لاہور: معروف پاکستانی اداکار فواد خان کو بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلوانا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے لیے ٹائٹل سانگ گانے والے فواد خان بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلوا کر مشکل میں پھنس گئے ہیں، لاہور میں پولیو ورکرز کی ٹیم فواد خان کے گھر پہنچی تو ان کی اہلیہ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اداکار فواد خان کی اہلیہ صدف خان نے بچوں کو پولیو قطرے نہیں پلانے دئیے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا ہے کہ فواد خان کی اہلیہ صدف خان کی جانب سے پولیو ویکسین نہ پلوانے پر گھر کے سربراہ فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب کو پولیو فری صوبہ بناؤں گا‘ عثمان بزدار
صالحہ سعید کے مطابق اداکار فواد خان کے گھر سارا دن پولیو ورکرز کی ٹیم موجود رہی، لاہور میں بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر مزید 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 4 مقدمات تھانہ فیصل ٹاؤن اور 2 مقدمات تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج کرائے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں ایک پولیو کا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔