویئرکی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے جس کے بعد نئے صارفین کو انٹرنیٹ سروسز حاصل کرنے کے لیے 100 ڈالر کی اضافی ادائیگی کرنی پڑے گی۔

اس سے قبل نئے کنکشن کے لیے استعمال کنندگان کو 499 ڈالرز دے کر اسٹار لنک ڈش کو خریدنا پڑتا تھا تاہم اب اس کے لیے 599 ڈالرز ادا کرنے پڑیں گے، تاہم ایسے صارفین جو پہلے ہی آرڈر کر چکے ہیں جو اب 499 کی جگہ 549 ڈالرز ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے لاجسٹک اور خام مال کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے، اور اسپیس ایکس کی کوریج اور استعداد کارمیں اضافے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرنا ضروری ہوگیا ہے۔

اولاد نے بزرگ والدین کو بے سہارا چھوڑ دیا، عدالت کا اہم فیصلہ

0

پشاور: ہائی کورٹ کے جج جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ والدین ایک کمرے میں 8 بچوں کو پال سکتے ہیں لیکن بڑے ہوکر وہی اولاد بوڑھے ماں باپ کو نہیں سنبھال سکتے، بیوی کا بھی حق ہے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا بھی لیکن والدین کا حق سب سے پہلے نمبر پر اور سب سے زیادہ ہے۔

پشاور ہائیکورٹ میں بوڑھے والدین کو بچوں کی طرف سے بے سہارا چھوڑے جانے کے ایک کیس میں عدالت نے برزگ والدین کے پانچ بیٹوں پر ہر مہینے 26 سے 28 تاریخ تک تین تین ہزار روپے والدین کو دینے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو تمام بیٹوں سے تین تین ہزار روپے لے کر ان کے والدین تک پہنچانے کی ہدایت کی، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ایس ایچ او کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھیں، ان کا جو بیٹا بیرون ملک مقیم ہے، ان کے گھر کا پتا کر کے ان کی بیوی کو اطلاع دیں، کہ اپنے شوہر کو آگاہ کرے کہ ہر مہینے تین ہزار روپے والدین کے لیے بھیجیں، اگر پیسے نہیں بھیجتے تو پھر ہم ان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیں گے۔

قبل ازیں، بوڑھے والدین کو بے سہارا چھوڑنے پر بیٹوں کے خلاف دائر کیس میں ایس ایچ او نے بیٹوں کو بغیر ہتھکڑیوں کے عدالت میں پیش کیا تو عدالت نے ایس ایچ او کی سرزنش کر دی، جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ ہم نے ان کی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے، بغیر ہتھکڑی کیوں پیش کیا، ہتھکڑیوں میں ان کو لاتے تو ان کو کچھ احساس ہوتا۔

جسٹس روح الامین نے والدین کو بے سہارا چھوڑنے والے بیٹوں سے استفسار کیا کہ آپ کی شادیاں کس نے کرائیں، کیا خود شادی کی یا والدین نے شادی کا خرچہ برداشت کیا، اس پر عدالت میں موجود تینوں بھائیوں سے جواب دیا کہ والدین نے ان کی شادیاں کی ہیں، جسٹس روح الامین نے کہا کہ آپ کے والدین عدالت میں کھڑے ہیں اور شکایت کر رہے ہیں کہ آپ لوگوں نے اس عمر میں ان کو بے سہارا چھوڑا ہے، آپ لوگوں کو کچھ محسوس نہیں ہو رہا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ آپ تینوں نے داڑھی رکھی ہے اور ٹوپیاں پہنی ہیں، ایہ اچھی بات ہے نیکی کے کام کرنا چاہیے لیکن جب تک آپ والدین کی خدمت نہیں کریں گے اللہ آپ کو نہیں بخشے گا۔

عدالت میں بے آسرا ماں نے اپنی آنکھیں پونچھتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان کے پانچ بیٹے ہیں تین عدالت میں موجود ہیں، ایک بیرون ملک ہے، لیکن ہم اکیلے رہ رہے ہیں، ایک بیٹا ہے اس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں، گھر کا 6 ہزار ماہانہ کرایہ ہے اور اس کے علاوہ 2 ہزار بجلی کا بل بھی ہے، لیکن ان کے بچوں نے انھیں چھوڑ دیا ہے اور اب وہ خود کوئی کام بھی نہیں کرسکتی، شوہر بیمار ہے کل بھی اسپتال لے کر گئی لیکن علاج کے پیسے نہ ہونے پر واپس گھر آ گئے۔

ماں نے بتایا کہ ایک کمرے میں نے 8 بچوں کو پالا تھا لیکن اب میرا کوئی آسرا نہیں ہے، بزرگ خاتون کی فریاد پر عدالت میں موجود زیادہ تر لوگ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، اور آبدیدہ ہوگئے۔

جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ کتنی مشکل سے ان ماں پاب نے آپ کو بڑا کیا ہوگا آپ لوگ ان کا خیال نہیں رکھیں گے تو کون رکھے گا، بیوی کا بھی حق ہے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا بھی حق ہوتا ہے لیکن بزرگ والدین کی خدمت سب سے پہلے ہے، ابھی اس سے پہلے ایک کیس سن رہے تھے ہم، 4 بیٹوں نے والد پر جان قربان کر دی تھی، والدین کے قدموں تلے جنت کا کہا گیا ہے اور آپ لوگوں نے بزرگ والدین کو ایسے چھوڑ دیا ہے، ہم آپ کو ایک مہینے کے لیے ڈی آئی خان جیل بھیج دیں گے، رمضان کا مہینہ جیل میں بیوی بچوں سے دور گزاریں گے تو کچھ احساس ہوگا۔

عدالت میں موجود بزرگ والدین کے بڑے بیٹے نے والدین کو ساتھ لے جانے پر رضا مندی ظاہر کی تو عدالت نے ان کو والدین ساتھ لے جانے کی اجازت دے دی، اور ہر مہینے تین تین ہزار روپے تمام بھائیوں سے والدین کو دینے کا حکم دے دیا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے عدالت میں موجود ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل مجاہد علی خان سے استفسار کیا کہ حکومت کا ایسا کوئی پروگرام نہیں ہے جس سے ایسے لوگوں کی امداد ہو سکے، اے اے جی نے عدالت کو بتایا کہ احساس پروگرام اور بیت المال سے ہو سکتی ہے ان کی مدد، اس پر جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ احساس پروگرام تو ہے لیکن لوگوں میں احساس نہیں ہے۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ اے اے جی صاحب والدین کے تحفظ کے لیے آپ لوگوں نے جو آرڈیننس بنایا تھا کیا وہ صرف دکھانے کے لیے تھا، صوبائی حکومت کو اس حوالے سے قانون سازی کرنی چاہیے تاکہ ایسے والدین کی مدد کی جا سکے، عدالت نے اے اے جی مجاہد علی خان کو برزگ والدین کو صحت کارڈ اور احساس پروگرام سے مدد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

‘ممکن ہے کہ ریفرنس واپس بھیج دیں’، صدارتی ریفرنس پر جسٹس اعجاز الاحسن کے ریمارکس

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ ممکن ہےکہ ریفرنس واپس بھیج دیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔

آج اٹارنی جنرل نے صدارتی ریفرنس سے متعلق اپنے دلائل دئیے اس دوران انہیں ججز صاحبان کی جانب سے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا، جسٹس منیب اختر نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 63اے نشست خالی ہونےکاجواز فراہم کرتا ہے، کیا آرٹیکل 63اے سے انحراف پر آرٹیکل 62 ون ایف لگےگا؟

جسٹس جمال خان نے ریمارکس دئیے کہ کوئی رکن ووٹ ڈالنےکےبعد استعفیٰ دیدے تو کیاہوگا؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بھارت میں ایک رکن نےپارٹی کےخلاف ووٹ دیکراستعفیٰ دیاتھا، بھارتی عدالتوں نے مستعفی رکن کو منحرف قرار دیاتھا، پارٹی سےانحراف پر کسی کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔

جسٹس جمال خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لوٹوں کی سپورٹ کرنےوالا میں آخری شخص ہوں گا، پارٹی سےانحراف کرنے والےکےخلاف الیکشن کمیشن موجودہے،کوئی چوری کرنے والےکا ساتھ جائےتو کیاہوگا؟صدر مملکت کو ایسا مسئلہ کیاہےجو رائےمانگ رہےہیں؟ صدر کے سامنے ایسا کونسا مواد ہےجس پر سوال پوچھے؟۔

 

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ صدر پاکستان نےآئین کی تشریح کا کہا ہے، تشریح سےادھر ادھر نہیں جاسکتے، ممکن ہے کہ ریفرنس واپس بھیج دیں، بعد ازاں کیس کی سماعت پیر کی دوپہر 1 بجے تک ملتوی کردی گئی، اٹارنی جنرل پیر کو اپنے دلائل مکمل کرلیں گے۔

اٹارنی جنرل کے دلائل اور معزز ججز صاحبان کے ریمارکس

  اس سے قبل سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ  پارلیمنٹ میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں ہوتی ہیں، مخصوص نشستیں پارٹی کی جانب سے فہرست پرملتی ہیں، ان ارکان نے عوام سے ووٹ نہیں لیا ہوتا۔

اٹارنی جنرل کے دلائل کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ آئین میں کہیں واضح نہیں کہ پارٹی سے وفاداررہنا ہے یا نہیں تاہم خیانت کی قرآن میں بہت سخت سزا ہے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ مخصوص نشستوں والے ارکان بھی سندھ ہاؤس میں موجود تھے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپکے مطابق پارٹی کو ووٹ نہ دینے والے خیانت کرتے ہیں، کیا کوئی رکن ڈیکلریشن دیتا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کاپابند رہے گا؟۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دئیے کہ کیاممبر شپ فارم میں رکن ڈیکلریشن دیتاہےکہ ڈسپلن کا پابند رہےگا، اگرپارٹی ممبر شپ میں ایسی یقین دہانی ہےتوخلاف ورزی خیانت ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آئین میں کہیں واضح نہیں کہ پارٹی سے وفادار رہناہےیا نہیں لیکن خیانت کی قرآن میں بہت سخت سزا ہے اور اعتماد توڑنے والے کو خائن کہا گیا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وزیراعظم نےاپنےعہدےکاحلف اٹھایاہوتاہے، کیا کوئی رکن وزیراعظم پرعدم اعتمادکا اظہارکرسکتا ہے؟ اگروزیر اعظم آئین کی خلاف ورزی کرے تو کیا رکن قومی اسمبلی پھرساتھ دینےکاپابندہے؟

جس پر اٹارنی جنرل نے ریمارکس دئیے کہ پارٹی ٹکٹ ایک سرٹیفیکٹ ہے جس پر انتحابی نشان ملتا ہے جبکہ وزیراعظم اور رکن اسمبلی کے حلف میں فرق ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے اس موقع پر ریمارکس دئیے کہ ووٹرانتخابی نشان پرمہرلگاتےہیں کسی کےنام پرنہیں، پارٹی نشان پر الیکشن لڑنےوالےجماعتی ڈسپلن کےپابند ہوتے ہیں۔

سائنوویک کی بوسٹر ڈوز، معمر افراد کے لئے نئی امید

0

چین کی تیار کردہ سائنوویک کرونا ویکسین بیماری کی شدت کو کم کرنے اور موت کے خطرات کو ٹالنے میں مؤثر ثابت ہوئی، اسی لیے ماہرین سائنو ویک کی بوسٹر ڈوز کو معمر افراد کیلئے ضروری قرار دیا ہے۔

یہ انکشاف ہانگ کانگ میں ہونے والی ایک تحقیق میں کیا گیا، جس میں اومیکرون قسم کی لہر سے متاثر مریضوں پر تحقیق کی گئی، تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوا کہ سائنو ویک کی دو خوراکیں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو بیماری کی شدت سے 72 اور موت کے خطرات کو ٹالنے میں 77 فیصد مؤثر ہے۔

تحقیق کے نتائج میں دریافت ہوا کہ سائنو ویک کی تیسری خوراک معمر افراد کو پیچیدگیوں اور موت سے بچانے میں 98 فیصد تک مؤثر ہے۔

چین میں 87 فیصد سے زیادہ آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے اور وہاں زیادہ تر کو سائنو ویک ویکسین کا ہی استعمال کرایا گیا ہے۔

‘اکتوبر2023 میں الیکشن ہوگا اورعمران خان دوتہائی اکثریت لیکر واپس آئیں گے’

0

اسلام آباد : سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ اکتوبر2023 میں الیکشن ہوگا اورعمران خان دوتہائی اکثریت لیکر واپس آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے بایر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 27مارچ کے جلسے کی پوری تیاری ہے کارکنان پرجوش ہیں، 27 مارچ کے جلسے میں وزیراعظم عمران خان اہم خطاب کریں گے ، ووٹنگ سے ایک دن پہلے یا ووٹنگ کے وقت عمران خان اہم کارڈ سامنے لائیں گے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، پوری قوم حق کے ساتھ کھڑی ہے، عدم اعتمادکی جب ووٹنگ ہوگی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، اپوزیشن کو ان کا مطلوبہ نمبر حاصل نہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ اکتوبر2023 میں الیکشن ہوگا اور عمران خان دو تہائی اکثریت لیکر واپس آئیں گے، قوم جاگ گئی اپوزیشن کو برا نہیں کہتے جو ہمارے لیے کیا ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جلسوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق جو جلسہ کرنا ہےآجائے، قانون کےخلاف کچھ کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔

فیصل جاوید نے مزید کہا کہ 27مارچ کے جلسے میں عوام بھرپور شرکت کریں گے کہ اپوزیشن کی کانپیں ٹانگ جائیں گی۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس نے سیاست کرنی ہے کیا وہ عوام کیخلاف جاسکتا ہے، عوام کے خلاف جانے والے کی سیاست ختم ہوجائےگی، پاکستان کے عوام اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانی جلسے کیلئے ہمیں ڈونیشن دےرہےہیں، آج وہ جذبہ ہے جو پاکستان بنانے کی تحریک کے وقت تھا۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن سےہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، عمران خان نے ایکشن لیکراپنےایم پی ایز کو فارغ کیا، پیسے کی سیاست کو ختم کرنے کیلئے ہم نے کوشش کی، سپریم کورٹ اس لیے آئے ہیں تاکہ ہارس ٹریڈنگ ختم ہو۔

سینیٹر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جمہوریت جمہور سے ہوتی ہے، جس نےعمران خان کےنام پرووٹ لیااس کوترجمانی کرنی ہوگی۔

کل تک 4 منحرف ارکان واپس آجائیں گے، فواد چوہدری کا دعویٰ

0

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ کل تک 4 منحرف ارکان واپس آجائیں گے اور فضل ڈھانڈلہ آج پریس کانفرنس میں واپسی کا اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اجلاس پیر تک ملتوی کیے جانے کے بعد اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس ملتوی کرنے کے ایجنڈے پر اپوزیشن متفق تھی کیونکہ کئی عشروں سے یہ روایت چل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا تھا آخری پتا ابھی ہم نے کھیلنا ہے اور اپوزیشن نے کہا ہم حکومت گرادیں گے یہ اتنا آسان نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا ووٹنگ کے لئے 5 دن کا وقت ہوتا ہے، تین دن کے لئے تحریک عدم اعتماد پر بحث ہوناہوتی ہے، آج انھیں ایک سرپرائز ملا ہے اگلا سرپرائز ان کو 27 کو ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چار منحرف ایم این ایز سے رابطے میں ہیں ،ایک آج پریس کانفرنس کریں گے ، امید ہے کل تک 4 لوگ واپس آجائیں گے، فضل ڈھانڈلہ آج پریس کانفرنس میں واپسی کا اعلان کردیں گے۔

کون سے موبائل فونز ہیں جن پر جلد واٹس ایپ چلنا بند ہوجائے گا؟

0
واٹس ایپ

واٹس ایپ دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لیے سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی اور مقبول ترین ایپ ہے، تاہم اب کچھ فونز میں واٹس ایپ نہیں چلے گا۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے موبائل فونز کی ایک لسٹ مہیا کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ان موبائل فونز پر 31 مارچ 2022 کے بعد واٹس ایپ نہیں چلے گا۔

کمپنی کے مطابق واٹس ایپ بند کیے جانے کی کئی وجوہات ہیں جن میں اسپامنگ، فیک نیوز پھیلانا، تبدیل شدہ ایپلی کیشنز استعمال کرنا اور فونز کا اینڈرائیڈ 4.1 یا اس سے پرانے ورژنز استعمال کرنا شامل ہے۔

جاری کی گئی موبائل فونز کی فہرست میں سام سنگ گلیکسی ٹرینڈ لائٹ، سام سنگ گلیکسی ایس 3 منی، سام سنگ گلیکسی ایکس کور2، سام سنگ گلیکسی کور، ایل جی لوسڈ 2، ایل جی آپٹمس ایف 7، ایل جی آپٹمس ایل 3 ڈیوئیل، ایل جی آپٹمس ایل 4، ایل جی آپٹمس ایل 2 اور ایل جی آپٹمس ایف 3 کیو شامل ہیں۔

علاوہ ازیں زیڈ ٹی ای گرانڈ ایس فلیکس، زیڈ ٹی ای وی 956، سونی ایکسپیریا ایم، ہواوے اسینڈ جی 740، ہواوے اسینڈ میٹ، اے ایس سی ڈی 2، آئی فون 6 ایس، آئی فون ایس ای اور آئی فون 6 ایس پلس شامل ہیں۔

سعودی عرب میں 600 ملازمتیں

0

ریاض : سعودی حکام نے معذور افراد کےلیے سرکاری و نجی شعبوں میں ملازمت کے چھ سو مواقع پیش کردئیے۔

عرب میڈیا کے مطابق خلیجی ریاست سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں تمکین نمائش کا انعقاد کیا جس میں اشاروں کی زبان کی بنیادی باتیں، سی وی رائٹنگ، ذاتی انٹرویوز، لیبرمارکیٹ میں معذور افراد کے حقوق پرسیمینار، بااختیار بنانے میں خاندان کا کردار، معذور افراد کی کامیابی کی بہت سی کہانیاں اور متعدد چیزیں شامل تھیں۔

اس تمکین نمائش کا اہتمام اتھارٹی فاردی کیئر آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز نے کیا تھا جس کا مقصد معذور افراد کی قابلیت کو کاروباری شعبے سے جوڑنا تھا۔

اس نمائش میں معذور افراد کےلیے چھ سو سے زائد ملازمتیں پیش کی گئیں۔

اس نمائش کا انعقاد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت ہوا جس کا مقصد معذور افراد کو بااختیار بنانا ہے۔

کراچی ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے عملے نے 8 سالہ بچے کو بڑے حادثے سے بچا لیا

0

کراچی: ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے 8 سالہ بچے کو بڑے حادثے سے بچا لیا، بچہ آدھے گھنٹے تک لفٹ میں پھنسا رہا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لفٹ میں پھنسے آٹھ سال کے بچے کو حادثے سے بچا لیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ گراونڈ فلور سے 1 فلور انٹرنیشنل ڈیپارچر لاونج آرہا تھا کہ لفٹ میں پھنس گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بچے کی والدہ لفٹ سے باہر آگئیں تھی لیکن بچہ لفٹ کے پینل پر نصب بٹنوں سے کھیلنے لگا اور لفٹ کا دورازہ اچانک بند ہونے سے لفٹ درمیان میں پھنس گئی۔

جس کی وجہ سے بچہ لفٹ میں آدھے گھنٹے تک پھنسا رہا ، ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر نصرت اسحاق نے اطلاع پر لفٹ کو اسٹاپ کرواکر مینول طریقے سے دروازے کے ذریعے بچے کو باہرنکالا۔

ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا بچہ اور اس کی والدہ کراچی سے دبئی جا رہے تھے۔

حکومت کے ساتھ ہوں، تحریکِ انصاف کے ناراض رکن 3 ماہ بعد قومی اسمبلی پہنچ گئے

0

اسلام آباد : تحریکِ انصاف کے ناراض رکن احمد حسین دیہڑ کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ ہوں ، میرے کچھ مسائل ہیں جو وزیراعظم حل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے ناراض رکن احمد حسین دیہڑ تین ماہ بعد قومی اسمبلی پہنچ گئے، اس موقع پر احمد حسین دیہڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کے ساتھ ہوں، جلد ہی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا۔

ناراض رکن کا کہنا تھا کہ میرے کچھ مسائل ہیں جو حکومت حل کر رہی ہے۔

دوسری جانب ناراض پی ٹی آئی رکن احمد حسین دیہڑا نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج پی ٹی آئی رکن کی حیثیت سےقومی اسمبلی گیا، میرےپانچ مطالبات ہیں ، عمران خان سےاپیل ہے ان پر عملدرآمد کرائیں۔

احمد حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں ، عدم اعتماد پر ووٹنگ تک کا وقت دیتا ہوں، مطالبات پورے ہونے پرہی وزیراعظم سےملاقات کروں گا۔

انھوں نے مزید کہا پیسے لینے کے الزام پر ہتک عزت کے دعوے کا سوچ رہا ہوں، غریب کے سکھ کے مطالبات پورے کریں، اگرمطالبات پورے نہیں ہوئے تو آخری وقت پر اپنا فیصلہ کروں گا۔

یاد رہے اس سے قبل تحریک انصاف کے ناراض ایم این اے احمد حسین دیہڑ نے عدم اعتماد کی ووٹنگ والےدن اسمبلی نہ جانے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف کے ناراض ایم این اے احمد حسین نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اپوزیشن سےملاقات کی نہ ہی سندھ ہاؤس گیا، اپوزیشن جانتی ہے میں وقت پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، میں دغا کرنیوالا نہیں تھا اورنہ ہی اب کروں گا۔

احمد حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی کےساتھ کھڑا ہوں اورکسی اور کےساتھ جانےکا اعلان نہیں کیا، مطالبات پورے نہ ہوئےتو سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں گا۔