منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

معروف اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کرگئیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ ذہین طاہرہ 70 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں، انہیں گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ذہین طاہرہ 70 سال کی عمر میں دنیائے فانی سے رخصت ہوگئیں، وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔

اداکارہ ذہین طاہرہ کو گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، اداکارہ کی رات گئے طبعیت خراب ہوئی جو سنبھل نہ سکی اور وہ انتقال کر گئیں۔

- Advertisement -

کراچی سے تعلق رکھنے والی ذہین طاہرہ پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینئر اور بزرگ اداکارہ تھیں وہ ابتدا سے ہی ٹی وی اسکرین پر چھائی رہیں۔

نامور اداکارہ نے سات سو سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، انہیں پی ٹی وی کے سب سے مقبول ترین ڈرامے خدا کی بستی میں کام کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

علاوہ ازیں دل دیا دہلیز، انوکھا بندھن، خالہ خیرن، جینا اسی کا نام ہے، چاندنی راتیں، شمع، زینت، عروسہ، عجائب خانہ، راستے دل کے اور دیگر لاتعداد کلاسیک ڈراموں میں جلوہ گر ہونے کا موقع پر بھی ملا۔ ذہین طاہرہ حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ببن خالہ کی بیٹیاں میں شاندار اداکاری کرتی ہوئی دکھائی دیں۔

حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں انہیں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں