جمعہ, نومبر 1, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9979

سعودی عرب میں کورونا پابندیاں ختم، ویکسین کے بغیر داخلے کی اجازت

0
سعودی عرب

ریاض: سعودی عرب میں کورونا پابندیاں ختم کرتے ہوئے غیرویکسین شدہ افراد کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے مقامی ویکسینیشن مہم کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب آنے والوں کے لیے کورونا وائرس سے متعلق تمام پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق غیرویکسین شدہ افراد کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، مملکت میں آنے والے افراد کو ویکسینیشن، ٹیسٹ، قرنطینہ کے بغیر آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: عمرہ زائرین، رمضان دسترخوان، آبِ زم زم سے متعلق اہم اعلان

علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ کے بیان کے مطابق غیر ویکسین شدہ افراد مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز ادا کرسکیں گے، وہ غیر ویکسین شدہ افراد عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے جو کورونا میں مبتلا نہیں ہوئے۔

وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وبا کی صورتحال قابو میں ہے جس کے باعث اب ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو عمرہ کرنے اور مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

تیل سے متعلق روس کی بڑی دھمکی

0

روس نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اس کے خلاف پابندیاں برقرار رہیں تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 500 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرجائینگی۔

روس کے نائب وزیر اعظم اور سابق وزیر توانائی الیگزینڈر نوواک نے کہا کہ اگر مغرب روسی تیل کو ترک کر دیتا ہے تو تیل کی قیمتیں 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائیں گی جبکہ کچھ لوگ اسے ممکنہ طور پر 500 ڈالر فی بیرل تک پہنچتے دیکھ رہے ہیں۔

یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب یورپی یونین اپنی پابندیوں کے پانچویں سیٹ کے حصے کے طور پر روسی خام تیل پر پابندی لگانے پر بات چیت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد یوکرین میں روسی فوجی کارروائی کو روکنے کے لیے ماسکو پر مزید دباؤ ڈالنا ہے۔

نوواک نے مزید کہا کہ اگر مغربی صارفین روسی خام تیل خریدنا بند کر دیتے ہیں، تو ملک اپنی سپلائی کو متنوع بنائے گا اور خریدار کہیں اور تلاش کرے گا۔ پیر کو تیل کی قیمتوں میں تقریباً 4 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے، عالمی بینچ مارک برینٹ GMT دوپہر تک 112 ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، اس توقع پر کہ یورپی یونین روسی خام تیل کی درآمدات پر پابندی لگانے میں امریکا کا ساتھ دے سکتی ہے۔

دوسری جانب ہالینڈ کے وزیراعظم مارک روٹے نے اس طرح کی پابندی کو “غیر حقیقت پسندانہ” قرار دیا ہے اور اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے کہ یورپی یونین کے ممالک اب بھی روسی تیل اور گیس پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں اور مختصر نوٹس پر خود کو ختم نہیں کر سکتے۔

غیر ملکی میڈیا نے مارک روٹے کے حوالے سے بتایا کہ برسلز میں یورپی یونین کے خارجہ اور دفاع کے وزرا کی متوقع بحث سے پہلے یورپ کے مشرقی اور مغربی حصوں میں بہت ساری ریفائنریز اب بھی مکمل طور پر روسی تیل پر منحصر ہیں اور گیس کے ساتھ یہ اور بھی بدتر ہے۔

مگرمچھ کی ویڈیو دیکھ کر لوگ حیران

0

مگرمچھ کے شکار کرنے کی ویڈیو تو اکثر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی مگرمچھ کو کسی کو گلے سے لگاتے دیکھا ہے یقیناً آپ کا جواب نہیں ہوگا۔

لیکن سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے ٹرینر کے ساتھ مگرمچھ ناصرف کھیل رہا ہے بلکہ انہیں گلے سے بھی لگا رہا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں جانوروں سے محبت کرنے والے اور ریپٹائل زو پری ہسٹورک انکارپوریشن کے بانی اور صدر جے بریور کو ایک بڑے مگرمچھ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، مگرمچھ ان کے اوپر چھلانگ لگاتا ہے۔

اگرچہ ویڈیو دیکھ کر بہت سے لوگ خوفزدہ ہوگئے لیکن بریور خوش تھے کیونکہ مگرمچھ ان کے ساتھ کھیل رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مگرمچھ ان کو گلے سے بھی لگا رہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ مگرمچھ صرف اس لیے ان کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ وہ ایک دوسرے کے عادی ہیں۔

مگرمچھ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’مگرمچھ کے ساتھ ایسے کھیل رہے ہیں جسے کوئی پالتو کتا یا بلی ہو۔‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’مگرمچھ بہت ہی پیارا ہے مگر صرف اس صورت میں جب وہ آپ کو نہ کاٹے۔‘

ایک تیسرے صارف نے لکھا کہ ’مگرمچھ شاید ان کے کان میں کچھ کہنے کی کوشش کررہا ہے۔‘

سابق افغانی وزیر خزانہ آج کل امریکا میں کیا کررہے ہیں؟

0

افغانستان کے سابق وزیر خزانہ خالد پائندہ ان دنوں امریکا کے دارالخلافہ میں اپنے اہلخانہ کی کفالت کے لیے ٹیکسی چلا رہے ہیں۔

کہتے ہیں کہ وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا کبھی کے دن بڑے تو کبھی کی راتیں یہ محاورہ ہماری زندگی اور معاشرے میں عملی تفصیر بن کر سامنے آہی جاتا ہے جیسا کہ امریکا میں افغانستان کی سابق حکومت کے ایک طاقتور شخص کے گزرنے والے ایام ہیں جس نے کبھی افغانستان کا 6 ارب ڈالر کا بجٹ پیش کیا تھا اور اب اپنے گھر والوں کی کفالت کیلیے ٹیکسی چلانے پر مجبور ہے۔

افغانستان کے سابق وزیر خزانہ خالد پائندہ جو گزشتہ سال طالبان کے ملک پر قبضے سے قبل ہی افغانستان چھوڑ کر امریکا پہنچ گئے تھے لیکن وہ سارے ٹھاٹھ باٹھ وہیں رہ گئے اور وقت نے ایسا پلٹا کھایا کہ اپنے پاس درجنوں گاڑیاں رکھنے والے سابق افغانی وزیر خزانہ اب اپنے اہل خانہ کی کفالت کیلیے ٹیکسی چلانے پر مجبور ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چار بچوں کے والد خالد پائندہ نے کہا ہے کہ یہ جاب مجھے مایوس ہونے سے بچاتی ہے، اس کام نے میری زندگی میں بڑی تبدیلی رونما کی ہے۔ خالد پائندہ ٹیکسی ڈرائیور ہونے کے ساتھ ساتھ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں پڑھاتے بھی ہیں اور کبھی کبھی تھنک ٹینکوں کی میٹنگز میں تقاریر بھی کرتے ہیں۔

خالد پائندہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کا ذمے دار امریکی حکومت کو قرار دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان پر قبضہ کرنے سے کئی مہینوں قبل سابق امریکی صدر ٹرمپ کی حکومت نے فروری 2020 میں طالبان کے ساتھ ایک مشروط معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت اگلے 14 ماہ میں امریکی افواج کو افغانستان چھوڑ دینا تھا لیکن اس معاہدے میں اس وقت کی افغان حکومت کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

عمرہ زائرین، رمضان دسترخوان، آبِ زم زم سے متعلق اہم اعلان

0

حرمین شریفین انتظامیہ نے کورونا وبا کے بعدرمضان المبارک کے سب سے بڑے آپریشنل پلان کا اعلان کر دیا۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ عبدالرحمان السدیس نے رمضان المبارک منصوبے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال 2 ہزار رمضان دسترخوان کے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمرہ زائرین کی آمدو رفت کیلئے 3 دروازے مختص کر دیے جن میں باب ملک عبدالعزیز، باب ملک فہد، اورباب السلام شامل ہیں۔

Image

عمرہ زائرین کی خصوصی خدمات کیلئے خواتین اہلکار سمیت 12 ہزار کارکنان تعینات کیے جارہے ہیں۔ نمازیوں کیلئے 144دروازے مختص کردیےگئے۔ اجیادپل، الشبیکہ پل،المروۃ پل بھی نمازیوں کیلئےمختص ہیں۔

افطار سے سحر تک آب زم زم کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی۔ مطاف میں اسپیشل گاڑیوں کےذریعےآب زم زم کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل سہولت کا استعمال، سینی ٹائزنگ، آب زم زم تقسیم کا کام روبوٹس کریں گے۔

بڑی اسکرینز پر مختلف زبانوں میں ہدایات دینے بھی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ مذہبی استفسارات کے جوابات میں بھی روبوٹس کااستعمال کیا جائےگا۔

‘او آئی سی بھارت کا بائیکاٹ اور افغانستان کو تسلیم کرے’

0

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جارح قرار دے کر اس کا بائیکاٹ کرے، وزرائے خارجہ کانفرنس افغانستان کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے۔

وفاقی دارالحکومت میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری قیادت کے ہمراہ اہم پریس کانفرنسں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کوپاکستان آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں پوری پاکستانی قوم اوآئی سی کےشرکاکی میزبان ہے اسلاموفوبیاکےخلاف دن منانااقوام متحدہ کااحسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوآئی سی فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے لائحہ عمل اپنائے مسئلہ فلسطین کےحل تک اسرائیل سےتعلقات قائم نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک افغانستان کوتسلیم کرکےطالبان حکومت کی مدد کریں او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جارح قرار دے کر اس کا بائیکاٹ کرے۔

انیل کپور حقیقی زندگی میں اہم کردار نبھانے کے لیے تیار

0

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انیل کپور کا کہنا ہے کہ وہ اب اپنی زندگی میں سب سے اہم کردار ’نانا‘ بننے کی تیاری کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی جلد آمد کی خوشخبری سنائی تھی۔

اداکارہ سونم کپور اور آنند آہوجا نے انسٹاگرام پر مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ہم فیملی میں اس نئے مہمان کا خیر مقدم کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

اب سونم کے والد انیل کپورنے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب اپنی زندگی کے سب سے اہم کردار ’نانا‘ کے لیے تیاری کررہا ہوں۔

انسٹاگرام پر اداکار نے سونم کپور اور آنند آہوجا کی تصاویر کو دوبارہ پوسٹ کیا اور کہا ’ہماری زندگی دوبارہ کبھی ایسی نہیں رہے گی اور میں اس سے زیادہ شکر گزار نہیں ہو سکتا۔‘

انہوں نے سونم کپور اور انند کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ نے اس ناقابل یقین خبر سے ہمیں حد سے زیادہ خوش کر دیا ہے.

واضح رہے کہ سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی مئی 2018 میں ہوئی تھی، سونم کپور اداکار انیل کپور اور سنیتا کپور کی سب سے بڑی بیٹی ہیں۔

’’انوکھی لائبریری جس کی کتابیں پڑھنا منع ہے‘‘

0

امریکا میں ہے ایک ایسی انوکھی لائبریری جس کی کتابیں پڑھنا منع ہے کیونکہ وہاں صرف ممنوعہ کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے۔

یہ انوکھی لائبریری قائم ہے امریکا میں پورٹ ناکس سے قریب میٹی نیکس نامی ایک چھوٹے جزیرے پر جس کی مجموعی آبادی صرف 100 افراد پر مشتمل ہے اور لائبریری کا نام بھی جزیرے کے نام پر ’’میٹی نیکس آئی لینڈ لائبریری‘‘ رکھا گیا ہے۔

مختصر سے جزیرے پر قائم یہ لائبریری 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے لیکن حیرت انگیز بات ہے کہ یہاں کتابیں پڑھنا منع ہے کیونکہ یہاں صرف ان ہی کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے جو امریکا میں عارضی یا مستقل طور پر ممنوعہ قرار دی جاچکی ہیں۔

اس لائبریری میں موجود کتب میں ’اینڈ ٹینگومیکس تھری‘، ’ٹو کل اے موکنگ برڈ‘، ’دی ہینڈ میڈزٹیل‘ اور ’دی گریپس اور ریتھ‘ نامی کتب کے علاوہ اسی نوعیت کی دیگر کتب شامل ہیں۔

غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق اس لائبریری کا آغاز 2016 میں کیا گیا تھا لیکن یہاں ممنوعہ مواد رکھنے کا خیال اس جزیرے کے کچھ باسیوں کو 2020 میں آیا جس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گزشتہ سال ممنوعہ کتابوں کا سیکشن مرکزی لائبریری سے الگ کرکے اسے علیحدہ لائبریری کی حیثیت دے دی گئی ہے۔

فی الحال یہ لائبریری لکڑی سے بنی ہوئی ایک جھونپڑی جیسی عمارت میں قائم ہے جسے ان رضاکاروں نے ذاتی خرچ پر تعمیر کروایا ہے۔

اس لائبریری کے قیام کا مقصد امریکیوں کو صبر وتحمل اور برداشت کی تربیت دینا ہے تاکہ وہ امریکی حکومت کی جانب سے ممنوعہ قرار دیے گئے مواد (بالخصوص کتب) کا مطالعہ کرکے اس کے بارے میں پوری آزادی قائم کرسکیں۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق اس لائبریری کے منتظمین مختلف افراد اور کتب خانوں سے ممنوعہ کتابیں خریدنے یا عطیہ لینے کےلیے بھی تیار ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ’’اگر آپ کسی (ممنوعہ) کتاب کو اپنی لائبریری میں دیکھنا نہیں چاہتے تو وہ ہمیں فروخت کردیجئے۔

فلم میں پتھر کی آنکھ لگانے پر اکشے کمار کے ساتھ کیا ہوا؟

0

ممبئی: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اپنی نئی فلم بچن پانڈے میں پتھر کی آنکھ لگانے پر مشکل میں آگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار اکشے کمار نے فلم بچن پانڈے کے کردار کا روپ دھارنے کے لیے اپنی ایک آنکھ کو پتھر کی آنکھ دکھانے کے لیے لینس کا سہارا لیا تھا، اداکار کا کہنا ہے کہ پتھر کی آنکھ لگانے پر ان کی بینائی کو وقتی طور پر متاثر کردیا تھا۔

اکشے کمار نے کہا کہ لینس لگانا اور پھر اسے اتارنا انتہائی مشکل عمل تھا، ایسا کرنے سے جان نکل جاتی تھی کیونکہ خود سے اپنی آنکھ میں اس لینس کو فکس نہیں کرسکتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ بہت بڑا لینس تھا مجھے ہر چیز دھندلی دکھائی دیتی تھی اور اسی طرح مجھے شوٹ کرنا ہوتا تھا۔

اکشے نے بتایا کہ شوٹ کے پہلے دن بینائی کو بہتر ہونے میں 15 منٹ لگے تھے لیکن پھر بمشکل دو سے تین منٹوں میں یہ بہتر ہونے لگی تھی۔

واضح رہے کہ اکشے کمار کی فلم بچن پانڈے حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، فلم میں اکشے کمار نے ولن کا کردار نبھایا ہے، فلم میں کیرتی سینن، ارشد وارثی، جیکولین فرنینڈس اور پنکج تریپاتھی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

Liechtenstein: یورپ کا چھوٹا سا سرسبز و شاداب ملک (سیر و سیاحت)

0

لیختینستائن (Liechtenstein) یورپ میں سوئٹزر لینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کا دارالحکومت ویڈز (Vaduz) ہے۔ یہاں کی دفتری زبان جرمن ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پانچ ہزار قبلِ مسیح میں بھی یہاں انسانی تہذیب موجود تھی۔

آج لیختینستائن کا کُل رقبہ 62 مربع میل یا 160 مربع کلو میٹر سے بھی کم ہے جب کہ آبادی 38 ہزار سے کچھ زائد نفوس پر مشتمل ہے۔ یہ ملک پہاڑی علاقے پر مشتمل ہے اور قابلِ تجارت قدرتی وسائل سے محروم ہے بلکہ پہاڑی اور سخت پتھریلی زمین کے باعث یہاں کاشت کاری بھی ممکن نہیں اور لکڑی تک باہر سے درآمد کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود یہ ایک خوشحال ملک ہے جس کی بڑی وجہ سیاحت ہے جو یہاں کی سب سے بڑی صنعت ہے۔

لیختینستائن میں شرحِ خواندگی مردوں عورتوں میں سو فی صد ہے۔ کم آبادی والے اس ملک میں امن و امان قائم رکھنے اور تنازعات یا لوگوں کے جھگڑے نمٹانے کے لیے مختصر سی پولیس موجود ہے جب کہ اس کی سرحدوں کا دفاع سوئزر لینڈ نے اپنے ذمہ لیا ہے۔

سرکاری مذہب عیسائیت (رومن کیتھولک) ہے جب کہ آئین میں دیگر مذاہب کو بھی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ یہاں‌ کچھ فی صد مسلمان بھی بستے ہیں جن کی اکثریت غیرمقامی ہے۔ یہاں بارش اور برف باری بہت ہوتی ہے اور تقریباََ سارا سال بادل چھائے رہتے ہیں۔

قدیم تاریخ دیکھی جائے تو معلوم ہو گاکہ یہ خطّہ رومی سلطنت کے صوبے ”ریتیا“ کا حصّہ رہا ہے، لیکن سولھویں صدی میں یہاں روس اور فرانس کی افواج قابض رہی ہیں۔ بعد میں یہ ملک جرمن یونین کا حصّہ بن گیا۔ پہلی جنگِ عظیم کے بعد اسے آزادی نصیب ہوئی۔ یہاں‌ کئی قلعے اور محلّات ہیں‌ جو قدیم دور کی یادگار ہیں اور یورپی طرزِ تعمیر کا خوب صورت شاہ کار بھی۔

یورپ کی خوب صورتی اور سبزہ و شادابی کے ساتھ تعمیرات بھی مشہور ہیں جب کہ انتظامی امور میں بھی یورپی ممالک پاکستان جیسے ملکوں میں ایک مثال سمجھے جاتے ہیں اور یہ بھی ایسا ہی چھوٹا سا ملک ہے جس میں سڑکوں کا بہت عمدہ نظام اور ریلوے موجود ہے۔ لیکن یہاں صرف زمینی راستے سے پہنچا جاسکتا ہے اور یہاں کوئی ہوائی اڈا نہیں ہے۔

19 مارچ اس ملک کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

(تلخیص و ترجمہ: منہاج الدّین)