ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

8 فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزارعلی خان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی ، درخواست گزاربریگیڈیئر(ر)علی خان سپریم کورٹ میں پیش نہ ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ علی خان کےگھرپولیس بھی گئی وزارت دفاع کےذریعےنوٹس بھی بھیجا، علی خان گھرپرنہیں ہیں،نوٹس ان کےگیٹ پرچسپاں کردیاگیا ہے۔

- Advertisement -

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے استفسار کیا کہ علی خان کون ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سابق بریگیڈیئر ہیں جن کا 2012 میں کورٹ مارشل ہوا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ میرا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور اس کیس میں کچھ کہنا چاہتا ہوں، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ اس کیس میں درخواست گزار بھی نہیں اور وکیل بھی نہیں ہیں۔

چیف جسٹس نے شوکت بسرا کو روسٹرم سے ہٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں، ورنہ لائسنس منسوخی کا حکم دیکر توہین عدالت نوٹس کرسکتے ہیں۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے شوکت بسرا پر ریمارکس دیئے کہ ان صاحب کا کنڈیکٹ دیکھ لیں، کوئی وکیل دوسرے کیس میں مداخلت نہیں کر سکتا، کیوں نہ ان صاحب کا کیس کا بار کونسل کو بھیج دیں، ہم ان کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتے، بار کونسل کو معاملہ بھیجا تو یہ وکالت سے نا اہل ہو جائیں گے۔

چیف جسٹس نے مزید بتایا کہ ہفتےکوکوئی اجلاس نہیں ہوا ،ہفتے کو میری کسی جج سےملاقات نہیں ہوئی لیکن کسی میڈیا نےاجلاس کی غلط خبر کی تردیدنہیں چلائی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 19فروری کو ہمارے آفس کو ایک ای میل آئی ہے،ای میل علی خان کی جانب سے بھجی گئی۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے درخواست گزار کی ای میل عدالت میں پڑھ کر سنائی، علی خان کی ای میل لکھا کہ میں بیرون ملک ہوں ، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 13فروری کوقطرایئرویزکا ٹکٹ لیکر دوحا اورپھر بحرین چلے گئے، عجیب بات ہے درخواست دائر کی اور دوسرے دن بیرون ملک چلے گئے۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ای میل سےمتعلق ہماری برانچ نے بھی کنفرمیشن کی کہ وہی شخص ہے،درخواست گزار نے ای میل میں لکھا ہے کہ ملک سے باہر ہوں، درخواست گزار نے ای میل میں درخواست واپس لینے کی استدعا کی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ علی خان نے لکھا ہے بیرون ملک ہونے کے وجہ سے پیش نہیں ہوسکتا، ای میل میں بورڈنگ پاس،ٹکٹ اور بحرین جانے کے سفری دستاویزات لگائے گئے ہیں، دستاویزات کے مطابق درخواست گزار دوحہ سے کنکٹنگ فلائیٹ لیکر بحرین گیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کتنی عجیب بات ہے خبریں لگوا کر بیرون ملک چلے گئے، یہ کنڈیکٹ عدالت کے پراسیس کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے، لگتاہےعلی خان نےدرخواست دائر کر کے پبلیسٹی اسٹنٹ کھیلا۔

سپریم کورٹ نےانتخابات کالعدم قراردینے کی درخواست خارج کردی اور درخواست گزارعلی خان پر5لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

Comments

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں