جمعہ, نومبر 1, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9978

اسلاموفوبیا کیخلاف 15 مارچ کوعالمی دن قرار دینا بڑی کامیابی ہے، سعودی وزیر خارجہ

0

اسلام آباد : سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان السعود نے پاکستان کو اوآئی سی وزرائےخارجہ اجلاس کےانعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا اسلاموفوبیا کیخلاف پندرہ مارچ کوعالمی دن قرار دینا بڑی کامیابی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان السعود نے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کو او آئی سی وزرائےخارجہ اجلاس کےانعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کیخلاف پندرہ مارچ کوعالمی دن قرار دینا بڑی کامیابی ہے، اوآئی سی ممالک یکجہتی اور مشترکہ مفادکے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، دسمبر 2021میں افغانستان سےمتعلق اوآئی سی کااجلاس کامیاب رہا۔

افغانستان کے حوالے سے شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا افغانستان میں امن کیلئے اوآئی سی ممالک کاکرداراہم ہے،افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہا فلسطین اور اسرائیل کو مذاکرات سےتنازع حل کرناچاہیے، عالمی قراردادوں کے مطابق فلسطین کے معاملے کا حل چاہتے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے روز دیا کہ کشیدگی کم کرنے کیلئے دونوں ممالک مذاکرات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اوآئی سی دوسری بڑی تنظیم ہےجودنیا کی آدھی آبادی کی نمائندگی کرتی ہے، اوآئی سی وزرائے خارجہ کے اڑتالیس ویں اجلاس کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔

اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے فریم ورک تیار کیا جائے، پاکستان کا اوآئی سی سے مطالبہ

0

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا اوآئی سی سے مطالبہ ہے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے فریم ورک تیار کیا جائے ، اوآئی سی سے اسلاموفوبیا کے خاتمے میں مؤثر حکمت عملی وضع کی جاسکے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس سے خطاب میں پاکستان میں تمام وزرائے خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا اوآئی سی دنیا بھر میں 2بلین مسلمانوں کی نمائندگی کرتاہے، بطوررکن پاکستان مسلم ممالک کےدرمیان رواداری کو فروغ دے گا۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ اوآئی سی مسلم امہ کی مشترکہ آواز ہے، یہ مسلم ممالک کےدرمیان اتحاد اور یکجہتی کیلئے کام کررہی ہے۔

وزیرخارجہ نے اسلاموفوبیا کیخلاف 15مارچ کا دن منانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلاموفوبیا کیخلاف قرارداد کی منظوری کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر اوآئی سی کا خصوصی اجلاس کرایا، افغان بحران سے نمٹنے کیلئے اوآئی سی مشن کا کابل میں قیام عمل میں لایاگیا اورٹرسٹ فنڈ قائم کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی بڑھنےسے تمام ممالک پر اثر پڑا ، پاکستان اوآئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

عالمی کشیدگی سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مغرب اور مشرق کے درمیان کشیدگی سے عالمی امن کو خطرہ ہے، یمن سے لیکر شام تک مسلم ممالک کو تنازعات کا سامنا ہے ، جس سے دنیا کو اس وقت ہنگامہ خیز صورتحال کا سامنا ہے ، فلسطین کے عوام کو ان کا حق نہیں دیاجارہا ہے ،مسلمان ممالک میں بیرونی مداخلت جاری ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مسلم ممالک مہاجرین کی سب سے زیادہ میزبانی کررہا ہے ، دنیا میں دوتہائی مہاجرین کا تعلق 5مسلمان ملکوں سے ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سال 2022 کو انویسٹمنٹ فار یوتھ کے نام کیا ہے ، مسلم دنیا کو اپنی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ تنازعات کے باعث ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری حق خود ارادیت کی جنگ لڑرہےہیں، مقبوضہ کشمیر میں خونریزی جاری ہے، آرایس ایس نظریے سے متاثر بھارتی حکومت کشمیریوں پر مظالم کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی طرح کشمیر میں آبادی کا تنازسب بدلنے کی کوشش ہورہی ہے، پاکستان اور بھارت کےدرمیان مسئلہ کشمیر واحد تنازع ہے، بھارت میں ہندوتوا سوچ کے باعث مسلمان بھی مشکلات کا شکار ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا اسلاموفوبیا کے واقعات سے دنیا بھر کےمسلمانوں کو تکلیف پہنچتی ہے ، اوآئی سی سے اسلاموفوبیا کے خاتمے میں مؤثر حکمت عملی وضع کی جاسکے گی، اوآئی سی سے مطالبہ ہے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے فریم ورک تیار کیا جائے۔

موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک میں کرپشن، اثاثوں کی غیرقانونی منتقلی اہم مسئلہ ہے ، مسلم ممالک میں معاشی ناانصافی کے باعث لوگ مشکلات سے دوچار ہیں، مالیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے مسلم ممالک میں مضبوط تعلقات کااہم کردار ہوسکتا ہے، پسماندگی ،غربت اور کرپشن معاشرے کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا افغانستان کی صورتحال سے متعلق توجہ دلانا چاہتا ہوں، افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنا ہماری اولین ترجیح ہے ، افغانستان میں ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروپوں سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کی ضرورت ہے اورافغانستان میں امن ، بحالی اور ترقی مغرب کیلئے بھی سود مند ہے۔

پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا، آسٹریلوی کپتان

0

آسٹریلوی وائٹ بال اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے میلبرن میں ٹریننگ شروع کردی، بین ڈارشیوس بھی وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ہوگئے۔

پاکستان کے دورے سے قبل ٹریننگ کے موقع پر ایرون فنچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم منتظر ہیں کہ اب وائٹ بال کرکٹ سیریز کھیلیں اور ون ڈے کرکٹ کےلیے ردھم میں آنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ ففٹی اوور کے ورلڈ کپ کا کمبی نیشن بنانے کےلیے کام کریں گے۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے سیریز میں سخٹ مقابلہ ہوگا کیوں کہ کھلاڑی باصلاحیت ہیں انہیں خود پر اعتماد ہے کہ وہ اچھا کرسکتے ہیں اور ہمارے کھلاڑی ون ڈے میں بھی اچھا کھیلیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر کین رچرڈ سن دورہ پاکستان سے باہر ہوگئے ہیں کین رچرڈسن انجری کے باعث دورہ پاکستان سے باہر ہوئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ کین رچرڈ سن کی جگہ وائٹ بال اسکواڈ میں بین ڈارشیوس کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ون ڈے میچز 29، 31 مارچ اور 2 اپریل کو جب کہ واحد ٹی ٹوینٹی 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

سعودی عرب نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، بڑی خبر آگئی

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کو کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن میں عالمی معیار پیش کرنے پر انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن "آئی ایس او” کا سرٹیفکیٹ ملا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پوری دنیا میں کنٹرول اینڈ انویسٹی گیشن کے معیار سے متعلق انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ آرگنائزیشن کے سرٹیفکیٹ کو اعتبار کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

مملکت کیلئے یہ اعزاز اس لیے بھی اہم ہے کہ عالمی تنظیم اس سرٹیفکیٹ کا فیصلہ تجربہ کار، تربیت یافتہ اور باصلاحیت اہلکاروں کے ذریعے کرتی ہے۔

یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کنٹرول پروگرام کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کیے تھے۔ اداروں کی کارکردگی کا تجزیہ خصوصی پورٹل کے ذریعے کرایا گیا جبکہ خلاف ورزیوں کا نیا چارٹ تیار کیا گیا ہے۔

اداروں کے سائز کے حوالے سے خلاف ورزیوں کا پتہ لگایا گیا،2021 کے دوران مملکت کے تمام علاقوں میں کنٹرولرز کو2700 گھنٹوں سے زیادہ ٹریننگ دی گئی ہے۔

سنہ 2025 تک دنیا کی نصف آبادی پانی کی کمی کا شکار ہوجائے گی

0

آج دنیا بھر میں عالمی یوم آب منایا جارہا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر آبی ذخائر میں خطرناک کمی آتی جارہی ہے۔

اس دن کو منانے کا آغاز سنہ 1992 میں برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں اقوام متحدہ کی ماحول اور ترقی کے عنوان سے منعقد کانفرنس کی سفارش پر ہوا تھا جس کے بعد سنہ 1993 سے ہر سال 22 مارچ کو پانی کا عالمی منایا جاتا ہے۔

رواں برس اس دن کو زیر زمین پانی (گراؤنڈ واٹر) سے منسوب کیا گیا ہے، زمین کے نیچے موجود پانی، سطح پر موجود پانیوں کی روانی کو برقرار رکھتا ہے اور زراعت اور شجر کاری کے پھلنے پھولنے میں مدد دیتا ہے۔

زیر زمین پانی ۔ مال مفت دل بے رحم

گزشتہ چند دہائیوں میں سطح پر موجود پانی کی کمی کی وجہ سے، بے تحاشہ زیر زمین پانی نکالا جاچکا ہے جس کے باعث اب اس کی کمی واقع ہونے لگی ہے۔

اقوام متحدہ انوائرنمنٹ پروگرام کا کہنا ہے کہ زیر زمین پانی انسانوں، جانوروں اور نباتات کے لیے فراہمی آب کا اہم ذریعہ ہے لیکن اس کا بے تحاشہ اور غیر محتاط استعمال باعث تشویش ہے جبکہ انسانی سرگرمیاں اسے آلودہ بھی کر رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق کسی شہر میں کئی دہائیوں تک زمینی پانی یعنی گراؤنڈ واٹر نکالا جاتا رہے تو اس شہر کی زیر زمین سطح کسی حد تک کھوکھلی اور غیر متوازن ہوجاتی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت جنوبی ایشیا میں زراعت کے لیے استعمال ہونے والا 90 فیصد پانی زمین سے نکالا جاتا ہے جس کی وجہ سے اکثر ممالک میں کنویں اور دیگر آبی ذخائر خشک ہوتے جارہے ہیں۔

پاکستان میں بھی دیہی علاقوں میں پینے کا 90 فیصد پانی زیر زمین ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے جبکہ دیگر ملک میں یہ شرح 70 فیصد ہے، علاوہ ازیں زراعت میں استعمال ہونے والا 50 فیصد پانی بھی زمین سے نکالا جاتا ہے۔

پاکستان زراعت کے لیے زیر زمین پانی استعمال کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں اس وقت 12 لاکھ سے زائد ٹیوب ویلز زمین سے پانی کھینچ رہے ہیں۔

زیر زمین پانی کی سطح میں اضافے کا قدرتی ذریعہ باقاعدگی سے بارشیں ہونا ہے تاہم بدلتے ہوئے موسموں یا کلائمٹ چینج کی وجہ سے بارشوں کے پیٹرنز میں تبدیلی اور کمی اس اضافے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

واٹر ایڈ پاکستان کے مطابق زیر زمین پانی کی بحالی کے، جسے ری چارج کرنا کہا جاتا ہے اور بھی کئی طریقے ہیں جن میں سائنسی بنیادوں پر سسٹمز انسٹال کیے جاتے ہیں، علاوہ ازیں سینی ٹیشن کا پانی بھی ٹریٹ کرنے کے بعد زمین میں بھیجا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زیر زمین پانی کے لیے سب سے بڑا خطرہ اس کا بے قاعدہ اور بے تحاشہ استعمال ہے، پاکستان میں بغیر کسی قواعد و ضوابط کے زیر زمین پانی استعمال کیا جارہا ہے اور صوبائی و وفاقی حکومتیں اس ضمن میں تاحال کوئی جامع پالیسی اور قوانین مرتب کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

بے تحاشہ استعمال کی وجہ سے ملک میں زیر زمین پانی کی سطح میں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے جس سے قلت آب کے دہانے پر کھڑا ملک مزید مشکلات کا شکار ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں پانی کی مجموعی صورتحال

زیر زمین پانی کے علاوہ بھی ملک میں پانی کی مجموعی صورتحال زیادہ حوصلہ افزا نہیں۔ پاکستان دنیا کے ان 17 ممالک میں شامل ہے جو پانی کی قلت کا شکار ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جب پاکستان وجود میں آیا تو اس وقت ہر شہری کے لیے 5 ہزار 6 سو کیوبک میٹر پانی تھا جو اب کم ہو کر 1 ہزار کیوبک میٹر رہ گیا ہے اور سنہ 2025 تک 800 کیوبک میٹر رہ جائے گا۔

پاکستان میں پانی کی مقدار میں کمی کے علاوہ اس کا معیار بھی انتہائی پست ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ معیار کے مطابق پاکستان کی صرف 15 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر ہے۔ اس وقت معیشت کا ڈیڑھ فیصد حصہ اسپتالوں میں پانی سے متعلقہ بیماریوں کے علاج پر خرچ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب یونیسف کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا کی ایک تہائی آبادی یعنی 4 ارب افراد قلت آب کا شکار ہیں، 2 ارب افراد پانی کی کمی کا شکار ممالک میں رہتے ہیں، جبکہ سنہ 2025 تک دنیا کی نصف آبادی پانی کی شدید کمی کا شکار ہوجائے گی کیونکہ ان کے علاقوں، شہروں یا ممالک میں پانی کی کمی یا خشک سالی واقع ہوسکتی ہے۔

زیر زمین پانی کی کمی زلزلوں کا سبب بھی بن سکتی ہے

سائنٹفک جنرل نیچر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق زیر زمین پانی کی کمی زلزلوں کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں قلت آب کے پیش نظر کی جانے والی اس تحقیق میں علم ہوا کہ ریاست کی زراعتی پٹی کو زیر زمین پانی فراہم کرنے کی وجہ سے سین انڈریس فالٹ لائن متحرک ہوسکتی ہے جس سے زلزلوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا کہ پانی کی کمی زمین کی اندرونی سطح میں بگاڑ کا سبب بن سکتی ہے جس سے زمینی ارتعاش یعنی زلزلوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان میں کورونا کی شرح ایک فیصد سے بھی نیچے آگئی

0
بیرون ملک

اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی شرح ایک فیصد سے بھی نیچے آگئی ، ایک روز میں 2 اموات اور 228 کیسز ریکارڈ کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وبا کے تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے ، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 30 ہزار 333 ہوگئی ہے۔

این سی اوسی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 27 ہزار 741 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں مزید228 افراد میں کورونا مثبت نکلا ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 0.82 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے 470 مریض انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 22 ہزار 419 تک پہنچ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 73 ہزار 850 ، پنجاب میں 5 لاکھ 04 ہزار 507، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 18 ہزار 736 اور بلوچستان میں 35 ہزار459 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 973، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 672 اور آزاد کشمیر میں 43 ہزار222 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے پیش نظر این سی اوسی نے تمام پابندیاں ختم کردی ہے ، تاہم ویکسین لگوانے کی پابندی جاری رہے گی۔

ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

0

کراچی: پاکستان میں ڈالر ایک مرتبہ پھر اونچی اڑان بھر رہا ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

آج انٹربینک میں ڈالر پانچ پیسے مزید مہنگا ہوگیا، جس کے بعد ڈالر کی 181 روپے 30 پیسے پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت بڑھنے کا اثر اوپن مارکیٹ پر بھی پڑا، جہاں ڈالر کی 182 روپے 15 پیسے پر فروخت ہورہا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس میں 144 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، اسی اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 43 ہزار 374 پوائنٹس پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

کراچی : شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

0
فائرنگ

کراچی : عام طور پر شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران رات گئے تک آتش بازی اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ آس پاس کے لوگ خصوصاً بزرگ اور بیمار افراد کافی متاثر ہوتے ہیں۔

ہوائی فائرنگ اور کان پڑی آواز میں شرلی پٹاخوں کی گھن گھرج سے شہریوں کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں۔ مقامی پولیس شادی بیاہ کی تقریبات میں معمول ڈھول ڈھماکے پر تو عام لوگوں پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات درج کرلیتی ہے لیکن بااثر شخصیات کے سامنے بھیگی بلی بن جاتی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی شادی بیاہ تقریبات میں اسلحے کا آزادانہ استعمال نہ رک سکا عظیم پورہ میں شادی کی تقریب کے موقع پرعلاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

علاقے کا ہر شخص ہتھیار لے کر گلی میں جا پہنچا اور کافی دیر تک لگا تار ہوائی فائرنگ کی جاتی رہی، پورا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، تقریب میں سیکڑوں گولیاں چلائی گئیں لیکن اس کی آواز پولیس تک نہ پہنچ سکی۔

چرس کی سگریٹ منہ میں دبائے ایک شخص بندوق میں گولیاں بھرتا رہا، گلی میں بچے بوڑھے جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، علاقے کے بچے اپنے کانوں میں انگلیاں ٹھونس کر فائرنگ کا مزہ لیتے رہے۔

یاد رہے کہ رواں سال شادی کی مختلف تقریبات میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں، دو روز قبل کھارادر میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دو افراد کو شناخت کرلیا گیا ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے پاکستان کوسونپ دی گئی

0

اسلام آباد : نائجرکے وزیرخارجہ نے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے پاکستان کوسونپ دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اوآئی سی وزرائے خارجہ کے 48واں اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، آغاز پر قرآن پاک کی تلاوت کی گئی۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ ، اوآئی سی سیکریٹری جنرل اور وفود شریک ہیں جبکہ چین کے وزیرخارجہ بطور مہمان خصوصی شرکت کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔

نائجروزیرخارجہ نے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے آغاز میں خطاب کرتے ہوئے کہ دہائیوں پہلے اوآئی سی کی بنیاد رکھی گئی ،اوآئی سی کے 48ویں اجلاس میں سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے پاکستان کوسونپ دی گئی، نائجر کے وزیرخارجہ نے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت پاکستان کو سونپی۔

نائجر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اوآئی سی کا مقصد تمام ممالک میں استحکام کا فروغ ہے، اوآئی سی اجلاس کے پاکستان میں انعقاد پر مبارکباد دیتے ہیں،نائجر وزیرخارجہ

انھوں نے کہا کہ انصاف اور مساوات کی بنیاد پر شراکت داری پائیدارہوتی ہے ، امت مسلمہ کودہشتگردی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجز کا سامناہے، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔

آرمی چیف کی سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات، اوآئی سی اجلاس تاریخی پیشرفت قرار

0

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کانفرنس سےعالمی برادری کومشترکہ حکمت عملی اپنانےمیں مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی،افغان صورتحال پر بات چیت کی گئی اور دفاعی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان سعودی عرب کے اسلامی دنیا میں منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔

آرمی چیف نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کانفرنس سےعالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے میں مدد ملے گی اور خطے میں امن واستحکام کے لیے ابھرتے چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال ، بارڈرمینجمنٹ اورعلاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

سعودی وزیر خارجہ نے سفارتی تعاون میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم کرتے ہوئے کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے مصر کے وزیر خارجہ اور ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سیکیورٹی، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔