جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت سندھ نے طوفان بپرجوائے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے فوج کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کراچی اور جی او سی حیدرآباد سے بھی رابطے میں ہیں، طوفان سے زیادہ خطرہ ٹھٹھہ اوربدین میں ہے، آٹھ سے نو ہزار خاندانوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کرنا پڑسکتی ہے۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے 3اضلاع کے کمشنرکو ہدایات جاری کی ہیں ، طوفان کے پیش نظرہم تمام اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور کمشنرکراچی کوبل بورڈز،عمارتوں کومحفوظ بنانےکے احکامات بھی دے دیئے ہیں۔

خیال رہے سمندری طوفان بپرجوئے کی شدت مزید بڑھ گئی ہے اور کراچی سے فاصلہ چھ سو کلومیٹررہ گیا ، طوفان تیزی سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندرمیں شدید طغیانی کے باعث لہریں پینتیس سے چالیس فٹ تک پہنچ رہی ہیں اور ہوا کی رفتار ایک سو اسی سے دوسو بیس کلو میٹرفی گھنٹہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دو سے تین دن میں کراچی حیدرآباد، ٹھٹھہ اوردیگر شہروں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے اور جمعرات کی سہ پہر سمندری طوفان شدت کے ساتھ کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے ٹکر اسکتا ہے۔

خطرے کے پیشِ نظر کمشنر کراچی نے دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کرکے سمندر میں نہانے،کشتی رانی اورماہی گیری پرمکمل پابندی لگا دی ہے۔

سندھ حکومت نے طوفان کے پیش نظرملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے کراچی سمیت ساحلی اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں